ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات لگانے کے مقدمے میں عدم حاضری پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سینیئر سول جج عباس شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

ریاستی اداروں پر الزامات کا کیس، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
-

ظلم کی انتہا،سسرالیوں نے 5 ماہ کی حاملہ بہو کو جلا کر قتل کر دیا
پنجاب کے علاقے فیروزوالا میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں سسرالیوں نے 5 ماہ کی حاملہ خاتون کو جلا کر قتل کر دیا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون ثناء کو زندہ جلایا گیا، جس کے نتیجے میں اس کا چہرہ، بازو اور جسم کا تقریباً 70 فیصد حصہ جھلس گیا۔ ثناء کی شادی چھ ماہ قبل مصطفیٰ نامی شخص سے ہوئی تھی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے، تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔ -

جنوبی ایشیا میں پانی کی قلت، پاکستان سب سے زیادہ متاثر، عالمی بینک
عالمی بینک نے جنوبی ایشیا میں پانی اور ترقی کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس خطے میں زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پانی کی قلت کے لحاظ سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، جہاں ناقص آبپاشی نظام اور غیر مؤثر زرعی طریقے پانی کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں جدید آبپاشی منصوبوں سے پانی کی 57 فیصد بچت ممکن ہوئی، جبکہ جدید زرعی منصوبوں کے نتیجے میں فصلوں کی پیداوار میں 14 سے 31 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پانی کی کمی سے معیشت اور خوراک کی پیداوار پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ -

بجلی و گیس کی سبسڈی BISP سے جوڑی جائے گی, عالمی بینک
عالمی بینک نے پاکستان میں بجلی اور گیس کی سبسڈی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سے منسلک کرنے کا منصوبہ جاری کیا ہے۔ بین الاقوامی ادارے کے مطابق اس اقدام سے سبسڈی میں غیر منصفانہ تقسیم، مالی نقصان اور سرکلر ڈیٹ میں کمی ممکن ہوگی، جبکہ ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی کو سماجی تحفظ کے دیگر پروگراموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
عالمی بینک نے اپنی جنوبی ایشیا میں ترقی کے حوالے سے رپورٹ میں پاکستان کے ٹیکس نظام میں بہتری، ٹیکس بیس بڑھانے اور آلودگی پر قابو پانے کی تجاویز بھی دی ہیں تاکہ ریونیو میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں زیرِ زمین پانی تیزی سے کم ہو رہا ہے، اور پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ پانی کی قلت والے ممالک میں شامل ہے۔ ناقص آبپاشی نظام اور غیر مؤثر زرعی طریقوں کے باعث پانی کا ضیاع بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں جدید آبپاشی منصوبوں سے 57 فیصد پانی کی بچت ہوئی جبکہ جدید زرعی طریقوں کے ذریعے فصلوں کی پیداوار میں 14 سے 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی بینک نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ چھوٹے کاروباروں کے لیے کلائمٹ رسک فیسلٹی قائم کی جا رہی ہے، اور بی آئی ایس پی کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ وسائل کی بروقت تقسیم ممکن ہو سکے۔ -

امریکہ میں تاریخی مقدمہ: کیا سوشل میڈیا نے بچوں کو عادی بنایا؟
کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں اس ہفتے ایک تاریخی مقدمہ شروع ہو رہا ہے، جو یہ واضح کر سکتا ہے کہ آیا بڑی سوشل میڈیا کمپنیاں بچوں کو اپنے پلیٹ فارمز کا عادی بنانے کے لیے جان بوجھ کر تیار کر رہی تھیں۔
کیلیفورنیا کی ریاستی عدالت میں منگل کو جیوری کے انتخاب کا عمل شروع ہو گا، اور اسے ایک ’رہنما‘ مقدمہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کا نتیجہ امریکہ بھر میں اسی نوعیت کے مقدمات کے رجحان کو متاثر کر سکتا ہے۔
اس مقدمے میں فریقِ مخالف الفابیٹ، بائٹ ڈانس اور میٹا ہیں، جو بالترتیب یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنیاں ہیں۔ امکان ہے کہ میٹا کے شریک بانی اور سی ای او مارک زکربرگ کو بھی بطور گواہ طلب کیا جائے گا۔
مقدمے میں مدعیوں کے وکلا نے الزام لگایا ہے کہ یہ کمپنیاں نوجوان صارفین کو ایسے مواد سے متاثر اور عادی بنا رہی تھیں جس سے وہ مایوسی، کھانے پینے کے مسائل، نفسیاتی ہسپتالوں میں داخلے اور بعض معاملات میں خودکشی کی طرف بھی مائل ہوئے۔
وکلا نے بتایا کہ وہی قانونی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے جو 1990 اور 2000 کی دہائیوں میں تمباکو کی صنعت کے خلاف استعمال ہوئی تھی، جب یہ دلیل دی گئی تھی کہ کمپنیوں نے نقصان دہ مصنوعات فروخت کیں۔ -

سوئی ناردرن کے ملازمین 41 کروڑ روپے کے گیس پائپ کی چوری میں ملوث، 18 ملزمان گرفتار
سوئی ناردرن گیس لمیٹڈ (SNGPL) کے اپنے ہی ملازمین پر 41 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے گیس پائپ کی چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پارلیمنٹ کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے نوید قمر کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ مانگا منڈی میں گیس پائپ کی چوری سے 41 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ آڈٹ حکام کے مطابق اسٹور سے یہ پائپ چوری کیے گئے اور ایف آئی اے نے اس معاملے پر مجموعی طور پر 41 انکوائریاں کی ہیں۔
ایس این جی پی ایل حکام کے مطابق ٹرکوں کے ذریعے اسٹور سے مال نکالا گیا، اور سکیورٹی کیمرے براہ راست ہیڈ آفس کو رپورٹ کرتے ہیں۔ چوری میں 41 افراد کو ملوث پایا گیا، جن میں سے 18 کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا، لیکن سب کی ضمانت ہو گئی۔
ممبر کمیٹی شازیہ مری نے کہا کہ یہ ادارے کی اپنی چوری ہے اور پہلے الزام عوام پر ڈالا جاتا تھا، اب ملازمین ہی چوری کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے اب تک 4 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ریکوری کر لی ہے جبکہ سوئی ناردرن نے 16 ملین روپے کی ریکوری کی تصدیق کی ہے۔ بورڈ نے اس کیس کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے اور فارنزک آڈٹ کی درخواست کر دی گئی ہے۔ -

محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر فیصلہ کرینگےکس کے ساتھ اورکب مذاکرات کرنا ہیں: بیرسٹرگوہر
چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر طے کریں گے کہ کس کے ساتھ اور کب مذاکرات کرنا ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں انفیکشن کی خبر میڈیا سے ملی ہے، اگر ایسا معاملہ ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی ملاقات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور پچھلی بار بھی انہوں نے کہا تھا کہ وہ اکیلے ملاقات نہیں کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے دہشت گردی کے مسئلے پر کسی قسم کی سیاست یا نرم رویے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ داخلی جھگڑوں میں دہشت گرد کامیاب ہوں گے اور جن سے ہمیں خطرہ ہے، ان سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کو ایک بیانیہ پر لایا جائے اور انخلا کے معاملے پر پریس ریلیز کی ضرورت نہیں تھی، فون پر بات ہو سکتی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے احکامات کے پابند ہیں اور بانی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کو مینڈیٹ دیا ہے۔ اب دونوں فیصلہ کریں گے کہ مذاکرات کب اور کس کے ساتھ ہوں گے۔ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دیے جانے چاہئیں کیونکہ ہر لفظ کے اثرات ہوتے ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں ہیلتھ کارڈ کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ خواتین کے حقوق اور ان کا تحفظ ضروری ہے جبکہ بچیوں کی شادی کی عمر میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔
-

گل پلازہ سانحہ، کراچی والوں اور لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں گل پلازہ میں آگ ایک بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے اور ان کے لیے یہ بڑا دکھ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ کراچی کے عوام، سندھ حکومت اور متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی پیشکش کی کہ اگر کسی قسم کی سہولت یا مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہر ممکن تعاون کے لیےتیار ہیں۔ -

محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کی نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ مارکس چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی
محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ مارکس چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا۔
نیلامی کے دوران سب سے زیادہ بولی وزیر 1 نمبر پلیٹ پر لگی، جو 1 کروڑ 50 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔ دوسری سب سے زیادہ بولی آفریدی 1 نمبر پلیٹ پر لگی، جو 1 کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوئی اور یہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے حاصل کی۔
تیسری نمایاں بولی خان 1 نمبر پلیٹ پر رہی، جو 1 کروڑ 11 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی اور یہ نمبر پلیٹ ایم پی اے نیک محمد خان کے حصے میں آئی۔ -

اسپین : 5 لاکھ غیر دستاویزی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ
اسپین نے تقریباً 5 لاکھ غیر دستاویزی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہسپانوی وزیر برائے مائیگریشن ایلماسیز نے کہا کہ حکومت ایک حکومتی فرمان کی منظوری دے رہی ہے جس کے تحت یہ اقدام نافذ ہوگا۔ قانونی حیثیت حاصل کرنے والے افراد ملک کے کسی بھی حصے میں اور کسی بھی شعبے میں کام کر سکیں گے۔
ایلماسیز نے کہا کہ حکومت امیگریشن کا نظام انسانی حقوق، معاشرتی شمولیت، باہمی ہم آہنگی، اقتصادی ترقی اور سماجی اتحاد کے اصولوں کے مطابق بنانا چاہتی ہے۔ یہ فیصلہ یورپ میں سخت پالیسیوں کے برعکس اسپین کی نرمی کا مظہر ہے۔
فیصلے سے فائدہ اٹھانے والے افراد وہ ہوں گے جو کم از کم پانچ ماہ سے اسپین میں مقیم ہوں اور جن کا مجرمانہ ریکارڈ صاف ہو۔ یہ قانون ان بچوں پر بھی لاگو ہوگا جو پہلے ہی اسپین میں رہائش پذیر ہیں۔
درخواستیں اپریل میں جمع کرائی جا سکیں گی اور جون کے آخر تک اس عمل کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خبر ایجنسی کے مطابق اس منصوبے کو سرکاری فرمان کے ذریعے نافذ کیا جائے گا اور پارلیمنٹ کی منظوری درکار نہیں ہوگی کیونکہ سوشلسٹ قیادت والی اتحادی حکومت کے پاس وہاں اکثریت نہیں ہے۔