Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • سوہنا پنجاب پروجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ, مریم نواز

    سوہنا پنجاب پروجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ, مریم نواز

    ‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، وہاڑی، وزیرآباد، گوجرانوالا، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز نے پنجاب ڈیولپمنٹ پلان پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔
    ‎اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے 51 شہروں میں سوہنا پنجاب پروجیکٹس پر کام شروع کر دیا گیا ہے، اور وزیراعلیٰ نے جون 2026 تک پروجیکٹس مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
    ‎اس موقع پر بتایا گیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 100 کلومیٹر طویل سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی، ساتھ ہی 5 ہزار 887 کلومیٹر طویل سیوریج اور 181 ڈرینج لائنیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ اجلاس میں محکمہ جات کی کارکردگی اور وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • ملک بھر میں شدید سردی، طاقتور موسمی سسٹم آج داخل ہوگا

    ملک بھر میں شدید سردی، طاقتور موسمی سسٹم آج داخل ہوگا

    ‎پاکستان کے کئی حصوں میں سردی کی شدید ترین لہر نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جبکہ برف باری اور بارش برسانے والا طاقتور موسمی سسٹم آج ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
    ‎بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گر چکا ہے اور شدید برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ بٹگرام، دیربالا اور چترال میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
    ‎سوات اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات مکمل طور پر برف کی لپیٹ میں ہیں۔ مالم جبہ میں پانچ فٹ، کالام میں تین فٹ، شوگراں میں ایک فٹ اور کاغان میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ بٹگرام کی تحصیل الائی میں کئی فٹ برف جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں جبکہ شانگلہ میں بھی سڑکیں بند ہیں، مریضوں کو چارپائیوں پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
    ‎دیر بالا اور چترال میں شدید برف باری کے باعث تمام بڑی رابطہ سڑکیں بند ہیں، ایک فٹ سے زائد برف پڑنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے اور بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔
    ‎دوسری جانب شمالی اور بالائی بلوچستان میں برف باری کے بعد وادی کوئٹہ میں سردی نے کئی سال کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جہاں سورج نکلنے کے باوجود درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے اوپر نہ آ سکا۔

  • وینزویلا کے دفاعی نظام کو جام کرنے والا خفیہ ہتھیار: ٹرمپ

    وینزویلا کے دفاعی نظام کو جام کرنے والا خفیہ ہتھیار: ٹرمپ

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے دوران ایک خفیہ امریکی ہتھیار Discombobulator استعمال کیا گیا، جس نے وینزویلا کے دفاعی نظام کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ہتھیار کاراکاس میں امریکی فوج کی کارروائی کے دوران فعال ہوا اور وینزویلا کے راکٹ اور دیگر دفاعی آلات کام نہ کر سکے، جس کے نتیجے میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کیا گیا۔
    ‎صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے حکام کے پاس جدید روسی اور چینی راکٹ موجود تھے اور وہ مکمل طور پر تیار تھے، مگر Discombobulator کے استعمال سے یہ تمام ہتھیار غیر فعال ہو گئے اور کسی بھی قسم کی مزاحمت ممکن نہ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج نے اس ہتھیار کی مدد سے کارروائی میں نہ صرف اپنے فوجی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا بلکہ کسی بھی جانی نقصان کے خطرے کو بھی کم کر دیا۔
    ‎واضح رہے کہ 3 جنوری کو وینزویلا میں امریکی فوج کی یہ خفیہ کارروائی بڑے پیمانے پر کی گئی تھی، جس میں مادورو کے رہائشی علاقے اور سیکیورٹی زون کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے بعد وینزویلا میں ہنگامی کیفیت جاری رہی اور بین الاقوامی سطح پر اس اقدام نے تہلکہ مچایا۔ امریکی صدر کے اس بیان کے بعد Discombobulator ہتھیار اور اس کی صلاحیتوں کے بارے میں عالمی میڈیا اور تجزیہ کار بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

  • پاکستان علما کونسل کا افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر اعتراض

    پاکستان علما کونسل کا افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر اعتراض

    ‎پاکستان علما کونسل نے افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شریعت کے نام پر معاشرے کو غلام اور آزاد میں تقسیم کرنا ناقابل قبول ہے۔ کونسل نے نشاندہی کی کہ افغان حکومت کے یہ احکامات قرآن و سنت کے مطابق نہیں بلکہ ہندواتہ تعلیمات سے متاثر نظر آتے ہیں۔
    ‎اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت اگر خود کو شرعی اسلامی حکومت قرار دیتی ہے تو اسے ایسے فیصلوں پر اپنا موقف فوری طور پر دنیا کے سامنے واضح کرنا چاہیے۔ کونسل نے خبردار کیا کہ عہد جاہلیت کے قوانین اور رسومات کو اسلام کے نام پر دوبارہ نافذ کرنا انسانی وقار اور حقوق کی توہین کے مترادف ہے۔
    ‎پاکستان علما کونسل نے اعلان کیا کہ اس طرح کے احکامات نہ تو شرعی ہیں اور نہ ہی انسانی، بلکہ یہ جدید جاہلیت کے دور کے مترادف ہیں اور عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

  • ‎چمن سمیت شمالی بلوچستان میں شدید سردی، پارہ منفی 12

    ‎چمن سمیت شمالی بلوچستان میں شدید سردی، پارہ منفی 12

    ‎چمن سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری کے بعد کڑاکے
    کی سردی برقرار ہے اور برفیلی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا گیا ہے۔
    محکمہ موسمیات کے مطابق چمن میں درجہ حرارت منفی 6، کوژک ٹاپ منفی 9، خواجہ عمران منفی 10، قلات منفی 11، قلعہ سیف اللہ منفی 5، قلعہ عبداللہ منفی 6 جبکہ توبہ اچکزئی میں پارہ منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
    ‎شدید سردی کے باعث چمن میں پانی کی پائپ لائنیں منجمد ہو گئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این ایچ اے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 سے برف ہٹا کر سڑک ٹریفک کے لیے بحال کر دی ہے۔
    ‎محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج رات اور کل صبح چمن سمیت شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم آج خطے میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

  • سڈنی ہاربر میں شارک کے حملے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق

    سڈنی ہاربر میں شارک کے حملے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق

    ‎آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر کے ساحل پر 12 سالہ نیکو اینٹک شارک کے حملے کے بعد شدید زخمی ہوا اور ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعہ اتوار کی سہ پہر پیش آیا جب لڑکا چٹان سے پانی میں چھلانگ لگا رہا تھا۔ دوستوں نے اسے فوری طور پر باہر نکال کر سڈنی چلڈرن ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔ یہ حملہ 48 گھنٹوں کے دوران این ایس ڈبلیو کے ساحلوں پر ہونے والے چار شارک حملوں میں پہلا تھا۔

  • ڈسکہ میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں 5 افراد جاں بحق

    ڈسکہ میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں 5 افراد جاں بحق

    ‎ڈسکہ میں تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
    ‎پولیس کے مطابق حادثہ سٹی ہاؤسنگ کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت 36 سالہ سلمان، 58 سالہ اسلام، 29 سالہ عمران، 3 سالہ عزا اور 6 سالہ زمان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ سہیل زخمی ہے۔
    ‎حکام کے مطابق کار میں ایک ہی خاندان کے چار افراد اور ان کے دو دوست سوار تھے۔ تمام افراد سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد سیالکوٹ واپس جا رہے تھے۔

  • ‎ترکیہ میں شدید برف باری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

    ‎ترکیہ میں شدید برف باری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

    ‎ترک میڈیا کے مطابق مشرقی اناطولیہ کے علاقوں میں شدید برف باری کے بعد سردی کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
    ‎اعداد و شمار کے مطابق صوبہ ھکاری کا قصبہ یوکسیکووا ملک کے سرد ترین رہائشی علاقوں میں سرفہرست رہا۔ صلاح الدین ایوبی ایئرپورٹ کے نواح میں درجہ حرارت منفی 32.7 ڈگری تک گر گیا۔
    ‎سطح سمندر سے 1950 میٹر کی بلندی پر واقع اس قصبے کو بھاری برف نے ڈھانپ دیا، گاڑیاں منجمد ہو گئیں اور عمارتوں کی چھتوں سے بڑی برف کی لٹکیں بن گئیں۔ اس صورتحال کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، اور لوگ اس خطے کو روسی شہر یاکوتسک سے مشابہ قرار دے رہے ہیں جو دنیا کا سرد ترین شہر مانا جاتا ہے۔

  • دبئی میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس کے لیے سخت قوانین نافذ

    دبئی میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس کے لیے سخت قوانین نافذ

    ‎دبئی میں سوشل میڈیا پر کسی شخص، ادارے یا کمپنی کے خلاف توہین آمیز پوسٹس، کمنٹس یا مواد شیئر کرنے پر سخت قوانین نافذ کر دیے گئے ہیں۔
    ‎میڈیا رپورٹس کے مطابق خلاف ورزی کرنے پر 250,000 سے 500,000 درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے، اور بعض کیسز میں ایک سال یا اس سے زائد قید بھی دی جا سکتی ہے۔ بعض صورتوں میں دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جا سکتی ہیں۔
    ‎دبئی پولیس نے وارننگ جاری کی ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی کی توہین یا ساکھ کو نقصان پہنچانے پر فوری کارروائی ہوگی۔ قوانین واٹس ایپ، پرائیویٹ چیٹس، یا ڈیلیٹ کی گئی پوسٹس پر بھی لاگو ہوتے ہیں، اور اسکرین شاٹس کو ثبوت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
    ‎پچھلے سالوں میں متعدد افراد کو 50,000 درہم تک کے سول جرمانے ادا کرنا پڑے ہیں، جس پر پولیس اور پبلک پراسیکیوشن نے بار بار الرٹ جاری کیے ہیں کہ "سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے سے پہلے سوچیں”۔

  • جعلی سرکاری وفد کی فرانس کے ویزے لگوانے کی کوشش بے نقاب

    جعلی سرکاری وفد کی فرانس کے ویزے لگوانے کی کوشش بے نقاب

    ‎نجی افراد کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے فرانس کے ویزے حاصل کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی سرکاری وفد بن کر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران ڈرائیور محمد کامران اور پراپرٹی ڈیلر عامر شہزاد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے ویزے لگوانے کے لیے مبینہ طور پر ایف بی آر کے ایک افسر کو 53 لاکھ روپے ادا کیے۔
    ‎ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ عتیق الرحمان نے سرکاری ای میل کا غلط استعمال کرتے ہوئے ویزے حاصل کروائے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان کا منصوبہ فرانس کے بجائے اسپین منتقل ہو کر یورپ میں پناہ لینا تھا۔
    ‎حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے جعلی ویزا اسکینڈل سے متعلق شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کے خلاف امیگریشن قوانین، جعلسازی اور بدعنوانی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔