کراچی کے علاقے نارتھ کراچی خواجہ اجمیر نگری میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 25 سالہ محمد عسکری موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر بھی زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کراچی کے علاقے ملیر، البدر سوسائٹی میں بھی ڈکیتی کے دوران فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 25 سالہ شعیب جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس کے مطابق شعیب شاپنگ بیگ فروخت کرنے کا کام کرتا تھا اور صبح دکان کھولتے ہی ڈاکو واردات کے لیے پہنچے۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ایس ایچ او الفلاح راو عمیر کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

کراچی میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ، نوجوان جاں بحق، راہگیر زخمی
-
روسی صدر پیوٹن کا بورڈ آف پیس میں مشروط شمولیت، ایک ارب ڈالر کی پیشکش
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بورڈ آف پیس میں شمولیت پر مشروط رضا مندی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ منجمد اثاثوں سے ایک ارب ڈالر دینے کے لیے تیار ہیں۔ صدر پیوٹن کے مطابق، امریکا میں منجمد کیے گئے روسی اثاثوں میں سے ایک ارب ڈالر حاصل کیے جا سکتے ہیں تاکہ بورڈ آف پیس کے بنیادی مقصد، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ، میں عملی کردار ادا کیا جا سکے۔
صدر پیوٹن نے بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے میں روس کی مستقل کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ یوکرین بحران میں سرگرم ہے۔
روس کے صدر نے امریکا کی گرین لینڈ خریدنے کی کوشش پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تشویش کا باعث نہیں، اور اس کی مثال 19ویں صدی میں الاسکا کی فروخت سے دی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر اس دور کو مدنظر رکھا جائے تو گرین لینڈ کی ممکنہ قیمت آج 200 سے 250 ملین ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے۔
اسی دوران، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات اور قطر نے غزہ بورڈ آف پیس پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بورڈ آف پیس کے پہلے چارٹر کا اعلان کیا، جس میں بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے ادارے کی مستقل رکنیت کی فیس ایک ارب ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق اب تک تقریباً 35 عالمی رہنماؤں نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے لیے بھیجے گئے 50 یا اس سے زیادہ دعوت ناموں میں سے عہد کیا ہے۔ -

پنجاب یونیورسٹی میں درختوں کی کٹائی، شیخ زید اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹر کے خلاف مقدمہ
پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی طور پر درختوں کی کٹائی کے واقعے پر جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن نے شیخ زید اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹر اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن کی زیر صدارت سماعت کے دوران کمیشن نے واضح کیا کہ ہائیکورٹ کے اسٹے آرڈر کے باوجود درختوں کی کٹائی کی گئی، جس پر توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق کٹی گئی لکڑی کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے، جبکہ مبینہ فروخت صرف 5 لاکھ 50 ہزار روپے میں کی گئی۔ کمیشن نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو تین روز میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت دی اور معاملے کو بدعنوانی کے پہلو سے اینٹی کرپشن کو بھی بھیجنے کا حکم دیا۔
کمیشن نے کہا کہ مبینہ طور پر شفاف نیلامی اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر لکڑی فروخت کی گئی، جس سے ماحولیات اور سرکاری اثاثہ جات کو شدید نقصان پہنچا۔ عدالتی احکامات اور عوامی مفاد کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ -

کراچی مین ہول میں گرنے والا شخص جاں بحق، لاش نکال لی گئی
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں مین ہول میں گرنے والے شخص کی لاش نکال لی گئی ہے۔
ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے ترجمان کے مطابق دوپہر کے وقت ایک شخص کے مین ہول میں گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر واٹر ریسکیو ٹیم، غوطہ خور اور ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچے۔
ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے مین ہول سے لاش نکال لی۔ متوفی کی شناخت 70 سالہ عنایت کے نام سے ہوئی ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ -

پنجاب میں تمام مارکیٹیں، عمارتیں اور اسکول فائر سیفٹی آڈٹ کے لیے ہائی الرٹ
پنجاب میں صوبائی حکومت نے فائر سیفٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکم دیا ہے کہ صوبے کی تمام مارکیٹیں، عمارتیں اور اسکول فائر سیفٹی آڈٹ کروائیں اور ہر ادارے میں فائر ڈرل کا انعقاد کیا جائے۔
فائر سیفٹی کے ضوابط مکمل کرنے کے لیے دو ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔ مریم نواز نے بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
صوبے میں بلڈنگ سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کے لیے پیرا فورس کو خصوصی اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، اور آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے ہمت، حکمت اور جدید ٹیکنالوجی دونوں ضروری ہیں۔ -

گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری، 60 ڈاکو, 50 سہولت کار گرفتار
گھوٹکی کے علاقے رونتی میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا مشترکہ آپریشن چھٹے روز بھی جاری ہے اور اب تک متعدد کامیابیاں حاصل ہو چکی ہیں۔
پولیس نے دو مزید مغویوں کو بازیاب کرا لیا ہے، جن کی شناخت سلطان اور محمد بشیر کے ناموں سے ہوئی۔ جنوبی پنجاب کے کچے علاقوں میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے ڈاکوؤں کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے، اور اب تک مجموعی طور پر 60 خطرناک ڈاکو اور 50 سے زائد سہولت کار گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
ایک کروڑ سے زائد قیمت والے وہاب لنڈ اور میرا لٹھانی نے بھی خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ لونڈ، کوش، لٹھانی اور سیکھانی گینگ کے دیگر ارکان نے بھی سرنڈر کر دیا۔
آپریشن میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار، آٹھ ڈرون ٹیمیں اور درجنوں بکتر بند گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق سندھ اور پنجاب کی پولیس اپنے اپنے علاقوں میں مشترکہ کارروائی کر رہی ہے تاکہ کچے علاقوں میں قانون و انتظام قائم رکھا جا سکے۔ -

نامعلوم افراد نے پیٹرول پمپ کو آگ لگا دی
ڈیرہ اسماعیل خان کے ٹانک روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک پیٹرول پمپ کو آگ لگا دی۔
پولیس کے مطابق واقعے سے قبل ملزمان نے پمپ کے عملے کو رسیوں سے باندھ دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان کی تعداد 30 سے 40 کے درمیان تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ -

ڈیووس میں وزیراعظم شہبازشریف کی صدر ٹرمپ سے سرگوشیاں توجہ کا مرکز
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں وزیر اعظم شہبازشریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سرگوشیاں عالمی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
جمعرات کو پاکستان سمیت مختلف ممالک نے ڈیووس میں غزہ بورڈ آف پیس کے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں وزیر اعظم شہبازشریف کے علاوہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی طرف سے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس دوران وزیر اعظم شہبازشریف اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان خوشگوار موڈ میں سرگوشیاں بھی دیکھنے میں آئیں، جو میڈیا اور حاضرین کی توجہ کا محور بن گئیں۔ -

برطانوی پارلیمنٹ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات پر بیٹی ڈاکٹر دینا خان کو اعزاز
برطانوی پارلیمنٹ میں ایک خصوصی تقریب کے دوران پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا اور ان کی بیٹی، ڈاکٹر دینا خان کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر والد کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر دینا خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں والد کی خدمات کو سراہا جانا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی بھارت کے خلاف مضبوط کارروائیوں اور بھرپور قوت کے مظاہرے کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ "ہماری افواج نے بھارت سمیت دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہمیں ہلکا کوئی نہ لے۔”
تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین افضل خان، یاسمین قریشی، محمد یاسین، لارڈ واجد کے علاوہ کمیونٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر والد کی علمی خدمات اور قومی ترقی میں کردار کو یاد کرتے ہوئے خصوصی تقریریں اور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ -

مری میں شدید برف باری کا الرٹ، 12 سے 20 انچ برف پڑنے کی پیشگوئی
ملکہ کوہسار مری میں شدید برف باری کی پیشگوئی کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں آج اور کل کے دوران 12 سے 20 انچ تک برف باری کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ مری پہنچ گئے جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر نے مری میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں برف باری اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے روڈ کلیئرنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہائی وے میکنیکل ونگ کی مشینری اور سالٹ کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مری میں 13 ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ نمک کے بیگز کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاکہ سڑکوں کو فوری طور پر بحال رکھا جا سکے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور سیاحوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔