Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • میرٹ پر مسلمان طلبہ کی کامیابی مودی سرکار کو ناگوار

    میرٹ پر مسلمان طلبہ کی کامیابی مودی سرکار کو ناگوار

    
مودی حکومت کو کشمیری طلبہ کی تعلیمی قابلیت بھی کھٹکنے لگی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک اہم میڈیکل کالج اس وقت بند کر دیا گیا جب داخلوں میں میرٹ کی بنیاد پر زیادہ تر نشستیں مسلمان طلبہ کو مل گئیں۔ الجزیرہ کے مطابق ماتا وشنو دیوی میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی منظوری منسوخ کر دی گئی، جسے خطے میں میڈیکل تعلیم کا ایک نمایاں ادارہ سمجھا جاتا تھا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق کالج کی 50 میں سے 42 نشستوں پر مسلمان طلبہ میرٹ پر کامیاب ہوئے، جبکہ سات ہندو اور ایک سکھ طالب علم کو بھی داخلہ ملا۔ مسلمان طلبہ کی زیادہ تعداد پر ہندو انتہا پسند گروہوں نے احتجاج کیا، جس کے بعد ادارے کے خلاف کارروائی کی گئی۔
    ‎کشمیری طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے ان سے ان کا مستقبل اور خواب چھین لیا ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ بی جے پی میرٹ کے بجائے مذہب کی بنیاد پر داخلے چاہتی ہے۔ والدین نے بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں نے میرٹ پر آنے کے لیے برسوں محنت کی تھی۔
    ‎مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیری طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے، اور سوال اٹھایا کہ کیا طلبہ کا مستقبل تباہ کرنا حکمرانوں کو خوشی دیتا ہے۔
    ‎الجزیرہ کے مطابق انتہا پسند ہندو عناصر عطیات سے چلنے والے اس ادارے میں مسلمانوں کا داخلہ برداشت نہیں کر سکے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن نے انفراسٹرکچر کو جواز بنا کر کالج کی منظوری منسوخ کر دی، جسے مبصرین مسلم دشمن پالیسیوں کی ایک اور مثال قرار دے رہے ہیں۔

  • عمران خان نے مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا, شاہ محمود قریشی

    عمران خان نے مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا, شاہ محمود قریشی

    پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹی سربراہ عمران خان نے مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور دیگر رہنما جیلوں میں موجود ہیں اور معلومات کم پہنچ رہی ہیں، اس لیے محمود خان اچکزئی بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آگے کیا کرنا ہے۔
    ‎شاہ محمود نے فواد چودھری کی نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا ساتھ دینے کے حوالے سے سوال پر کہا کہ وہ اسپتال میں تھے اور فواد چودھری عیادت کے لیے آئے، تاہم وہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین ہیں اور پارٹی پالیسی سے نہیں ہٹ سکتے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ سوچنا یہ ہوگا کہ مسئلے کا حل کیا ہے، کیونکہ مزاحمت کے بعد بھی مفاہمت ہی ہوتی ہے اور ملک کی ترقی صرف گفتگو کے ذریعے ممکن ہے۔

  • 
امریکی پابندیوں کے بعد بھارت کو ایک اور بڑا دھچکا

    
امریکی پابندیوں کے بعد بھارت کو ایک اور بڑا دھچکا

    ‎امریکی پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کے بعد بھارت کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت عملی طور پر ایران کی چابہار بندرگاہ سے علیحدگی اختیار کر رہا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق بھارت نے پابندیاں نافذ ہونے سے قبل ایران کو طے شدہ 120 ملین ڈالر کی رقم ادا کر دی ہے، جس کے بعد ایران اب اس سرمایہ کاری کو بھارت کی شمولیت کے بغیر بندرگاہ سے متعلق سرگرمیوں کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔
    ‎بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چابہار بندرگاہ کی ترقی اور آپریشن کی ذمہ دار پبلک سیکٹر کمپنی انڈیا پورٹس گلوبل لمیٹڈ (IPGL) کے بورڈ میں شامل تمام سرکاری نمائندوں نے اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی IPGL کی سرکاری ویب سائٹ بھی غیر فعال کر دی گئی ہے، جسے چابہار منصوبے سے بھارت کی خاموش علیحدگی کی ایک اور علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎چابہار بندرگاہ سے پسپائی پر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے کہا کہ معاملہ صرف چابہار بندرگاہ یا روسی تیل کا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ مودی حکومت امریکا کو بھارت کا بازو مروڑنے کی اجازت کیوں دے رہی ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ امریکی دباؤ پر چابہار سے غیر رسمی طور پر پیچھے ہٹنا بھارت کی خارجہ پالیسی میں ایک نئی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔
    ‎واضح رہے کہ سال 2024 میں بھارت نے دس سال کے لیے ایران کی چابہار بندرگاہ کا انتظام سنبھالا تھا، جسے خطے میں بھارت کی اسٹریٹجک موجودگی کا اہم منصوبہ قرار دیا جاتا تھا۔

  • 
کیماڑی فشریز میں کنٹینرز میں لگی آگ بے قابو، 10 کنٹینرز جل کر تباہ

    
کیماڑی فشریز میں کنٹینرز میں لگی آگ بے قابو، 10 کنٹینرز جل کر تباہ

    
کراچی کے علاقے کیماڑی فشریز میں موجود کنٹینرز میں لگنے والی آگ بے قابو ہو گئی، جس کے نتیجے میں 14 کنٹینرز شعلوں کی لپیٹ میں آ گئے، جبکہ 10 کنٹینرز مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئے۔
    آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ فائر فائٹنگ کے دوران ایک اہلکار زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
    ‎ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ علاقے میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

  • 
حکومت کی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی باضابطہ درخواست

    
حکومت کی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی باضابطہ درخواست

    حکومت نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے باضابطہ طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کا خط الیکشن کمیشن کو موصول ہو گیا ہے۔
    ‎حکومتی خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیا صدارتی آرڈیننس جاری ہو چکا ہے جبکہ سابقہ قانون تحلیل ہو چکا ہے، اس لیے موجودہ انتخابی شیڈول واپس لیا جائے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نئے قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اسے اپنے جاری کردہ انتخابی شیڈول کو ڈی نوٹیفائی کرنا چاہیے۔
    ‎ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔

  • ‎وفاقی حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    ‎وفاقی حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    ‎وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
    ‎نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی، جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
    ‎پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ قیمتیں آئندہ پندرہ روز کے لیے برقرار رہیں گی۔

  • عمران خان کو اقتدار میں لانے والے چاہیں گے یہ دوبارہ اقتدار میں آئے، خواجہ آصف

    عمران خان کو اقتدار میں لانے والے چاہیں گے یہ دوبارہ اقتدار میں آئے، خواجہ آصف

    
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار میں لانے والے عناصر چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ اقتدار میں آئیں تاکہ پاکستان کو ان کے تابع بنایا جا سکے۔
    سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو گالیاں دینے والوں کو پناہ دینے والوں کی بھی یہی خواہش ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے بھی انہی مقاصد کے حصول کی کوشش تھے۔
    ‎وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں بھارت نے حملہ کیا اور ابھی نندن کو راتوں رات واپس کر دیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مئی 2025 میں بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان نے فتح کی تاریخ رقم کی اور دنیا حیران رہ گئی کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے چند برس قبل بھارتی پائلٹ واپس کیا تھا۔
    ‎خواجہ آصف کے مطابق اس وقت پارلیمنٹ کو بتایا گیا تھا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے اللہ کی مدد سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، شہداء نے وطن کو دوام بخشا اور دشمن آج بھی تاک میں ہے، اس لیے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک بیٹھے نام نہاد پاکستانی، جو طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی ہیں، ملک کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں اور پاکستان کو معاشی استحکام اور محفوظ مستقبل سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

  • امریکا کی ایران پر  احتجاج کی وجہ سے نئی پابندیاں

    امریکا کی ایران پر احتجاج کی وجہ سے نئی پابندیاں

    پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ ایرانی قیادت کے بیرونِ ملک منتقل ہونے والے فنڈز پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
    ‎خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا کہ ایران کی سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری، پاسدارانِ انقلاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد کمانڈروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان افراد پر مظاہرین کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
    ‎امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایران کی قیادت کے لیے امریکا کا پیغام واضح ہے۔ ان کے بقول امریکی حکام جانتے ہیں کہ ایرانی خاندانوں سے چرائے گئے فنڈز دنیا بھر کے بینکوں اور مالیاتی اداروں میں منتقل کیے جا رہے ہیں، اور امریکا ان رقوم اور ان کے ذمہ داروں کا تعاقب کرے گا۔
    ‎اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ اگر ایرانی حکام تشدد روکنے اور عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کریں تو ابھی بھی وقت ہے، جیسا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں۔
    ‎محکمہ خزانہ کے مطابق امریکا آزادی اور انصاف کے مطالبے میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو نشانہ بنانے کے لیے تمام دستیاب اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔
    ‎بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ 18 مزید افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن پر الزام ہے کہ وہ ایرانی پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکل فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ یہ افراد پابندیوں کی زد میں آئے ایرانی مالیاتی اداروں کے ایک شیڈو بینکنگ نیٹ ورک کا حصہ بتائے جاتے ہیں۔
    ‎یہ پابندیاں ایران کے خلاف حالیہ امریکی اقدامات کے تسلسل میں سامنے آئی ہیں، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم کی بحالی کے بعد کیے جا رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد ایران کی تیل برآمدات کو صفر تک لانا اور اسے جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنا ہے۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹورنامنٹ سے قبل ٹکٹوں کی ریکارڈ مانگ

    فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹورنامنٹ سے قبل ٹکٹوں کی ریکارڈ مانگ

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل ہی ایک نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئندہ سال ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے مختلف میچوں کے لیے فیفا کو 50 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو اب تک کی بلند ترین تعداد ہے۔
    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ مانگ 17 جون کو میامی میں ہونے والے کولمبیا اور پرتگال کے میچ کی ہے۔
    ‎واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جائے گا، جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
    ‎فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ اس سے قبل 2022 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔

  • 
پنجاب میں بسنت صرف 6 تا 8 فروری، ورنہ پتنگ بازی ممنوع

    
محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی برقرار ہے اور بسنت کی محدود اجازت صرف 6، 7 اور 8 فروری کو ہوگی۔ مقررہ دنوں اور اوقات سے پہلے پتنگ بازی غیر قانونی قرار دی جائے گی اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
    ‎محکمہ داخلہ کے مطابق کائٹ فلائنگ ریگولیشن بل کے تحت پتنگ سازی اور پتنگ بازی دونوں پر پابندی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سزا میں 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ شامل ہے، جبکہ پتنگ بنانے، ڈور تیار کرنے، فروخت یا ترسیل کرنے پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
    ‎محکمہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ مقررہ دنوں اور وقت کے علاوہ پتنگ بازی نہ کریں اور قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں تاکہ کسی بھی حادثے یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔