ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے رات گئے نامعلوم مسلح دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس چیک پوسٹ پر اچانک فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا، جس پر پولیس نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہو گئے۔
زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سجاد احمد موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے حملہ ناکام بنایا، اور فورس کا مورال بلند ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 2 دہشت گرد ہلاک
-
خاران میں مسلح گروہ کا حملہ، سیکیورٹی آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک
خاران میں مسلح افراد نے شہر کے پولیس اسٹیشن پر قبضہ کیا اور متعدد بینکوں میں داخل ہو گئے، جس کے نتیجے میں شہر کے ریڈ زون سمیت کئی مقامات پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہ کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ علاقے میں اب بھی بڑی تعداد میں مسلح افراد موجود تھے۔
بعد میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد خاران میں آپریشن مکمل کر دیا گیا اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد علاقے سے فرار ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران 6 سے 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے اور انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک افسر زخمی ہوا۔ شہر کا پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک، حبیب بینک اور میزان بینک پر حملہ کیا گیا اور بعد میں انہیں آگ لگا دی گئی۔ اسپتال میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ درجنوں مسلح افراد منظم قافلوں کی شکل میں خاران شہر میں داخل ہوئے اور کچھ سرکاری تنصیبات پر بھی قبضہ کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید دہشت گرد کارروائیوں کو روکنے کے لیے چوکس رہنے کا سلسلہ جاری ہے۔ -

پاکستان، آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کی آن لائن ٹکٹ فروخت کل سے شروع
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کل سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ لاہور میں ہونے والے میچز کے فزیکل ٹکٹس 19 جنوری سے دستیاب ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے ٹی 20 میچ کا کم سے کم ٹکٹ 400 روپے رکھا گیا ہے، جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے سستا ترین ٹکٹ 500 روپے ہوگا۔ پہلے میچ کے وی آئی پی ٹکٹ 800 روپے میں دستیاب ہوں گے، جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ کے وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ہاسپیٹیلٹی گیلری کے ٹکٹس کی قیمت پہلے میچ کے لیے 5 ہزار روپے اور دوسرے و تیسرے میچ کے لیے 6 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
شیڈول کے مطابق پاک، آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری، دوسرا 31 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ -

بھارت میں مسلمانوں پر ریاستی سرپرستی میں تشدد
عالمی انسانی حقوق کی رپورٹس نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں منظم تشدد، ماورائے عدالت قتل اور جبری بے دخلیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سال 2025 کے دوران بھارت میں ماورائے عدالت کارروائیوں میں کم از کم 50 مسلمان شہید کیے گئے۔
ساؤتھ ایشیا جسٹس کیمپین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 23 مسلمان ہندوتوا عناصر کے ہاتھوں جبکہ 27 ہندو انتہا پسند گروہوں کے حملوں میں جان سے گئے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم مخالف نفرت انگیز تقاریر کے نتیجے میں بھارت کی 13 ریاستوں میں 26 سے زائد منظم اجتماعی تشدد کے واقعات پیش آئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی بنیادوں پر سب سے زیادہ ہلاکتیں اتر پردیش میں ہوئیں، جہاں چھ مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔ گائے کے نام پر ہونے والے تشدد کے واقعات میں نو مسلمانوں کی جان لی گئی، جبکہ تین مسلمانوں کو شدید تشدد کے بعد خودکشی پر مجبور کیا گیا۔
عالمی رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر، آسام اور دیگر علاقوں میں دو معصوم بچوں سمیت 13 سے زائد مسلمان ریاستی جبر کا نشانہ بنے۔ اس کے علاوہ چار ہزار سے زائد بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو غیرقانونی طور پر بھارت سے بے دخل کیا گیا، جسے انسانی حقوق کے ماہرین سنگین خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔ -

ملک ریاض کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
احتساب عدالت کراچی نے ساڑھے 13 ہزار ایکڑ زمین کی مبینہ غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس میں ایک بار پھر ملک ریاض، زین ملک اور دیگر 10 مفرور ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی بریت کی درخواست کی سماعت ملتوی کر دی، جبکہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت بھی مؤخر کر دی گئی۔
اس کے علاوہ احتساب عدالت نے مختیار علی اقبال میرانی سمیت سات ملزمان کو سمن جاری کر دیے۔ ملزمان پر بحریہ ٹاؤن کو ساڑھے 17 ہزار ایکڑ زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے، جسے نیب نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ -

سندھ میں صحت کے بجٹ کو 2.9 فیصد سے 10 فیصد تک بڑھا دیا
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے بجٹ کو مجموعی بجٹ کے 2.9 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کینسر کے علاج کے لیے جدید اور مہنگی ترین سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے اور یہ علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔
اسلام آباد میں سندھ حکومت کی کارکردگی اور آئندہ لائحہ عمل پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت ہر شعبے میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے اور تعلیم بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اقدامات سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئے جا رہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ہر شہری کو معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ -

ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی پر تبادلہ خیال
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور استحکام کے لیے سفارتکاری اور علاقائی تعاون پر زور دیا۔ عباس عراقچی نے اس موقع پر کہا کہ ایران اپنی سرحدوں کا بھرپور اور مضبوط دفاع کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ -

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا بڑا دعویٰ، بلاول بھٹو کراچی کے لیے جلد بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا اور اس کے نتائج شہر میں نظر آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت مل کر کام کر رہی ہیں جبکہ ٹاؤن انتظامیہ بھی اسی طرح تعاون کرے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی کے لیے ایک بڑا ترقیاتی پیکج متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔
میئر کراچی کے مطابق شہر کی تمام اہم شاہراہوں کو مرحلہ وار بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سہولیات میسر آئیں گی۔ جہانگیر روڈ کی بحالی کراچی کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہر بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبے بحال کیے جا رہے ہیں اور کراچی میں دن رات کام جاری ہے۔ -

گجرات میں خاتون ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے نیچے آ کر جاں بحق
گجرات میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون حادثاتی طور پر ٹرین کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق خاتون اسٹیشن پر کھانا لینے کے لیے اتر گئی تھی اور چلتی ٹرین پر سوار ہونے کی کوشش کے دوران پاؤں پھسلنے سے ریلوے ٹریک پر گر گئی۔ اسٹیشن ماسٹر کے مطابق ایمرجنسی بریک لگانے تک خاتون ٹرین کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون لاہور کی رہائشی تھی اور وہ اپنی بھانجی اور چھوٹے بھائی کے ساتھ لاہور سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد خاتون کے ورثاء سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ -

اگلے سال پاکستان ریلوے کے لیے مناسب بجٹ دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ سال پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مناسب بجٹ مختص کیا جائے گا، کیونکہ ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات دہائیوں سے ناگزیر تھے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کی کارکردگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ریلوے کے موجودہ نظام، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت اصلاحاتی عمل کا اہم حصہ ہے اور ریلوے کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے ریلوے کی بہتری اور ترقی سے متعلق جامع روڈ میپ پیش کرے۔