ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 ریت دے دیا۔ پالی کیلے میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 63 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان اور بابر اعظم 25، 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان نے 11 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ عثمان خان 8، صائم ایوب 7 اور کپتان سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شاہین آفریدی 2 اور محمد نواز کوئی رن نہ بناسکے.
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈوسن نے 24 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیمی اوورٹن اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ فہیم اشرف کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا ہے، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے اچھا ہدف دے کر اس کا دفاع کریں۔
Author: Aqsa Younas Rana

پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف

دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پورا حق ہے کہ دہشت گردی کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی ناسور ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے، دہشت گردوں کی پناہ گاہیں پاکستان میں ہو یا بیرون ملک ان کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
رہائی فورس کے سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے جو بھی فیصلہ کریں گے آئین و قانون کے مطابق ہوگا، کسی کے پاس کچھ نہیں ہوتا پھر بھی کسی ایشو کو متنازع بنا کر پیش کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تو ہر ہفتے سنتا ہوں کہ مجھے پارٹی چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹایا جارہا ہے، مجھے تو عمران خان نے لگایا ہے ان کی مرضی ہے جب چاہیں ہٹا دیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوری انداز پر امن احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، پی ٹی آئی کسی فرد کے فیصلے کی مجاز نہیں صوبے میں مل کر فیصلہ کرتے ہیں۔
پاکستانی جوڑا جڑواں بچوں سفیان اور یوسف کی علیحدگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا
سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستان کے جڑواں بچے سفیان اور یوسف اپنے خاندان کے ہمراہ ریاض پہنچ گئے۔
ائیر پورٹ پہنچنے کے بعد جڑواں بچوں کو فوری طور پر کنگ عبداللہ اسپیشلسٹ چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ معائنہ کیا جا سکے اور علیحدگی کی سرجری کے امکان کا جائزہ لیا جا سکے۔
شاہی عدالت کے مشیر، عبداللہ الربیعہ نے انسانی ہمدردی کے اس اقدام پر شاہ سلمان اور ولی عہد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ سعودی پروگرام کی میڈیکل اینڈ سرجیکل ٹیم دنیا بھر کے پیچیدہ کیسز والے بچوں کی دیکھ بھال جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل ریاض میں پاکستانی جڑواں بچیوں یارا اور لارا کی علیحدگی کی سرجری کامیابی سے ہوئی تھی، اور تنزانیہ، فلپائن سمیت دیگر ممالک کی 65 سے زائد بچیوں کی سرجری بھی کامیاب رہی ہے۔
تمام سرجریز کے اخراجات خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز خود برداشت کرتے ہیں، جس سے سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے عزم کا ثبوت ملتا ہے۔
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 30 کارکنان تھانہ کھنہ کے مقدمے میں اشتہاری قرار
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے 30 کارکنان کو تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 26 نومبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی، جو 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں درج کیے گئے تھے۔ عدالت نے متعلقہ کارروائی مکمل کرتے ہوئے کارکنان کو اشتہاری قرار دینے کا حکم دیا، جس کے بعد قانون کے تحت ان کے خلاف گرفتاری کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔
جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش، 3 گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب سے بے دخل کی جانے والی ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق خاتون کا تعلق بہاولپور سے ہے اور اس نے اعتراف کیا کہ وہ دو ایجنٹوں کے ذریعے بیرون ملک گئی، جہاں سعودی عرب پہنچنے پر اسے منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کیا گیا۔ تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں زینی (لاہور)، حسیب (اوکاڑہ) اور حاجی اللہ وسایا شامل ہیں، اور خاتون مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہی۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو بھی گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر کمبوڈیا جا رہے تھے، تاہم حلیہ اور کاغذات مشکوک ہونے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا اور دونوں سے تفتیش جاری ہے۔
میکسیکو میں منشیات گروپ کے سرغنہ ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ہنگاموں میں 73 افراد ہلاک
میکسیکو میں بدنام زمانہ منشیات فروش اور کارٹیل لیڈر ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے، جس میں ہلاک شدگان کی تعداد 73 تک پہنچ گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ملک کے متعدد شہروں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، سڑکیں اور بازار سنسان ہیں اور شہری گھروں تک محدود رہ گئے ہیں۔ ہلاکت کے فوری بعد مسلح ڈرگ کارٹلز نے منظم کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جن میں ایئرپورٹ سمیت مختلف اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا، متعدد گاڑیاں نذر آتش کی گئیں اور اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں۔ سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 25 فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
گذشتہ روز ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامے شروع ہوئے، جبکہ امریکی وزارت خارجہ نے اس کی گرفتاری پر 15 ملین ڈالر کا انعام بھی مقرر کیا تھا۔
ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ملک میں تشدد کی نئی لہر کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
کراچی ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش، 2 مسافر آف لوڈ
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کو جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مشکوک دستاویزات کی جانچ کے بعد مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کیا گیا اور مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔
افغانستان کوبتادیا ہے دہشتگرد اورپاکستان میں کسی ایک کا انتخاب کرلیں، رانا ثنااللہ
سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر جو پالیسی آج اپنائی گئی ہے اسے پہلے اپنانا چاہیے تھا۔ اگر چند سال قبل یہ پالیسی اپنائی جاتی تو دہشت گردی کا نام و نشان نہ رہتا۔ وزیراعظم پاکستان نے 4 ماہ قبل افغانستان کو پیغام دیا تھا کہ دہشت گرد اور پاکستان میں کسی ایک کا انتخاب کرلیں۔ افغانستان کو بات سمجھ نہیں آئی تو ردعمل دیا گیا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جب جب دہشت گرد افغانستان سے پاکستان پر حملے کریں گے ردعمل دیا جائے گا۔ ہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کو کہتے ہیں کہ آپ ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو بھرپور سپورٹ کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نیا طیارہ خریدا گیا ہے، جس کی قیمت تقریباً 10 ارب روپے ہے۔ یہ طیارہ گلف اسٹریم جی 500 ہے، جو عالمی رہنماؤں اور بڑے کاروباری اداروں کے زیر استعمال ہوتا ہے۔ پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ایئر پنجاب کے لیے خریدا گیا ہے
وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق حکومت کے پاس نہ کوئی ڈھیل ہے نہ ڈیل۔ بانی پی ٹی آئی کا جو بہترین علاج ہوسکتا ہے وہ ہوا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اسے ریگولیٹ کیا ہے۔
کراچی: ننھی بچی ٹینکر کی زد میں آ کر جابحق
شہر قائد کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر ایک المناک حادثہ پیش آ گیا جہاں تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی 3 سالہ معصوم بچی سائرہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ بچی اپنے 18 سالہ چچا راج محمد اور 1 سالہ بھائی سبحان کے ساتھ جوس خریدنے جا رہی تھی کہ ٹینکر نے زوردار ٹکر مار دی، جس سے سائرہ زخموں کی تاب نہ لاتی ہوئی دم توڑ گئی جبکہ چچا اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی ابتدائی طبی امداد کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ٹینکر ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، جبکہ جاں بحق بچی کا خاندان محنت مزدوری کے لیے کراچی منتقل ہوا تھا اور ان کا آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔ اسپتال میں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچی کی لاش غمزدہ لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
حادثے نے کراچی کی سڑکوں پر تیز رفتاری اور بھاری گاڑیوں کے خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے، جہاں روزانہ ایسے سانحات مسافروں کی جانیں لے رہے ہیں۔
قومی دن پر 2 روزہ تعطیل کا اعلان
کویت نے قومی دن اور یومِ آزادی کی مناسبت سے 25 فروری (بدھ) اور 26 فروری (جمعرات) کو دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس سے شہریوں کو ہفتہ وار تعطیلات (جمعہ-ہفتہ) سمیت چار مسلسل چھٹیاں مل جائیں گی۔ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شیخ احمد العبداللہ الصباح کی زیر صدارت یہ فیصلہ کیا گیا، جو تمام سرکاری، نجی اور تعلیمی اداروں پر ہوگا ملک میں کام یکم مارچ (اتوار) سے دوبارہ شروع ہوگا۔
یہ تعطیلات کویت کے 65ویں قومی دن اور 35ویں یومِ آزادی کے موقع پر ہیں، جہاں ملک بھر میں تقریبات، پریڈز، ثقافتی پروگرامز اور آتشبازی ہوگی۔ سرکاری عمارتیں قومی پرچموں اور روشنیوں سے سجی ہوں گی، جبکہ شاپنگ مالز، ہوٹلز اور سیاحتی مقامات پر رش متوقع ہے۔ کویت میں جمعہ-ہفتہ کی ہفتہ وار تعطیلات کی وجہ سے یہ لمبا ویک اینڈ بن جائے گا، جو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے خوشی کا موقع ہے۔









