Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • کراچی میں انقلابِ ایران کی 47ویں سالگرہ کی تقریب، گورنر سندھ کی شرکت

    کراچی میں انقلابِ ایران کی 47ویں سالگرہ کی تقریب، گورنر سندھ کی شرکت

    ‎کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں انقلابِ ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شرکت کی۔
    ‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کو سب سے پہلے ایران نے تسلیم کیا تھا، جبکہ ایران میں اسلامی انقلاب کو سب سے پہلے پاکستان نے تسلیم کیا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ اگر ایران اور پاکستان متحد ہو جائیں تو کوئی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو یکجا ہو کر چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے۔
    ‎گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پوری قوم متحد تھی اور اسی اتحاد کی بدولت کامیابی حاصل ہوئی۔

  • برطانیہ میں شدید بارشوں کے باعث 100 علاقوں میں سیلاب کا خطرہ

    برطانیہ میں شدید بارشوں کے باعث 100 علاقوں میں سیلاب کا خطرہ

    ‎برطانیہ میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے باعث تقریباً 100 علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
    ‎غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیشنل انوائرمنٹ ایجنسی نے 98 سیلاب وارننگز اور 158 فلڈ الرٹس جاری کیے ہیں۔ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 300 گھر متاثر ہوئے ہیں، جبکہ اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں بھی سیلاب کے خطرات موجود ہیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق مختلف شہروں میں ندی نالوں کے کنارے پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
    ‎سیلاب کے باعث ٹرانسپورٹ کے نظام پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، اور کئی سڑکیں اور پل بند کیے جا سکتے ہیں۔ نیشنل انوائرمنٹ ایجنسی نے عوام سے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔

  • ایران میں اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں ہزاروں افراد کی مارچ

    ایران میں اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں ہزاروں افراد کی مارچ

    ‎ایران میں اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے مارچ کیا۔
    ‎مارچ کے دوران ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کی جانچ پڑتال کے لیے تیار ہے تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ ایران ایٹم بم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
    ‎تہران کے آزادی اسکوائر پر صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوران مغربی ممالک کے ’ضرورت سے زیادہ‘ مطالبات کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور جوہری تنازع کے حل کے لیے مذاکرات جاری رکھے گا۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی ترلائی میں امام بارگاہ آمد، شہداء کے اہل خانہ سے اظہار افسوس

    وزیراعظم شہباز شریف کی ترلائی میں امام بارگاہ آمد، شہداء کے اہل خانہ سے اظہار افسوس

    وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ کا دورہ کیا۔
    ‎انہوں نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے خیر کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی سے بڑی بربریت کوئی نہیں ہو سکتی اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر پوری قوم سوگوار تھی، تاہم مثبت بات یہ تھی کہ تمام مکاتب فکر کے علما نے اس کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے عون عباس کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تاریخ ان کی قربانی کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔
    ‎وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس واقعے نے پوری قوم کو متحد کر دیا اور آئندہ بھی قوم یکجہت رہے گی۔

  • پی ٹی آئی کے کنٹینر میں تیل نظر نہیں آ رہا،مولانا فضل الرحمان

    پی ٹی آئی کے کنٹینر میں تیل نظر نہیں آ رہا،مولانا فضل الرحمان

    ‎چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان ورکنگ ریلیشن قائم ہونا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور وزیراعظم کی ملاقات تین ماہ قبل ہونی چاہیے تھی۔
    ‎مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست پارٹیاں کرتی ہیں، جبکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی ذمہ دار ہے، اور کوئی صوبہ وفاق کی مدد کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔
    ‎انہوں نے طنزاً کہا کہ پی ٹی آئی کے کنٹینر میں انہیں تیل نظر نہیں آ رہا، جس سے پارٹی کی کارکردگی پر سوال اٹھا۔

  • ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے امریکی حکام کا تیل بردار جہازوں کو ضبط کرنے پر غور

    ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے امریکی حکام کا تیل بردار جہازوں کو ضبط کرنے پر غور

    ‎امریکی حکام نے ایران پر معاشی اور سیاسی دباؤ بڑھانے کے لیے ایرانی تیل بردار ٹینکرز کو ضبط کرنے کے ممکنہ اقدام پر غور شروع کر دیا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایران کی سب سے بڑی آمدنی یعنی تیل کی برآمدات کو نشانہ بنا کر تہران کو اپنی پالیسیوں میں سخت اقدامات پر مجبور کرنا ہے۔
    ‎اخبار کے مطابق وائٹ ہاؤس میں اس اقدام پر بحث ہو رہی ہے اور اسے ایران کے جوہری مذاکرات کے عمل میں ایک آپشن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاکہ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں امریکی حکومت کے پاس متعدد متبادل آپشنز موجود ہوں۔
    ‎تاہم امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ٹینکرز کو ضبط کرنے کے دوران ایران جوابی کارروائی کر سکتا ہے، جس میں آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانا یا خطے میں امریکی اتحادی ممالک کے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانا شامل ہو سکتا ہے۔
    ‎واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں امریکا نے متعدد ایسے جہاز ضبط کیے ہیں جو ایران کے ’’شیڈو فلیٹ‘‘ یعنی خفیہ بیڑے کا حصہ سمجھے جاتے ہیں، جو پابندیوں کے باوجود تیل منتقل کرتے ہیں۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا ایران کے ٹینکرز کو ضبط کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو یہ ایران کی معیشت پر دباؤ ڈالے گا اور خطے میں تیل کی قیمتوں اور عالمی مارکیٹ پر اثر ڈال سکتا ہے، جبکہ ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی خطے میں کشیدگی بڑھا سکتی ہے۔
    ‎یاد رہے کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں فوجی کارروائی کی بھی تیاری کر رہا ہے، اور سابق صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران پر حملے کے لیے دوسرا طیارہ بردار بحری بیڑہ بھیجا جا سکتا ہے۔

  • عافیہ صدیقی کیس:وزیرِاعظم اور وفاقی وزرا کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی روک دی

    عافیہ صدیقی کیس:وزیرِاعظم اور وفاقی وزرا کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی روک دی

    ‎وفاقی آئینی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو روک دیا ہے۔
    ‎تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وفاقی حکومت کی اپیلوں پر سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کیے۔
    ‎وفاقی حکومت نے 16 مئی 2025 کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں ترمیم کی اجازت کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم اور کابینہ سے امریکا میں قانونی کوششوں کی حمایت نہ کرنے پر وضاحت طلب کی تھی۔
    ‎وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ درخواست میں ترمیم عدالتی اختیارات سے تجاوز اور طے شدہ مقدمات کی حتمیت کے منافی ہے۔ اکتوبر 2024 میں وزیراعظم نے امریکی صدر کو رحم کی اپیل کی حمایت میں خط لکھا، اعلیٰ سطحی وفد بھیجا گیا اور قیدیوں کی منتقلی سے متعلق معاہدوں کی کوششیں کی گئیں، مگر امریکی حکام نے معاہدے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
    ‎عدالت نے بعد ازاں اس معاملے کی سماعت ملتوی کر دی۔

  • پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم نافذ

    پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم نافذ

    ‎پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لین دین کے لیے ٹی پلس ون (T+1) سیٹلمنٹ سسٹم مؤثر طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان دنیا کا ساتواں ملک بن گیا ہے جو یہ جدید نظام اپنا رہا ہے۔
    ‎حکام کے مطابق 9 فروری کو ہونے والے سودے 10 فروری کو کامیابی کے ساتھ سیٹل کیے گئے، جو نئے نظام کے تحت پہلی باقاعدہ سیٹلمنٹ تھی۔
    ‎ٹی پلس ون سیٹلمنٹ کے تحت شیئرز کی خرید و فروخت کے سودے ایک کاروباری دن بعد مکمل کیے جاتے ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کو تیز اور مؤثر لین دین کی سہولت ملتی ہے۔
    ‎چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ڈاکٹر کبیر سدھو نے اس پیش رفت کو ملکی کیپٹل مارکیٹ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ نظام مارکیٹ میں شفافیت، کارکردگی اور رسک مینجمنٹ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
    ‎ماہرین کے مطابق ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، لیکویڈیٹی بہتر ہوگی اور مارکیٹ میں سرمایہ کی گردش تیز ہونے سے مجموعی مالیاتی نظام کو استحکام حاصل ہوگا۔

  • کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو پر مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش

    کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو پر مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش

    ‎کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خلاف مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی، جس کے باعث ان کے ہیلی کاپٹر کو طے شدہ مقام پر اترنے کے بجائے راستہ تبدیل کرنا پڑا۔
    ‎غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر پیٹرو نے صدارتی انتظامیہ کے یوٹیوب چینل پر نشر ہونے والے ایک سرکاری اجلاس میں بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ ان کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کا خطرہ ہے۔
    ‎صدر پیٹرو نے کہا کہ انہوں نے وہاں نہیں اترنے کا فیصلہ کیا جہاں منصوبہ تھا کیونکہ خدشہ تھا کہ جس ہیلی کاپٹر میں وہ اور ان کے بچے سوار تھے، اس پر فائرنگ کی جا سکتی ہے۔
    ‎ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے باعث پرواز کا رخ تبدیل کیا گیا اور ہیلی کاپٹر نے چار گھنٹے تک کھلے سمندر کے اوپر پرواز کی۔ اس طرح وہ ممکنہ جان لیوا حملے سے محفوظ رہے۔ مزید تفصیلات ابھی تک جاری نہیں کی گئیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سپورٹس سٹی اور کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کا آغاز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سپورٹس سٹی اور کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کا آغاز

    ‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے پہلے سپورٹس سٹی کی تعمیر کا اعلان کیا اور تحصیل سطح پر پنک گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ انہوں نے پنک گیمز کی خواتین کھلاڑیوں کے لیے 2 کروڑ روپے کے انعامات، رہائش اور طعام کے خصوصی انتظامات کی ہدایت بھی دی۔
    ‎وزیراعلیٰ نے خواتین کھلاڑیوں کو "سپر پنجاب کی سپر بیٹیاں” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عورتیں ملک، صوبہ، وزارت اور معیشت چلا سکتی ہیں، جنگ لڑ سکتی ہیں، جہاز اڑا سکتی ہیں اور وزیراعلیٰ بن کر مردوں کو ٹف ٹائم دے سکتی ہیں۔ انہوں نے بیٹیوں سے کہا کہ "زمین آپ کی ہے، آسمان آپ کا ہے، آگے بڑھیں اور جیت کر دکھائیں”۔
    ‎تقریب میں ہر ڈویژن کی اتھلیٹس نے پنک گیمز کی مشعل لے کر سٹیڈیم کا چکر مکمل کیا اور اولمپین اتھلیٹ فائقہ ریاض نے مارچ پاسٹ کی قیادت کی۔ تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی، ویٹرن کھلاڑیوں اور ہزاروں بچیوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو شاباش دی۔
    ‎وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں کو تحصیل تک لے جا رہے ہیں، خواتین کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفے دیے جا رہے ہیں اور ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکی کے فروغ کے لیے سینتھیٹک آسٹرو ٹرف سٹیڈیم بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ملک کی نوجوان نسل میں ٹیلنٹ اور بیٹیوں کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ حالات مشکل بھی ہوں تو گھبرانا نہیں، عورت صنف آہن ہے اور ہر میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔
    ‎اس موقع پر تقریب میں 3,400 خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور پورا سٹیڈیم ڈھول کی تھاپ اور نعروں سے گونجتا رہا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ رواں سال سپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز ہوگا اور پنک گیمز کو یونین کونسل سطح تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔