Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ: چوہدری عبدالخالق گجر بین الاقوامی فیوچر پروجیکٹ فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ

    ننکانہ: چوہدری عبدالخالق گجر بین الاقوامی فیوچر پروجیکٹ فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز): کیپ ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے کوآرڈینیٹر چوہدری عبدالخالق گجر بین الاقوامی فیوچر پروجیکٹ فورم میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ فورم 8 سے 10 ستمبر 2025 تک سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی (SCA) کے زیر اہتمام ریاض میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس فورم میں دنیا بھر سے تعمیراتی صنعت کے ماہرین اور ادارے شرکت کر رہے ہیں۔

    پاکستانی وفد کی اس شرکت کا مقصد تعمیراتی صنعت میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عبدالخالق گجر نے کہا کہ یہ فورم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس فورم میں شرکت کے ذریعے ہمیں اپنی تعمیراتی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فورم پاکستان کے کنٹریکٹرز اور انجینئرز کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بہت معاون ثابت ہوگا۔

    چوہدری عبدالخالق گجر نے کہا کہ پاکستان کی تعمیراتی صنعت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایسے عالمی فورمز میں شرکت سے ہمارے ملک کے وقار میں اضافہ ہوگا۔

  • واربرٹن: سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز

    واربرٹن: سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز

    واربرٹن (نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) حکومتِ پاکستان کی جانب سے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ایک خصوصی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں بیک وقت جاری رہے گی۔ اس پروگرام کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی تاکہ آئندہ نسلوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

    اس قومی مہم کا ایک اہم حصہ آگاہی اور شعور بیداری ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر چوہدری روحیل اختر (چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ننکانہ صاحب) اور ڈاکٹر محمد کامران واجد (ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ننکانہ صاحب) کی ہدایت پر پورے ضلع میں تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں اور کمیونٹیز میں معلوماتی سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں، ورکرز ویلفیئر گرلز ہائی اسکول، لیبر کالونی چاندی کوٹ میں ایک آگاہی سیشن منعقد ہوا۔

    سیشن میں اسکول کی طالبات، خواتین اساتذہ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین محمد اجمیر اعظم، ریاض بانو اور شہناز قیوم نے شرکت کی۔ سیشن کی صدارت پرنسپل میڈم حماء ذیشان نے کی، جنہوں نے حکومتی اقدام کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

    حافظ عبدالحمید (اسکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزر) اور محترمہ شازیہ اشرف (لیڈی ہیلتھ سپروائزر) نے لیکچر پیش کیا، جس میں طالبات کو سروائیکل کینسر، اس کے اسباب، احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ طالبات اور اساتذہ نے سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔

    طالبات نے بڑی توجہ سے لیکچر سنا اور سوالات کے ذریعے اپنی دلچسپی کا بھرپور اظہار کیا۔ خواتین اساتذہ نے بھی اس پروگرام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور اس کے دور رس مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔ پرنسپل میڈم حماء ذیشان نے کہا کہ یہ اقدام مستقبل کی نسلوں کو صحت مند بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ آگاہی سیشن نہ صرف طالبات کے لیے معلوماتی ثابت ہوا بلکہ اساتذہ اور کمیونٹی کے لیے بھی ایک مثبت پیغام لے کر آیا۔ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی یہ قومی مہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس میں اسکول انتظامیہ اور ہیلتھ ٹیم کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔

  • علی پور: ہیڈ پنجند پر اونچے درجے کا سیلاب، ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

    علی پور: ہیڈ پنجند پر اونچے درجے کا سیلاب، ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

    علی پور(باغی ٹی وی رپورٹ) دریائے ستلج اور دریائے چناب کے سنگم پر واقع پنجند ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلوں کے باعث اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جس سے علی پور کے نواحی علاقے، خصوصاً عظمت پور، شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زیرِ آب آنے والے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے حکومت پنجاب اور پاک فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

    اعلیٰ حکام کا دورہ اور ہدایات
    کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری خود عظمت پور پہنچے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ، ایڈیشنل کمشنر عوید ارشاد بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر علی پور اور دیگر انتظامی حکام بھی موجود تھے۔

    ریسکیو اور ریلیف آپریشن
    ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ کشتیوں اور خصوصی ریسکیو گاڑیوں کے ذریعے ہزاروں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید متاثرین کی منتقلی اور امداد کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کے بعد علی پور شہر میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں قائم ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرین کو دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم آپ کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔”

    متاثرین کو سہولیات کی فراہمی
    کمشنر نے بتایا کہ اب تک ہزاروں افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو کے ساتھ ساتھ ریلیف کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں اور ریلیف کیمپس میں متاثرین کو خوراک، پینے کا صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایت ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

    علی پور اور دیگر علاقوں میں قائم ریلیف کیمپس میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کو ہر قسم کی بنیادی ضرورت پہنچانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ سیلاب کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ، فوج اور ریسکیو ادارے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

  • گوجرہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان وسیم اکرم قتل

    گوجرہ: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان وسیم اکرم قتل

    گوجرہ (سٹی رپورٹر/محمد اجمل) گوجرہ کے تھانہ صدر کی حدود میں چک 241 گڑھا بہرام کے نوجوان وسیم اکرم کو کلیان پور کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

    ذرائع کے مطابق وسیم اکرم اپنے گاؤں سے بستی دانش مندان کی طرف جا رہے تھے۔ جب وہ کلیان پور کے قریب پہنچے تو ناکہ لگائے ڈاکوؤں نے انہیں روکا اور موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ڈاکو ان کی موٹر سائیکل 125 لے کر فرار ہو گئے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہری اپنے تحفظ کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔

  • نارنگ منڈی: دیہی مرکز صحت نارنگ،آؤٹ سورس ہوتے ہی طبی سہولیات غائب، عوام پریشان

    نارنگ منڈی: دیہی مرکز صحت نارنگ،آؤٹ سورس ہوتے ہی طبی سہولیات غائب، عوام پریشان

    نارنگ منڈی (نامہ نگار) دیہی مرکز صحت نارنگ کو نجی شعبے کے حوالے کرنے (آؤٹ سورس) کے بعد سے عوام کو طبی سہولیات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ نیا آنے والا ٹھیکیدار عملہ پورا کرنے میں بھی ناکام رہا ہے، جس کی وجہ سے مریض معمولی چیزیں جیسے کہ سرنج اور پیناڈول بھی باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ ہسپتال میں تجربہ کار ڈاکٹروں کی بجائے غیر تربیت یافتہ افراد (اتائی) مریضوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ بھی ہسپتال کے اندر ہونے کی بجائے باہر سے کروائے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، دیہی مرکز صحت نارنگ کو مریم نواز ہیلتھ کلینک میں تبدیل کرکے نجی انتظامیہ کے سپرد کر دیا گیا ہے، جہاں طبی سہولیات بالکل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ مریض کئی کئی گھنٹے خوار ہونے کے بعد نجی کلینکس کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
    قواعد کے مطابق، جنرل سرجن، گائناکالوجسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، ڈینٹل سرجن اور میڈیکل آفیسرز سمیت تمام طبی عملے کا 24 گھنٹے موجود ہونا ضروری ہے، اور مریضوں کے لیے ادویات، ایکسرے، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری ٹیسٹ اور ای سی جی سمیت تمام سہولیات مفت ہونی چاہیئیں۔ تاہم، یہاں نہ تو عملہ مکمل ہے اور نہ ہی یہ سہولیات دی جا رہی ہیں۔ بنیادی ادویات، ڈرپس اور سرنج جیسی اشیاء بھی مریضوں سے باہر سے منگوائی جاتی ہیں۔

    مریضوں کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورس کی پالیسی ختم کرکے دیہی مرکز صحت کو دوبارہ محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے۔

  • اوکاڑہ:FSC پاکستان کا طلبہ کی مشکلات پر اہم اجلاس، ایئرپورٹ پر سہولت کاؤنٹر کے قیام کا مطالبہ

    اوکاڑہ:FSC پاکستان کا طلبہ کی مشکلات پر اہم اجلاس، ایئرپورٹ پر سہولت کاؤنٹر کے قیام کا مطالبہ

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) فارن سٹڈی کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن (FSC Pakistan) کی لیگل کمیٹی کا ایک اہم اجلاس چیئرمین راؤ شہزاد کی زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ کے چیمبر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈوکیٹ ملک حسن، ایڈوکیٹ رانا کاشف، ایڈوکیٹ واجد باوا، ایڈوکیٹ رانا فراز، باسط قادری، حافظ زبیر، منصور حسن، علی حسنین اور دیگر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں بیرون ملک تعلیم کے لیے جانے والے طلبہ کو درپیش مسائل، بالخصوص ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے حوالے سے مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین راؤ شہزاد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے لیے سہولت کاؤنٹر قائم کیے جائیں اور بغیر کسی وجہ کے انہیں آف لوڈ کرنے کی روایت کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بغیر کسی وجہ کے ہوائی اڈوں پر روکنا اور انہیں ذہنی دباؤ کا شکار کرنا قابل مذمت ہے۔

    چیئرمین نے ایجوکیشن کنسلٹنٹس کو بھی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹس کو ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے اجتناب کرنا چاہیے اور مارکیٹ میں ویزا فراڈ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرنی چاہیے۔ اجلاس کے آخر میں، ڈاکٹر عمر خالد نے پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی اور 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر افواج پاکستان کے کردار کو سراہا۔

  • سیالکوٹ چیمبر اور باغی ٹی وی کا سیلاب زدگان کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم

    سیالکوٹ چیمبر اور باغی ٹی وی کا سیلاب زدگان کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں 8 ستمبر 2025 کو اہم ملاقات ہوئی جس میں سیلاب زدگان کی امداد اور فلاحی کاموں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ یہ ملاقات میاں خلیل، جو کہ جنرل سیکرٹری اتحاد فاؤنڈیشن، چیئرمین ایونٹ مینجمنٹ، اور صدر سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز ہیں، کے ساتھ ہوئی۔ ملاقات میں باغی ٹی وی کے ڈسٹرکٹ رپورٹر اور سی ای او سیالکوٹ انفارمیشن مدثر رتو، منیجنگ ڈائریکٹر خواجہ ایمان اور جرنلسٹ ہانیہ مریم شامل تھے۔

    میٹنگ کا محور سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیاں تھیں۔ میاں خلیل نے سیالکوٹ انفارمیشن ٹیم کے کام کو سراہا اور اسے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کا ذکر کیا۔ انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور آئندہ ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

    اس ملاقات میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ آئندہ سیلاب متاثرین کے لیے مشترکہ طور پر میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے۔ اس حوالے سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی بھی کی گئی اور سیلاب کے بعد پیدا ہونے والے جلدی امراض (سکن ڈیزیزز) جیسے مسائل پر خصوصی غور و خوص کیا گیا۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ مزید یہ کہ سیالکوٹ انفارمیشن کی ٹیم کو سیالکوٹ کے دیگر علاقوں میں یونین کونسل کی سطح تک وسعت دینے کا منصوبہ بھی طے پایا تاکہ فلاحی کاموں کو بہتر انداز میں انجام دیا جاسکے۔

  • سرگودھا یونیورسٹی میں عالمی یوم خواندگی کی تقریب، آگاہی واک کا انعقاد

    سرگودھا یونیورسٹی میں عالمی یوم خواندگی کی تقریب، آگاہی واک کا انعقاد

    سرگودھا(نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) سرگودھا یونیورسٹی میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے تعاون سے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ایک پروقار تقریب اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔

    تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر رفعت النساء، مہر عمر دراز جھاوری، علی عابد نقوی، محمد یار اللہ، ندیم عباس خان اور آصف علی تارڑ سمیت فیکلٹی ممبران، فیلڈ آفیسرز اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

    مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور ناخواندگی کے خاتمے کے بغیر ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ خواندگی میں اضافہ ہی روشن مستقبل، شعور اور قومی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

    تقریب کے بعد نکالی گئی واک میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے نعرے درج تھے۔ اس واک کا مقصد عوام میں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کرنا تھا۔

  • میرپورخاص: عالمی یوم خواندگی پر ریلی اور پروگرام کا انعقاد

    میرپورخاص: عالمی یوم خواندگی پر ریلی اور پروگرام کا انعقاد

    میرپورخاص(باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)عالمی یوم خواندگی پر ریلی اور پروگرام کا انعقاد

    عالمی یوم خواندگی کے موقع پر میرپورخاص میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) ڈاکٹر پروفیسر چمن منشاء کی قیادت میں ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی بینظیر بھٹو شہید گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سے شروع ہو کر پریس کلب تک پہنچی۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر چمن منشاء نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد تعلیم کو عام کرنا، بالخصوص بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے بغیر موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کی ترقی کا مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو ڈیجیٹل اور سائنسی تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔

    ڈاکٹر چمن منشاء نے بتایا کہ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی سرپرستی میں ضلع بھر میں تھر ایجوکیشن الائنس، سندھ مدرسہ بورڈ اور این ڈی ایف کے تعاون سے 100 نان فارمل ایجوکیشن سینٹر چل رہے ہیں، جہاں 9 سے 16 سال کی عمر کے بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں خواندگی کی شرح 53 فیصد ہے۔

    ریلی سے تعلقہ ایجوکیشن آفیسر سلیمان گرگیز، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام رضا کھوسو، پرنسپل مس فرزانہ، تھر ایجوکیشن الائنس کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن رحمت اللہ، ایم ڈی ایف کے فوکل پرسن امید علی ارباب، محمد اقبال، محمد بچل وسان اور دیگر مقررین نے بھی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام، خاص طور پر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کروائیں جہاں تجربہ کار اساتذہ کی نگرانی میں مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

    ریلی میں اساتذہ، طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد میں پیپلز اسکول میں بھی عالمی خواندگی دن کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔

  • میرپورماتھیلو: بارش کے بعد کئی دیہات کے راستے تباہ، عوامی نمائندے خاموش

    میرپورماتھیلو: بارش کے بعد کئی دیہات کے راستے تباہ، عوامی نمائندے خاموش

    میرپورماتھیلو ( باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق لغاری) حالیہ بارشوں نے ضلع گھوٹکی، تحصیل میرپورماتھیلو اور شہر جروار کے دیہی علاقوں کا نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ خاص طور پر کوپر کے قریب گاؤں خدا بخش لغاری سمیت متعدد دیہات میں کچے راستے اور سڑکیں بارش کے پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس سے آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    عوام کا غصہ اور احتجاج
    علاقہ مکینوں نے مقامی نمائندوں کی نااہلی پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں، ایم این اے سردار علی گوہر خان مہر اور ایم پی اے سردار محمد بخش خان مہر نے بارش کے بعد عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی۔ عوام کے مطابق، سڑکیں اور گاؤں کے راستے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں، مگر نمائندے عملی اقدامات کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

    عوام کی مشکلات اور مطالبات
    سکول جانے والے بچے، مریض اور بزرگ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ گاؤں کے لوگ کئی کئی گھنٹے گھروں میں محصور رہے، جبکہ کھیتوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے دیہی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے فوری طور پر نکاسیٔ آب اور راستوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے منتخب نمائندوں نے اسی طرح چشم پوشی جاری رکھی تو وہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔