Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ: یومِ دفاع پر ڈی سی آفس میں پرچم کشائی، شہداء کو خراجِ عقیدت

    اوکاڑہ: یومِ دفاع پر ڈی سی آفس میں پرچم کشائی، شہداء کو خراجِ عقیدت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس اوکاڑہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔

    تقریب کے شرکا نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کے گلدستے نذر کیے اور بعد ازاں آگاہی واک میں بھی حصہ لیا۔ یومِ دفاع کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

    ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا عظیم دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک افواج سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ گئیں اور بھارتی افواج کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پوری قوم وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

    ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ ہماری بہادر افواج نے ایک مرتبہ پھر وطن کا دفاع کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے اور ان ہی کی قربانیوں کی بدولت پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

    تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

  • گوجرانوالہ: عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شاندار ریلی، نعروں سے فضا گونج اٹھی

    گوجرانوالہ: عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شاندار ریلی، نعروں سے فضا گونج اٹھی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)دنیا بھر کی طرح گجرانوالہ کے نواحی گاؤں موکھل سندواں میں بھی سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے دن پر شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت صاحبزادہ محمد احمد رضا موکھلوی احسان اللہ سیفی اور علامہ محمد مبشر مصطفائی نے کی۔

    ریلی میں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے اور رنگ برنگی جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں۔ جلوس الوارث مسجد مین بازار موکھل سندواں سے ہوتا ہوا حیدری چوک، قبرستان روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی جامع مسجد گلستان انوار چشتیہ میں اختتام پذیر ہوا۔

    ریلی کے دوران آمدِ مصطفیٰ ﷺ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، اہلِ علاقہ نے جلوس کے شرکا پر گل پاشی کی اور جگہ جگہ مشروبات اور کھانے کی سبیلیں لگا کر پرتپاک استقبال کیا۔ آخر میں دُور دراز سے آئے ہوئے علمائے کرام نے حضور نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں پراثر بیانات دیے اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

  • سیالکوٹ :یوم دفاع پاکستان 6 ستمبر 1965ء کی یاد میں مرکزی تقریب جناح ہال قلعہ پر منعقد ہوئی

    سیالکوٹ :یوم دفاع پاکستان 6 ستمبر 1965ء کی یاد میں مرکزی تقریب جناح ہال قلعہ پر منعقد ہوئی

    سیالکوٹ(باغی ٹی،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو )یوم دفاع پاکستان 6 ستمبر 1965ء کی یاد میں مرکزی تقریب جناح ہال قلعہ پر منعقد ہوئی

    تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جناح ہال قلعہ پر ہلال استقلال کی تبدیلی کی رسم انجام دی۔ اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئر اویس توقیر،ارکان اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری فیصل اکرام ، چودھری طارق سبحانی، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈی پی او فیصل شہزاد بھی اس موقع پر ان کی ہمراہ تھے۔

    معاون وزیر اعظم شاہد کہگ،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عباس ذوالقرنین ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر خواجہ عمیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    پولیس ، ریسکیو 1122 اور تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

  • پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں عروج پر، پانی کا ریلا آج سندھ میں داخل ہوگا، انتظامیہ ہائی الرٹ

    پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں عروج پر، پانی کا ریلا آج سندھ میں داخل ہوگا، انتظامیہ ہائی الرٹ

    باغی ٹی ویٰ (نمائندگان)پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مزید درجنوں دیہات زیر آب آگئے، بہاولپور میں دریائے ستلج کا ریلا بپھرنے سے زمیندارہ بند ٹوٹ گیا اور پانی ملحقہ بستیوں میں داخل ہونے سے کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ موضع ساہلاں میں پانی بستی حسین آباد سمیت کئی دیہات میں پھیل گیا، مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔ ہیڈ تریموں سے نکلنے والے نئے ریلے کی آمد پر دوبارہ ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق 4 لاکھ 14 ہزار کیوسک سے زائد پانی کا ریلا دو روز میں ملتان کے بندوں سے ٹکرائے گا، موجودہ ریلے کی سست رفتار پر تشویش ہے، شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے کئی علاقے متاثر ہوچکے ہیں۔

    دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے، مظفرگڑھ، جھنگ اور خانیوال کے کئی دیہات ڈوب گئے جبکہ قومی شاہراہ کا ایک ٹریک زیر آب آگیا۔ رحیم یارخان کے 34 دیہات متاثر ہوئے اور علی پور میں سینکڑوں ایکڑ فصلیں برباد ہوگئیں۔ پنڈی بھٹیاں میں 5 لاکھ 57 ہزار کا ریلا گزرنے پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کردیا گیا، احمد پور سیال میں بند ٹوٹنے سے کئی علاقے ڈوب گئے اور دو نوجوان سیلابی پانی میں جاں بحق ہوگئے۔

    منچن آباد اور بورے والا میں بھی صورتحال سنگین ہے، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ اور مکانات منہدم ہوچکے ہیں۔ بورے والا میں ریسکیو آپریشن کے دوران 67 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور کشتیوں پر کلینک آن بوٹ سروس بھی شروع کردی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں اب تک 51 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    ادھر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بھارت سے کسی نئے سیلابی ریلے کی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم سیلابی پانی آج رات دریائے سندھ میں داخل ہوگا، جس سے سندھ میں 7 سے 8 لاکھ کیوسک کا ریلا آنے کا امکان ہے۔ دریائے سندھ کے گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی اطلاع دی گئی ہے، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    پراونشل رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 60 ہزار کیوسک، سکھر پر 3 لاکھ 29 ہزار کیوسک اور کوٹری پر ڈھائی لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے سندھ نے سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور دیگر اضلاع میں کشتیاں اور امدادی سامان روانہ کردیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 اور نیوی کی ٹیمیں بھی آپریشن میں شریک ہیں۔

  • اے پیغمبرﷺ! تیری عمر مقدس کے ہر لمحہ حیات پہ سلام

    اے پیغمبرﷺ! تیری عمر مقدس کے ہر لمحہ حیات پہ سلام

    اے پیغمبرﷺ! تیری عمر مقدس کے ہر لمحہ حیات پہ سلام
    تحریر: ظفر اقبال ظفر
    حضورﷺکی محبت ایسا جذبہ ہے کہ میرے جیسا جھوٹا بندہ بھی اگر ترجمانی کرے تو اس سے سچی عقیدت جنم لیتی ہے۔ مگر میں اس سچی عقیدت کا رُخ بھی سچی ذات کی جانب موڑنا چاہوں گا جو حقیقی حقدار ہیں۔

    ادبِ محمدؑ کے ایمان افروز اعمال کرنے والوں میں سے ایک نام محمود غزنوی کا بھی ہے۔ ایک بار ان کے پاس ایران کا سفیر بیٹھا ہوا تھا۔ محمود غزنوی نے اپنے خادم کو آواز دی: "حسن!” اور حسن پانی کا لوٹا لے کر آ گیا۔ محمود غزنوی نے لوٹا پکڑا اور وضو کرنے چلے گئے۔ ایرانی سفیر نے حسن سے سوال کیا کہ محمود غزنوی نے تو فقط آپ کو آواز دی اور آپ فوراً پانی لے آئے، آپ کو کیسے علم ہوا کہ محمود کو وضو کی حاجت ہے؟ حسن نے جواب دیا: "میرا پورا نام محمد حسن ہے اور محمود غزنوی مجھے صرف ‘حسن’ تبھی بلاتے ہیں جب ان کا وضو نہیں ہوتا، کیونکہ وہ محمدؑ کا نام بغیر وضو کے کبھی نہیں لیتے۔”

    اسی ادب کو حضرت فخرالدین سیالویؒ اپنے اشعار میں یوں بیان کرتے ہیں:

    باب جبریل کے پہلو میں ذرا دھیرے سے
    فخر جبریلؑ کو یوں کہتے ہوئے پایا گیا
    اپنی پلکوں سے درِ یار پہ دستک دینا
    اونچی آواز ہوئی تو عمر کا سرمایہ گیا

    ہر مسلمان کے لیے اسمِ اعظم درود پاک ہے۔ حضورؑ فرماتے ہیں: "دنیا و آخرت میں میرے سب سے زیادہ قریب وہ ہوگا جو مجھ پر سب سے زیادہ درود بھیجے گا۔” اور سب سے قریب تو خود خدا ہے جو فرماتا ہے: "میں اور میرے فرشتے ہر وقت محمدؑ پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو! تم بھی انؑ پر درود بھیجو۔”

    عقل حیرت کی وادیوں میں بھٹکنے لگتی ہے جب سوچتے ہیں کہ خدا کسی کام میں اپنی کسی مخلوق کو شریک نہیں ٹھہراتا مگر درود پاک میں شرکت کی خود دعوت دیتا ہے۔ جو درود ہم بھیجتے ہیں اسے پہلے خدا سنتا ہے اور ہماری کمی بیشی کو دور فرما کر اپنے حبیبؑ کی شان کے مطابق بنا کر بارگاہِ محمدؑ میں روانہ فرماتا ہے، اور ساتھ ہی اس درود پاک کی وجہ سے ہمارے درجات بلند کرتا رہتا ہے۔ مجھے تو لگتا ہے کہ درود والی زبانوں کی روحوں پر فیض کے ہر لمحے بڑھتے اضافے کا عمل ہی خدا کا درود ہے۔

    تخلیقِ کائنات سے پہلے وجہ تخلیق کائنات کا نور پیدا فرما کر اپنے قربِ خاص میں رکھنے والا خدا جب قیامت قائم کرکے سب کچھ صفحۂ ہستی سے مٹا دے گا تب بھی نورِ محمدؑ موجود ہوگا اور رب اس پر درود پڑھتا رہے گا۔ اپنے محبوب کی جدائی سے لمحہ بھر کو بھی محروم نہ ہونے والے رب سے جب موسیٰؑ نے پوچھا: "اے رب! تیرے قریب ہونے کا خاص طریقہ کیا ہے؟” تو رب نے فرمایا: "میرے محبوبؑ پر درود پڑھا کرو۔”

    حضرت شیخ محی الدین ابن عربیؒ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ ہمارے ساتھ اسپین کے شہر اشبیلیہ میں ایک لوہار رہتا تھا۔ وہ چھریاں، تلواریں اور نیزے بناتا مگر گفتگو نہ کرتا۔ گاہک کا سوال سن کر صرف جواب دیتا: "اللّٰہم صل علی محمد”۔ ہر وقت باوضو رہتا اور اسی ورد میں مصروف رہتا۔ یہاں تک کہ اس کا نام ہی "اللّٰہم صل علی محمد” مشہور ہو گیا۔ ابن عربیؒ کہتے ہیں کہ جب مجھے کوئی مشکل پیش آتی تو میں اس لوہار سے دعا کرواتا اور وہ دعا فوراً قبول ہو جاتی۔

    کلرکہار کے قریب خوشحال کلاں گاؤں کے نوجوان کرشن لال جو ہندو تھے، خواب میں خود حضورؑ نے کلمہ پڑھا کر مسلمان کیا۔ ان کا نام غازی احمد رکھا گیا۔ پروفیسر احمد غازی درود پاک کی کثرت کرتے اور اپنی تنخواہ اپنے شاگردوں پر خرچ کر دیتے۔ ایک بار رسول پاکؑ نے دبئی کے ایک امیر شیخ کے خواب میں تشریف لا کر حکم دیا کہ "احمد غازی نے درود پاک کی کثرت بارش کی مانند کر دی ہے، اس کے پاس جا کر اسے ہمارے روضے پر لانے کا انتظام کرو۔”

    درود پاک مسلمانوں کا دفاع بھی ہے اور طاقت بھی۔ ایک فرشتہ قیامت تک درود پڑھنے والوں کے درود کو بارگاہِ محمدؑ میں پہنچانے پر مقرر ہے۔ مگر اہلِ محبت کا درود خود حضورؑ سماعت فرماتے ہیں۔ یہی اہلِ محبت وہ خوش نصیب ہیں جو درود کی کثرت سے اس قدر توجہ حاصل کر لیتے ہیں کہ حضورؑ ان کا نام اپنے رجسٹر میں درج فرما لیتے ہیں۔

    گجرات کے خواجہ گوہر الدینؒ نے کسی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل نہیں کی، مگر درود پاک کی برکت سے علمِ لدنی کے ایسے درجے پر فائز ہوئے کہ بڑے بڑے علماء مسائل میں آپ سے رجوع کرتے۔ ایک دن کسی عالم نے حدیث کے صفحے میں جھوٹ ملا کر پرکھا، تو آپ نے آنکھیں بند کرکے عرض کیا: "یہ حضورؑ کا فرمان نہیں، یہ جھوٹ ہے۔”

    مولانا جلال الدین سیوطیؒ کو بیداری میں حضورؑ سے ملاقات کا شرف حاصل تھا۔ وہ فرماتے ہیں: "جب مجھے کوئی بات سمجھ نہ آتی تو میں حضورؑ سے دریافت کر کے لکھ لیتا تھا۔”

    صوفی محمد افضل فقیرؒ درود کی کثرت کی بدولت ایسے مقام پر فائز ہوئے کہ لمحوں میں زمین کے کسی بھی حصے پر پہنچ جاتے تھے۔

    حضورؑ اپنی ظاہری حیات میں جیسے صحابہ کرامؓ کو نوازتے تھے، وہ سلسلہ روزِ حشر تک جاری و ساری رہے گا۔ ہر عبادت درود کے پروں سے ہی پرواز کرتی ہے۔ قربِ مصطفیؑ ہی قربِ خدا ہے۔

    حضرت موسیٰؑ کے دور میں ایک شخص نے دو سو سال رب کی نافرمانی کی۔ جب وہ مرا تو لوگوں نے اسے کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دیا۔ مگر اللہ نے موسیٰؑ کو وحی بھیجی: "جاؤ میرے دوست کو غسل دو، کفن دو اور تدفین کرو۔” موسیٰؑ نے حیرت سے پوچھا: "یا رب! یہ تیرا دوست کیسے بنا؟” اللہ نے فرمایا: "جب یہ انجیل پڑھتا تھا تو جہاں میرے محمدؑ کا نام آتا، یہ اسے چومتا تھا۔”

    درود پاک احسانی کیفیت میں پڑھنا چاہیے، یوں کہ گویا آپؑ کو دیکھ رہے ہیں یا اس یقین سے کہ وہ آپ کو دیکھ رہے ہیں۔ بارگاہِ خداوندی میں محبتِ رسولؑ کے بغیر کوئی عبادت قبول نہیں۔ عبادت تو عبادت، وجودِ مومن بھی قبول نہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:حضور ﷺ کی تعلیمات امن، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں: ڈپٹی کمشنر

    ڈیرہ غازیخان:حضور ﷺ کی تعلیمات امن، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں: ڈپٹی کمشنر

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹرشاہد خان)تحصیل آفس ڈیرہ غازی خان میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان اور چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل بھی موجود تھے۔

    کانفرنس میں علماء و مشائخ، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ انہوں نے زور دیا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات امن، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • گوجرہ: چوروں نے دو موٹر سائیکلیں اُڑا لیں، پولیس،پولیس بے خبر

    گوجرہ: چوروں نے دو موٹر سائیکلیں اُڑا لیں، پولیس،پولیس بے خبر

    گوجرہ(سٹی رپورٹر،اجمل خاں) گوجرہ میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ شہر میں ایک بار پھر دو مختلف واقعات میں نامعلوم چوروں نے دو موٹر سائیکلیں چرا لیں۔ ان واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور وہ پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، محلہ قادری دربار کے رہائشی زین نے اپنی موٹر سائیکل گھر کے باہر کھڑی کی ہوئی تھی کہ موقع پا کر نامعلوم چور اسے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اسی طرح، چک نمبر 363 ج ب میں ایک اور شہری اسرار کی موٹر سائیکل بھی اس کے گھر کے باہر سے چوری کر لی گئی۔ چور دونوں وارداتوں میں کامیاب رہے اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    پولیس کو ان وارداتوں کی اطلاع دے دی گئی ہے، لیکن تاحال کسی بھی واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور چوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گوجرہ: سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج

    گوجرہ: سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج

    گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر، محمد اجمل) سینئر صحافی اور تاجر سے مسلح ڈکیتی کا ایک سال بعد بھی سراغ نہ ملا، تاجر برادری کا شدید احتجاج،لاکھوں روپے کی واردات، پولیس کی کارکردگی پر سوال، تاجران نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

    تفصیلات کے مطابق گوجرہ شہر میں ایک معروف تاجر اور سینئر صحافی شیخ محمود احمد کے ساتھ ہونے والی مسلح ڈکیتی کا سراغ نہ لگنے پر تاجر برادری نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ یہ واردات تقریباً ایک سال قبل محمود ٹریڈر کی دکان پر پیش آئی تھی مگر تاحال لوٹا گیا مال و زر برآمد نہیں ہو سکا۔

    شیخ محمود احمد نے نیشنل بینک والی گلی میں محمود ٹریڈر کے نام سے دکان بنا رکھی ہے۔ تقریباً ایک سال قبل، تین نامعلوم ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہو کر تمام افراد کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا تھا اور لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے۔

    تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ تاہم، پولیس دیگر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور لوٹا گیا مال و زر برآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

    متاثرہ تاجر شیخ محمود احمدانصاف کے حصول کے لیے متعدد بار ڈی پی او کی کھلی کچہریوں میں بھی پیش ہو چکے ہیں، مگر انہیں تاحال کوئی خاص شنوائی یا داد رسی نہیں ملی۔

    ڈکیتی کی رقم اور ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مقامی تاجر حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس کی کارکردگی کو نااہلی قرار دیا ہے۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں، ڈکیتی کرنے والے تمام ملزمان کو گرفتار کروائیں، اور لوٹا گیا مال و زر جلد از جلد برآمد کروائیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:طلبہ سیرتِ نبی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کی فلاح میں کردار ادا کریں: پروفیسر ڈاکٹر اشفاق

    ڈیرہ غازیخان:طلبہ سیرتِ نبی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کی فلاح میں کردار ادا کریں: پروفیسر ڈاکٹر اشفاق

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر، جواد اکبر) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں "جشن ولادت باسعادت مبارک” کے موقع پر نظامتِ امورِ طلباء اور شعبہ اسلامیات کے زیرِ اہتمام ایک پروقار محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اساتذہ، طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

    محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ سابقہ مقابلوں کے پوزیشن ہولڈرز نے اپنی بہترین کارکردگی کا دوبارہ مظاہرہ کیا۔ عزیر خالد نے روح پرور اذان پیش کی جبکہ حسنین ریاض نے ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺ پیش کیا۔ حافظ حمزہ ابراہیم نے انگریزی زبان میں سیرت النبی ﷺ کے پہلوؤں کو مؤثر انداز میں بیان کیا۔

    مہمان خصوصی مولانا فہد عزیز نے اپنی تقریر میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے امن، محبت اور اخوت کا درس دیا، اور آپ ﷺ کی حیات طیبہ عدل و انصاف اور رحم دلی سے بھرپور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

    پروگرام کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات آج کے دور میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کے لیے بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیرتِ رسول ﷺ سے سبق حاصل کریں، علم کو اپنی ترجیح بنائیں، سچائی اور محنت کو اپنا شعار بنائیں اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی کامیابی اور عزت کا اصل راستہ ہے۔ محفل میں پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

  • اوکاڑہ:ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا فلڈ ریلیف کیمپ بنگلہ گوگیرہ کا دورہ، امدادی کاموں کا جائزہ

    اوکاڑہ:ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا فلڈ ریلیف کیمپ بنگلہ گوگیرہ کا دورہ، امدادی کاموں کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کوثر کاظمی نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت کے ہمراہ بنگلہ گوگیرہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز سمیت دیگر حکام، انجمن تاجران کے نمائندے اور مخیر حضرات بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ترجمان کو سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے بعد کوثر کاظمی نے افسران اور انجمن تاجران کے نمائندوں کے ہمراہ متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ متاثرین نے امداد پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کیمپ میں قائم میڈیکل اور ایجوکیشن کاؤنٹرز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں بہتر طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر کوثر کاظمی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود متاثرین حکومت کے مہمان ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اطمینان بخش ہے کہ متاثرین بہترین سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔