Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • نارنگ منڈی: سرکاری ہسپتال نااہل ٹھیکیداروں کے حوالے، شہریوں کا احتجاج

    نارنگ منڈی: سرکاری ہسپتال نااہل ٹھیکیداروں کے حوالے، شہریوں کا احتجاج

    نارنگ منڈی(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدوقاص) نارنگ کا سرکاری ہسپتال نااہل اور لاپرواہ انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس پر محکمہ صحت کے افسران کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیہی مرکز صحت نارنگ کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ایک غلط فیصلہ تھا۔

    ہسپتال کے عملے کی لاپرواہی اور بدتمیزی کی شکایات عام ہیں۔ حال ہی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک شہری عابد فاروقی کے علاج کے دوران بھی طبی عملے کی نااہلی کھل کر سامنے آئی۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز فون کالز میں مصروف رہتے ہیں اور کئی کئی گھنٹے تک شنوائی نہیں ہوتی۔

    شہریوں نے ہسپتال کو فوری طور پر نااہل ٹھیکیداروں سے واپس لے کر اس کا انتظام حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کسی صورت بھی مریضوں کو ریلیف نہیں دے سکتے، اور ہسپتال کو نجی شعبے میں دینے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی شرائط بھی پوری نہیں کی گئیں اور نااہل لوگ مریضوں کا چیک اپ کر رہے ہیں۔

    اس صورتحال نے محکمہ صحت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کہ بغیر کسی تصدیق اور تحقیق کے اس ہسپتال کو نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کیوں کیا گیا۔

  • اوکاڑہ:اولمپئن مظہر ساہی کا گورنمنٹ کالج  کا دورہ، کالج کی بہتری کے لیے اہم اعلانات

    اوکاڑہ:اولمپئن مظہر ساہی کا گورنمنٹ کالج کا دورہ، کالج کی بہتری کے لیے اہم اعلانات

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) معروف اولمپئن اور سماجی کارکن مظہر ساہی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ کا دورہ کیا اور کالج کی بہتری کے لیے کئی اہم اعلانات کیے۔ پرنسپل سردار علی حیدر ڈوگر اور بارئنز الومنی ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر عبدالرؤف نے اساتذہ کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    کالج کا دورہ اور ضروریات کا جائزہ
    پرنسپل پروفیسر علی حیدر ڈوگر نے مظہر ساہی کو کالج کی مختلف عمارتوں، بشمول اولڈ بلاک اور نئے زیرِ مرمت کلاس رومز کا دورہ کرایا۔ انہوں نے لیزر لیول کیے گئے فٹبال گراؤنڈ بھی دکھایا۔ پرنسپل نے اولڈ بلاک کو قومی ورثے کے طور پر محفوظ بنانے اور بی ایس کی کلاسز کے لیے 300 کرسیاں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    سماجی کارکن کے اہم اعلانات
    مظہر ساہی نے کالج کے پرامن ماحول اور پرنسپل کی محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے کالج کے لیے قومی پرچم مع اسٹینڈ عطیہ کرنے اور ایڈمن بلاک کے سامنے موزیک کام کی مرمت کا اعلان کیا، جس پر تقریباً ڈھائی لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے بارئنز الومنی آفس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کا وعدہ کیا۔

    اولڈ بلاک کے تحفظ کے لیے کمیٹی کا قیام
    اولڈ بلاک کو محفوظ بنانے کے لیے ایک سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی میں پروفیسر عبدالرؤف، سینئر صحافی سلمان غنی (ستارہ امتیاز)، فیاض ظفر، مظہر ساہی، رائے احمد حسن، اسلم پراچہ اور کالم نگار سلمان قریشی شامل ہیں۔

  • گنڈا سنگھ والا سے اوچ شریف تک سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

    گنڈا سنگھ والا سے اوچ شریف تک سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ

    گنڈا سنگھ والا سے اوچ شریف تک سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ،بھارت سے چھوڑا گیا پانی، دریائے ستلج اور چناب بپھر گئے، جنوبی پنجاب تباہی کی لپیٹ میں،پنجاب کے دریاؤں میں تباہ کن طغیانی، بند ٹوٹ گئے، درجنوں علاقے زیر آب،سیلابی ریلا بے قابو، ملتان، بہاولپور، چنیوٹ اور جھنگ میں بستیاں ڈوب گئیں،ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 884 اموات، خطرہ مزید بڑھ گیا

    باغی ٹی وی کے نمائندگان کے مطابق بھارت کی جانب سے دریاؤں میں چھوڑے گئے اضافی پانی اور مسلسل مون سون بارشوں کے باعث پنجاب اور ملک بھر میں تباہ کن سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ سلیمانکی اور اسلام ہیڈورکس پر بھی اونچے درجے کے سیلاب سے بہاولپور کی چار تحصیلیں زیر آب آ گئیں۔ دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر انتہائی اونچے اور ہیڈ بلوکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں خانکی، ہیڈ قادرآباد اور چنیوٹ کے مقامات پر پانی کی سطح بلند ہے، چنیوٹ میں پانی کا بہاؤ ساڑھے پانچ لاکھ کیوسک سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔

    ملتان میں قاسم بیلا کے قریب شجاع آباد کینال تین گنا زیادہ پانی کے دباؤ سے اوور فلو ہو گئی، شیر شاہ بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، جہاں مکین گھروں سے بھی نہ نکل پائے ۔ سکندری نالے اور اکبر فلڈ بند کے علاقوں میں بھی پانی داخل ہو گیا، اکبر پور اور بستی کوتوال سمیت متعدد علاقے ڈوب گئے۔ جھنگ کے شورکوٹ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ریلوے پل سے پانی ٹکرانے پر شورکوٹ-خانیوال سیکشن دوسرے روز بھی بند رہا۔

    پنڈی بھٹیاں میں ہائی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جہاں 5 لاکھ 57 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ احمد پور سیال میں موضع سمند وانہ بند ٹوٹنے سے علاقے زیر آب آگئے۔ لیاقت پور میں دریائے سندھ اور چناب کے ریلوں سے تباہی ہوئی۔ اوچ شریف میں دریائے ستلج کا پانی مزید 20 بستیوں میں داخل ہو گیا، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

    ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، چنیوٹ میں اب تک 1312 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے تاہم پانی کی شدت کے باعث کئی مقامات تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی۔

    ادھر ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلاب سے 26 جون سے اب تک 884 افراد جاں بحق اور 1181 زخمی ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں 489 ہوئیں، پنجاب میں 223، سندھ میں 58، بلوچستان میں 26، اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 38 افراد جان سے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں 6 سے 8 ستمبر اور سندھ میں 7 سے 9 ستمبر کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

  • پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ڈیرہ غازیخان میں رودکوہیوں پر فلیش فلڈنگ الرٹ

    پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، ڈیرہ غازیخان میں رودکوہیوں پر فلیش فلڈنگ الرٹ

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر ) مون سون بارشوں کے دسویں اسپیل کے دوران پنجاب بھر میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے 6 سے 9 ستمبر تک مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے بعد صوبہ بھر کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پہلے ہی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں 7 سے 9 ستمبر کے دوران رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بڑے شہروں میں ندی نالوں کے بپھرنے کا امکان بھی موجود ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر نہ کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

  • سندھ میں آٹے کا بدترین بحران، عوام روٹی کے ایک نوالے کو ترس گئے

    سندھ میں آٹے کا بدترین بحران، عوام روٹی کے ایک نوالے کو ترس گئے

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سندھ بھر میں آٹے کا بدترین بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مارکیٹوں میں آٹے کی شدید قلت کے باعث شہری دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔

    ذرائع کے مطابق آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں اور فی من آٹا 5000 روپے تک جا پہنچا ہے۔ اس ہوشربا مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ حکومت اور انتظامیہ کی خاموشی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف آٹے کی قلت نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کے مطابق دو وقت کی روٹی کا حصول بھی اب ایک خواب بن چکا ہے۔ عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ اس سنگین بحران کا ذمہ دار کون ہے اور کب تک وہ اپنی بنیادی ضرورت سے محروم رہیں گے؟

    ماہرین اور شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

  • گوجرہ: ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلے میں مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت کا انعقاد

    گوجرہ: ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلے میں مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت کا انعقاد

    گوجرہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر محمد اجمل خاں) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ہدایت پر ہفتہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی گوجرہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور فقدالمثال مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے کی۔

    تقریب میں چیف آفیسر سید یاسر علی، ریگولیشن آفیسر توصیف الرحمان، میونسپل آفیسر فنانس ندیم آصف، ایس ڈی او وقار احمد سمیت شہر بھر سے عاشقانِ رسولؐ اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

    مقابلۂ حسنِ نعت و قرأت میں علاقہ بھر کے نامور نعت خواں، قراء حضرات اور مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔ نقیبِ محفل محمد احمد گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آمدِ سرکارؐ مسلمانوں کے لیے سب سے بڑی خوشی اور نعمت ہے، حضور اکرمؐ کی تشریف آوری سے دکھی دلوں کو قرار اور بے سہارا لوگوں کو سہارا ملا۔ انہوں نے کہا کہ محافل میلاد کا مقصد آپؐ کی ولادت باسعادت کی خوشی منانا ہے۔

    نعت خوان حضرات کی پر سوز نعتوں پر محفل میں موجود سامعین بے ساختہ "مرحبا یا رسول اللہؐ” کے نعرے بلند کرتے رہے، جبکہ ہال خوشی اور عقیدت کے رنگوں سے معمور رہا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول اپنی تمام تر برکات، فضائل اور خصوصیات کے ساتھ جلوہ گر ہو چکا ہے۔ اللہ کریم کا شکر ہے کہ ہمیں زندگی میں ایک بار پھر عید میلادالنبیؐ کی بہاریں دیکھنے اور برکات سمیٹنے کا موقع نصیب ہوا۔

  • کشمور: سندھ حکومت کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل، گڈو بیراج پر صورتحال کا جائزہ

    کشمور: سندھ حکومت کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل، گڈو بیراج پر صورتحال کا جائزہ

    کشمور(باغی ٹی وی،نامہ نگارمختیاراعوان) سندھ حکومت کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل، گڈو بیراج پر صورتحال کا جائزہ

    کشمور میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت حرکت میں آ گئی۔ صوبائی وزیر کھیل و زراعت سردار محمد بخش خان مہر اور سابق ایم پی اے شیریار شر صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر گڈو بیراج پہنچے جہاں انہیں پانی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    ایکسین گڈو بیراج جاوید احمد چاچڑ نے بتایا کہ فلڈ کا پانی آج پنجند پہنچ رہا ہے جو دو دن بعد گڈو بیراج سے گزرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام بند مضبوط ہیں اور آبپاشی کا عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے۔

    صوبائی وزیر محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ حکومت سپر فلڈ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، 9 لاکھ کیوسک کو سپر فلڈ تصور کیا جاتا ہے، تاہم صورتحال قابو میں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت پاک فوج، نیوی اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، میڈیکل کیمپ اور ریلیف کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں۔

  • کشمور: صوبائی محتسب اعلیٰ کے حکم پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں کھلی کچہری، عوامی مسائل سنے گئے

    کشمور: صوبائی محتسب اعلیٰ کے حکم پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں کھلی کچہری، عوامی مسائل سنے گئے

    کشمور(باغی ٹی وی،نامہ نگار مختیاراعوان)صوبائی محتسب اعلیٰ کے حکم پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں کھلی کچہری، عوامی مسائل سنے گئے

    کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں صوبائی محتسب اعلیٰ کے حکم پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ زاہد حسین برڑو کی سربراہی میں منعقدہ کچہری میں پنشن، ریٹائرمنٹ اور دیگر معاملات پر عوامی شکایات سنی گئیں۔

    عوام کی بڑی تعداد نے اپنے مسائل پیش کیے جن میں پینشن، ریٹائرمنٹ اور کاغذات کی درستگی کے معاملات شامل تھے۔ ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ زاہد حسین برڑو نے کہا کہ صوبائی محتسب اعلیٰ کے احکامات پر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا رہے ہیں تاکہ فوری ریلیف دیا جا سکے۔

    کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر عبدالرسول ابڑو، اکاؤنٹنٹ غلام مرتضیٰ سیٹھار، سید واجد شاہ، عبدالواحد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • گوجرانوالہ: این اے 66 ضمنی الیکشن، بلال فاروق تارڑ کے حق میں برادریوں کی حمایت کا اعلان

    گوجرانوالہ: این اے 66 ضمنی الیکشن، بلال فاروق تارڑ کے حق میں برادریوں کی حمایت کا اعلان

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی) این اے 66 ضمنی الیکشن، بلال فاروق تارڑ کے حق میں برادریوں کی حمایت کا اعلان

    تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ میں ضمنی الیکشن این اے 66 کے سلسلے میں عثمان بٹ کی زیر نگرانی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امیدوار قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ کی انتخابی مہم کے حوالے سے مختلف برادریوں کے عمائدین اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں ایم پی اے عدنان افضل چٹھہ، سابق ایم پی اے چوہدری اشرف وڑائچ، میر ابرار احمد بٹ، عثمان نت، عدنان احمد جٹ، چوہدری مبشر چٹھہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

    مقررین نے کہا کہ 18 ستمبر کو عوام نے حق اور سچ کا ساتھ دینا ہے اور بلال فاروق تارڑ کو کامیاب بنا کر علاقے کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کی صورت میں بلال فاروق تارڑ عوامی نمائندے کی حیثیت سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے۔

    اس موقع پر میر ابرار احمد بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور پاکستان کا عالمی وقار بلند کیا، اگر علاقے کے ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہوئے تو وہ ذاتی جیب سے منصوبے مکمل کروائیں گے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ این اے 66 کے عوام بلال فاروق تارڑ کو ایوانِ اسمبلی تک پہنچائیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کا خاندانی منصوبہ بندی پر صحافیوں کے لیے انٹرایکٹو سیشن

    ڈیرہ غازی خان: محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کا خاندانی منصوبہ بندی پر صحافیوں کے لیے انٹرایکٹو سیشن

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیر اہتمام خاندانی منصوبہ بندی اور پاپولیشن ویلفیئر پر صحافیوں کے لیے انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا گیا۔ سیشن وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدام برائے خاندانی منصوبہ بندی کے تحت ہوا، جس میں قومی اور علاقائی میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

    سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عتیق الرحمن، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ماجد اور اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان مہمانانِ خصوصی تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ہما مہدی لغاری اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن جنید جتوئی سمیت ماہرین نے صحافیوں کو بریفنگ دی جبکہ منیب بہار نے ملٹی میڈیا پریزینٹیشن کے ذریعے اعداد و شمار کے ساتھ خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کی۔

    ماہرین نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جس کے باعث صحت، تعلیم اور روزگار پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف خواتین و بچوں کی صحت بلکہ پائیدار ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

    ورکشاپ میں زور دیا گیا کہ میڈیا اپنی تحریروں اور رپورٹس کے ذریعے عوامی خدشات دور کرے اور سائنسی بنیادوں پر آگاہی مہم چلائے تاکہ رویوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔ سیشن کے کامیاب انتظامات پر محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے عبدالقدوس کو شرکاء نے خراجِ تحسین پیش کیا۔