Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • پیمرا نے کرائم سینز اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی لگادی

    پیمرا نے کرائم سینز اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی لگادی

    پیمرا کی ٹی وی چینلز کو نئی ہدایات جاری، کرائم سین اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنا ممنوع،پیمرا نے زیرِ حراست ملزمان کے انٹرویوز اور سامان کی نمائش پر پابندی عائد کر دی،سندھ پولیس کی درخواست پر پیمرا کا ایکشن: کرائم سینز کی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی

    میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز پر کرائم سینز اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی کا اطلاق زیرِ حراست ملزمان کے انٹرویوز اور برآمد شدہ سامان کی نمائش پر بھی ہوگا، جسے اب ٹی وی چینلز پر دکھانا مکمل طور پر ممنوع ہے۔

    یہ اہم قدم سندھ پولیس کی درخواست پر اٹھایا گیا ہے تاکہ میڈیا پر جرائم اور مجرموں کی غیر ضروری تشہیر کو روکا جا سکے۔

    پیمرا نے تمام پروگرام منیجرز، نیوز ایڈیٹرز اور گرافک ڈیزائنرز کو ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اس اعلامیے کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کے خلاف پیمرا آرڈیننس کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: وڈور نالے پر پل نہ ہونے سے چٹ سرکانی روڈ بند، دیہی آبادی مشکلات کا شکار

    ڈیرہ غازی خان: وڈور نالے پر پل نہ ہونے سے چٹ سرکانی روڈ بند، دیہی آبادی مشکلات کا شکار

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) چٹ سرکانی روڈ، جو چوٹی اور اس کے گرد و نواح کے متعدد دیہات کو آپس میں ملانے والا ایک اہم راستہ ہے، حال ہی میں پختہ تو کر دیا گیا ہے، لیکن یہاں ایک بڑا مسئلہ اب بھی برقرار ہےکہ وڈور نالے پر پل نہ ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    اس نالے پر آج تک پل تعمیر نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے بارش یا نالے میں پانی آنے پر راستہ مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال میں مریضوں، طالب علموں، خواتین اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد بھی ممکن نہیں ہو پاتی۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ "جب سڑک بن سکتی ہے تو پل کیوں نہیں؟” ان کا مطالبہ ہے کہ ڈور پل کی تعمیر اب وقت کی ضرورت بن چکی ہے، اور متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اس پر توجہ دیں۔ ایک پختہ پل کی تعمیر سے نہ صرف سفر میں آسانی ہوگی بلکہ مقامی آبادی کی روزمرہ زندگی میں بھی بہتری آئے گی اور انہیں ایک محفوظ اور آسان راستہ ملے گا۔

  • نئی نسل اور بدلتی اقدار

    نئی نسل اور بدلتی اقدار

    نئی نسل اور بدلتی اقدار
    تحریر: جواد اکبر بھٹی (چراغِ آگہی)، ڈیرہ غازی خان
    21ویں صدی کو بلاشبہ ترقی کا دور کہا جاتا ہے۔ دنیا کی تیز رفتاری نے ہمارے گھروں کی روایتی رفتار کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے۔ آج کی نوجوان نسل کے پاس ہر جدید سہولت موجود ہے، لیکن اس سہولت کا دوسرا رخ سوشل میڈیا کا بڑھتا ہوا غلبہ ہے، جس کی قیمت ہم نے اپنے رشتوں اور روایات سے دوری کی صورت میں ادا کی ہے۔ آج کے دور میں رشتے کاغذی پھولوں کی مانند ہو گئے ہیں، گھروں میں موبائل فون کی روشنی تو ہے مگر آنکھوں میں اپنوں کے لیے وہ چمک باقی نہیں رہی۔

    وہ گھر جہاں کبھی بزرگوں کی باتوں میں تاریخ اور نصیحتوں کے خزانے ملتے تھے، اب خاموش ہیں۔ ماں باپ کے پاس وقت کم ہے، اولاد کے پاس صبر نہیں، اور نتیجہ یہ ہے کہ ہر فرد اپنی دنیا کا قیدی بن کر رہ گیا ہے۔ "پرسنل اسپیس” کے نام پر خاندان اور دوست ٹوٹ رہے ہیں اور محبتیں کمزور پڑ رہی ہیں۔ ہم نے مغرب سے آئیڈیالوجی اور رول ماڈلز کو کاپی پیسٹ تو کیا ہے، مگر شاید ان کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اپنی تہذیب کے مطابق ڈھالنے میں ناکام رہے ہیں۔

    جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے اس دور میں کامیابی کی تعریف بھی بدل گئی ہے۔ اب ڈگری، نوکری اور گاڑی کو ہی اصل کامیابی سمجھا جاتا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا دولت انسان کو عظیم بنا دیتی ہے؟ یہ سوچ آخر کس طرح پروان چڑھی؟ اصل کامیابی تو یہ ہے کہ انسان اپنے بڑوں کا احترام زندہ رکھے، ایثار کو اپنائے، صبر کو شعار بنائے اور دوسروں کے کام آئے۔ جیسا کہ کسی کا مشہور قول ہے:

    "ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا”

    یہی وہ اقدار ہیں جن پر ہماری تہذیب کی بنیاد رکھی گئی تھی۔

    قوموں کی بقاء کا راز
    قوموں کی بقاء عمارتوں اور ٹیکنالوجی سے نہیں، بلکہ خاندانوں کی مضبوطی اور رشتوں کی پاسداری سے ہوتی ہے۔ اگر ہم نے اپنی نوجوان نسل کو ان اقدار کا احساس نہ دلایا تو آنے والے کل میں ہماری شناخت محض تاریخ کی کتابوں میں باقی رہ جائے گی۔

    خود احتسابی کا وقت
    اب وقت ہے کہ ہم خود احتسابی کریں۔ ٹیکنالوجی کا استعمال کریں، لیکن رشتوں کو پسِ پشت نہ ڈالیں۔ موبائل کو سہولت تک محدود رکھیں، اسے زندگی کا مرکز نہ بنائیں۔ والدین کی خدمت، بڑوں کی دعائیں، خاندانی محبت، اور دوستوں کا اعتماد ہی وہ سرمایہ ہے جو دنیا کی ہر کامیابی سے زیادہ قیمتی ہے۔

    مشینوں نے دے دی سہولت ہزار،
    مگر رشتوں کی گرمی گئی کس کے پاس؟

    ترقی کی دوڑ نے سب کچھ چھین لیا،
    بچپن، محبت، بزرگوں کا سینہ خالی ہوا

    یاد رکھیں، ترقی وہ نہیں جو ہمیں مشینوں کا غلام بنا دےبلکہ ترقی وہ ہے جو ہمیں رشتوں کا امین بنائے اور انسانیت کا علمبردار ثابت کرے۔ آئیے فیصلہ کریں کہ ہم وہ نسل نہیں بنیں گے جو اپنی جڑوں کو کاٹ کر کھوکھلا درخت بن جائے۔ ہم وہ نسل ہوں گے جو اپنے کلچر، اپنی اقدار اور اپنے رشتوں کو تھام کر دنیا کو یہ دکھائے کہ اصل ترقی انسانیت، محبت اور قربانی کا نام ہے۔

  • ننکانہ صاحب:بابا گورو نانک یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ صاحب:بابا گورو نانک یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں طلبہ، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اہم خطابات اور موضوعات
    کانفرنس کے مہمان مقررین نے سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی:

    پروفیسر ڈاکٹر فیروز الدین شاہ: انہوں نے "سوشل میڈیا کے مفید استعمال” پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا کا مثبت اور تعمیری استعمال سکھانا ریاستی ذمہ داری ہے۔

    ڈاکٹر محمد سمیع اللہ فراز: انہوں نے موجودہ دور کے مسائل کے حل کے لیے اسلامی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    مختلف مقابلوں کا انعقاد
    کانفرنس کے سلسلے میں مختلف مقابلے بھی منعقد کیے گئے جن میں طلبہ نے بھرپور حصہ لیا:

    مقابلہ تلاوت قرآن
    مقابلہ نعت رسول ﷺ
    تقریری مقابلہ
    کوئز مقابلہ
    مضمون نویسی

    ان مقابلوں کے ذریعے طلبہ نے قرآن کی تلاوت، نعت خوانی، تقریروں، اور علمی مضامین کے ذریعے نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اجاگر کیا۔ منتظمین کے مطابق، ایسی سرگرمیاں طلبہ کو نہ صرف سیرت النبی ﷺ سے قریب کرتی ہیں بلکہ انہیں جدید تقاضوں کے مطابق اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔ یہ کانفرنس ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی۔

  • میرپورماتھیلو:داد لغاری میں بڑھتی بدامنی کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج

    میرپورماتھیلو:داد لغاری میں بڑھتی بدامنی کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے شہر داد لغاری میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف پتافی نوجوان اتحاد نے پولیس تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت خان زمان پتافی، شوکت پتافی، فدا حسین پتافی، عالی شاہ اور فہد پتافی نے کی۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ داد لغاری اور اس کے گردونواح میں روزانہ بدامنی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، اور پولیس انہیں روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایس ایچ او داد لغاری ذوالفقار مہر اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس امن و امان قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ایس ایچ او کو فوری طور پر ہٹا کر کسی ایماندار افسر کو تعینات کیا جائے۔

    اس موقع پر تھانے کے منشی عباس لنڈ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ بھی کی گئی ہے، لیکن فوٹیج واضح نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ملزمان کو پکڑا جائے گا، انہیں مقدمے میں نامزد کر کے کارروائی کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری

    اوکاڑہ: سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز کے ہمراہ فلڈ ریلیف کیمپ، بنگلہ گوگیرہ کا دورہ کیا۔

    دورے کے دوران، ممبر صوبائی اسمبلی اور اسسٹنٹ کمشنر نے خیمہ بستی میں مقیم افراد سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کیمپ میں قائم ایجوکیشن کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کے بچوں کی تعلیم کا جائزہ لیا۔

    چوہدری غلام رضا ربیرہ نے متاثرین میں راشن بھی تقسیم کیا، جس پر لوگوں نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس میں انتظامیہ کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

    انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو رہائش، خوراک، اور راشن کی فراہمی جاری رکھی جائے۔ اس کے علاوہ، متاثرین کے جانوروں کے لیے چارے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں راشن گھروں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔

  • اوچ شریف: سیلاب متاثرین کو ڈینگی اور ملیریا سے بچانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز

    اوچ شریف: سیلاب متاثرین کو ڈینگی اور ملیریا سے بچانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر کی ہدایت پر اوچ شریف کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے ایک جامع مہم شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کا مقصد سیلاب متاثرین کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔

    مہم کی اہم جھلکیاں
    انڈور اسپرے: فوکل ڈینگی انسپکٹر عمران حیدر سیال کی نگرانی میں بنگلہ مستوئی، بختیاری، جھانگڑہ شرقی، اور بھلا جھلن سمیت تمام ریلیف کیمپس میں انڈور ریزیڈوئل اسپرے (IRS) کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

    آگاہی اور سہولیات: اس مہم کے تحت نہ صرف مچھروں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، بلکہ متاثرین کو صاف پانی، بنیادی طبی امداد، اور صفائی کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

    انتظامیہ کا عزم: اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کی امداد کے لیے دن رات کوشاں ہے اور صحت عامہ کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام کو کھڑے پانی کو ہٹانے اور اپنے ماحول کو صاف رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

    متاثرین نے اس مہم کو ایک "زندگی بچانے والا اقدام” قرار دیا اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں بروقت امداد اور اسپرے کی بدولت وہ بیماریوں سے محفوظ ہیں۔ یہ مہم دیگر اضلاع کے لیے ایک قابل تقلید نمونہ ہے۔

  • میرپور خاص:ہنر بھی اس کا، منافع بھی اس کا. دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کا نیا پروگرام

    میرپور خاص:ہنر بھی اس کا، منافع بھی اس کا. دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کا نیا پروگرام

    میرپور خاص (باغی ٹی وی، سید شاہزیب شاہ ) ڈویژنل کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی کی خصوصی کاوشوں سے میرپور خاص، عمرکوٹ، اور تھرپارکر کی دیہی خواتین دستکاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ سماجی بہبود سندھ اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے ان خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو شہر کی بڑی سپر مارکیٹوں میں مستقل جگہ دی جا رہی ہے۔

    ان علاقوں کی خواتین کئی نسلوں سے ہنر مند دستکاری جیسے سلائی، کڑھائی، کشیدہ کاری، شیشے کا کام، اور روایتی بنائی کی مہارتیں منتقل کرتی آ رہی ہیں، لیکن بازار تک براہِ راست رسائی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اپنی محنت کا صحیح صلہ نہیں مل پاتا تھا۔

    آمدنی اور بااختیار بنانے کا نیا ماڈل
    اس نئے اقدام کے تحت ایک شفاف نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ دستکاروں کو ان کی محنت کا مکمل فائدہ پہنچ سکے۔

    براہ راست منافع: خواتین کو ان کی مصنوعات کی فروخت سے ہونے والے منافع کا 85 فیصد براہ راست دیا جائے گا۔

    شفاف ادائیگی: رقم بینک ٹرانسفر، موبائل والٹ، یا نقد کی صورت میں براہ راست خواتین کو ادا کی جائے گی۔

    یہ اقدام صرف نمائشوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ ایک پائیدار معاشی ماڈل ہے جو دیہی خواتین کو باقاعدہ کاروباری شخصیات کے طور پر شناخت دلائے گا۔ کمشنر میرپور خاص کے مطابق، یہ کوشش خواتین کو مالی طور پر مضبوط اور خود مختار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ "ہنر بھی اس کا اور منافع بھی اس کا۔”

  • سیالکوٹ:سیلاب متاثرین کی امداد جاری

    سیالکوٹ:سیلاب متاثرین کی امداد جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ میں ریکارڈ توڑ بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جس میں لوگوں کے گھر اور مال مویشی بہہ گئے ہیں۔ اگرچہ شہر کے بہت سے حصوں میں زندگی معمول پر آ چکی ہے، لیکن کئی علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں اور وہاں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ان مشکل حالات میں سیالکوٹ انفارمیشن اور خدمت خلق فاؤنڈیشن سیلاب کے آغاز سے ہی متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، دونوں تنظیموں نے مشترکہ طور پر سیوکی کے علاقے میں ایک امدادی کیمپ لگایا۔

    امدادی سرگرمیاں:
    اس کیمپ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو درج ذیل سہولیات فراہم کی گئیں:

    میڈیکل کیمپ: ڈاکٹروں کی ٹیم نے سیلاب متاثرین کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔

    فوڈ اور پینے کا پانی: متاثرین کے لیے تیار کھانا اور پینے کی صاف پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔

    امدادی ٹیم کا کہنا ہے کہ جب تک تمام متاثرین کو مکمل طور پر بحال نہیں کیا جاتا، امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ یہ اقدامات سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے ایک بڑا سہارا ہیں، جو اس آفت کے بعد زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔

  • میرپورخاص:کمشنر  کا پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ، ویکسینیشن مہم کا جائزہ

    میرپورخاص:کمشنر کا پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ، ویکسینیشن مہم کا جائزہ

    میرپور خاص (باغی ٹی وی،سید شاہزیب شاہ، ) کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی نے پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کے مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیہو اور تعلقہ فوکل پرسن ڈاکٹر فرقان بھی تھے۔

    کمشنر نے ٹنڈو آدم ناکہ، کھان ناکہ ٹرانزٹ پوائنٹس، حمید پورہ کالونی، اور کھپرو اسٹینڈ کا معائنہ کیا اور وہاں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ویکسین کے کولڈ چین کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔

    اس موقع پر کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ پولیو کے دو قطرے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامیہ ایک ہی سمت پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو سے پاک پاکستان کا خواب ہر شہری کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔