Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • نارنگ منڈی: بارش کے پانی میں ڈوب کر دو کمسن بھائی جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

    نارنگ منڈی: بارش کے پانی میں ڈوب کر دو کمسن بھائی جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

    نارنگ منڈی (باغی ٹی وی، نامہ نگار): نارنگ منڈی کے علاقے کالاخطائی اسٹیشن میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب کر دو کمسن بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 اور 9 سالہ بھائی اذبان اور سبحان اپنے گھر کے قریب بارش کے جمع شدہ پانی میں نہا رہے تھے کہ گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب کر اپنی جانیں گنوا دیں۔

    اہلِ علاقہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کی لاشیں پانی سے نکال کر ان کے اہل خانہ کے حوالے کیں۔ اپنے لخت جگروں کی لاشیں دیکھ کر والدین حواس باختہ ہو گئے اور شدتِ غم سے نڈھال نظر آئے۔ یہ واقعہ پورے علاقے کے لیے گہرے صدمے کا باعث بنا ہے، جہاں ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہے۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار موٹرسائیکل اور کار میں خوفناک تصادم، ایک شخص شدید زخمی

    اوچ شریف: تیز رفتار موٹرسائیکل اور کار میں خوفناک تصادم، ایک شخص شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف روڈ پر ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار موٹرسائیکل اور آلٹو کار کے درمیان ہونے والے تصادم میں 55 سالہ محمد اقبال ولد پیرن دتہ شدید زخمی ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹرسائیکل (نمبر BRQ-8810) سوار محمد اقبال روڈ کراس کر رہے تھے۔ اسی دوران اوچ شریف سے جلال پور کی جانب جانے والی آلٹو کار (نمبر ALR-458) نے انہیں ٹکر مار دی۔

    تصادم کے نتیجے میں محمد اقبال کو شدید چوٹیں آئیں۔ ان کی ناک کی ہڈی فریکچر ہو گئی، جسم پر گہری خراشیں آئیں، اور دائیں پاؤں کی دو درمیانی انگلیاں بھی ضائع ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر محمد اقبال کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

  • اوچ شریف: حضرت محبوب سبحانیؒ کے مزار پر جعلی خلیفوں کی وحشیانہ یلغار، زائرین پر تشدد، انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

    اوچ شریف: حضرت محبوب سبحانیؒ کے مزار پر جعلی خلیفوں کی وحشیانہ یلغار، زائرین پر تشدد، انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں صوفی بزرگ حضرت مخدوم سید محبوب سبحانیؒ کے مقدس مزار پر جعلی خلیفوں کے ایک منظم گروہ نے دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مزار کے تقدس کو پامال کیا اور معصوم زائرین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس شرمناک واقعے نے اوچ شریف کے روحانی ماحول کو داغدار کر دیا ہے اور مقامی انتظامیہ کی غفلت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    سندھ کے شہر گھوٹکی سے آئے ہوئے عقیدت مندوں پر خود ساختہ خلیفوں نے وحشیانہ تشدد کیا، زبردستی چندہ مانگا اور انکار کرنے والوں کو بدترین بدسلوکی اور مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق، یہ جعلی خلیفے مسلح گروہ کی صورت میں مزار پر قابض ہیں اور زائرین کو لوٹنے کے لیے منظم جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زائرین پر دباؤ ڈالا کہ وہ مزار کے چندہ بکس میں زبردستی "چراغی” ڈالیں اور انکار کرنے والوں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں متعدد زائرین شدید زخمی ہوئے، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت دیگر عقیدت مندوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زخمی زائرین نے بتایا کہ یہ جعلی خلیفے نہ صرف مزار کے تقدس کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ باقاعدہ طور پر لوٹ مار اور دہشت گردی میں ملوث ہیں، جس کی وجہ سے مزار پر آنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں واضح کمی آ رہی ہے۔

    مقامی شہریوں اور زائرین نے انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف اور مقامی پولیس اس منظم جرائم کے گروہ کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی خاموشی جعلی خلیفوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، جو مزارات کے تقدس کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ سیاحتی اور مذہبی سرگرمیوں کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔

    زائرین نے صوبائی حکومت، محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جعلی خلیفوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، ان کے گروہوں کو گرفتار کیا جائے اور مزارات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ عقیدت مند بلا خوف و خطر اپنی عقیدت کا حق ادا کر سکیں۔

    اوچ شریف کے شہریوں نے حکومت پاکستان اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر مقدس مقامات کی بے حرمتی کرنے والوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو زائرین اور مقامی لوگ اپنے تحفظ کے لیے خود اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ شہریوں نے اس واقعے کو نہ صرف اوچ شریف بلکہ پورے ملک کے لیے شرمناک قرار دیا، کیونکہ مقدس مقامات پر اس قسم کی غنڈہ گردی اور دہشت گردی ناقابل برداشت ہے۔

    زائرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ سے بھی اپیل کی کہ مزارات کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر ایک جامع پالیسی بنائی جائے اور جعلی خلیفوں کے اس منظم نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔ اس واقعے نے نہ صرف اوچ شریف کے روحانی تشخص کو دھچکا پہنچایا ہے بلکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خطرہ ہے کہ دیگر مزارات بھی اسی طرح کی یلغار کا شکار ہو سکتے ہیں۔

  • سیالکوٹ: اسپیشل ایجوکیشن سنٹر میں تزئین و آرائش اور آئی ٹی سہولیات کی فراہمی، افتتاح کر دیا گیا

    سیالکوٹ: اسپیشل ایجوکیشن سنٹر میں تزئین و آرائش اور آئی ٹی سہولیات کی فراہمی، افتتاح کر دیا گیا

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے اسپیشل ایجوکیشن سنٹر سیالکوٹ میں ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کے تحت تزئین و آرائش اور جدید آئی ٹی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔

    یہ منصوبہ قوتِ سماعت و گفتار سے محروم بچوں کے لیے قائم سرکاری ادارے میں تعلیم کے معیار اور سہولیات کی بہتری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن نے نہایت خلوص اور جذبے کے ساتھ خصوصی بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں تمام کلاس رومز میں ایئر کولرز کی تنصیب، 2025 ماڈل اسمارٹ وائٹ بورڈز کی فراہمی اور مکمل کمپیوٹر لیب کا قیام شامل ہے، تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا سکے۔

    اس کے علاوہ سافٹ بورڈز کی تنصیب، وال کلاکس، ٹیبل شیٹس، ڈسٹبنز اور خوبصورت گلدان بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کلاس رومز کا ماحول صاف ستھرا، خوشگوار اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے والا بنایا جا سکے۔ ادارے کی دیواروں کو تازہ اور جاذب نظر رنگوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم اور آرام دہ تعلیمی ماحول کی فراہمی نہ صرف ان کا بنیادی حق ہے بلکہ یہ ہماری معاشرتی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے ضامن ہوتے ہیں۔

    رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے اس منصوبے کو تعلیم کے شعبے میں ایک نمایاں سنگِ میل قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ دیگر تنظیموں اور اداروں کو بھی اس مثال سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

    ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کی بانی مائرہ خرم شیخ اور ماہ نور اکبر بٹ نے بتایا کہ یہ منصوبہ ٹیم ممبران کی رضاکارانہ محنت اور جذبے سے ممکن ہوا، جس پر تقریباً 20 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ ان کے مطابق خصوصی بچوں کے ساتھ کام کرنے سے ان کی اپنی سیکھنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا، اور وہ مستقبل میں بھی اس مشن کو جاری رکھیں گی۔

    تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اور رکن اسمبلی نے ہیلپنگ ہینڈ آرگنائزیشن کی فاؤنڈرز مائرہ خرم شیخ اور ماہ نور اکبر بٹ کو ٹرافیاں اور ٹیم کے دیگر ممبران کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے اور عزم سے جاری رہے گا۔

  • لنڈی کوتل:خواتین آج بھی سروں پر پانی ڈھونے پر مجبور، شلمان واٹر سکیم مکمل کی جائے، عوامی مطالبہ

    لنڈی کوتل:خواتین آج بھی سروں پر پانی ڈھونے پر مجبور، شلمان واٹر سکیم مکمل کی جائے، عوامی مطالبہ

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی،مہد شاہ شینواری) قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پانی کی شدید قلت نے عوام کو کربناک صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔ شلمان واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل کے لیے تحریک چلانے والے رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ اگر یہ منصوبہ جلد مکمل نہ کیا گیا تو آئندہ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

    ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں “میٹ دی پریس” سے خطاب کرتے ہوئے شریف اللہ شینواری، ربی خان آفریدی، اختر علی شینواری، جمال ناصر و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں بھی لنڈی کوتل کی خواتین دور دراز علاقوں سے سروں پر پانی لانے پر مجبور ہیں، جو حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    رہنماؤں نے یاد دلایا کہ 2024 کے الیکشن سے قبل عوامی نمائندوں نے دعویٰ کیا تھا کہ شلمان واٹر سکیم کا 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، فزیبیلٹی رپورٹ اور سروے تیار ہیں، اور منصوبہ جلد پایۂ تکمیل تک پہنچے گا، مگر انتخابات کے بعد اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور بجٹ میں بھی منصوبے کے لیے ایک روپیہ تک مختص نہیں کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچے جا چکی ہے، ٹیوب ویلز ناکام ہو رہے ہیں، اور پانی کا دیرپا حل صرف شلمان واٹر سپلائی سکیم ہے۔ اگر اس منصوبے میں رکاوٹیں ہیں تو متبادل طور پر تیراہ سے بغیر بجلی کے کم لاگت میں پانی لایا جا سکتا ہے، جس کے لیے مقامی لوگ پہلے بھی تیاری کا اظہار کر چکے ہیں۔

    رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ ضلع خیبر کے ایم این اے، ایم پی ایز اور صوبائی وزیر سب ایک ہی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں مگر عوامی مسائل پر خاموشی معنی خیز ہے۔ وہ صرف اپنے من پسند افراد کو نوازتے ہیں، جس سے اجتماعی مسائل حل نہیں ہو پا رہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اگر منصوبے پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو عوام آنے والے انتخابات میں ووٹ کا بائیکاٹ کریں گے۔ تحریک کے رہنماؤں نے علاقہ مکینوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور آئندہ خاموشی اختیار نہ کریں۔

    رہنماؤں نے حکومت اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ شلمان واٹر سپلائی سکیم کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ لنڈی کوتل کے عوام کو باعزت اور مستقل بنیادوں پر پانی کی سہولت میسر آ سکے۔

  • اوچ شریف: عباسیہ لنک کینال کے کنارے تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، کروڑوں کی سرکاری اراضی واگزار

    اوچ شریف: عباسیہ لنک کینال کے کنارے تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، کروڑوں کی سرکاری اراضی واگزار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ضلعی انتظامیہ نے اوچ شریف میں عباسیہ لنک کینال کے اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران نہر کے کنارے قائم گھروں، دکانوں، چھپروں اور پختہ تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔

    اس کارروائی میں پولیس، واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس آپریشن کا مقصد سرکاری اراضی کو واگزار کرانا اور نہر کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے والی تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا کہنا ہے کہ "ہم نے تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے، اور یہ آپریشن آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔”

    ذرائع کے مطابق، آپریشن کے نتیجے میں کئی کنال قیمتی سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے میں بتائی جاتی ہے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل متاثرہ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے تھے، تاہم بعض شہریوں نے اس کارروائی پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی وجہ سے نہری نظام، صفائی، ماحولیاتی توازن اور شہری سہولیات متاثر ہو رہی تھیں، جنہیں اب بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ اوچ شریف کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔

    آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات سے باز رہیں، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں دفتر اسسٹنٹ کمشنر سے فوری رابطہ کریں، جہاں ان کی درخواست پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

  • میرپور ماتھیلو: سرکاری پرائمری سکول میں اساتذہ کی شدید کمی، 120 طلبہ تعلیمی بحران کا شکار

    میرپور ماتھیلو: سرکاری پرائمری سکول میں اساتذہ کی شدید کمی، 120 طلبہ تعلیمی بحران کا شکار

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی ،مشتاق علی لغاری)تعلقہ میرپور ماتھیلو کے گاؤں خدا بخش لغاری میں قائم گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول شدید تعلیمی بحران کا شکار ہو چکا ہے، جہاں 120 سے زائد طلبہ صرف دو اساتذہ کے رحم و کرم پر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسکول میں اساتذہ کی شدید قلت کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ایک ہی وقت میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے تمام طلبہ کو پڑھانا دو اساتذہ کے لیے نہ صرف ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکا ہے بلکہ بچوں کی ذہنی و تعلیمی نشوونما بھی متاثر ہو رہی ہے۔

    اسکول کے حوالے سے والدین اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت تعلیم کو ترجیح دینے کے دعوے کرتی ہے، تو دوسری طرف دیہی علاقوں کے اسکولوں کی یہ حالت حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

    علاقہ مکینوں نے TEO زاہد شاہ اور DEO گھوٹکی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین تعلیمی بحران کا فوری نوٹس لیا جائے اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول ولیج خدا بخش لغاری میں فوری طور پر اضافی اساتذہ تعینات کیے جائیں تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت مزید ضائع نہ ہو۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اسکول چھوڑنے کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے اور دیہی طلبہ کا تعلیمی مستقبل مزید تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔

  • کالا شاہ کاکو: اسلام آباد ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 27 مسافر زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

    کالا شاہ کاکو: اسلام آباد ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 27 مسافر زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

    نارنگ منڈی(نامہ نگار محمد وقاص قمر) لاہور سے راولپنڈی جانے والی مسافر ٹرین اسلام آباد ایکسپریس کالاشاہ کاکونالہ ڈیک کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور کم از کم 27 مسافر زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ ایک مسافر ٹرین کے نیچے دب گیا ہے۔

    حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کی حالت انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے اور حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جو اس حادثے کا ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔

    ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔

    مزید تفصیلات آتے ہی شامل کی جائیں گی۔

  • میرپورخاص میں جشن آزادی "معرکہ حق” کے عنوان سے تقریبات کا آغاز

    میرپورخاص میں جشن آزادی "معرکہ حق” کے عنوان سے تقریبات کا آغاز

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارشاہزیب شاہ)ملک بھر کی طرح، میرپورخاص میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز "معرکہ حق” کے عنوان سے کر دیا گیا ہے۔ یکم اگست کو، وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے کمشنر کمپلیکس سے میرپورخاص پریس کلب تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ڈی آئی جی زبیر احمد، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، اور میئر عبدالرؤف غوری نے کی۔

    ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ریلی سے کر دیا گیا ہے اور ان کا مقصد "معرکہ حق” کے طور پر پوری دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد اور پرامن ہے اور اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ڈی آئی جی پولیس زبیر احمد دریشک نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج نے بہادری سے اپنی سرزمین کا دفاع کیا ہے، جس سے بھارت کو شکست تسلیم کرنا پڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تقریبات کے ذریعے ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہے اور اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جشن آزادی معرکہ حق” کے طور پر منا کر ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم اس پرچم کے سائے تلے متحد اور پرامن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "جشن آزادی معرکہ حق” کے سلسلے میں یکم اگست سے 14 اگست تک مختلف پروگرام تشکیل دیے گئے ہیں۔ ان تقریبات کے سلسلے میں گلستان بلدیہ پارک میں شجرکاری بھی کی گئی۔

    ریلی میں ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، محکمہ تعلیم، صحت، پی پی ایچ آئی، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکول منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر فیصل زئی، اساتذہ اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • قصور:دریائےستلج میں طغیانی، ولیے والا گاؤں کو شدید خطرہ

    قصور:دریائےستلج میں طغیانی، ولیے والا گاؤں کو شدید خطرہ

    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو)بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے بعد قصور کے ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 14 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ پانی کا بہاؤ 10 ہزار کیوسک سے بھی بڑھ گیا ہے۔ اس غیر معمولی اضافے نے دریائے ستلج کے کنارے آباد ولیے والا گاؤں کے لیے شدید خطرات پیدا کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ولیے والا گاؤں کا حفاظتی بند دو سال قبل ہی بہہ چکا تھا، جس کی وجہ سے گاؤں اس وقت قدرتی آفات کے سامنے غیر محفوظ ہے۔ حالیہ پانی کے بہاؤ میں اضافے کے ساتھ ہی امسال گاؤں کے دریا برد ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    دوسری طرف حکام نے آئندہ دنوں میں مزید پانی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور اس سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور دریائی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔