Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • یوم استحصال کشمیر 2025: ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، ریلیاں، تقاریر اور دعائیہ تقریبات

    یوم استحصال کشمیر 2025: ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، ریلیاں، تقاریر اور دعائیہ تقریبات

    باغی ٹی وی (نمائندگان کی رپورٹس)یوم استحصال کشمیر 2025: ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، ریلیاں، تقاریر اور دعائیہ تقریبات

    05 اگست 2025 کو ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مختلف شہروں میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں، سیمینارز اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ عوام، سرکاری افسران، اساتذہ، طلباء، سماجی تنظیمیں اور سیاسی نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ریلیوں کا مقصد بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اقدام کی مذمت اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار تھا۔

    اوکاڑہ: ضلعی کونسل سے عظیم الشان ریلی
    اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں ضلع کونسل سے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف، انجمن تاجران، سول سوسائٹی، علما کرام، اساتذہ، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت مخالف نعرے بلند کیے۔ ریلی کے دوران ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی مظالم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور پاکستانی قوم ہر محاذ پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

    کندھ کوٹ: گھنٹہ گھر تک ریلی، اقوامِ متحدہ سے مؤثر کردار کا مطالبہ
    ضلع کشمور کندھ کوٹ میں ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔ ای ایس پی فراز، ڈی ایچ او ڈاکٹر اعجاز علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر سید علی رضا اور متعدد افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم کی مذمت اور کشمیریوں کی حمایت کے نعرے درج تھے۔ ڈپٹی کمشنر و دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر پر عملی اقدامات کرے۔ مودی حکومت کی فاشزم پالیسیوں سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

    احمد پور شرقیہ: ریلی اور تقاریر میں کشمیری عوام کے حوصلے کو خراج تحسین
    اوچ شریف سے باغی ٹی وی کے نمائندے کے مطابق احمد پور شرقیہ میں یومِ استحصال کے موقع پر ایک بڑی سرکاری ریلی نکالی گئی۔ اس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کی۔ ریلی میونسپل آفس سے چوک منیر شہید تک نکالی گئی، جس میں مختلف سرکاری محکموں، پولیس، ریسکیو 1122، ریونیو اسٹاف اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے خطاب میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

    ننکانہ صاحب: گوردوارہ جنم استھان تک مارچ، بچوں کے ٹیبلو اور ملی نغمے
    ننکانہ صاحب میں یوم استحصال کی مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔ بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جبکہ بعد ازاں ضلع کونسل سے گوردوارہ جنم استھان تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے کی۔ تمام مکاتب فکر، اقلیتی برادری، سرکاری افسران اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ ایک منٹ کی خاموشی کے بعد بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ سے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے اور بھارتی مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    ڈیرہ غازی خان: یونیورسٹی میں سیمینار، تقاریر اور دستاویزی فلم
    ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد منیر، پروفیسر سعد اللہ لغاری، رجسٹرار ڈاکٹر آصف سمیت دیگر اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ مختلف زبانوں میں تقاریر پیش کی گئیں جن میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔ طلباء نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ شعبہ اُمور طلباء کی جانب سے کشمیر پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔

    ملک بھر میں یومِ استحصال کشمیر بھرپور جذبے سے منایا گیا، جس میں شہریوں نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ مختلف شہروں میں نکالی جانے والی ریلیاں، تقاریر، نعروں اور دعاؤں کے ذریعے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستانی قوم ہر صورت میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور کشمیریوں کی آزادی تک ان کی حمایت جاری رہے گی۔

  • احمد پور شرقیہ: ٹرین کے نیچے آ کر نامعلوم شخص کی خودکشی، لاش مسخ

    احمد پور شرقیہ: ٹرین کے نیچے آ کر نامعلوم شخص کی خودکشی، لاش مسخ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ میں ریلوے ٹریک پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں فوڈ کلب کے قریب ایک نامعلوم شخص نے اسلام آباد سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کے آگے آ کر خودکشی کر لی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، 35 سالہ شخص نے جیسے ہی خود کو ٹرین کے آگے پھینکا، ٹرین کی زوردار ٹکر سے اس کی لاش بری طرح مسخ ہو گئی، جس کے باعث فوری شناخت ممکن نہ ہو سکی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا۔

    پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور لاش کی شناخت کے لیے مقامی افراد سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔

  • احمد پور شرقیہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، ڈرائیور فرار

    احمد پور شرقیہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، ڈرائیور فرار

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ کے علاقے میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    یہ واقعہ کندے والا پل، ہیڈ راجکاں روڈ پر پیش آیا، جہاں 40 سالہ بیپلا رام ولد لکھو رام، جو کہ چک نمبر 101/DN کا رہائشی تھا، پیدل چل رہا تھا کہ ایک نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی نے اسے کچل دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، بیپلا رام موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے لاش کو لواحقین کے حوالے کیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ہیں اور فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    اس واقعے پر لواحقین اور مقامی شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور سڑکوں پر ٹریفک کے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: جشنِ آزادی کے تناظر میں شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

    ٹھٹھہ: جشنِ آزادی کے تناظر میں شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) جشنِ آزادی ‘معرکہ حق’ کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ منور عباس سومرو اور ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے ایس ایس پی آفس میں واقع یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

    اس تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم، ایس ڈی پی او وحید بیگ لاڑک، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فضل قریشی، ڈی ایس پی کمپلین سیل سید علی گوہر شاہ، ڈی آئی بی انچارج انسپیکٹر اے ڈی شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے کانفرنس ہال میں شہداء کے عزیز و اقارب سے ملاقات کی اور انہیں تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف شہداء کو خراجِ عقیدت ہے بلکہ زندہ اہلکاروں کے لیے بھی حوصلہ، جذبہ اور فرض شناسی کا عملی پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں اور قوم ان کی مقروض ہے۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے پولیس کا سر فخر سے بلند ہے اور ان کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مادرِ وطن کے امن و امان کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس، پاک فوج اور دیگر شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

    اس کے بعد، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے دیگر تمام افسران کے ہمراہ پولیس لائن مسجد میں منعقدہ قرآن خوانی میں شرکت کی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک فوج، پولیس اور دیگر تمام اداروں کے شہداء کے بلند درجات اور ملک و قوم کی سالمیت، استحکام اور حفاظت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

    علاوہ ازیں، ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم اور دیگر افسران کے ہمراہ مکلی قبرستان پر پاک فوج کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

  • قصور: بیکری مالک اور ملازم کا بے رحمی سے قتل، لاشیں ٹب میں بند ملیں

    قصور: بیکری مالک اور ملازم کا بے رحمی سے قتل، لاشیں ٹب میں بند ملیں

    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر) تھانہ بی ڈویژن کے علاقے سراج دین محلہ میں دہرے قتل کی ایک لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے جہاں نامعلوم افراد نے ایک بیکری کے مالک خلیل اور اس کے ملازم کو انتہائی بے دردی سے قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق سفاک ملزمان نے دونوں افراد کی شہہ رگیں کاٹ کر سر جسم سے جدا کر دیے۔ اس کے بعد لاشوں کے ٹکڑے کر کے ایک ٹب میں بند کر دیا گیا اور بیکری کو باہر سے تالا لگا کر فرار ہو گئے۔

    علاقے میں شدید بدبو پھیلنے پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور تالا توڑ کر بیکری میں داخل ہوئی۔ اندر سے دونوں افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد کر لی گئیں۔ کرائم سین یونٹ کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔

    پولیس کے ابتدائی اندازے کے مطابق دونوں افراد کو ممکنہ طور پر دو دن قبل قتل کیا گیا تھا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

  • قصور: نہر میں لڑکی کو بچاتے ہوئے ڈوبنے والے شخص کی لاش مل گئی

    قصور: نہر میں لڑکی کو بچاتے ہوئے ڈوبنے والے شخص کی لاش مل گئی

    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) قصور کے علاقے گنڈا سنگھ والا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان لڑکی کو بچانے کی کوشش میں ایک شخص بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    گزشتہ روز 22 سالہ عائشہ بی آر بی نہر میں ڈوبنے لگی۔ اسے بچانے کی کوشش میں 40 سالہ عمران نے نہر میں چھلانگ لگا دی، تاہم وہ عائشہ کو نہ بچا سکا اور خود بھی لاپتہ ہو گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، لیکن ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل مقامی افراد نے لڑکی کی لاش نہر سے نکال لی تھی۔ عمران کا اس وقت تک کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا اور اس کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ آج دوسرے دن تلاش کے بعد نوجوان عمران کی لاش بھی نہر سے نکال لی گئی ہے۔

  • اوکاڑہ: جشن آزادی/معرکہ حق کی تقریبات کے انتظامات پر اجلاس، عوامی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی ہدایت

    اوکاڑہ: جشن آزادی/معرکہ حق کی تقریبات کے انتظامات پر اجلاس، عوامی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی/معرکہ حق کو قومی جذبے اور مکمل جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔ اس مقصد کے لیے شہر بھر میں سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایا جائے اور عمارات کی خوبصورت لائٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پبلک مقامات کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہری ایک خوشنما ماحول میں آزادی کا دن بھرپور انداز میں منا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں مرکزی تقریب کے لیے جامع انتظامات کیے جائیں تاکہ معرکہ حق کی روح کو اجاگر کیا جا سکے۔

    چوہدری عبدالجبار گجر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف انتظامی طور پر بلکہ عوامی شمولیت کے ذریعے بھی ان تقریبات کو کامیاب بنائیں، تاکہ وطن عزیز، اس کی افواج اور شہداء سے محبت اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔

    اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے اپنی اپنی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی اور اس بات کا عزم کیا کہ 14 اگست کو اوکاڑہ میں جشن آزادی/معرکہ حق ایک یادگار دن کے طور پر منایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کا پولیس شہداء کو خراج عقیدت، ورثا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

    اوکاڑہ: صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کا پولیس شہداء کو خراج عقیدت، ورثا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) یومِ شہداء پولیس کے سلسلے میں اوکاڑہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے ملکی سلامتی اور عوامی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    تقریب میں ممبرانِ صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری جاوید علاؤالدین، ریجنل پولیس آفیسر (RPO) محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) راشد ہدایت اور شہداء کے اہلِ خانہ سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا:”پولیس کے وہ جانباز جنہوں نے عوامی تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، وہ ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ ان کا خون قوم پر قرض ہے، اور ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی فیملیز ہمارے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہیں، اور ان کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ پولیس سمیت تمام ادارے ہمہ وقت ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور پنجاب پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ یہ تقریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ ان کے ورثا سے اظہارِ یکجہتی کا مضبوط پیغام بھی دیا گیا۔

  • چنیوٹ : جعلی دودھ، ناقص گوشت، ملاوٹی اشیاء پر کریک ڈاؤن، لاکھوں کے جرمانے

    چنیوٹ : جعلی دودھ، ناقص گوشت، ملاوٹی اشیاء پر کریک ڈاؤن، لاکھوں کے جرمانے

    چنیوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگارحسن معاویہ)شدید گرمی ہو یا سردی، چھٹی ہو یا تہوار، پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر لمحہ عوامی صحت کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے ضلع چنیوٹ میں خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سال بھر بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز چنیوٹ ڈاکٹر محمد قاسم رضا کے مطابق رواں سال کے دوران 19 ہزار 771 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 41 مقدمات درج کیے گئے۔

    مزید تفصیلات کے مطابق2100 سے زائد فوڈ یونٹس کو ایک کروڑ 63 لاکھ 19 ہزار روپے کے بھاری جرمانے کیے گئے۔93 فوڈ یونٹس کو ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سیل کر دیا گیا۔مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی 364 اشیاء خورونوش کے سیمپلز لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے۔چیکنگ کے ساتھ ساتھ ٹیموں نے 613 نئے فوڈ کاروباروں کو باقاعدہ فوڈ لائسنس جاری کیے۔

    زرعی شعبے میں بھی اہم پیش رفت سامنے آئی:21 ایکڑ پر سبزیوں کی کاشت کا معائنہ کیا گیا۔13 ایکڑ پر گندے پانی سے اگائی گئی سبزیاں تلف کر دی گئیں تاکہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    دودھ اور دیگر خوراک کی صورتحال:

    19 لاکھ 50 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی، جس میں سے 19 ہزار 650 لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔

    3 ہزار 383 کلو ناقص گوشت، 2 ہزار 535 لیٹر ملاوٹی کولڈ ڈرنکس، 1280 کلو ایکسپائر اشیاء اور 2 من سے زائد ناقص استعمال شدہ آئل بھی تلف کیا گیا۔

    3400 پیکٹ گٹکا اور 220 کلو ملاوٹی مصالحہ جات بھی مارکیٹ سے اٹھا لیے گئے۔

    ڈاکٹر قاسم رضا کے مطابق رواں سال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کارروائیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جبکہ دودھ تلف کرنے کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جو کہ معیاری دودھ کی دستیابی کا مثبت اشارہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ:

    "خوراک میں ملاوٹ ایک قومی جرم ہے، ہم بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔”

  • میرپورخاص: یومِ آزادی پاکستان پر سول ہسپتال میں جوش و خروش، شجرکاری اور ریلی کا انعقاد

    میرپورخاص: یومِ آزادی پاکستان پر سول ہسپتال میں جوش و خروش، شجرکاری اور ریلی کا انعقاد

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سول اسپتال میرپورخاص میں ایک پُرجوش اور حب الوطنی سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام اسپتال انتظامیہ نے روٹری کلب سینٹرل میرپورخاص کے تعاون سے کیا۔

    تقریب کا آغاز شجرکاری مہم سے ہوا، جس میں میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری نے خصوصی طور پر شرکت کی اور پودا لگا کر ماحول دوست معاشرے کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر سماجی رہنما شیر محمد چانیہو نے بھی شرکت کی اور کہا کہ "شجرکاری ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہے، درخت زمین کے پھیپھڑے ہیں اور ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے چاہئیں۔”

    تقریب کا دوسرا مرحلہ "یومِ آزادی معرکۂ حق ریلی” تھا، جو اسپتال سے شروع ہو کر شہر کی اہم شاہراہوں سے گزری۔ ریلی میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف، شہریوں اور روٹری کلب کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قومی پرچموں اور آزادی کے ترانوں سے فضا گونج اٹھی۔

    میئر عبدالرؤف غوری اور شیر محمد چانیہو نے ریلی کی قیادت کی اور شرکاء کو یومِ آزادی کے حقیقی پیغام سے روشناس کرایا۔ شیر محمد چانیہو نے کہا کہ "پاکستان ہماری عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، ہمیں اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔”

    پروگرام کا مقصد نہ صرف یومِ آزادی منانا تھا بلکہ عوام میں شجرکاری کی اہمیت، قومی وحدت اور ماحولیاتی تحفظ کا شعور بھی اجاگر کرنا تھا۔