Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سکھر: ڈی آئی جی کا کرائم کنٹرول اجلاس، منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

    سکھر: ڈی آئی جی کا کرائم کنٹرول اجلاس، منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

    سکھر (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایات پر سکھر رینج میں جرائم کے سدباب اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے کے لیے ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی زیر صدارت رینج آفس سکھر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منشیات فروشوں، عادی مجرموں، اشتہاری ملزمان اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشنز، تھانوں کی کارکردگی، افسران کی تعیناتی اور ترقی، سرکاری وسائل کے استعمال، اور محکمہ جاتی نظم و ضبط پر تفصیلی غور کیا گیا۔

    اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس میں ایس ایس پی گھوٹکی انور کھتران، ایس ایس پی خیرپور حسن سردار نیازی، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل، ڈی ایس پیز، آفس سپرنٹنڈنٹ، پی ایس اور رینج آفس کے تمام ہیڈز آف برانچز نے شرکت کی۔

    ڈی آئی جی سکھر کی جانب سے اجلاس میں مندرجہ ذیل احکامات جاری کیے گئے:

    * تمام آرگنائزڈ کرائمز اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
    * انسدادِ دہشتگردی کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے روپوش اور اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔
    * ہر ماہ منشیات اور مجموعی جرائم کے خلاف کارکردگی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔
    * صرف اہل اور قابل افسران کو ایس ایچ اوز تعینات کرنے کے لیے پول تشکیل دیا جائے، اور ہوم ڈسٹرکٹ افسران کو ایس ایچ او نہ لگایا جائے۔
    * محکمانہ کورسز کے دوران افسران کو کسی بھی تھانے یا پولیس پوسٹ پر تعینات نہ کیا جائے۔
    * پولیس کانسٹیبلز کو پوسٹ انچارج تعینات کرنے کی ممانعت کی گئی۔
    * ماوا اور گٹکا استعمال کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فہرست بنا کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
    * تھانوں، دفاتر اور پولیس لائنز میں موجود غیر حاضر یا ویزا پر تعینات اہلکاروں کی فہرستیں تیار کی جائیں۔
    * ترقی کے منتظر افسران کی سالانہ رپورٹس مکمل کر کے جلد از جلد ڈیپارٹمنٹل پروموشن بورڈ کا اجلاس بلایا جائے۔
    * ہائی ویز پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ہالٹنگ پوائنٹس اور ٹول پلازوں پر نصب کیمروں و سولر سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔
    * کچے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں مصروف اہلکاروں کو کچا الاؤنس فراہم کرنے پر غور کیا جائے۔
    * تمام تھانوں پر CCTV کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔
    * 4 اگست کو شہدائے پولیس کے لیے ہونے والے پروگرامز میں خصوصی اقدامات کیے جائیں اور شہدا کی فیملیز و ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
    * لسٹڈ مجرموں، ٹارگٹیڈ آفنڈرز، نارکوٹکس پیڈلرز اور عادی مجرموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
    * آن لائن حاضری کو یقینی بنایا جائے، غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔
    * تھانوں میں منشی کے لیے صرف سینئر اہلکار تعینات کیے جائیں، کانسٹیبلز کو نہ لگایا جائے۔

    آئی جی سندھ کی ہدایات کے مطابق شہریوں سے بدتمیزی یا بد اخلاقی کی کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور سخت محکمانہ سزائیں دی جائیں گی۔ ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے تینوں اضلاع گھوٹکی، خیرپور اور سکھر کی پولیس کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس کو قانون نافذ کرنے کے عملی اقدامات کے لیے سنگ میل قرار دیا گیا۔

  • ڈیرہ غازیخان:فورٹ منرو میں 40 کروڑ سے جدید ریزارٹ، واٹر سپلائی منصوبہ منظور

    ڈیرہ غازیخان:فورٹ منرو میں 40 کروڑ سے جدید ریزارٹ، واٹر سپلائی منصوبہ منظور

    ڈیرہ غازی خان (جواد اکبر سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے جنوبی پنجاب کے معروف سیاحتی مقام فورٹ منرو میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر فورٹ منرو میں 200 کنال اراضی پر 40 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ڈی سی پی ریزارٹ تعمیر کیا جائے گا، جو سیاحوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔

    سیاحوں اور مقامی آبادی کو صاف پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ساڑھے چھ کروڑ روپے کی لاگت سے نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی، جو رکنی اور دیگر علاقوں سے پانی فورٹ منرو تک پہنچائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ریزارٹ اور واٹر سپلائی سکیموں کے مجوزہ مقامات کا معائنہ کیا اور ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے فورٹ منرو میں موجود سرکاری ریسٹ ہاؤسز کی بحالی اور تزئین و آرائش کے جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو کو جدید اور پرکشش سیاحتی مرکز میں بدلنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں سیکیورٹی، صاف پانی، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال ،بچہ چوری کا ڈرامہ بے نقاب، خاتون گرفتار، مقدمہ درج

    ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال ،بچہ چوری کا ڈرامہ بے نقاب، خاتون گرفتار، مقدمہ درج

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں بچہ چوری کی جھوٹی اطلاع دینے پر پولیس نے خاتون سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، میڈیکل بورڈ اور تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ نے جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا۔ ایم ایس ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے واقعے کو ہسپتال کو بدنام کرنے کی منظم سازش قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین روز قبل قصبہ پائیگاں کی رہائشی ساجدہ بی بی نے گائنی وارڈ کے باہر شور شرابہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس کی ڈلیوری ہو چکی ہے اور ہسپتال عملے نے اس کا نومولود بچہ غائب کر دیا ہے۔ اس موقع پر اس کے ہمراہ موجود محمد رشید، محمد نادر اور دیگر افراد نے بھی ہسپتال میں بدتمیزی، ہنگامہ آرائی اور خوف کی فضا پیدا کر دی۔ ساجدہ بی بی نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو بھی موقع پر بلا کر ہسپتال کے خلاف پراپیگنڈا کروانے کی کوشش کی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے فوری نوٹس لیا اور پولیس و ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ تحقیقاتی ٹیم اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا، جنہوں نے انکوائری مکمل کی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ساجدہ بی بی حاملہ ہی نہیں تھی، اور نہ ہی اس کی ہسپتال میں کوئی ڈلیوری ہوئی۔ مزید یہ کہ خاتون کا شوہر طویل عرصے سے دبئی میں مقیم ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی واضح طور پر دیکھا گیا کہ خاتون صرف تین منٹ کے لیے گائنی وارڈ میں داخل ہوئی اور فوراً باہر آ کر جھوٹا شور مچانا شروع کر دیا۔

    تحقیقات مکمل ہونے پر تھانہ سول لائن پولیس نے مقدمہ نمبر 494/25 درج کیا، جو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 182 اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج ہوا۔ مقدمہ میں ساجدہ بی بی زوجہ محمد ناصر، محمد رشید اور محمد نادر کو نامزد کیا گیا، اور خاتون کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔

    ایم ایس ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنا دی گئی ہے، اور ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ کسی کو ایسے جھوٹے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی جرات نہ ہو۔

  • سیالکوٹ: منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام کی دعوتِ اسلامی کے ہمراہ شجرکاری مہم

    سیالکوٹ: منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام کی دعوتِ اسلامی کے ہمراہ شجرکاری مہم

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)اراکینِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام نے امام صاحب روڈ سیالکوٹ کی گرین بیلٹس پر دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران کے ہمراہ شجرکاری مہم کے تحت پودے لگا کر ماحول دوست سرگرمی کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے علاقائی علما، رضاکار اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے اس اقدام کو سراہا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، درجہ حرارت میں اضافہ اور غیر متوازن موسم جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی عدم توازن کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ایک قومی ذمہ داری بلکہ ایک مذہبی فریضہ بھی ہے، اور اگر ہم نے آج اس سمت میں عملی اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں فطرت سے محبت اور زمین کو سرسبز بنانے کا درس دیتا ہے، اس لیے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ درخت لگا کر اور اس کی نگہداشت کر کے اپنا کردار ادا کرے۔

    منشاء اللہ بٹ نے اس موقع پر بتایا کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، جس میں عوام کی شمولیت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

    دعوتِ اسلامی کے رہنماؤں نے تقریب کے دوران بتایا کہ تنظیم "مدنی ماحولیات مہم” کے تحت ملک بھر میں لاکھوں پودے لگا چکی ہے، تاکہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔

    تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی طور پر پودے لگائے اور ان کی حفاظت و نگہداشت کی ذمہ داری لینے کا عہد کیا۔ شجرکاری مہم کے اس بامقصد آغاز کو اہلِ علاقہ نے نہایت سراہا۔

  • سیالکوٹ: 31 میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی، 5 کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری

    سیالکوٹ: 31 میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی، 5 کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے میڈیکل اسٹورز کے خلاف درج 31 کیسز کی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں 5 کیسز کو ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری دی گئی، جبکہ 8 میڈیکل اسٹورز کو وارننگ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 9 کیسز میں دوبارہ معائنہ کی ہدایت جاری کی گئی تاکہ خلاف ورزیوں کی تصدیق ممکن ہو سکے، جب کہ 8 کیسز کی سماعت کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔ ایک کیس میں خلاف ورزی کو سنگین قرار دیتے ہوئے ڈرگ کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی۔

    اجلاس کے دوران میڈیکل اسٹورز کی مختلف سنگین خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا، جن میں بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات کی فروخت، ممنوعہ، زائد المعیاد اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی موجودگی، ادویات کے ریکارڈ کا فقدان، کوالیفائیڈ پرسن کی غیر موجودگی، اور کولڈ چین برقرار نہ رکھنے جیسے معاملات شامل تھے۔ بورڈ نے تمام کیسز کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور قانون کے مطابق کارروائی کی منظوری دی۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی فروخت کے تمام قانونی تقاضے ہر صورت پورے کروائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری، ممنوعہ یا غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور قانونی طریقہ کار کے مطابق ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری، سیکرٹری بورڈ مس فرح، اور ضلع کی چاروں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز بھی شریک ہوئے۔

  • میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کی حمایت، سینیٹ میں صحافیوں کے مسائل اجاگر، معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد

    میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کی حمایت، سینیٹ میں صحافیوں کے مسائل اجاگر، معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)نیشنل پریس کلب میرپورخاص اور مقامی صحافتی تنظیموں کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے واک آؤٹ کی حمایت کے بعد سینیٹ میں صحافی برادری کے دیرینہ مسائل پر توجہ دی گئی ہے۔ سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے 15 جولائی 2025ء کو ایوان بالا میں صحافیوں کی شکایات اور پریس گیلری کے احتجاج سے ایوان کو آگاہ کیا، جس پر سینیٹ نے سنجیدہ ردعمل دیتے ہوئے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سپرد کر دیا۔

    اس سلسلے میں سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے باضابطہ خط جاری کیا گیا ہے جس پر سیکشن آفیسر حفصہ فاروق کے دستخط موجود ہیں۔ یہ خط ڈپٹی سیکریٹری اور کمیٹی سیکریٹری محترمہ شہوار فریال کو ارسال کیا گیا ہے تاکہ وہ اس معاملے کو کمیٹی میں فوری کارروائی کے لیے پیش کریں۔ متعلقہ اداروں اور دیگر حکام کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق، قائمہ کمیٹی جلد اجلاس طلب کر کے صحافیوں کے تحفظات پر تفصیلی غور کرے گی اور مؤثر سفارشات مرتب کرے گی، جنہیں ایوان میں پیش کر کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

    نیشنل پریس کلب میرپورخاص، مقامی صحافیوں اور دیگر صحافتی تنظیموں نے سینیٹ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ صحافی برادری کو امید ہے کہ ایوان بالا ان کے مسائل کو نہ صرف سنجیدگی سے لے گا بلکہ عملی حل بھی فراہم کرے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: غیر قانونی آئل ایجنسیاں اور یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 یونٹس سیل، سامان قبضے میں لے لیا گیا

    ڈیرہ غازی خان: غیر قانونی آئل ایجنسیاں اور یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 یونٹس سیل، سامان قبضے میں لے لیا گیا

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور ایل پی جی یونٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر غلام یاسین ملک کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے شہر کے بلاک 4، گھنٹہ گھر، بلاک 30 اور دیگر علاقوں میں اچانک معائنہ کیا۔

    دورانِ چیکنگ تین غیر قانونی ایل پی جی ایجنسیاں اور دو آئل یونٹس کو سربمہر کر دیا گیا، جب کہ موقع سے مشینری اور دیگر سامان قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔

    سول ڈیفنس آفیسر غلام یاسین ملک کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ، محفوظ اور قانونی ذرائع سے ایندھن حاصل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر سول ڈیفنس یا متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔

  • اوچ شریف: سینئر صحافی حبیب خان کی بیٹی خدیجہ نے میٹرک میں 1122 نمبر لے کر شاندار کامیابی سمیٹ لی

    اوچ شریف: سینئر صحافی حبیب خان کی بیٹی خدیجہ نے میٹرک میں 1122 نمبر لے کر شاندار کامیابی سمیٹ لی

    اوچ شریف (نامہ نگار) اوچ شریف کے سینئر صحافی اور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری حبیب خان کی ہونہار بیٹی خدیجہ حبیب نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025ء میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1200 میں سے 1122 نمبر حاصل کر کے اپنے خاندان، اساتذہ اور ادارے کا نام روشن کر دیا۔

    خدیجہ راشد منہاس گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبہ ہیں، جن کی غیر معمولی کامیابی نے نہ صرف ان کے والدین بلکہ پورے اوچ شریف کے لیے فخر کا باعث بن گئی ہے۔ خدیجہ کی محنت، والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی اس کامیابی کی بنیاد بنی۔

    اس موقع پر ان کے والد حبیب خان نے کہا کہ "خدیجہ کی یہ کامیابی صرف ہمارے گھر کی نہیں بلکہ پورے شہر کی خوشی ہے۔ یہ اللہ کا فضل، بچی کی محنت اور اساتذہ کی توجہ کا ثمر ہے۔”

    خدیجہ کی اس کامیابی پر اسکول پرنسپل، اساتذہ، رشتہ داروں اور اہل علاقہ نے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ خدیجہ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ لگن، استقامت اور رہنمائی سے کامیابی کی ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

    اوچ شریف کے عوام نے اس کامیابی کو پورے شہر کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے خدیجہ کے لیے دعا اور تحسین کا اظہار کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، بس اسٹینڈ پر سہولیات کی ہدایت، تجاوزات کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، بس اسٹینڈ پر سہولیات کی ہدایت، تجاوزات کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے آصف یاسین اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں کو درپیش سہولیات کا جائزہ لیا اور فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے نئے شیڈز، ویٹنگ رومز اور پینے کے صاف پانی کے انتظامات کی ہدایت دی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    فیصل آباد روڈ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سڑک کے اطراف کھڑے پانی کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے نکاسی آب کے موثر انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی حکام کو ان امور کی براہِ راست نگرانی کا حکم بھی دیا۔

    دورے کے دوران صدر بازار اور گول چوک میں انسداد تجاوزات آپریشن کی بھی نگرانی کی گئی، جہاں عارضی تجاوزات کرنے والے دکانداروں کا سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر انسداد تجاوزات مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف، منظم اور شہریوں کے لیے آسان بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں۔

  • سیالکوٹ: فاطمہ شیراز نے 1187 نمبر لے کر گوجرانوالہ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    سیالکوٹ: فاطمہ شیراز نے 1187 نمبر لے کر گوجرانوالہ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) گورنمنٹ لیڈی اینڈرسن ہائی اسکول سیالکوٹ کی ہونہار طالبہ فاطمہ شیراز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 میں 1187 نمبر حاصل کر کے گوجرانوالہ بورڈ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔ اس شاندار تعلیمی کارنامے کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی طارق سبحانی، سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ، کمشنر گوجرانوالہ نوید شیرازی اور چیئرمین تعلیمی بورڈ اختشام بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ شرکاء نے فاطمہ شیراز کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس کی محنت و لگن کو بھرپور سراہا۔

    اس موقع پر اسکول کی پرنسپل محترمہ ارم شیرازی اور وائس پرنسپل میڈم سارا کو طلبہ کی مثالی رہنمائی اور معیاری تدریسی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ فاطمہ کی کامیابی نہ صرف اسکول بلکہ پورے ضلع سیالکوٹ کے لیے فخر کا باعث قرار دی گئی ہے، جو تدریسی معیار اور طلبہ کی محنت کا عملی ثبوت ہے۔