Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گھوٹکی: میرپور ماتھیلو پولیس کی اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی ناکام، ملزمان فرار

    گھوٹکی: میرپور ماتھیلو پولیس کی اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی ناکام، ملزمان فرار

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایات پر سب ڈویژن میرپور ماتھیلو پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو محمد یونس کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ جروار صفدر عباس پھلپوٹو اور پولیس کی بھاری نفری نے تھانہ جروار کی حدود میں واقع گاؤں ٹھارو لغاری، جمشیر بوزدار اور دیگر علاقوں میں اشتہاری و روپوش ملزمان کے گھروں پر سخت چھاپے مارے۔

    ریڈ کے دوران متعدد مطلوب ملزمان جن میں پاندھی لغاری، بھورل بوزدار، معشوق بوزدار، نیاز بوزدار، ریاض بوزدار، وارث بوزدار اور محمد عارف بوزدار شامل ہیں، گھروں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ان اشتہاری اور روپوش ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، اور جلد ہی انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازیخان: ڈی سی محمد عثمان کا تونسہ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور ہسپتال کا معائنہ

    ڈیرہ غازیخان: ڈی سی محمد عثمان کا تونسہ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور ہسپتال کا معائنہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے تحصیل تونسہ شریف کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر و ڈی جی پی ایچ اے قدسیہ ناز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم، اسسٹنٹ کمشنر احمد ندیم اور دیگر افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تونسہ، کمال پارک، فیملی پارک، زیر تعمیر پیرا اسٹیشن، سنگھڑ پل اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔

    ٹی ایچ کیو اسپتال تونسہ میں مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی گئی۔ مریضوں کی عیادت کے دوران ادویات کی مفت فراہمی اور علاج کی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی مفاد کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

  • ملک بھر میں آندھی، ژالہ باری اور بارش ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

    ملک بھر میں آندھی، ژالہ باری اور بارش ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

    اسلام آباد / کراچی (باغی ٹی وی)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں 13 سے 16 جون کے دوران آندھی، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی اور گرد آلود ہوائیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ جھکڑ چلنے اور بارش کے باعث جاری گرمی کی لہر میں کچھ کمی واقع ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ ہفتہ کے روز بھی انہی علاقوں میں موسمی صورتحال برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ 13 سے 16 جون کے دوران آندھی، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    ادھر پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آئندہ تین دنوں کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ گزشتہ روز جیکب آباد میں درجہ حرارت 50 ڈگری، دادو، نور پور تھل اور سبی میں 49 ڈگری جبکہ سرگودھا، بہاولنگر، بھکر، جوہرآباد، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم چترال اور کالام میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کریں اور آندھی یا تیز ہواؤں کی صورت میں کھلے مقامات سے دور رہیں۔

  • خواب، محنت اور عزت، شکریہ باغی ٹی وی

    خواب، محنت اور عزت، شکریہ باغی ٹی وی

    خواب، محنت اور عزت، شکریہ باغی ٹی وی
    تحریر: حبیب خان اوچ شریف
    ہر خواب کی تعبیر کے پیچھے برسوں کی محنت، خلوص، سچائی اور قربانیاں چھپی ہوتی ہیں۔ صحافت کے شعبے میں سچ بولنا، سچ دکھانا اور سچ کے ساتھ کھڑا رہنا ہمیشہ سے میرے پیشہ ورانہ عزم کا حصہ رہا ہے۔ یہی جذبہ لے کر میں نے باغی ٹی وی سے منسلک ہو کر اوچ شریف ضلع بہاولپور سے رپورٹنگ کا سفر شروع کیا۔

    گزشتہ سال 2024 میرے لیے ایک ناقابلِ فراموش سال ثابت ہوا۔ اس سال مجھے میری پیشہ ورانہ محنت، لگن، حق گوئی اور صحافتی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے پر ادارہ باغی ٹی وی کی جانب سے "رپورٹرز آف دی ایئر” جیسے باوقار اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا۔ یہ میرے لیے ایک اعزاز ہی نہیں بلکہ میرے شہر، میرے قلم، میرے سچ اور میری محنت کی جیت ہے۔

    اس سے بڑھ کر خوشی کا لمحہ وہ تھا جب باغی ٹی وی کے انچارج نمائندگان ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی خود اوچ شریف تشریف لائے اور مجھے میرے شہر میں آ کر اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

    سرٹیفکیٹ کی باوقار تقریب میں مہمانِ خصوصی فوکل پرسن ہیلتھ و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے میرے ہاتھ میں وہ سند دی، جو میرے لیے صرف کاغذ نہیں بلکہ میرے سفر کی ایک روشن مہر ہے۔

    اس موقع پر پریس کلب اوچ شریف کے صدر میاں محمد عامر صدیقی نے میرے مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنا کر جو پذیرائی دی، اس نے مجھے یہ احساس دلایا کہ صحافت صرف تنقید یا رپورٹنگ کا نام نہیں بلکہ تعلق، بھروسہ اور محبت کا پُل بھی ہے۔

    میں معروف سینئر اینکرپرسن، CEO باغی ٹی وی اور "کھرا سچ” پروگرام کے میزبان جناب مبشر لقمان صاحب کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جن کی سرپرستی اور سچائی سے وابستگی ہم جیسے نوجوان صحافیوں کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔

    اسی طرح ایڈیٹر باغی ٹی وی جناب ممتاز حیدر اعوان صاحب کا بھی بے حد ممنون ہوں جنہوں نے ہم نمائندگان کو ہمیشہ اعتماد، رہنمائی اور حوصلہ دیا۔

    اور خصوصی شکریہ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کا جنہوں نے شدید گرمی اور طویل سفر کی پرواہ کیے بغیر اوچ شریف آ کر مجھے عزت و وقار سے نوازا۔ ان کا خلوص، محبت اور قرب میرے دل میں ہمیشہ نقش رہے گا۔

    میں باغی ٹی وی کے اس پلیٹ فارم کو صرف ایک ادارہ نہیں سمجھتا بلکہ اسے اپنی صحافتی شناخت اور نظریاتی وابستگی کا مقام سمجھتا ہوں۔ مجھے فخر ہے کہ میں سچ کے اس قافلے کا حصہ ہوں، جو بغیر کسی خوف یا لالچ کے حق اور انصاف کی آواز بن کر کام کر رہا ہے۔

    ان شاءاللّٰہ، یہ سفر جاری رہے گا باغی ٹی وی کے ساتھ، سچ کے ساتھ، خلوص کے ساتھ اور جذبے کے ساتھ۔

  • سیالکوٹ پولیس کی بروقت کارروائی، اغوا شدہ 6 سالہ طیبہ ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب، میاں بیوی گرفتار

    سیالکوٹ پولیس کی بروقت کارروائی، اغوا شدہ 6 سالہ طیبہ ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب، میاں بیوی گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے تھانہ سمبڑیال کے علاقے کوٹ دڑا سے اغوا ہونے والی 6 سالہ کمسن بچی طیبہ کو ضلع وہاڑی سے بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے، جب کہ اغوا میں ملوث میاں بیوی اجمل اور رانی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی یہ کامیابی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچی کے والد غلام قادر نے تھانہ سمبڑیال میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ اس کی بیٹی طیبہ کو محلے میں کرایہ پر رہائش پذیر ایک جوڑا اغوا کر کے لے گیا ہے۔ شکایت کے فوری بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، فیصل شہزاد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سمبڑیال کو ہدایت کی کہ بچی کو ہر صورت بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔

    ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال انسپکٹر ارشاد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے تفتیش کا آغاز کیا اور ٹیکنیکل ٹریسنگ کے ذریعے ملزمان کا پتہ چلا کر ضلع وہاڑی سے بچی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے طیبہ کو والد سے چند روز قبل پیش آئے معمولی جھگڑے کی رنجش کی بنیاد پر اغوا کیا اور اُسے کراچی لے جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے پولیس کی فوری کارروائی اور کامیابی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا ڈسکہ کا تفصیلی دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور صفائی کا جائزہ

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کا ڈسکہ کا تفصیلی دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور صفائی کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے تحصیل ڈسکہ کا تفصیلی دورہ کیا، جس میں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، صفائی، صحت، انسداد تجاوزات اور سماجی فلاح و بہبود کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت یونین کونسلز کا دورہ کیا اور صفائی کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا، ساتھ ہی مقامی ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے موسم برسات سے قبل نالوں اور سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا تاکہ نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

    انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (THQ) اور ٹی بی ہسپتال ڈسکہ کا دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کے بارے میں لواحقین سے رائے لی۔ فارمیسی، لیبارٹری اور ایمرجنسی وارڈ کی بھی جانچ کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے نواز شریف پارک کے انتظامات کا معائنہ کیا اور جیسر والہ میں قائم ماں گھر یتیم خانہ کا بھی دورہ کیا، جہاں بچوں کی نگہداشت اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

    انسداد تجاوزات مہم کے تحت جاری آپریشن کا بھی معائنہ کیا گیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔

    ترقیاتی منصوبوں کے ضمن میں انہوں نے جامکے روڈ، پسرور روڈ، کالج روڈ اور وزیرآباد روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

  • اوکاڑہ: اے سی رب نواز کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ: اے سی رب نواز کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فیصل روڈ، اوورہیڈ برج اور صفدر شہید پارک میں صفائی ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور انہیں سویپنگ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے مؤثر اقدامات کی ہدایات دیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے جنرل بس سٹینڈ پر صفائی انتظامات چیک کیے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات و صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے صفائی انتظامات کی باقاعدہ نگرانی کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ شہر کو صاف، خوبصورت اور صحت مند بنایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ:عیدالاضحی پر مثالی صفائی، سیاسی مخالفین بھی تعریف پر مجبور: افضل منشاء

    سیالکوٹ:عیدالاضحی پر مثالی صفائی، سیاسی مخالفین بھی تعریف پر مجبور: افضل منشاء

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈسکہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر محمد افضل منشاء نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں مثالی صفائی کے انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جس منظم انداز میں پورے صوبے، حتیٰ کہ دیہات تک صفائی کو یقینی بنایا گیا، وہ قابل ستائش ہے۔ افضل منشاء کا کہنا تھا کہ اس بار صفائی کے ایسے انتظامات دیکھنے میں آئے جنہیں سیاسی مخالفین نے بھی تسلیم کیا کہ ماضی میں ایسی مثال نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی، چیف آفیسر بلدیہ الفت شہزاد اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں سینٹری ورکرز نے مثالی خدمات سرانجام دیں۔ قربانی کے بعد کہیں بھی آلائشات نظر نہیں آئیں، جو کہ ایک حیران کن اور خوش آئند تبدیلی ہے۔

    افضل منشاء نے مزید کہا کہ ہر سال شہری قربانی کے بعد گندگی اور تعفن کا سامنا کرتے تھے، لیکن اس سال کے انتظامات نے شہریوں کا اعتماد حکومت پنجاب پر مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے صفائی مہم میں شامل تمام ورکرز اور تعاون کرنے والے شہریوں کو بھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

  • بابا گورو نانک یونیورسٹی میں شکایات آگاہی سیمینار کا انعقاد

    بابا گورو نانک یونیورسٹی میں شکایات آگاہی سیمینار کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں دفتر صوبائی محتسب پنجاب کے تعاون سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد طلباء کو شکایات کے اندراج کے باضابطہ طریقہ کار سے روشناس کروانا تھا۔

    سیمینار میں طلباء کو سرکاری اداروں اور عوامی خدمات سے متعلق شکایات کے حل کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پروگرام میں صوبائی محتسب پنجاب کے مشیر برائے ضلع ننکانہ صاحب سید مبشر حسین شاہ، لائژن آفیسر محترمہ صائمہ اشرف، زاہد فاروق اور احسن اللہ شریک ہوئے۔

    سید مبشر حسین شاہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شکایات کے مؤثر نظام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ محتسب پنجاب کا دفتر عوامی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو اپنے قانونی حقوق سے باخبر رہنے اور ان کے تحفظ کیلئے قانونی ذرائع سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت اور جوابدہی جمہوریت کی بنیاد ہیں اور نوجوان نسل کو ان اصولوں کو اپناتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

    آخر میں اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ فزکس، ڈاکٹر ہاشم فاروق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلباء میں شعور بیدار کرنے، ان کی رہنمائی اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

  • ننکانہ : خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم، 27 مستحقین مستفید

    ننکانہ : خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم، 27 مستحقین مستفید

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال و صنعت زار کے دفتر میں خصوصی افراد کیلئے معاون آلات تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد میں وہیل چیئرز، وائٹ کین سٹکس، واکرز اور سننے والے آلات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر حسین اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خصوصی افراد کیلئے معاون آلات کی تقسیم پر ایک ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کی تقریب میں ضلع ننکانہ صاحب کے 27 مستحق خصوصی افراد کو یہ آلات فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ باقی تمام خصوصی افراد کو بھی یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی افراد کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور انہیں سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شبیر حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام لائق تحسین ہے اور وہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ معاون آلات کی فراہمی پر مستفید افراد نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کے حق میں نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔