Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ: بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ (بیوروچیف باغی ٹی وی شاہد ریاض)بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ پر ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، مقدمات درج، جرمانے عائد

    سیالکوٹ سٹی ٹریفک پولیس نے ڈی ایس پی ٹریفک عدنان قاسم کی قیادت میں بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے اور اوور لوڈنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر متعدد گاڑی مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں جبکہ کئی ڈرائیوروں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

    ڈی ایس پی عدنان قاسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانا اور گنجائش سے زائد مسافروں کو سوار کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے، جو مسافروں کی جانوں کو سنگین خطرات سے دوچار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بین الاضلاعی روٹس اور تمام اہم بس اسٹینڈز پر خصوصی ناکے لگا کر نگرانی کا عمل سخت کر دیا ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • گھوٹکی: عورت پر تشدد کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    گھوٹکی: عورت پر تشدد کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو ایک خاتون پر تشدد اور تذلیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

    واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے فوری کارروائی کا حکم جاری کیا۔ ان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او اے سیکشن محمد قابل بھیو نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عبدالقدیر ولد زاہد حسین سندرانی سکنہ شانتی نگر گھوٹکی کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 189/2025 بجرم دفعات 354، 337-A(i)، 337-F(i) تعزیرات پاکستان کے تحت درج کر لیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

    مزید تحقیقات جاری ہیں، اور پولیس کی جانب سے ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

  • اوکاڑہ: ہر نوجوان کو فائر فائٹنگ کی تربیت حاصل کرنی چاہیے، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے . رانا نعمان

    اوکاڑہ: ہر نوجوان کو فائر فائٹنگ کی تربیت حاصل کرنی چاہیے، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے . رانا نعمان

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) معروف فائر فائٹر رانا نعمان نے کہا ہے کہ فائر فائٹنگ کی تربیت ہر نوجوان کے لیے نہایت ضروری ہے تاکہ ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں آگ لگنے کے واقعات میں قیمتی جانوں اور املاک کا ضیاع اکثر اس لیے ہوتا ہے کیونکہ عام افراد کو ابتدائی فائر سیفٹی کا علم نہیں ہوتا۔

    رانا نعمان نے زور دیا کہ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، اگر انہیں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ریسپانس کی عملی تربیت دی جائے تو وہ نہ صرف اپنی حفاظت کر سکتے ہیں بلکہ دوسروں کی جانیں بچانے میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر فائٹنگ صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک قومی خدمت ہے، جسے جذبۂ انسانیت کے تحت اپنانا چاہیے۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام تعلیمی اداروں میں فائر سیفٹی کی بنیادی تربیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور ہر ضلع میں جدید فائر ٹریننگ سنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو عملی مہارتیں سکھائی جا سکیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہر گھر میں کم از کم ایک فرد کو آگ بجھانے کے ابتدائی اصولوں کی تربیت حاصل ہو، تو کسی بھی ناگہانی حادثے کے نقصانات کو بڑی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

    رانا نعمان نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ فائر فائٹنگ کو بطور جذبہ، ذمہ داری اور قومی خدمت کے طور پر اپنائیں، تاکہ ہم ایک محفوظ اور باشعور معاشرہ تشکیل دے سکیں۔

  • تنگوانی: نہر میں نہانے کیلئے جمپ لگانے والا نوجوان گردن ٹوٹنے سے جاں بحق

    تنگوانی: نہر میں نہانے کیلئے جمپ لگانے والا نوجوان گردن ٹوٹنے سے جاں بحق

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب واقع بیگاری نہر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نہر میں نہانے کے دوران نوجوان گردن ٹوٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق متوفی نوجوان وحید شیخ نے نہر کے پل سے نہانے کی غرض سے جمپ لگائی، مگر جمپ کے دوران اس کی گردن بری طرح ٹوٹ گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    حادثے کے فوراً بعد نوجوان کو انتہائی تشویشناک حالت میں سکھر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ وحید شیخ کی لاش جب آبائی گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا، علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بیگاری نہر کے پل پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث اس قسم کے واقعات کا خدشہ رہتا ہے۔ اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نہروں اور پلوں پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کی قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم، بہاولپور کے رہائشی 3 جاں بحق، 2 شدید زخمی

    ڈیرہ غازی خان: ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم، بہاولپور کے رہائشی 3 جاں بحق، 2 شدید زخمی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی)سخی سرور روڈ پر واقع ٹول پلازہ کے قریب ٹرک اور کار کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں بہاولپور کے تین رہائشی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ جمعہ، 13 جون 2025 کو شام 4 بج کر 36 منٹ پر پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فوری طور پر ریسپانس ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ قریبی پوائنٹ سے ایک ایمبولینس جبکہ ڈیرہ غازی خان شہر سے دو مزید ایمبولینسز، چوک چور ہٹہ اسٹیشن سے ریسکیو وہیکل اور گدائی اسٹیشن سے فائر وہیکل جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے 13 منٹ کے ریکارڈ وقت میں جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

    حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت اسداللہ ،احمد حسن ولد حافظ محمد عمر کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد ذیشان ولد غلام یاسین، نعیم ،محمد رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کا تعلق بہاولپور کے علاقے نیو سبزی منڈی سے بتایا جا رہا ہے جبکہ ایک چنڑ رامہ پھاٹک کا رہائشی بتایا گیا ہے

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو بھی فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔کار کو ریسکیو وہیکل کے ذریعے سڑک سے ہٹا کر محفوظ مقام پر کھڑا کر دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ آئے۔ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ممکنہ غفلت کے باعث پیش آیا۔

  • وفاقی بجٹ پر تحفظات، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کا متحدہ احتجاج

    وفاقی بجٹ پر تحفظات، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کا متحدہ احتجاج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)وفاقی بجٹ 2024-25 کے خلاف ملک بھر کی تاجر اور صنعتکار برادری نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ آواز میں اس پر سخت تنقید کی ہے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی اہم پریس کانفرنس میں پاکستان کے مختلف بڑے شہروں کے چیمبرز آف کامرس نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور بجٹ کو "بزنس دشمن” قرار دیا۔

    سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق کی زیر صدارت اس اجلاس میں لاہور، کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان اور دیگر شہروں کے چیمبر نمائندگان نے متفقہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مالی پالیسی مرتب کرتے وقت کاروباری طبقے کو یکسر نظر انداز کیا، جو کہ ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ عمل ہے۔

    اکرام الحق نے کہا کہ "اڑان پاکستان” جیسے قومی سطح کے ترقیاتی منصوبے محض سیاسی نعرے بن کر رہ جائیں گے اگر ان میں صنعتکاروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں صنعتی شعبے کی قربانیوں کو فراموش کر دیا گیا ہے اور نہ ہی کاروباری برادری کو کسی قسم کا ریلیف دیا گیا ہے۔

    پریس کانفرنس میں شریک مختلف چیمبرز کے صدور نے ایف بی آر کی پالیسیوں کو غیر شفاف اور مبہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں ایس آر اوز کی بھرمار اور پالیسی تضادات نے بزنس کمیونٹی کو مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ صنعتکاروں نے کہا کہ ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے جبکہ سابقہ بھاری ٹیکسوں کا بوجھ بدستور برقرار ہے، جو ملکی صنعت کو عالمی سطح پر غیر مسابقتی بنا رہا ہے۔

    شرکاء نے اس بات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ موجودہ ٹیکس پالیسیوں کے باعث پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے نہ صرف مقامی صنعت متاثر ہو رہی ہے بلکہ برآمدات میں بھی کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ کاروباری رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ وزیر خزانہ سے مشاورت کے دوران ان کا رویہ غیر لچکدار اور سخت گیر تھا، جس سے تاجر برادری کو شدید مایوسی ہوئی۔

    پریس کانفرنس کا اختتام ایک متفقہ اعلامیے پر ہوا، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاشی پالیسیاں ترتیب دینے سے پہلے تاجر اور صنعتکار برادری سے وسیع مشاورت کرے۔ اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ اگر موجودہ روش برقرار رہی تو پاکستان میں معاشی استحکام محض ایک خواب ہی بن کر رہ جائے گا۔

  • دیپالپور:سردار ندیم وٹو کی کوششوں سے لالو پور کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری

    دیپالپور:سردار ندیم وٹو کی کوششوں سے لالو پور کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری

    دیپال پور (نامہ نگار امتیاز شاہین چوہدری)دیپال پور کے نواحی گاؤں لالو پور کے عوام کا دیرینہ مطالبہ بالآخر سردار ندیم حسین وٹو کی کوششوں سے پورا ہو گیا۔ مقامی ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر نے سردار ندیم وٹو کی درخواست پر گاؤں کے لیے باقاعدہ ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے۔ گاؤں میں سولنگ اور نکاسی آب کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے موسم میں بزرگوں اور بچوں کو شدید دشواریوں کا سامنا تھا۔

    سردار ندیم حسین وٹو نے اس مسئلے کو اپنی ترجیح بنایا اور مقامی ایم پی اے سے مسلسل رابطے میں رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پورے گاؤں کی ہے، جس محبت اور عزت سے عوام نے مجھے نوازا وہ ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ گاؤں کو جب بھی میری ضرورت ہوگی، میں 24 گھنٹے حاضر ہوں گا۔

    انہوں نے ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوامی مسئلے کو سنجیدگی سے لیا۔ گاؤں کے بزرگ سردار حنیف خاں نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دنوں میں گزرنا محال ہو جاتا تھا، مگر سردار ندیم وٹو نے میرے گھر سمیت پورے گاؤں کے لیے فنڈز جاری کروائے، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

  • سیالکوٹ: AEOs کی انسپکشن ڈیجیٹلائز، رئیل ٹائم رپورٹنگ کا نظام متعارف

    سیالکوٹ: AEOs کی انسپکشن ڈیجیٹلائز، رئیل ٹائم رپورٹنگ کا نظام متعارف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اعلان کیا ہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران (AEOs) کی انسپکشن کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت رئیل ٹائم مسائل کی نشاندہی اور فوری رپورٹنگ ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب اے ای اوز اپنے فیلڈ وزٹس کے دوران اسکولوں میں درپیش مسائل کو ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے فوری طور پر اپ لوڈ کر سکیں گے، جس سے بروقت فیصلہ سازی اور مسئلہ حل کی راہ ہموار ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اے ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور محنت سے انجام دیں، اور انسپکشن کے دوران نہ صرف مسائل کی نشاندہی کریں بلکہ ان کے حل کیلئے اسکول انتظامیہ کے ساتھ عملی اقدامات بھی کریں۔ ایسے مسائل جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں، وہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کا مؤثر تدارک ممکن ہو۔

    اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے دیگر مقامی حکام بھی شریک تھے۔

  • اوچ شریف: تیز رفتاری کے دو حادثے، ماں بیٹی جاں بحق، نوجوان زخمی

    اوچ شریف: تیز رفتاری کے دو حادثے، ماں بیٹی جاں بحق، نوجوان زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تیز رفتاری نے اوچ شریف اور نواحی علاقوں میں دو الگ الگ حادثات میں قیمتی جانیں نگل لیں، جس سے علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی۔ پہلا افسوسناک واقعہ خیرپور ڈاہا چوک، تھانہ دھوڑ کوٹ کی حدود میں پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں 30 سالہ شبانہ بی بی زوجہ احمد حسن اور ان کی دو سالہ بیٹی مصباح بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ دونوں لاشیں آر ایچ سی خیرپور ڈاہا منتقل کر دی گئیں۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

    دوسرا حادثہ اوچ شریف روڈ پر اڈا فیض واہ کے قریب پیش آیا، جہاں 37 سالہ محمد عدنان ولد محمد اقبال موٹر سائیکل پر تیز رفتاری کے باعث قابو نہ رکھ سکا اور فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی کو رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا۔ زخمی کو پیشانی اور پاؤں پر چوٹیں آئیں مگر حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ریسکیو ٹیم نے زخمی کی جیب سے برآمد شدہ نقدی اور موبائل فون ایمانداری سے اس کے اہلخانہ کے حوالے کیے۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں حادثات کی وجہ تیز رفتاری تھی۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر رفتار کی حد نافذ کی جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مزید جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: غازی یونیورسٹی میں اساتذہ کی ٹریننگ کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان: غازی یونیورسٹی میں اساتذہ کی ٹریننگ کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد کی زیر صدارت نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت فیکلٹی ڈویلپمنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ذیلی ادارے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے 20 روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس میں غازی یونیورسٹی کے 27 لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرز حصہ لے رہے ہیں۔

    ٹریننگ میں ملک بھر سے ماہرین تعلیم اور پروفیسرز لیکچرز دیں گے، جبکہ ٹریننگ کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ڈاکٹر جاوید اقبال، چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو دی گئی ہے۔ تربیتی سیشنز میں تدریس کے جدید رجحانات، تعلیمی نفسیات، تعلیم بطور پیشہ، طلبہ کی کردار سازی، نصاب سازی، تعلیمی منصوبہ بندی، اور جدید ٹیکنالوجی کے تعلیمی استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔

    افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر راشدہ قاضی، ڈاکٹر عبدالغفار، ڈاکٹر عنصر حسین، ڈاکٹر شاہد نثار، ڈاکٹر اللہ بخش گلشن، ڈاکٹر مقبول سمیت دیگر فیکلٹی ممبران شریک تھے۔ تقریب سے ریسورس پرسن ڈاکٹر محمد زبیر اور وائس چانسلر ڈاکٹر اشفاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔