Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ: تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر،2 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

    اوکاڑہ: تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر،2 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں دیپالپور روڈ پر 31 ٹو ایل کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر سامنے جانے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین نوجوان دیپالپور روڈ پر سفر کر رہے تھے کہ اچانک ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دو نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ تیسرے کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ موٹرسائیکل کی تیز رفتاری اور لاپروائی بتائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیپالپور روڈ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

  • اوچ شریف: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، 47 سالہ شخص شدید زخمی

    اوچ شریف: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، 47 سالہ شخص شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بکھری میں دیرینہ دشمنی کے باعث ہونے والی فائرنگ سے 47 سالہ امیر بخش ولد پیر بخش شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر بخش روزمرہ معمولات میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے دور سے نشانہ بناتے ہوئے پستول سے فائرنگ کر دی۔ ایک گولی امیر بخش کی بائیں ٹانگ، پنڈلی کی ہڈی (Tibia/Fibula) کے بیرونی حصے پر لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر پڑے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس اور ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی، جس پر ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کیا۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ دیرینہ رنجش کا شاخسانہ ہے۔ مقامی افراد نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ علاقے میں امن قائم رہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: مسلم لیگ (ن) نے ہر مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا،  چوہدری طارق سبحانی

    سیالکوٹ: مسلم لیگ (ن) نے ہر مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا، چوہدری طارق سبحانی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہر مشکل دور میں ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اور آج بھی مریم نواز شریف اپنے والد قائد محمد نواز شریف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بہادری سے صوبہ پنجاب کی قیادت کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے تیسرے روز سیالکوٹ کینٹ میں اپنے ڈیرے "ریو ہاؤس” پر عید ملنے کے لیے آنے والے معززینِ علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    چوہدری طارق سبحانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف کی قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گھر اور ڈیرہ اپنے حلقے کے عوام کے لیے ہر وقت کھلا ہے، اور ہم عوام کی محبتوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ جہاں بھی عوام کو ہماری ضرورت محسوس ہو، ہم ان کے شانہ بشانہ موجود ہوں گے۔

    اس موقع پر سابق صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات چوہدری خوش اختر سبحانی مرحوم کے صاحبزادے بیرسٹر چوہدری جمیل سبحانی، ضلعی چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی سیالکوٹ چوہدری عبدالرزاق، سابق چیئرمین یونین کونسل پراگ پور چوہدری محمد لطیف، چوہدری اکبر علی گل، چوہدری شہزاد گل، چوہدری نبی احمد فراز، ملک پرویز، مہر محمد نواز اور محمد نعیم طارق سمیت علاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • سیالکوٹ: ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

    سیالکوٹ: ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ستھرا پنجاب مہم، عید کے تیسرے روز بھی 6 ہزار ٹن آلائشوں کی صفائی مکمل

    تفصیل کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کا خصوصی عمل عید کے تیسرے روز بھی پوری شدت سے جاری رہا۔ ضلع سیالکوٹ، سمبڑیال اور ڈسکہ میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھا کر ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر پانی اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کر کے ماحول کو صاف اور خوشبودار بنایا جا رہا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق چار ہزار سے زائد ورکرز اور 1100 سے زائد گاڑیاں صفائی کے اس عمل میں مصروف ہیں، جنہوں نے اب تک چھ ہزار ٹن سے زائد آلائشیں محفوظ مقامات پر منتقل کر دی ہیں۔ شہر بھر میں قائم کیمپوں پر چونے کے استعمال سے راستے مزین کیے گئے ہیں جبکہ ورکرز نے عید کے تینوں دن انتہائی ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دیے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سال آلائشوں کی بروقت صفائی اور تعفن سے بچاؤ کے انتظامات قابلِ تحسین ہیں اور شہری صاف ستھرا ماحول میں عید منانے پر مطمئن نظر آئے۔

  • سیالکوٹ: عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ

    سیالکوٹ: عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض )عید پر نہروں میں نہانے سے روکنے کے لیے ریسکیو کی پیٹرولنگ، ڈوبنے کے واقعات میں کمی

    تفصیل کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران گرمی کی شدت کے باعث شہری بڑی تعداد میں نہروں اور دریاؤں کا رخ کرتے ہیں، جس سے ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ان حادثات سے بچاؤ کے لیے ریسکیو 1122 کے اہلکار سیکری ایمرجنسی سروسز کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں کی جانب سے نہروں اور دریاؤں پر مسلسل پیٹرولنگ کی جا رہی ہے، جہاں نہانے والے افراد کو فوری طور پر باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جاتا ہے اور انہیں خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے سمجھایا جاتا ہے۔ ریسکیو 1122 کی اس بروقت اور مربوط حکمت عملی کے باعث ڈوبنے کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازیخان: ڈپٹی کمشنر کا عید پر صفائی انتظامات کا جائزہ، بیگز تقسیم، شہری مطمئن

    ڈیرہ غازیخان: ڈپٹی کمشنر کا عید پر صفائی انتظامات کا جائزہ، بیگز تقسیم، شہری مطمئن

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد عید کے تینوں روز صفائی کے عمل کی نگرانی میں سرگرم، شہریوں میں بیگز تقسیم، عوام مطمئن

    تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے عیدالاضحیٰ کے تینوں روز شہر سمیت کوٹ چھٹہ، چوٹی زیریں، مانہ احمدانی، سمینہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کر کے صفائی کے انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے گلی محلوں اور بلاکس میں پیدل جا کر صفائی کے عمل کا معائنہ کیا، شہریوں سے صفائی کے متعلق معلومات لیں اور آلائشوں کی بروقت تلفی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود صفائی عملے سے ملاقاتیں کیں، ان کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان، جنید خان، چیف آفیسرز جواد الحسن گوندل، اشفاق احمد، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اداروں کی جانب سے لگائے گئے کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ صفائی کے عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے سیکٹر سطح پر افسران کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں، جبکہ ضلعی کنٹرول روم بھی فعال رہا۔

    محمد عثمان خالد نے شہریوں میں آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لیے خصوصی بیگز بھی تقسیم کیے اور عوام سے اپیل کی کہ دیئے گئے بیگز میں آلائشیں ڈال کر مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ شہریوں نے صفائی کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

  • بہاولپور: دو المناک ٹریفک حادثات، خواتین و بچے سمیت 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

    بہاولپور: دو المناک ٹریفک حادثات، خواتین و بچے سمیت 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دو المناک ٹریفک حادثات، خواتین و بچے سمیت 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

    تفصیل کے مطابق ضلع بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ اور تحصیل حاصلپور میں پیش آنے والے دو ہولناک ٹریفک حادثات نے پانچ قیمتی جانیں نگل لیں، جن میں خواتین، بچے اور نوجوان شامل ہیں، جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثات کی بنیادی وجوہات تیز رفتاری، اوورٹیکنگ اور غفلت پر مبنی ڈرائیونگ تھیں۔

    پہلا حادثہ احمدپور شرقیہ میں چوک بھٹہ روڈ پر موچیاں والی سولنگ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے آمنے سامنے تصادم سے ایک نوجوان محمد فیروز ولد اللہ وسایا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے جن کی شناخت تنویر ولد منیر، محمد فاروق ولد محمد عزیز اور مبین ولد واحد کے طور پر ہوئی۔ تمام زخمیوں اور جاں بحق نوجوان کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    دوسرا حادثہ تحصیل حاصلپور میں چشتیاں روڈ پر کاتاریاں چیک پوسٹ کے قریب بہاولنگر سے بہاولپور جانے والی طاہر کوچ (CIL-5033) نے اوورٹیکنگ کے دوران سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ نتیجے میں بائیک سوار کوچ کے نیچے آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق افراد کی شناخت نسیم مائی زوجہ ارشاد، 50 سال،انور بی بی زوجہ رزاق، 30 سال،حسین ولد یوسف، 8 سال (کم سن بچہ)،بلال احمد ولد رزاق، 24 سال

    تمام لاشوں کو THQ ہسپتال حاصلپور منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے دونوں حادثات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

  • گوجرخان: دیرینہ دشمنی پر باپ اور دو بیٹے قتل، دو مشتبہ افرادگرفتار

    گوجرخان: دیرینہ دشمنی پر باپ اور دو بیٹے قتل، دو مشتبہ افرادگرفتار

    گوجرخان (باغی ٹی وی، نامہ نگار شیخ ساجد قیوم )دیرینہ دشمنی پر باپ اور دو بیٹے قتل، پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا

    تفصیل کے مطابق تھانہ جاتلی کے علاقے درکالی سیداں میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر تین افراد کو گھر میں سوتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ مقتولین میں مشتاق شاہ اور اس کے دو بیٹے عمران شاہ اور رضوان شاہ شامل ہیں۔ قاتلوں نے رات گئے گھر میں داخل ہو کر پے در پے گولیاں ماریں، جس سے تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کی اطلاع ملتے ہی جاتلی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرخان منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

    سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ واقعے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتولین کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ، تین کار سوار شدید زخمی، سکھر منتقل

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ، تین کار سوار شدید زخمی، سکھر منتقل

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ ٰ)ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ، تین کار سوار شدید زخمی، سکھر منتقل

    تنگوانی کے قریب انڈس ہائی وے پر واقع ٹھل-کندھ کوٹ کے معصوم شاہ سٹاپ پر ڈاکوؤں نے رات دیر گئے ایک کار کو لوٹنے کی کوشش کے دوران اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ کار نہ روکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے تین افراد عابد علی، حامد اور سجاد علی بھلکانی کو شدید زخمی کر دیا۔ واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر کندھ کوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں سکھر ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس تا حال خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

  • دھوڑ کوٹ:نوجوان کو دریا میں نہانا مہنگا پڑگیا، دفعہ 144 کے تحت گرفتار

    دھوڑ کوٹ:نوجوان کو دریا میں نہانا مہنگا پڑگیا، دفعہ 144 کے تحت گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) دھوڑ کوٹ پولیس نے پنجاب حکومت کی جانب سے لگائی گئی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو دریا میں نہاتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

    ملزم کی شناخت محمد جمیل ولد شمس الدین، قوم گمب، ساکن موضع بہاولپور گھلواں کے نام سے ہوئی ہے، جو کشتی کے ذریعے دریا کنارے پہنچا اور نہا رہا تھا۔ حکومت پنجاب نے عوامی مقامات، دریاؤں اور نہروں میں نہانے کے ساتھ ساتھ "ون ویلنگ” پر بھی مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ دھوڑ کوٹ سجاد حسین لغاری نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بارہا دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کے نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔