Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی پولیس چوکی کے سامنے لوٹ مار، مسافروں کا احتجاجی دھرنا

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی پولیس چوکی کے سامنے لوٹ مار، مسافروں کا احتجاجی دھرنا

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب تھانہ ڈیرہ سر کی حدود میں واقع ٹھل-کندھ کوٹ ہائی وے پر سوکڑ اسٹاپ کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس چوکی کے سامنے دن دیہاڑے مسافر گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، جب کہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور کوئی کارروائی نہ کی۔

    عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو دونوں اطراف سے آنے والی گاڑیوں کو روکتے رہے اور لوٹ مار کے بعد با آسانی فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے خلاف کسی قسم کی مزاحمت یا تعاقب نہیں کیا گیا، جس پر مشتعل مسافروں نے شدید گرمی میں سڑک پر احتجاجی دھرنا دیا اور روڈ کو بلاک کر دیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس چوکی کے سامنے ہونے والی اس واردات پر فوری نوٹس لے کر ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے اور مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

  • بابا گرو نانک یونیورسٹی میں نیشنل کانفرنس آن میتھمیٹکس کا کامیاب انعقاد

    بابا گرو نانک یونیورسٹی میں نیشنل کانفرنس آن میتھمیٹکس کا کامیاب انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی اور بابا گرو نانک میتھمیٹیکل سوسائٹی کے اشتراک سے "پائیدار ترقی کے لیے معیاری تعلیم” کے عنوان سے دو روزہ نیشنل کانفرنس آن میتھمیٹکس (NCM) کامیابی سے منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کی 27 جامعات سے 60 سے زائد محققین اور معزز مقررین نے شرکت کی۔

    افتتاحی اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین، رجسٹرار مبشر طارق اور چیئرمین شعبہ ریاضی ڈاکٹر شاہد مبین نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلر نے کانفرنس کو علمی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا جبکہ ڈاکٹر شاہد مبین نے اس کے تحقیقی و تربیتی مقاصد پر روشنی ڈالی۔

    کانفرنس کے مؤثر انعقاد میں ڈاکٹر عامر عباس (فوکل پرسن)، ڈاکٹر عامر شہزاد، مریم شفیق، محمد فاروق، محمد ذیشان، حلیمہ سادیہ، اقرا نیاب، ڈاکٹر افتخار علی، بلال خان اور عطیہ حمید سمیت پوری تنظیمی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔ کانفرنس نے طلباء و محققین کو سیکھنے، تبادلہ خیال، اور ریسرچ نیٹ ورکنگ کا منفرد موقع فراہم کیا۔

  • اوکاڑہ: پاک افواج کی عظیم کامیابی پر یومِ تشکر، پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد

    اوکاڑہ: پاک افواج کی عظیم کامیابی پر یومِ تشکر، پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) مشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور بھارتی جنگی عزائم کو ناکام بنانے پر قوم کی جانب سے اظہار تشکر کے طور پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب اور اظہارِ یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، ایم پی اے غلام رضا ربیرہ، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، قومی ترانہ بجایا گیا، اور ریلی میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر عاشق کرمانی نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ایم پی اے غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مشن بنیان مرصوص نے بھارتی ایر ڈیفنس سسٹم کو ناکارہ بنا کر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ سرکاری سطح پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے اور تعلیمی و مذہبی اداروں میں خصوصی دعائیں ہوں گی۔

  • سیالکوٹ: افواجِ پاکستان کا دشمن کو منہ توڑ جواب، پوری قوم متحد  ہے، فراز راجہ

    سیالکوٹ: افواجِ پاکستان کا دشمن کو منہ توڑ جواب، پوری قوم متحد ہے، فراز راجہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے ضلعی نائب صدر محمد فراز راجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے بروقت اور دلیرانہ اقدامات نے ثابت کر دیا کہ پاک فوج مضبوط ترین فورس ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع میں فوج کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

    فراز راجہ نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاک فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، اور اب دشمن پاکستان کی طرف دیکھنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور بحریہ کی جرات مندی بھی قابلِ ستائش ہے، جبکہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عظیم فتح حاصل کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کا ہے اور ہمیشہ رہے گا، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ افواج پاکستان کی بدولت قوم چین کی نیند سوتی ہے اور وطن کی مٹی سے محبت ہی ایمان کی پہچان ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: یومِ تشکر کی تقریبات، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    ڈیرہ غازی خان: یومِ تشکر کی تقریبات، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں جمعتہ المبارک کو یومِ تشکر کے طور پر منایا گیا۔ دن کا آغاز قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ سرکاری و نجی عمارات پر قومی پرچم لہرائے گئے۔

    ضلع کونسل میں مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا، جہاں کمشنر اشفاق احمد چوہدری، آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن، ایم پی اے حنیف پتافی اور دیگر نے پرچم کشائی کی۔ پولیس، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کے دستوں نے سلامی دی۔ شہداء کی فیملیز مہمان خصوصی تھیں، جنہیں گلدستے پیش کیے گئے اور شرکاء نے کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا۔

    طلباء نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ پولیس لائنز میں بھی یوم تشکر کی تقریب منعقد ہوئی۔ مقررین نے پاک فوج کی بہادری کو سراہا اور بھارت کو دی گئی منہ توڑ جواب کو خراج تحسین پیش کیا۔ قوم کے اتحاد اور پاک فوج کی جرات کو تقریبات کا محور قرار دیا گیا۔

  • لنڈی کوتل: منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 1500 گرام ہیروئن برآمد،ملزم گرفتار

    لنڈی کوتل: منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 1500 گرام ہیروئن برآمد،ملزم گرفتار

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) خیبر کے علاقے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ چراوزگئے چیک پوسٹ پر ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کے قبضے سے 1500 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی، جبکہ ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کارروائی سب انسپکٹر حاجت خان کی قیادت میں انجام دی گئی، جو ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) خیبر رائے مظہر اقبال کی ہدایت پر جاری انسدادِ منشیات مہم کا حصہ تھی۔ حاجت خان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ چیک پوسٹ پر سخت نگرانی کے دوران ایک شخص کو پیدل مشکوک انداز میں گزرتے ہوئے روکا گیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی۔

    گرفتار ملزم کا تعلق ذخہ خیل سے ہے، جسے موقع پر ہی حراست میں لے کر مقامی تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ اس کے ممکنہ نیٹ ورک اور معاونین تک بھی رسائی حاصل کی جا سکے۔

    ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کیلئے پولیس کسی دباؤ یا مصلحت کا شکار نہیں ہو گی۔

  • گوجرانوالہ: افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر "پاک فوج زندہ باد” ریلیاں

    گوجرانوالہ: افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر "پاک فوج زندہ باد” ریلیاں

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور افواج پاکستان کی تاریخی فتوحات پر عوامی ریلیاں، پاک فوج سے اظہار یکجہتی

    پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم ہونے پر گوجرانوالہ بھر میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور تاریخی فتوحات پر عوامی جوش و جذبہ دیدنی رہا۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل اور بھارت کی جدید ٹیکنالوجی کو شکست دینے پر مختلف علاقوں میں "پاک فوج زندہ باد” ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں سول سوسائٹی، صحافیوں، سیاسی و انتظامی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

    قلعہ دیدار سنگھ میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے ایک پرجوش ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر نے کی۔ ریلی میں سی او عثمان غنی، عاطف سلیم گل، عبدالحمید مغل، سرفراز راول و دیگر نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں وطن سے محبت اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے درج پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے دوران فضا ’’پاک فوج زندہ باد‘‘، ’’قوم کو تم پر فخر ہے‘‘ اور ’’ہم سب ایک ہیں‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور دعائیں کی گئیں۔

    دوسری جانب کشمیر کالونی، عالم چوک اور راہوالی میں بھی ملک توصیف احمد (نائب صدر PFUJ ورکرز) اور نعیم گل کی قیادت میں شاندار ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ راہوالی شوگر مل اور راہوالی کینٹ گیٹ پر اختتام پذیر ہونے والی ریلیوں میں صحافی برادری، سول سوسائٹی اور سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے جنرل عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔

    ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے ملک توصیف احمد نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کی جدید ٹیکنالوجی کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کی حکمت عملی کو ایٹمی پاکستان کی عالمی شناخت میں اہم قرار دیا۔ نعیم گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، اور ہر پاکستانی فوج کا سپاہی ہے۔ چاچا زاہد ملک نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل چکے ہیں، نریندر مودی کی نیندیں اڑ چکی ہیں اور دنیا پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے۔

    ریلیوں میں افتخار علی بٹ، زاہد اقبال ملک، بشارت برہان، آصف رضا، جہانگیر مصطفائی، رانا ساجد، مشتاق نوری، خاور جرال، شکیل جرال، عرفان حیدری، جنید ملک، شیراز اسلم، چراغ بٹ، مون بھنڈر سمیت متعدد شخصیات شریک ہوئیں اور پاک فوج کے جوانوں پر گل پاشی کی گئی۔

    گوجرانوالہ کی فضا اس دن وطن سے محبت اور افواج پاکستان کے لیے عقیدت سے مہک اٹھی، عوامی جوش و جذبے نے واضح کر دیا کہ قوم ہر میدان میں اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • اوچ شریف: بی آئی ایس پی سنٹر میں امدادی رقوم پر ڈاکہ ناکام، ایجنٹ گرفتار، رقم برآمد

    اوچ شریف: بی آئی ایس پی سنٹر میں امدادی رقوم پر ڈاکہ ناکام، ایجنٹ گرفتار، رقم برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت مالی امداد لینے والی خواتین کی رقوم میں ناجائز کٹوتی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر کی بروقت کارروائی سے بااثر اور چالاک ایجنٹ محمد اکرام رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے رقم متاثرہ خاتون کو واپس دلوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ شمس الدین گیلانی بوائز ڈگری کالج اوچ شریف میں قائم بی آئی ایس پی کیمپ میں ایجنٹ محمد اکرام نے نسیم اختر زوجہ سعید احمد (شناختی کارڈ نمبر 31201-9770509-2) سے 13,500 روپے کی امدادی رقم میں سے 1,000 روپے ناجائز طور پر کاٹ کر صرف 12,500 روپے ادا کیے۔ واقعے کی اطلاع اسسٹنٹ ڈائریکٹر BISP عامر شہزاد ولد علی رشید نے دی، جس پر فوری پولیس کارروائی کرتے ہوئے محمد اکرام کے خلاف مقدمہ نمبر 420 ت پ کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

    کارروائی کے وقت موقع پر موجود گواہان میں کیمپ انچارج محمد اشرف اور نائب قاصد عبدالمناف شامل تھے۔ ایجنٹ محمد اکرام ابتدائی طور پر فرار ہو گیا، تاہم محمد فیاض ولد خلیل احمد نے اس کی زیر استعمال ڈیوائس قبضے میں لے کر پولیس کے حوالے کر دی، جس سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاتون کو مکمل رقم واپس دلائی اور اس عمل کے ذریعے عوامی اعتماد بحال کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور کمشنر بہاولپور و ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں فلاحی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے، اور کسی بھی کرپشن پر سخت کارروائی ہو گی۔

    بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے اوچ شریف کے مرکزی بازار میں تجاوزات کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا، متعدد دکانیں سیل کی گئیں اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ شہریوں نے ان جرات مندانہ اقدامات کو سراہا اور انتظامیہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

  • نوجوانوں کو تمباکونوشی سے کیسے بچائیں؟

    نوجوانوں کو تمباکونوشی سے کیسے بچائیں؟

    نوجوانوں کو تمباکونوشی سے کیسے بچائیں؟
    تحریر: ریاض جاذب
    تمباکو نوشی پاکستان میں صحت عامہ کا ایک سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے، خصوصاً نوجوانوں میں اس کی بڑھتی ہوئی شرح تشویشناک ہے۔ باوجود اس کے کہ تمباکو کے نقصانات سے متعلق آگاہی بھی عام ہے، مگر نوجوانوں میں اس کے استعمال میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی 17.2 فیصد آبادی تمباکو نوشی کی عادی ہے، جن میں مردوں کی شرح 28.4 فیصد اور خواتین کی چھ فیصد ہے۔ 25 سے 44 سال کی عمر کے افراد اس کا سب سے زیادہ شکار ہیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اب کم عمر بچوں اور نوعمروں میں بھی تمباکو نوشی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

    نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے پھیلاؤ کی متعدد وجوہات ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں دوستوں کا دباؤ، بڑوں کا بچوں کے سامنے تمباکو نوشی کرنا، تمباکو کی آسان دستیابی، سستی قیمت، اور تمباکو کمپنیوں کی پر کشش مارکیٹنگ شامل ہیں۔ اکثر نوجوان تمباکو نوشی کا آغاز محض وقتی تفریح کے طور پر کرتے ہیں، لیکن جلد ہی یہ ایک عادت بن جاتی ہے۔

    پاکستان میں تمباکو مصنوعات کی قانونی پابندیوں کے باوجود سکولوں، کالجوں اور عوامی مقامات کے آس پاس تمباکو کی فروخت عام ہے، جو نوجوانوں کو تمباکو کی طرف راغب کرتی ہے۔ قوانین تو موجود ہیں، لیکن ان پر مؤثر عمل درآمد کا فقدان اس سنگین مسئلے کو مزید گھمبیر بنا رہا ہے۔

    تمباکو نوشی کے خاتمے کے لیے پاکستان کو ان ممالک سے سیکھنے کی ضرورت ہے جو اس میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ مثلاً نیوزی لینڈ نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے 2008 کے بعد پیدا ہونے والے افراد کو تمباکو مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد نئی نسل کو تمباکو سے مکمل طور پر محفوظ رکھنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمباکو مصنوعات میں نکوٹین کی مقدار میں کمی، انہیں کم پرکشش بنانے، اور ملک بھر میں ریٹیل دکانوں کی تعداد 6,000 سے گھٹا کر 600 تک محدود کرنا بھی شامل ہے۔

    نوجوانوں کو ٹارگٹ بنزکر کی جانے والی تشہیر ان کی ذہنی ساخت پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے، لہٰذا ایسی سرگرمیوں کو روکنا ناگزیر ہے۔

    تمباکو نوشی کے خلاف جنگ میں تعلیم اور آگاہی سب سے مؤثر ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔ سکولوں اور کالجوں کے نصاب میں تمباکو نوشی کے نقصانات سے متعلق معلومات کو شامل کرنا اور تمباکو سے متاثرہ افراد کی کہانیوں کو سچائی کے ساتھ پیش کرنا نوجوانوں پر دیرپا اثر ڈال سکتا ہے۔ سوشل میڈیا، یوٹیوب، اور دیگر جدید ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے آگاہی مہمات چلائی جا سکتی ہیں تاکہ نوجوانوں کو تمباکو نوشی کے خطرات سے روشناس کرایا جا سکے۔

    سکولوں، یونیورسٹیوں، دفاتر، تفریحی مقامات اور کھیل کے میدانوں میں تمباکو نوشی پر مکمل پابندی ہونی چاہیے، اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ عوامی مقامات کو تمباکو سے پاک قرار دے کر ایک مثال قائم کی جا سکتی ہے۔

    پاکستان میں تمباکو چھوڑنے کے لیے مؤثر سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ ہر تمباکو نوش، کسی نہ کسی موقع پر یہ عادت چھوڑنے کا خواہش مند ہوتا ہے، لیکن اسے عملی مدد میسر نہیں آتی۔ لہٰذا، تمباکو نوشی ترک کرنے کے مراکز، مشاورت، نکوٹین ریپلیسمنٹ تھراپی (NRT) جیسے علاج اور آن لائن رہنمائی پروگرام قائم کیے جانے چاہییں تاکہ نوجوانوں کو ان کی صحت مند زندگی کی طرف واپسی کا راستہ دیا جا سکےصحت کے موجودہ نظام میں تمباکو کنٹرول کو ایک مستقل ترجیح بنایا جائے۔ پالیسی سطح پر تمباکو پر بھاری ٹیکس، اشتہارات اور اسپانسرشپ پر مکمل پابندی، سادہ پیکیجنگ، اور تمباکو نوشی کی روک تھام کے سخت قوانین لاگو کیے جائیں۔ معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کرکے ایک اجتماعی جدوجہد کی جائے، جس میں والدین، اساتذہ، علماء، میڈیا اور صحت کے شعبے کے ماہرین اپنا کردار ادا کریں۔

    اگر پاکستان نوجوانوں کو تمباکو نوشی سے بچانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ ایک صحت مند، توانا اور ترقی یافتہ نسل کی بنیاد رکھے گا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم محض قوانین پر اکتفا نہ کریں بلکہ ان پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، آگاہی عام کریں، صحت کی سہولیات کو وسعت دیں اور معاشرتی سطح پر ایک بھرپور مہم چلائیں۔ تمباکو سے پاک پاکستان ایک خواب نہیں، ایک حقیقت بن سکتا ہے ،بس ہمیں اجتماعی طور پر سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
    ،

  • سیالکوٹ: نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

    سیالکوٹ: نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

    سیالکوٹ کے تھانہ پھکلیان کے نواحی گاؤں مہیال بجوات میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ نازیہ بی بی، چار بچوں کی ماں، کو اس کے نشئی شوہر شفیق نے بے رحمی سے قتل کر کے دریائے چناب کے ساتھ بہنے والے نالے میں پھینک دیا۔ شفیق جو ہیروئن اور انجیکشن کا عادی تھا، نے نازیہ کو ہسپتال لے جانے کے بہانے گھر سے نکالا اور راستے میں اس کی جان لے لی۔ اس کے بعد وہ گھر واپس آیا اور بچوں کو جھوٹ بولا کہ ان کی ماں ہسپتال میں داخل ہے اور جلد گھر آئے گی۔

    نازیہ کے چار بچوں 14 سالہ بیٹی، 10 سالہ بیٹا، 7 سالہ بیٹی اور 4 سالہ بیٹے نے رات ماں کی یاد میں روتے ہوئے گزاری۔ سب سے چھوٹا بچہ ماں کے لیے سسکتا رہا، جبکہ بڑی بہن نے اسے سینے سے لگا کر سلایا۔ صبح ماں کی عدم موجودگی پر بچوں نے اپنے ماموں اور نازیہ کے بھائی کو فون کیا۔ ہسپتال میں نازیہ کا کوئی سراغ نہ ملنے پر شک گہرا ہوا۔ شفیق سے پوچھ گچھ کے بعد اس نے اعتراف کیا کہ اس نے نازیہ کو قتل کر کے لاش نالے میں پھینک دی۔

    یہ واقعہ نازیہ کے خاندان کے لیے ایک صدمے سے کم نہیں۔ اس کے بھائی اور رشتہ دار غم و غصے کی کیفیت میں ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے شفیق کو حراست میں لے لیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ انصاف کے لیے کافی ہے؟ نازیہ کے یتیم بچوں کی آنکھوں میں درد اور سوال ہیں کہ ان کا جرم کیا تھا؟

    نازیہ کے خاندان اور مقامی افراد نے شفیق کو سخت سزا دینے اور نشے کے عادی افراد کے خلاف فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت اور تحفظ کے لیے بھی حکومتی سے اپیل کی ہے۔