Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • خیبر: بابِ خیبر پر بھارتی جارحیت کے خلاف خیبر پولیس اور قبائلی عمائدین کا بھرپور احتجاج

    خیبر: بابِ خیبر پر بھارتی جارحیت کے خلاف خیبر پولیس اور قبائلی عمائدین کا بھرپور احتجاج

    خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ) بابِ خیبر پر بھارتی جارحیت کے خلاف خیبر پولیس اور قبائلی عمائدین کا بھرپور احتجاج

    قبائلی ضلع خیبر میں بھارتی جارحیت، کشمیریوں پر مظالم اور پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کے خلاف ایک پرامن مگر پُرجوش احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرہ جمرود کے تاریخی مقام بابِ خیبر پر کیا گیا، جہاں خیبر پولیس، قبائلی مشران، سماجی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    مظاہرین نے بھارت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔ شرکاء نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اقدامات کرے۔

    مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل چیئرمین حاجی عظمت خان، عبدالمنان مدوخیل، حضرت ولی آفریدی، خالد اکبر، حاجی خان، زیور جان اور دیگر قبائلی مشران نے کہا کہ قبائلی عوام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل جمرود محمد نواز، ایس ایچ او نسیم خان، ایڈیشنل ایس ایچ او خالد خان، غفار خان، حسین زادہ اور رفیع اللہ نے بھی شرکت کی۔ پولیس افسران نے کہا کہ خیبر پولیس صرف داخلی سلامتی تک محدود نہیں بلکہ قومی دفاع کے ہر محاذ پر متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرہ قبائلی عوام اور پولیس کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے۔

    احتجاجی مظاہرہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا، اور آخر میں پاکستان کی سلامتی، کشمیری عوام کی آزادی اور خطے کے امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • لاہور: سرحدی کشیدگی کے پیش نظر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور: سرحدی کشیدگی کے پیش نظر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور (باغی ٹی وی) موجودہ سرحدی صورتحال کے تناظر میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر، بشمول لاہور، میں سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس موجودہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    آئی جی پنجاب کے مطابق پولیس کی آپریشنل، اسٹریٹیجک اور لاجسٹک تیاریوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن قائم ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔

    ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں سمیت تمام حساس اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملکی اندرونی سرحدوں کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔

    آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور فارمیشنز کے سربراہان کو وار بک کے مطابق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

    ڈی پی آر پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پنجاب پولیس ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

  • اوچ شریف: دل کا دورہ  پڑنے سے نوجوان جابحق، علاقے میں سوگ کی فضا

    اوچ شریف: دل کا دورہ پڑنے سے نوجوان جابحق، علاقے میں سوگ کی فضا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی چاکر خان رند میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 38 سالہ نوجوان محمد اعجاز دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک وفات پا گیا۔ محمد اعجاز ایک خوش اخلاق، خوش مزاج اور ہر دلعزیز نوجوان تھا، جس کی ناگہانی موت نے پورے علاقے کو افسردہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محمد اعجاز حسبِ معمول صبح کھیتی باڑی کے لیے گھر سے نکلا، مگر کچھ دیر بعد اسے سینے میں شدید درد محسوس ہوا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ ہارٹ اٹیک قرار دی گئی ہے۔

    مرحوم کے والدین، بھائی، بہن اور دیگر اہل خانہ گہرے صدمے میں مبتلا ہیں جبکہ پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔ محمد اعجاز کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعرات صبح 9 بجے بستی چاکر خان رند میں ادا کی گئی، جس میں علاقہ معززین، دوست احباب، عزیز و اقارب اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مرحوم کو دعاؤں اور آہوں کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

  • ننکانہ : ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں، تمام ادارے متحرک

    ننکانہ : ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں، تمام ادارے متحرک

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں رات گئے ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران موجود تھے، جبکہ ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔

    فرضی ہنگامی صورتحال کا سائرن بجتے ہی امدادی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں۔ ریسکیو 1122 نے صرف دو منٹ میں جائے وقوعہ پر رسپانڈ کیا، جبکہ دیگر ادارے پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئے۔ مشقوں کے دوران زخمیوں کو فوری طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران بلڈنگ میں پھنسے افراد کو نکالنے، شہریوں کو چھتوں سے محفوظ طریقے سے اتارنے اور آگ بجھانے کے عملی مظاہرے بھی کیے گئے۔

    ان مشقوں کا مقصد ضلعی اداروں کی استعداد، تیاری اور باہمی ہم آہنگی کا جائزہ لینا تھا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے مشقوں کے اختتام پر تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور افسران و اہلکاروں کو شاباش دی۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جا کر مشقوں کے دوران فرضی زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔ بھارتی جارحیت کی صورت میں پاک افواج اور سول ادارے مل کر ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مادرِ وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

    مشقوں کے اختتام پر پنڈال "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، جو عوام کے جذبہ حب الوطنی اور اداروں کی قربانیوں کے اعتراف کا مظہر تھا۔

  • اوچ شریف: نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو گردن پر گولیاں مار کر قتل کر دیا

    اوچ شریف: نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو گردن پر گولیاں مار کر قتل کر دیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں واقع بستی نوناری، موضع نوناری خیرپور ڈاہا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں تین نامعلوم مسلح افراد ایک گھر میں گھس آئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے گھر میں موجود 25 سالہ خاتون علینہ زوجہ مزمل کو گردن پر گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    واقعے کے بعد تینوں حملہ آور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم انہیں جلد گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    دوسری جانب مقتولہ کے لواحقین شدید غم و غصے میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: سرحدی کشیدگی پر فوری ردعمل کیلئے پولیس کا ہنگامی اجلاس

    سیالکوٹ: سرحدی کشیدگی پر فوری ردعمل کیلئے پولیس کا ہنگامی اجلاس

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیورو چیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی سربراہی میں پولیس لائنز کے کانفرنس روم میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاک بھارت حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں بھارتی جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دینے، پاک افواج کے شانہ بشانہ کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا فوری ردعمل دینے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    ڈی پی او سیالکوٹ نے اجلاس کے دوران اہم تنصیبات کی حفاظت، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ جنگ زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام افسران کو واضح اور مؤثر ہدایات جاری کیں۔

    اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی، چاہے اس کے لیے جانوں کا نذرانہ ہی کیوں نہ دینا پڑے۔

  • ہندوستان نے پھر غلطی دُہرائی لیکن پاکستان نے منہ توڑ جواب دے دیا

    ہندوستان نے پھر غلطی دُہرائی لیکن پاکستان نے منہ توڑ جواب دے دیا

    ہندوستان نے پھر غلطی دُہرائی لیکن پاکستان نے منہ توڑ جواب دے دیا
    خصوصی مضمون،تحریر:سید ریاض جاذب

    ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان کی صلاحیتوں اور عزم کو غلط اندازہ لگایا۔ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی کا سہارا لے کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ایک بار پھر بے گناہ شہری، خواتین اور بچے دشمن کی جارحیت کا نشانہ بنے۔
    لیکن اس بار پاکستان خاموش نہیں رہا۔ پاکستان نے فیصلہ کن دفاع اور پاک فضائیہ کی برتری کا عملی ثبوت دیا ہے۔ جوابی کارروائی میں پاک افواج، بالخصوص پاک فضائیہ نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان نہ صرف تیار ہے بلکہ ہر سطح پر مؤثر اور جدید دفاعی نظام رکھتا ہے۔

    پاکستانی فضائیہ نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے، شجاعت اور مہارت کے ساتھ بھارتی فضائیہ کے کئی جہاز تباہ کیے، جن میں رافیل جیسے جدید طیارے بھی شامل تھے۔ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ، بھارتی فضائیہ سے ہر لحاظ سے بہتر اور برتر ہے۔

    دشمن کی دوہری جارحیت جاری ہے۔ پانی اور بارود سے حملے ایک ساتھ جاری ہیں۔ ہندوستان کی حالیہ چالوں میں صرف فضائی حملے ہی شامل نہیں، بلکہ وہ آبی جارحیت کا بھی ارتکاب کر رہا ہے، جس سے پاکستان کی زراعت اور توانائی کے شعبے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    لیکن پاکستان نے بھی دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا، اور ایسا جواب دیا جس سے بھارت کو بھاری جانی اور فوجی نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستان کی جوابی کارروائی نہ صرف مؤثر تھی بلکہ منہ توڑ بھی۔
    بھارت، جو بڑے بڑے دعوے کرتا تھا، اب جنگ کے دائرے کو بڑھنے سے روکنے کی التجائیں کر رہا ہے۔ کیونکہ اب نہ صرف بھارت کی فوج کی صلاحیت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئی ہے، بلکہ اس کی سیاسی قیادت بھی بوکھلا چکی ہے۔

    افواجِ پاکستان کو مکمل اختیار اور بھی قوم کے اعتماد کے ساتھ بھی حاصل ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی سربراہی میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ افواج پاکستان کو مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا، کسی بھی وقت اور کسی بھی انداز میں جواب دیں۔
    یہ اختیار صرف فوجی فیصلہ نہیں، یہ قوم کے اعتماد، حوصلے اور اتحاد کا عکاس ہے۔

    ہماری لائن واضح ہے: امن چاہتے ہیں، مگر کمزوری نہیں دکھائیں گے۔ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، مگر اپنی خودمختاری، سلامتی اور شہریوں کی حفاظت پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
    دشمن کو اب اچھی طرح سمجھ آ جانا چاہیے کہ پاکستان ایک پُرامن مگر باوقار اور طاقتور ریاست ہے، جو چپ رہنا جانتی ہے، لیکن جواب دینا بھی جانتی ہے۔

    قومی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس کے بعد قومی اسمبلی میں بھی اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا ہےجو کہ دشمن کو دو ٹوک پیغام تھا۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی بزدلانہ کارروائی پر دو ٹوک مؤقف اختیار کیا۔
    وزیر اعظم کا خطاب نہ صرف ایک پالیسی بیان تھا بلکہ ایک واضح للکار تھی، جس میں دشمن کو بتایا گیا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    قومی اسمبلی کے اس اہم اجلاس میں تمام پارلیمانی پارٹیوں نے متحد ہو کر دشمن کی اس بزدلانہ حرکت کی شدید مذمت کی، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت ملکی دفاع، خودمختاری اور سلامتی کے معاملے پر ایک پیج پر ہے۔
    یہ قومی یکجہتی کا ایک نادر اور مؤثر اظہار تھا۔

    اس متفقہ موقف نے پوری قوم کو یہ حوصلہ دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر جب بات پاکستان کے دفاع کی آتی ہے تو پوری قیادت، تمام جماعتیں اور عوام ایک صف میں کھڑے ہیں، اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔

    یہ پیغام نہ صرف پاکستانی عوام کے لیے ایک تسلی بخش علامت ہے، بلکہ دشمن کے لیے بھی ایک وارننگ ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، اور اس کی قوم متحد ہے۔

  • کراچی: جی ڈی اے اور جے یو آئی کا بھارتی جارحیت کی مذمت، 18 مئی کا جلسہ ملتوی

    کراچی: جی ڈی اے اور جے یو آئی کا بھارتی جارحیت کی مذمت، 18 مئی کا جلسہ ملتوی

    کراچی (باغی ٹی وی) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سندھ کے رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس آج کراچی میں منعقد ہوا، جس میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کیا گیا۔

    اجلاس میں جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینیٹر سید صدرالدین شاہ راشدی، جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبد القیوم ہالیجوی، مولانا راشد محمود سومرو، ڈاکٹر صفدر عباسی، سردار عبدالرحیم، سید زین شاہ، مظہر راہوجو، معظم عباسی، مظفر بروہی، مولانا عبدالکریم عابد، قاری عثمان، غلام سرور بلیدی، رفیق احمد سومرو، حسین آصفی اور دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔

    رہنماؤں نے بھارت کے رات کے اندھیرے میں کیے گئے بزدلانہ حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی، اور افواجِ پاکستان کے حوصلے و استقامت میں اضافے کے لیے دعا بھی کی گئی۔

    سید صدرالدین شاہ راشدی اور مولانا راشد محمود سومرو نے مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جی ڈی اے اور جے یو آئی کے کارکنان ہر محاذ پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ حر فورس اور انصار السلام کے کارکنان وطن کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

    رہنماؤں نے ملکی نازک حالات کے پیش نظر 18 مئی کو باغ جناح کراچی میں منعقد ہونے والا جلسہ عام ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز ہم سب کے لیے اولین ترجیح ہے۔ اگر ملک سلامت ہے تو ہم سب سلامت ہیں۔ اس لیے ہم سیاسی سرگرمیاں روک کر اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    آخر میں اعلان کیا گیا کہ پوری قوم متحد ہے اور بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کو منہ توڑ جواب دے گی۔

  • ننکانہ: بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی، اقلیتوں سمیت شہریوں کی بھرپور شرکت

    ننکانہ: بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی، اقلیتوں سمیت شہریوں کی بھرپور شرکت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بھارتی بزدلانہ جارحیت کی شدید مذمت اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ننکانہ صاحب میں ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں تمام مکاتبِ فکر، اقلیتوں، تاجروں، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کی، جو گول چکر چوک سے گوردوارہ جنم استھان تک نکالی گئی۔ اس میں ضلعی افسران، تاجر برادری، ڈاکٹرز، سکھ، عیسائی اور دیگر اقلیتی برادری کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی میں پاکستان کے جھنڈے بلند کیے گئے اور "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد”، "مودی مردہ باد”، "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ” جیسے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔

    شرکاء نے بھارت کی شہری آبادی پر رات کے اندھیرے میں کی گئی بزدلانہ بمباری کو عالمی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ مساجد کو نشانہ بنانا بھارت کی ذہنی پستی کی عکاسی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے بروقت اور منہ توڑ جواب کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

    ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی فتح اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سکھ رہنما سردار سرجیت سنگھ کنول نے اپنے خطاب میں کہا کہ "جب بات پاکستان کی سالمیت کی آئے گی، تو سکھ قوم سب سے آگے لڑے گی۔ ہم اقلیت نہیں، پاکستان کا مضبوط بازو ہیں۔”

    شہریوں نے مودی کے پتلے بھی نذرِ آتش کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • ڈسکہ:بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    ڈسکہ:بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) بھارت کے بزدلانہ حملے کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈسکہ کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب کے کیمپ آفس سے افواج پاکستان کے حق میں زبردست ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن سٹی صدر اور چیئرمین مرکزی انجمن تاجراں محمد افضل منشاء نے کی، جبکہ علمائے کرام، تاجر تنظیموں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے "پاک فوج زندہ باد”، "قدم بڑھاؤ پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں”، "مودی مردہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے شہر کی فضا گونج اُٹھی۔

    ریلی ریسٹ ہاؤس سے شروع ہو کر میلاد چوک تک پرامن انداز میں نکالی گئی، جہاں ملک کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔