Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • حافظ آباد: معمولی غیر حاضری،ساتویں جماعت کے طالبعلم پر استاد کا وحشیانہ تشدد

    حافظ آباد: معمولی غیر حاضری،ساتویں جماعت کے طالبعلم پر استاد کا وحشیانہ تشدد

    حافظ آباد (باغی ٹی وی) – گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نمبر 5 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ساتویں جماعت کے طالبعلم محمد طیب کو معمولی غیر حاضری پر استاد محمد فیاض نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچے کے جسم پر نازک مقامات پر واضح تشدد کے نشانات موجود ہیں جو استاد کے غیر انسانی رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محمد طیب جمعہ کے روز بارش کے باعث یونیفارم استری نہ ہونے کی وجہ سے غیر حاضر رہا۔ سوموار 5 مئی کو جب وہ اسکول آیا تو ٹیچر محمد فیاض نے تمام تدریسی و اخلاقی حدود کو پامال کرتے ہوئے اس پر تشدد کیا۔

    متاثرہ بچے کے والد محمد محسن نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے حافظ آباد ٹراما سنٹر سے لیگل میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ صرف معافی کافی نہیں، قانون کو اپنا راستہ لینا چاہیے۔

    ذرائع کے مطابق استاد محمد فیاض متاثرہ خاندان سے معافی مانگنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن متاثرہ والد نے ڈپٹی کمشنر، سی ای او ایجوکیشن اور ڈی ای او سے فوری فوجداری اور محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    محمد محسن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے طلبہ پر تشدد کی مکمل ممانعت کے باوجود اس قسم کے واقعات کا پیش آنا نہایت تشویشناک ہے۔ شہری و سماجی حلقوں نے بھی واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے معصوم بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ ملزم استاد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی استاد اپنی حیثیت کا ناجائز استعمال نہ کر سکے۔

  • حافظ آباد: ڈی پی او کا تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ

    حافظ آباد: ڈی پی او کا تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ

    حافظ آباد،باغی ٹی وی(خبر نگارشمائلہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، عاطف نذیر نے ایس پی انویسٹی گیشن محمد عمران اور ڈی ایس پی سرکل پنڈی بھٹیاں عارف خان کے ہمراہ تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔

    ڈی پی او نے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیداروں اور افسران کو ہدایت کی کہ کام کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور باوقار تھانے عوام کو بہتر سہولیات اور معیاری پولیس سروس کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

    ڈی پی او عاطف نذیر نے منصوبے کو علاقے کی عوام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھانہ کلچر میں بہتری اور سائلین کو خوشگوار اور باعزت ماحول کی فراہمی محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    ترجمان پولیس حافظ آباد کے مطابق ڈی پی او کا یہ دورہ پولیس اصلاحات اور بہتر سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک عملی پیش رفت ہے۔

  • بہاولپور: بھارتی بزدلانہ حملہ، احمدپور سمیت مختلف علاقوں میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی

    بہاولپور: بھارتی بزدلانہ حملہ، احمدپور سمیت مختلف علاقوں میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی

    بہاولپور ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) بہاول پور کی تحصیل احمدپور شرقیہ میں بھارتی میزائل حملہ میں 5 شہری شہید ، 20 زخمی ۔ شہداء میں 2 خواتین ، 2 مرد اور 1 کم سن بچی شامل ۔ شہداء کی نماز جنازہ آج 11 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ادا کی جائے گی ۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال میزائل حملوں کے نتیجے میں بہاولپور، احمدپورشرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد، مریدکے، سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارتی جارحیت میں 8 پاکستانی شہید جبکہ 35 زخمی ہوئے جن میں خواتین، بچے اور نوجوان شامل ہیں، جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔

    بہاولپور میں بھارتی میزائل حملے کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور 20 زخمی ہو گئے، شہداء میں 2 خواتین، 2 مرد اور ایک کم سن بچی شامل ہیں۔ شہداء کی نماز جنازہ آج صبح 11 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ادا کی جائے گی۔

    احمدپورشرقیہ میں مسجد سبحان پر چار حملے کیے گئے، جس میں 3 سالہ معصوم بچی سمیت 5 افراد شہید اور 6 خواتین سمیت 31 افراد زخمی ہوئے۔ حملوں سے مسجد مکمل طور پر تباہ اور چار رہائشی فیملی کوارٹرز کو شدید نقصان پہنچا۔

    مظفرآباد کے علاقے شاہی والی میں 7 میزائل حملے کیے گئے، جن میں مسجد بلال شہید ہوئی اور ایک بچی زخمی ہو گئی۔

    کوٹلی میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان شہید جبکہ ماں اور بیٹی زخمی ہوئیں۔

    مریدکے میں چار حملے کیے گئے، جس میں ایک شخص شہید، ایک زخمی اور دو افراد لاپتہ ہو گئے، جبکہ ایک مسجد اور رہائشی کوارٹرز کو نقصان پہنچا۔

    سیالکوٹ کے شمال میں کوٹلی لوہاراں پر دو حملے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایک گولہ بغیر پھٹے زمین پر گرا جبکہ دوسرا کھلے میدان میں گرا۔

    شکرگڑھ میں بھی دو حملے کیے گئے جن میں ایک ڈسپنسری کو معمولی نقصان پہنچا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملے بھارتی فوج کی بزدلانہ اور بلاجواز کارروائیاں ہیں جن کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کو آج ان متاثرہ مقامات پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کی کھلی جارحیت کو دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔

  • ننکانہ : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے زیر اہتمام قومی امن کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے زیر اہتمام قومی امن کانفرنس کا انعقاد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار،احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی کے زیر انتظام نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین این پی جے سی میاں عبدالوحید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    کانفرنس کا مقصد ملک میں شدت پسندی کے خاتمے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس اہم تقریب میں این پی جے سی کے مرکزی قائدین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ضلعی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب کے دوران نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل ننکانہ صاحب کے نومنتخب عہدیداروں نے حلف اٹھایا، جبکہ امن کے فروغ میں نمایاں خدمات پر فیصل رشید بھٹی کو "امن شیلڈ” سے بھی نوازا گیا۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میاں عبدالوحید نے بھارت اور اسرائیل کی جانب سے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جو خود ظلم و جبر میں ملوث ہیں، وہ دنیا کو امن کا درس کیسے دے سکتے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی برداشت نہیں کرے گی اور ہر ظلم کا جواب دے گی۔

    چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی نے خطاب میں کہا کہ ملک میں ہر چند سال بعد قوم کو فرقہ واریت، برادری ازم اور سیاسی تقسیم کی بنیاد پر بانٹا جاتا ہے، حالانکہ ہم سب ایک کلمہ پڑھنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا واحد اسلامی ایٹمی ملک پاکستان ہے، جس نے دہشتگردی کا سب سے زیادہ سامنا کیا، چاہے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ ہو یا ٹرین سانحے—دشمنوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن افواج اور ریاستی اداروں نے دنیا کے سامنے بھرپور دفاع کیا۔

    شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ملک سے دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ایسے قومی نوعیت کے پروگرامز کا تسلسل ضروری ہے تاکہ امن، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی فروغ پا سکے۔

  • ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ناقص میٹریل بے نقاب، محکمہ ہائی وے کی کارکردگی پر سوالات

    ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ناقص میٹریل بے نقاب، محکمہ ہائی وے کی کارکردگی پر سوالات

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار، احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے دوران مانوالہ روڈ پر تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل کا انکشاف ہوا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کی سرزنش کی اور ازسرنو معیاری انداز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ننکانہ تا فیروز وٹواں اور ننکانہ تا مانوالہ سڑکوں کے 44 کلومیٹر طویل منصوبے کا معائنہ کیا، جو کہ 1100 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میٹریل کے معیار، کام کی رفتار اور منصوبے کی تکمیل کے ٹائم فریم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ڈی او ہائی وے نے ڈپٹی کمشنر کو تمام تکنیکی پہلوؤں پر بریفنگ دی، تاہم جب مانوالہ روڈ پر ناقص میٹریل استعمال ہوتا پایا گیا تو ڈی سی نے موقع پر ہی کارروائی کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبے ہر صورت 30 مئی 2025 تک مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت وزٹ نہ کیا جاتا تو ناقص میٹریل سے یہ سڑک مکمل کر دی جاتی، جو سرکاری فنڈز کے ضیاع اور عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوتا۔

    ترقیاتی منصوبوں میں غفلت، ناقص کارکردگی یا کسی بھی بدعنوانی کے امکانات کو مکمل طور پر رد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبوں میں شفاف نگرانی نہ ہوئی تو کروڑوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مین شاہراہوں پر کیٹ آئیز، لین مارکنگ، اور اسٹینڈرڈ سائن بورڈز کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پائیدار سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، سی او ضلع کونسل اور ہائی وے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی بحالی و تعمیراتی کام برق رفتاری سے جاری ہے، اور جلد ہی دیگر نئی اسکیموں پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام، طلبہ اور کسانوں کو ان سڑکوں سے براہ راست فائدہ ہوگا، اور ہر منصوبہ معیار، شفافیت اور پائیداری کی مکمل ضمانت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

  • گوجرہ: پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، دو فرار

    گوجرہ: پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، دو فرار

    گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ نواں لاہور میں تعینات پولیس کانسٹیبل ابراراللہ کے ساتھ مبینہ واردات کی کوشش کرنے والے ڈاکوؤں میں سے ایک اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مبینہ ڈاکو کانسٹیبل ابراراللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس گوجرہ فوری طور پر متحرک ہو گئی۔ چک نمبر 415 ج ب کے قریب سیم نالہ کی طرف سے آنے والے ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور مکئی کی فصل میں چھپنے کی کوشش کی۔

    پولیس نے اضافی نفری طلب کر کے علاقے کو گھیرے میں لیا اور فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں ملا جس نے اپنا نام عدنان ولد فقیر دین سکنہ چک نمبر 312 گ ب بتایا۔ زخمی ملزم کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو ضلع بھر کی پولیس کو سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: نجی ہسپتال کے کمرے سے نوجوان ڈاکٹر کی لاش برآمد، قتل کا مقدمہ درج

    سیالکوٹ: نجی ہسپتال کے کمرے سے نوجوان ڈاکٹر کی لاش برآمد، قتل کا مقدمہ درج

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ کے صدر بازار میں واقع ایک نجی ہسپتال کے کمرہ نمبر 206 سے نوجوان ڈاکٹر خرم امتیاز کی لاش پراسرار حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر کینٹ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا، جبکہ فرانزک ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔

    ڈاکٹر خرم امتیاز کی ہلاکت پر ان کے ماموں کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر خرم کو نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر قتل کیا ہے۔

    پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے چھان بین کی جا رہی ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

  • شکارپور: صحافی جان محمد مہر کا قاتل پولیس مقابلے میں مارا گیا

    شکارپور: صحافی جان محمد مہر کا قاتل پولیس مقابلے میں مارا گیا

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)شکارپور میں صحافی جان محمد مہر کا قاتل پولیس مقابلے میں مارا گیا

    تفصیلات کے مطابق شکارپور کے کچے کے علاقے میں پولیس کی کارروائی کے دوران معروف صحافی جان محمد مہر کا مبینہ قاتل شیرو مہر ہلاک ہوگیا۔ شیرو مہر پر الزام تھا کہ وہ 14 اگست 2023ء کو سکھر میں پیش آنے والے صحافی کے بہیمانہ قتل میں مرکزی کردار تھا۔ شکارپور پولیس نے ڈرون کی مدد سے کارروائی کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور شیرو مہر مارا گیا۔

    ذرائع کے مطابق مقابلے میں شیرو مہر کا بیٹا، ایک خاتون اور نصر جتوئی کا بھائی سراج عرف سرو جتوئی بھی زخمی ہوئے۔ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ پولیس نے صحافی کے قاتل کو اس کے انجام تک پہنچا دیا، یہ کارروائی قانون کی بالادستی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

    وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ پولیس کی بھرپور کوشش تھی کہ ملزم کو زندہ گرفتار کیا جائے تاہم مزاحمت کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے تصدیق کی کہ شیرو مہر مارا گیا، جبکہ اس کے بیٹے کی ہلاکت کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پولیس آپریشن کے دوران متعدد ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے صحافی کے قتل میں مطلوب مرکزی ملزم کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے 7 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی بنائی گئی تھی جس میں آئی ایس آئی، ایم آئی، رینجرز، ایف آئی اے اور دیگر حساس اداروں کے افسران شامل تھے۔

  • عمران خان کے ساتھ زیادتی کی ذمہ دار اقتدار پر قابض جماعتیں ہیں۔ریحانہ ڈار

    عمران خان کے ساتھ زیادتی کی ذمہ دار اقتدار پر قابض جماعتیں ہیں۔ریحانہ ڈار

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو ) عمران خان کے ساتھ زیادتی کی ذمہ دار اقتدار پر قابض جماعتیں ہیں۔ریحانہ ڈار

    پاکستان تحریک انصاف رہنما و ٹکٹ ہولڈرریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت کےساتھ زیادتی کی ذمہ دار اقتدار پر قابض جماعتیں ہیں کارکنوں کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیاجائے گا ، آج بھی پارٹی کا ہر کارکن عمران کیساتھ ڈٹ کے کھڑا ہےاڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں کےساتھ پولیس اور جیل انتظامیہ کا رویہ قابل مذمت ہے ، خواتین کےساتھ ایسا رویہ پنجاب حکومت کا وطیرہ ہے جو قابل گرفت ہے ۔

    حکومت نے پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کےخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں، ہزاروں کارکنوں اور رہنماﺅں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا جارہا ہے ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند اور گرفتار رہنماﺅں و کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔پاکستان تحریک انصاف رہنما و ٹکٹ ہولڈرریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر اس نظام کو اپنے ہی ملک کی ماو¿ں بہنوں اور بیٹیوں سے کس چیز کا خوف ہے؟بشری بی بی، علیمہ خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ، زرتاج گل، صنم جاوید، طیبہ راجہ ناجانے اور کتنی ماؤں بیٹیوں پر فسطائیت کے پہاڑ توڑے گئے مگر مجال ہے کہ اس بدترین جبر کے باوجود کسی ایک کی بھی وفاداری کو تبدیل کرسکے ہو۔

    مان لو کہ تم ہار چکے ہو اور عمران خان جیت چکا ہے!میرے پاکستان کی بہادر ماو¿ں، بہنوں اور بیٹیوں آپ ہماری شیرنیاں ہو جو پورے جعلی نظام کے خلاف دھاڑ کر عمران خان کے نظریے پر ڈٹ کر کھڑی ہو۔

  • اوکاڑہ یونیورسٹی کانووکیشن، 10 ہزار سے زائد طلباء کو ڈگریاں، گورنر پنجاب کی شرکت

    اوکاڑہ یونیورسٹی کانووکیشن، 10 ہزار سے زائد طلباء کو ڈگریاں، گورنر پنجاب کی شرکت

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات کے 10,654 طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان تھے، جنہوں نے فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کیں اور ان کی علمی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
    "اوکاڑہ یونیورسٹی ایک نئی درسگاہ ہونے کے باوجود بہت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سجاد مبین کی قیادت میں یہ ادارہ نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر مقام حاصل کرے گا۔”

    انہوں نے اساتذہ، انتظامیہ اور طلباء کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ چانسلر آفس آئندہ بھی یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ گورنر پنجاب نے نوجوانوں کو محنت، دیانت اور کردار سازی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ:
    "پاکستان کی نوجوان نسل باصلاحیت ہے، ہمیں ان کی اخلاقی و علمی تربیت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ دنیا بھر میں ملک و ملت کا نام روشن کریں۔”

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ دن ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا:
    "ہماری یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق، اخلاقیات اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دے رہی ہے۔ ہماری ٹیم کی انتھک محنت سے ادارے کی ساکھ مستحکم ہوئی ہے۔”

    کانووکیشن میں سابق اراکینِ قومی اسمبلی میاں علی حسن، سجاد الحسن، سماجی رہنما رائے غلام مجتبیٰ، رانا عبد الرحمن ایڈووکیٹ، شبیر حسین جعفری، سلیمان غنی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جن کی نگرانی ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت اور ایس پی انویسٹیگیشن ملک داؤد احمد خان نے کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ انداز میں تقریب کو پرامن اور منظم بنایا۔