Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازیخان: بھارتی جارحیت کے خلاف عظیم الشان ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    ڈیرہ غازیخان: بھارتی جارحیت کے خلاف عظیم الشان ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،جواداکبرسٹی رپورٹر) بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈیرہ غازی خان میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، اراکین صوبائی اسمبلی سردار احمد خان لغاری، سردار صلاح الدین خان کھوسہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی نے کی۔

    ریلی میں مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت میر مرزا تالپور، میاں سلطان محمود ڈاہا، ملک ارشاد، ظفر طاہر مستوئی، عبدالحمید جلبانی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ صدر بار عبدالغنی کھوسہ کی قیادت میں وکلاء، سول سوسائٹی، ڈویژنل و ضلعی افسران، طلباء، خواتین اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی۔ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ بھارت ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھے، ہم اپنے وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

    ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور سیاسی، سفارتی و بین الاقوامی سطح پر ہر فورم سے آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

    ریلی کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • گوجرہ: بھارت کی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    گوجرہ: بھارت کی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    گوجرہ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف گوجرہ میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوجرہ سید یاسر علی شاہ، انجمن تاجران کے صدر چوہدری منصور بھنگو، جنرل سیکرٹری ملک امجد ضیاء اور صدر بار ایسوسی ایشن مرزا محمد طارق نے کی۔

    ریلی میونسپل کمیٹی گوجرہ سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزری، جس میں وکلاء، تاجر، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بھارت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف شدید مذمتی کلمات درج تھے۔

    فضا "قدم بڑھاؤ پاک فوج، قوم تمہارے ساتھ ہے” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی کے شرکاء نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد اور تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی اشتعال انگیزیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں بلکہ ہمارے جذبے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • ننکانہ:ضلعی ادارے ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان نافذ، تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ

    ننکانہ:ضلعی ادارے ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان نافذ، تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس کی زیرصدارت موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ضلع ننکانہ صاحب کے تمام ادارے ہائی الرٹ پر رہیں گے۔ پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ ہسپتالوں اور کنٹرول رومز میں نائٹ ڈیوٹی کا نظام دُگنا کر دیا جائے، تمام محکموں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور کسی اہلکار کو اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تینوں کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے مکمل فعال رکھا جائے اور وہاں صرف تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے۔

    افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے تین عدد رابطہ نمبرز فوری طور پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو فراہم کریں۔ تمام اداروں کے مابین مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے اور مشینری کو ہر وقت الرٹ رکھا جائے۔ رات کے وقت سٹریٹ لائٹس اور غیر ضروری گھریلو لائٹس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ میونسپل افسران سے کہا گیا ہے کہ بیسمنٹ کی مکمل تفصیلات آج شام تک فراہم کی جائیں، جبکہ ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی دستیابی اور بلڈ بینکوں میں خون کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

    سول ڈیفنس، کالجز، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو ہنگامی مشقیں فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ تینوں میونسپل کمیٹیوں میں ایمرجنسی سائرن سسٹم کو فعال بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

    تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنا ایمرجنسی میکانزم مرتب کریں اور آج ہی ڈیوٹی روسٹر جاری کریں۔ بغیر چیکنگ کوئی بھی لنگر تقسیم نہ کیا جائے، متعلقہ محکمے چیکنگ ٹیمیں فوری تشکیل دیں۔ کھانے پینے کی اشیاء کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے اور کم از کم 15 دن کا ذخیرہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

    پٹرول پمپ مالکان اور کریانہ اسٹور مالکان کی ایسوسی ایشنز سے فوری میٹنگز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی بحران کے دوران فراہمی میں تعطل نہ ہو۔

    اجلاس کے اختتام پر ضلعی قیادت نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پوری قوم اور ضلعی ادارے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور مسلح افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

  • عظمیٰ بخاری کا سرگودھا میں صحافی کالونی کے قیام اور گرانٹ جاری کرنے کا اعلان

    عظمیٰ بخاری کا سرگودھا میں صحافی کالونی کے قیام اور گرانٹ جاری کرنے کا اعلان

    سرگودھا ،باغی ٹی وی( نامہ نگار،ملک شاہنواز جالپ ) سرگودھا پریس کلب کے صدر عبدالحنان چوہدری اور جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان نے لاہور میں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری سے اہم ملاقات کی، جس میں سرگودھا کے صحافیوں کو درپیش رہائشی اور مالی مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    صدر اور جنرل سیکرٹری پریس کلب نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ سرگودھا میں صحافیوں، کیمرہ مینوں اور فوٹوگرافروں کی ایک بڑی تعداد آج بھی ذاتی رہائش سے محروم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کئی سالوں سے مسلم لیگ ن کی حکومت سے صحافی برادری کو امیدیں ہیں، اس لیے فوری طور پر سرگودھا میں صحافی کالونی کے قیام کا اعلان کیا جائے اور پریس کلب کے لیے منظور شدہ گرانٹ فوری طور پر جاری کی جائے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب سرگودھا میں صحافی کالونی کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے اور جلد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرگودھا پریس کلب کی گرانٹ جلد جاری کر دی جائے گی تاکہ صحافی برادری کو درپیش مالی مشکلات میں کمی آئے۔

    دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف جون کے مہینے میں سرگودھا کا دورہ کریں گی، جہاں وہ کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کریں گی اور ممکنہ طور پر دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں اور صحافی کالونی کے قیام سے متعلق اعلانات بھی متوقع ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:مرکزی جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج سے یکجہتی، بھارت کے خلاف احتجاج

    ڈیرہ غازیخان:مرکزی جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج سے یکجہتی، بھارت کے خلاف احتجاج

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی سٹی رپورٹرجواداکبر) مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈیرہ غازی خان کے زیرِاہتمام پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی بزدلانہ حملے کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ضلعی امیر حضرت مولانا قاری خالد محمود اظہر حفظہ اللہ نے کی، جس میں سینکڑوں کارکنان اور علماء کرام نے شرکت کی۔

    ریلی کا آغاز مرکز المودۃ، شاکر ٹاؤن سے ہوا جو پیدل مارچ کی صورت میں پل ڈاٹ تک جاری رہا۔ اس پرجوش مارچ میں مولانا نذیر احمد مدی، مولانا یونس سالک، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ، مولانا عبد المنان شورش، حافظ حبیب الرحمن بھٹہ حفظہ اللہ، مخدوم محمد زاہد قریشی، حاجی محمد لطیف سپل سمیت مرکزی قائدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ریلی میں شریک افراد نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پاک فوج کے حق میں کتبے اٹھا رکھے تھے جبکہ بھارت کی مذموم حرکات کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور قائدین نے کہا کہ "ان شاء اللہ اپنی جان و مال وطن عزیز پاکستان پر قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ اگر پاکستان ہے تو ہم ہیں، ورنہ ہمارا کوئی وجود یا پہچان باقی نہیں رہے گی۔”

    ریلی میں صحافیوں، دیگر مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان، کارکنان اور شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اختتام پر حاجی عبد المتین بھٹہ، نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈیرہ غازی خان نے ملکی سلامتی، پاک افواج کی کامیابی اور دشمنوں کی ناکامی کے لیے دعا کروائی۔

  • میرپورخاص: قائد ملت سکول میں وطن سے محبت کا مظاہرہ، پاک فوج کی حمایت میں شاندار ریلی

    میرپورخاص: قائد ملت سکول میں وطن سے محبت کا مظاہرہ، پاک فوج کی حمایت میں شاندار ریلی

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)قائد ملت اسکول میں وطن سے محبت کا مظاہرہ، پاک فوج کی حمایت میں شاندار ریلی

    میرپورخاص میں پاکستانی قوم کا جذبہ حب الوطنی عروج پر جا پہنچا، گورنمنٹ قائد ملت کیمپس بوائز ہائی اسکول کے اساتذہ اور طلباء نے وطن عزیز پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء "نعرہ تکبیر، اللہ اکبر”، "پاکستان زندہ باد”، اور "پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے، جس سے فضا حب الوطنی کے جذبے سے گونج اٹھی۔

    اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کرام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے تین شہروں — مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور پر حملے کیے جو کہ بین الاقوامی جنگی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ حملے شہری اور پبلک مقامات پر کیے گئے جو کہ ناقابل معافی جرم ہے، تاہم پاک فوج نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔

    اساتذہ نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے دشمن کے کم از کم پانچ طیارے مار گرائے اور دشمن کی متعدد فوجی پوسٹیں تباہ کر دیں۔ دشمن کی بزدلی کے اس حملے کا جواب پوری پاکستانی قوم کی غیرت اور جذبۂ شہادت نے دیا ہے۔ ہم بطور اساتذہ اور طلباء اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ ریلی اسی جذبے کی علامت ہے کہ قوم اپنی افواج پر مکمل اعتماد رکھتی ہے اور کسی بھی جارحیت کا متحد ہو کر جواب دے گی۔

    اس موقع پر موجود سابق کونسلر اصغر ملک نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے تاریخی غلطی کی ہے۔ "ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، اور اگر دشمن نے دوبارہ کسی غلط فہمی میں آ کر حرکت کی تو اسے پہلے سے زیادہ تباہ کن انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔”

    طلباء کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ بچوں کے چہروں پر وطن سے محبت اور افواج کے لیے عقیدت صاف دکھائی دے رہی تھی، جو اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    یہ ریلی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان کی نئی نسل مکمل طور پر بیدار، محب وطن اور دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

  • سیندور کا بھارتی خواب، پاک فوج کا تباہ کن جواب

    سیندور کا بھارتی خواب، پاک فوج کا تباہ کن جواب

    سیندور کا بھارتی خواب، پاک فوج کا تباہ کن جواب
    تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی
    بھارت نے رات کی تاریکی میں جس بزدلی سے پاکستان پر حملے کا آغاز کیا، جسے اس بزدل نے اپنے روایتی ہندوانہ رجحان کے تحت "آپریشن سیندور” کا نام دیا۔ سیندور جو ہندو مذہب میں شادی شدہ عورت کی مانگ کا مقدس نشان سمجھا جاتا ہے، اس کی علامتی اہمیت کو بھارتی میڈیا نے حملے کے نام کے ساتھ جوڑ کر پاکستان کو بدنام کرنے اور اپنا سیاسی بیانیہ مضبوط کرنے کی ناکام کوشش کی۔ لیکن دشمن کو کیا خبر تھی کہ وہ جس علامت کو خوش بختی سمجھ رہا تھا، وہی نشان اس کے اپنے ماتھے پر خون کی لکیر بن کر ابھرے گا۔ پاک فوج نے نہ صرف اس جارحیت کو ناکام بنایا بلکہ بھارت کی سرزمین پر ایسی تباہ کن جوابی کارروائی کی کہ دشمن کے خواب چکناچور ہو گئے۔

    بھارتی حملے کا آغاز احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، کوٹلی، مریدکے، سیالکوٹ اور شکرگڑھ میں مساجد اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ایک بار پھر بزدلانہ روایت دہراتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے جن کے نتیجے میں 26 معصوم پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ احمدپور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں 13 افراد شہید ہوئے جن میں دو 3 سالہ بچیاں، سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں جبکہ 31 شہری زخمی ہوئے اور 4 فیملی کوارٹرز کو نقصان پہنچا۔ مظفرآباد میں مسجد بلال پر بھارت کی جانب سے 7 حملے کیے گئے، جس میں 3 شہری شہید اور ایک بچی زخمی ہوئی، جبکہ مسجد مکمل تباہ ہو گئی۔ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا جہاں پانچ حملوں میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ لڑکے سمیت دو افراد شہید ہوئے اور ایک ماں بیٹی زخمی ہوئیں۔

    مریدکے میں مسجد ام القریٰ پر 4 حملے کیے گئے، تین مرد شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ دو افراد لاپتا ہیں اور مسجد سمیت اردگرد کے کوارٹرز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ سیالکوٹ کے کوٹلی لوہاراں گاؤں میں دو حملے ہوئے تاہم ایک گولہ اوپن فیلڈ میں جاگرا اور کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ شکرگڑھ میں دو حملوں میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا مگر کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال گولہ باری سے پانچ معصوم شہری شہید ہوئے جن میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے، یہ حملے جنگی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہیں۔یہ حملے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

    پاک فوج نے اس بزدلانہ جارحیت کا جواب نہ صرف دفاعی طور پر دیا بلکہ بھارت کی سرزمین پر براہ راست اور فیصلہ کن کارروائیاں کیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاک فوج نے دشمن کے حملہ آور ڈرونز اور میزائلوں کو ناکام بنایا اور بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر انہیں خاک میں ملا دیا۔ مصدقہ اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی کارروائیاں کی ہیں ان میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 8 اہم مقامات سری نگر، اکھنور، کپواڑہ، بارہمولہ، پونچھ، راجوری، کارگل اور لیہہ پر جوابی حملے کیے۔ سری نگر میں ایئر بیس اور ملحقہ ہیڈکوارٹر تباہ کیا گیا جبکہ اکھنور میں ایک بھارتی طیارہ مار گرایا گیا۔ دودنیال سیکٹر میں ایک چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ کی گئی۔ کم از کم ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر (سری نگر یا دودنیال) اور متعدد فوجی چوکیاں نیست و نابود کی گئیں۔ایکس (سابقہ ٹویٹر) کی پوسٹس کے مطابق بھارت نے ایل او سی پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کی۔

    پاک فضائیہ نے بھارتی فضائی طاقت کو شدید نقصان پہنچایا۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق 3 سے 6 بھارتی طیارے مار گرائے گئے، جن میں کم از کم 2 رافیل اور 1 سخوئی (Su-30MKI) شامل ہیں۔ غیر مصدقہ دعوؤں میں 5 سے 6 طیاروں کی تباہی کا ذکر ہے جن میں 3 رافیل، 1 مگ 29 اور 1 سخوئی شامل ہیں۔ یہ طیارے اکھنور، سری نگراور دیگر علاقوں میں گرائے گئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، HQ-9 HIMADS میزائل سے اکھنور میں Su-30MKI اور رافیل کو نشانہ بنایا گیا۔

    بھارتی ڈرونز کے حوالے سے برنالہ سیکٹر میں 1 ڈرون اور کوٹلی میں ایک اور ڈرون مار گرایا گیا۔ کچھ ذرائع نے متعدد کواڈ کاپٹرز کی تباہی کا دعویٰ کیا جبکہ ایک ایکس (سابقہ ٹویٹر)کی پوسٹ کے مطابق 1 ڈرون قبضے میں لیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ متعدد بھارتی فوجی قیدی بنائے گئے ہیں جن کی تعداد غیر واضح ہے۔ یہ کارروائیاں پاک فوج کی زمینی اور فضائی برتری کو ظاہر کرتی ہیں۔

    پاک فوج کی کامیابی کے پیچھے چند اہم عوامل ہیں۔ فوری ردعمل نے بھارتی حملے کو چند گھنٹوں میں ناکام بنا دیا۔ جدید ٹیکنالوجی، جیسے HQ-9 HIMADS میزائلوں نے بھارتی فضائی طاقت کو بے اثر کیا۔ اسٹریٹجک پلاننگ کے تحت سری نگر اور اکھنور جیسے حساس مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی عوام کی یکجہتی نے فوج کے مورال کو بلند کیا۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیری عوام اور پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر "سیندور کا جواب” اور "لبیک پاک فوج” جیسے ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بنے، جو قومی اتحاد کی عکاسی کرتے ہیں۔

    بھارت نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا۔ بابر اعظم کی جعلی انسٹاگرام پوسٹ، جس میں پاک فوج کی مذمت کا دعویٰ کیا گیا، ایکسپریس نیوز نے جھوٹی قرار دی۔ فرانسیسی میڈیا نے انکشاف کیا کہ پہلگام واقعے میں بھارت نے AI تصاویر شیئر کر کے حقائق چھپانے کی کوشش کی۔ بھارتی شہروں میں ہوائی اڈے سنسان، راجستھان اور پنجاب کے دیہات خالی اور دہلی کے سیکیورٹی اجلاسوں میں خوف کا عالم ہے۔

    یہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی بیانیہ ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن کمزور نہیں۔ وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ کسی بھی جنگ کے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری بھارت پر ہو گی۔ پاک فوج نے ثابت کیا کہ وہ دشمن کے گھر میں گھس کر اسے سبق سکھا سکتی ہے۔ سیندور جو بھارت کے لیے خوش بختی کی علامت تھا، پاک فوج کے ہاتھوں خون میں رنگ کر شکست کا نشان بن گیا۔

    پاکستان کا ہر بچہ فخر سے کہہ رہا ہے کہ ہماری فوج جاگ رہی ہے، ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور دشمن کا ہر خواب خاک میں مل جائے گا۔ یہ پیغام بھارت اور اس کے اتحادیوں کے لیے ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، اس کی فوج پیشہ ور اور جذبے سے لبریز ہے اور اس کی قوم ہر مشکل میں سیسہ پلائی دیوار ہے۔ پاکستان سلامت ہے، رہے گا اور دشمن کے تمام عزائم پاک فوج ناکام بنانے کی بھرپورطاقت رکھتی ہے اور پاکستانی عوام اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے۔
    پاک فوج زندہ باد!
    پاکستان پایندہ باد!

  • بھارتی "سندور آپریشن” ناکام، پاکستانی فورسز کا مؤثر جواب

    بھارتی "سندور آپریشن” ناکام، پاکستانی فورسز کا مؤثر جواب

    بھارتی "سندور آپریشن” ناکام، پاکستانی فورسز کا مؤثر جواب
    تحریر: نصیب شاہ شینواری
    بھارت نے پاکستان کے خلاف حالیہ فضائی حملے کو "سندور آپریشن” کا نام دیا، جو رات کی تاریکی میں کیا گیا ایک بزدلانہ حملہ تھا۔ اس کارروائی کا مقصد خطے میں کشیدگی کو بڑھانا اور عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف منفی تاثر اجاگر کرنا تھا۔

    ہندو روایات میں "سندور” کو شادی شدہ عورت کی خوش بختی اور وفاداری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ دیوی پاروتی اور ستی کی "شکتی” یعنی نسوانی توانائی کی نمائندگی کرتا ہے۔ روایت کے مطابق شوہر شادی کے روز اپنی بیوی کی مانگ میں پہلی بار سندور بھرتا ہے، جس کے بعد وہ روزانہ اسے لگاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سندور کی رسم پانچ ہزار سال پرانی ہے۔

    پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے "سندور آپریشن” کو بھارتی حدود میں ہی ناکام بنا دیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق، پاکستان نے جوابی کارروائی میں دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنایا اور کئی ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا۔ یہ واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    بھارت نے "سندور” جیسے مقدس تصور کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر کے خود اپنی ہی اقدار کی پامالی کی، اور پاکستان نے بروقت ردعمل کے ذریعے نہ صرف اس منصوبے کو ناکام بنایا بلکہ خطے میں امن کے دشمنوں کو واضح پیغام بھی دیا۔

  • سیالکوٹ: سرحدی صورتحال کے پیش نظر ہاٹ لائن 1718 قائم، ڈی ای او سی میں فعال

    سیالکوٹ: سرحدی صورتحال کے پیش نظر ہاٹ لائن 1718 قائم، ڈی ای او سی میں فعال

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ضلع سیالکوٹ میں بھارت کی جانب سے حالیہ سرحدی جارحیت کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے فوری طور پر الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کی سہولت اور بروقت رابطے کے لیے ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی ہدایت پر یہ ہاٹ لائن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں مکمل طور پر فعال کر دی گئی ہے، جہاں شہری کسی بھی ہنگامی صورتِ حال، سرحدی کشیدگی، نقل مکانی یا ممکنہ خطرات کی اطلاع فوری طور پر دے سکتے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کے مطابق شہریوں کو کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی، جانی یا مالی نقصان یا غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ہاٹ لائن نمبر 1718 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہاٹ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے میں رہتے ہوئے کسی بھی اطلاع پر فوری ردعمل دیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور بارڈر ایریاز میں موجود آبادیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر متوقع حالات سے نمٹنے کے لیے ریسپانس میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، سرکاری اطلاعات پر انحصار کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا ایمرجنسی کی اطلاع فوری طور پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو دیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

    یہ اقدام موجودہ حالات میں ضلعی سطح پر ایک مؤثر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کے تحفظ اور ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔

  • حافظ آباد: شہریوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل، 5 ملزمان گرفتار

    حافظ آباد: شہریوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل، 5 ملزمان گرفتار

    حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) موضع ڈھلکے میں شہریوں پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مرکزی ملزمان کو گرفتار کروا دیا۔ تشدد، بدمعاشی اور شہریوں کو دھمکانے کے اس واقعے پر تھانہ کسیسے میں مقدمہ درج کر کے پانچ مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احسان اللہ تارڑ ولد جعفر سکنہ سندھواں تارڑ کے ملازمان مرغیوں کی خریداری کے سلسلے میں موضع ڈھلکے کے ایک پولٹری فارم پر گئے۔ لین دین کے تنازع پر فارم کے عملے نے شہریوں کو دفتر میں بند کر کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی ویڈیوز بھی بنائی گئیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس پھیلے۔

    ڈی پی او عاطف نذیر کی ہدایت پر پولیس تھانہ کسیسے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شاہد عمران ولد غلام حسین، غلام رضا ولد خادم حسین، ثمر عباس ولد غلام عباس، قیصر عباس ولد محمد اسلم اور ملازم حسین ولد فقیر محمد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ڈی پی او نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، شہریوں پر تشدد یا بدمعاشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام میں قانون کی عملداری اور تحفظ کا احساس قائم ہو۔