Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • پیرعادل:دربار واپسی پر زائرین کو حادثہ، خاتون جاں بحق، تین زخمی

    پیرعادل:دربار واپسی پر زائرین کو حادثہ، خاتون جاں بحق، تین زخمی

    پیر عادل،باغی ٹی وی(نامہ نگارباسط علی گاڈی) تھانہ شاہ صدر دین کی حدود میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں دربار پیر عادل کی زیارت کے بعد واپس جانے والے زائرین کی موٹرسائیکل کو تیز رفتاری سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی۔ حادثہ پیر عادل دربار کے قریب اس وقت پیش آیا جب زائرین سڑک کراس کر رہے تھے۔

    حادثے کے نتیجے میں انور مائی زوجہ خادم حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ تین افراد حاجی شمیم ولد حاجی خادم، تاجو مائی زوجہ حاجی اصغر اور مانو بی بی زوجہ حاجی شمیم شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر انہیں مزید علاج کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    حادثے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعے نے علاقے میں افسوس اور غم کی فضا پیدا کر دی ہے، جبکہ مقامی شہریوں نے حادثے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گیدڑ بھبکیاں بے نقاب، بھارت کی جنگی تیاریوں کا پول کھل گیا، دعوے بڑے مگر ٹینک خالی

    گیدڑ بھبکیاں بے نقاب، بھارت کی جنگی تیاریوں کا پول کھل گیا، دعوے بڑے مگر ٹینک خالی

    گیدڑ بھبکیاں بے نقاب، بھارت کی جنگی تیاریوں کا پول کھل گیا، دعوے بڑے مگر ٹینک خالی

    بھارتی فوج کی جنوبی مغربی کمانڈ سے لیک ہونے والی ایک خفیہ دستاویز نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے ساتھ مغربی سرحد پر تعینات بھارتی افواج کو ٹینکوں میں استعمال ہونے والے عام اور نسبتاً سستے گولہ بارود کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    اس تشویشناک کمی کی بنیادی وجہ بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ دنوں میں بڑی مقدار میں ٹینکوں کا اسلحہ چین کے ساتھ شمالی سرحد پر منتقل کرنا بتائی گئی ہے۔

    تاہم، اس دستاویز میں درج ایک بھارتی کمانڈر کا بیان سب سے اہم اور قابلِ غور ہے۔ کمانڈر نے انتہائی بنیادی اور عام دستیاب بارود کی قلت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جو بھارت کی جنگی تیاریوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔

    حیران کن طور پر، ایسی صورتحال میں جب بھارت کے پاس بنیادی گولہ بارود بھی ناکافی ہے، وہ بیک وقت دو محاذوں – شمال میں چین اور مغرب میں پاکستان – کے خلاف جنگ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ یہ انکشاف بھارتی فوج کی جنگی حکمت عملی اور تیاریوں پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

  • میرپورخاص: علماء و مشائخ کا لبیک یا اقصیٰ و دفاع پاکستان ریلی نکالنے کا اعلان

    میرپورخاص: علماء و مشائخ کا لبیک یا اقصیٰ و دفاع پاکستان ریلی نکالنے کا اعلان

    میرپورخاص(باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ ) علماء و مشائخ کا لبیک یا اقصیٰ و دفاع پاکستان ریلی نکالنے کا اعلان

    میرپورخاص کے علماء و مشائخ نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور بھارت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف لبیک یا اقصیٰ و دفاع پاکستان ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان مفتی شریف سعیدی کی قیادت میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، جامعہ نورالقرآن میں مفتی شریف سعیدی کی سربراہی میں اہلسنت اکابرین، علماء کرام اور مشائخ عظام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور 12 مئی بروز پیر سہ پہر 3:30 بجے اسٹیشن چوک سے گلستان بلدیہ تک نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔

    مفتی شریف سعیدی نے اپنے ویڈیو بیان میں ریلی کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف اور بھارت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے جواب میں نکالی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    مفتی شریف سعیدی نے تمام درد مند حضرات، مدارس کے طلباء و اساتذہ، علماء کرام، مشائخ عظام، تاجر برادری، وکلاء اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے 12 مئی کو ہونے والی اس ریلی میں ضرور شرکت کریں۔ اس موقع پر معروف سوشل ورکر محمود صابری سمیت دیگر کئی علماء کرام بھی موجود تھے۔

  • سکھر: کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

    سکھر: کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

    سکھر(باغی ٹی وی نامہ نگار) کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

    سکھر میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے واضح پالیسی احکامات کی روشنی میں ضلع سکھر کے تین اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی اقدامات اٹھائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، سب انسپیکٹر عبدالرحمان کاکیپوٹو، ہیڈ کانسٹیبل ضمیر قاضی اور پولیس کانسٹیبل حضور بخش ملک پر کرپشن، غیر قانونی سرگرمیوں اور اختیارات سے تجاوز سمیت سنگین الزامات عائد تھے۔ ان الزامات پر ڈی آئی جی سکھر نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سکھر رینج کے ایک سینئر آفیسر کو میرٹ کی بنیاد پر محکمہ جاتی انکوائری کا حکم دیا تھا۔

    انکوائری آفیسر کی رپورٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد ڈی آئی جی سکھر نے اردلی روم کے دوران اہم فیصلے صادر کیے۔ سب انسپیکٹر عبدالرحمان کاکیپوٹو پر تمام الزامات ثابت ہونے پر انہیں میجر پنشمنٹ کے تحت ایک سال کی سروس سے برخاست کر دیا گیا۔ اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل ضمیر قاضی پر بھی الزامات ثابت ہونے پر انہیں ایک سال کی سروس سے برخاست کرتے ہوئے تعلقہ پنو عاقل میں دوبارہ تعیناتی پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تاہم، پولیس کانسٹیبل حضور بخش ملک کو تنبیہ کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

    علاوہ ازیں، برطرف کیے گئے پولیس کانسٹیبل منصور پتافی کی نوکری پر بحالی کی اپیل منظور کر لی گئی جبکہ ایک اور برطرف کانسٹیبل جاوید احمد کلهوڑو کی بحالی کی اپیل مسترد کر دی گئی۔ ڈی آئی جی سکھر نے ایک انسپیکٹر اور چار اسسٹنٹ سب انسپیکٹرز کی تبادلوں کی درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔

    اپنے پیغام میں ڈی آئی جی سکھر نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، مجرمانہ سرگرمیوں، اختیارات سے تجاوز یا سماجی برائیوں میں ملوث افسران و اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان سخت اقدامات سے سکھر پولیس میں کرپشن کے خلاف ایک واضح پیغام دیا گیا ہے۔

  • نیویارک ٹائمز کا انکشاف، کیا واقعی پاک فوج دنیا کی بہترین فوجوں میں سے ایک ہے؟

    نیویارک ٹائمز کا انکشاف، کیا واقعی پاک فوج دنیا کی بہترین فوجوں میں سے ایک ہے؟

    نیویارک ٹائمز کا انکشاف، کیا واقعی پاک فوج دنیا کی بہترین فوجوں میں سے ایک ہے؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    پاکستان کی فوج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط کی بدولت عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام رکھتی ہے۔ پاک فوج نے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی فوجی اور سفارتی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ کی قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنرل سید عاصم منیر کے کردار کی تعریف کی ہے۔

    پاکستان کی فوج 1947ء میں قیامِ پاکستان کے ساتھ وجود میں آئی اور اس نے متعدد چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ 1948ء، 1965ء، اور 1971ء کی جنگوں میں بھارت کے ساتھ مقابلہ کیا جبکہ آپریشن جبرالٹر اور کارگل تنازع میں اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آپریشن ضربِ عضب اور راہِ نجات نے شمال مغربی علاقوں میں امن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاک فوج کا سخت نظم و ضبط اور تربیت کا نظام اس کی پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد ہے۔ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے مطابق پاک فوج 560,000 فعال فوجیوں کے ساتھ دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں بھی اس نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انٹر سروسز انٹیلی جنس (ISI) نے ملکی سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا اور جنرل سید عاصم منیر نے بطور ڈائریکٹر جنرل ISI اس کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا۔

    جنرل سید عاصم منیر نومبر 2022ء سے پاک فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف ہیں۔ انہوں نے 1986ء میں فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی 23ویں بٹالین سے کیریئر شروع کیا اور منگلا کے آفیسرز ٹریننگ اسکول میں "اعزازی تلوار” حاصل کی۔ ملٹری انٹیلی جنس اور ISI کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں اور گوجرانوالہ میں XXX کور کی کمان سنبھالی۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق پاک بھارت کشیدگی خاص طور پر پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد جنرل سید عاصم منیرنے فوجی تیاری کو مضبوط کیا اور قومی بیانیہ تشکیل دیا۔ انہوں نے فوجی مشق کے دوران ٹینک پر کھڑے ہو کر خطاب کیا، جس میں بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کے خلاف فیصلہ کن جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    اپریل 2025ء میں پہلگام حملے کو بھارتی میڈیا نے پاکستان پر الزام لگا کر پیش کیا جبکہ پاکستانی حکام نے اسے فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے فوجی تیاریوں کے ساتھ سفارتی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو واضح کیا۔ نیویارک ٹائمز نے ان کی سیاسی بصیرت اور عسکری حکمتِ عملی کی تعریف کی۔ انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی "شہ رگ” قرار دیتے ہوئے قومی جذبے کو زندہ رکھا جو داخلی چیلنجز کے باوجود قومی یکجہتی کی علامت بنا۔

    جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے جدید ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک تربیت پر زور دیا۔ فوجی مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور دفاعی نظاموں کا استعمال پاک فوج کی تیاری کی عکاسی کرتا ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی سفارتکاری میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ نیویارک ٹائمز نے ان کے ISI کے تجربے کو علاقائی خطرات سے نمٹنے کی سمجھ کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے عالمی برادری کی توجہ پاکستان کے مؤقف کی طرف مبذول کرائی۔

    پاکستان کی فوج نے تاریخی پیشہ ورانہ کارکردگی کے ذریعے قومی سلامتی کو یقینی بنایا۔ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت نے اس روایت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ ان کی جرات مندانہ قیادت اور اسٹریٹجک بصیرت کی گواہی دیتی ہے۔ ان کی قیادت میں پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن اور عالمی سطح پر ایک طاقتور آواز ہے۔ یہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی عزم کا روشن باب ہے جو تاریخ کا حصہ بنے گا۔

  • سیالکوٹ:آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے.راجہ سکندر خان

    سیالکوٹ:آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے.راجہ سکندر خان

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کا کردار قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں صحافت نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے، اور یہی صحافت معاشرتی تبدیلی کا پیش خیمہ بنتی ہے۔

    عالمی یومِ صحافت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ سکندر خان نے کہا کہ موجودہ دور صحافیوں کے لیے نہایت چیلنجنگ ہے، جہاں اظہارِ رائے کی آزادی دبائی جا رہی ہے، اور سچ لکھنے یا بولنے والے صحافیوں کو خطرات، دھمکیاں، حتیٰ کہ تشدد اور قید کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور باکردار صحافت کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی ترقی نہیں کر سکتا۔

    راجہ سکندر خان نے قیامِ پاکستان کے وقت صحافیوں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے ہراول دستے میں بھی صحافت شامل تھی، اور آج بھی پاکستان کے باشعور صحافی آئین و جمہوریت کی جنگ میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام بے باک صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادیِ صحافت کے لیے اپنا خون دیا، جیلیں کاٹیں، ہتھکڑیاں پہنیں اور تشدد سہا، مگر سچ کی راہ سے نہ ہٹے۔

    راجہ سکندر خان نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن ہے، اور جس حکومت میں اظہارِ رائے اور صحافت کی آزادی نہ ہو، وہ جمہوریت کہلانے کی حقدار نہیں۔ انہوں نے اپنی اور اپنی ٹیم کی جانب سے تمام صحافی برادری کو سلام پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی صحافی آئندہ بھی حق، انصاف اور عوامی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

  • سیالکوٹ: کوٹلی بہرام میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، عوام کا مسلم لیگ (ن) قیادت سے اظہارِ تشکر

    سیالکوٹ: کوٹلی بہرام میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، عوام کا مسلم لیگ (ن) قیادت سے اظہارِ تشکر

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) یونین کونسل کوٹلی بہرام کے محلہ چاہ للاریاں میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر علاقہ مکینوں نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

    مسلم لیگ (ن) سٹی صدر رفیق مغل اور وائس چیئرمین رحمان شیر ایڈووکیٹ کی قیادت میں جاری ان منصوبوں میں گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور سینی ٹیشن سروسز کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جو میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کی نگرانی میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔

    اس موقع پر چیئرمین زاہد حسین خالدی، حافظ شبیر آرائیں ایڈووکیٹ، جنرل کونسلر طاہر خان، ذوالفقار علی، مشتاق سبحانی سمیت دیگر معززین علاقہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہمیشہ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا ہے، جو عوامی فلاح و بہبود اور معیارِ زندگی کی بہتری کی ضمانت ہے۔

    علاقہ مکینوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ترقیاتی سفر اسی طرح جاری رہے گا۔

  • سیالکوٹ: سول سوسائٹی کی ریلی، افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی، بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل

    سیالکوٹ: سول سوسائٹی کی ریلی، افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی، بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف سول سوسائٹی کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد اشفاق نذر، محمد اشرف بھٹی، پیر غلام حسین سلطانی اور نازیہ کنول نے کہا کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، اور اگر بھارت نے سرحدی خلاف ورزی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان تاقیامت قائم رہنے کے لیے بنا ہے، اور اس کی حفاظت، دفاع اور سلامتی کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا، اور پاکستانی عوام اپنے سپاہیوں کے حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ریلی میں حاجی محمد سرور، حاجی محمد اکبر، عاشق حسین سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

    مقررین نے عالمی برادری کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ملک دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • سیالکوٹ: مسیحی رہنما بشپ آر ایم سیلاس گل کا پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی

    سیالکوٹ: مسیحی رہنما بشپ آر ایم سیلاس گل کا پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (نامہ نگار مہر مصطفیٰ) مسیحی رہنما بشپ آر ایم سیلاس گل، بانی و چیئرمین سمرنا چرچ آف پاکستان نے کہا ہے کہ "ہم ایک کروڑ پاکستانی مسیحی پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں”۔ انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسیحیوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی پاکستان کی سالمیت کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت پر دن رات تعینات ہیں اور پاکستانی مسیحی ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسیحی پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے ہیں، اور 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی ان کا کردار اہم تھا۔

    بشپ آر ایم سیلاس گل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کے خلاف پاکستانی مسیحی اپنے عزم بلند رکھیں گے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر افواج پاکستان ان تمام سازشوں کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور ہم پاکستانی مسیحی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • پیرعادل: بس کی رکشے کو ٹکر، ایک خاتون جاں بحق، دوسری شدید زخمی

    پیرعادل: بس کی رکشے کو ٹکر، ایک خاتون جاں بحق، دوسری شدید زخمی

    پیرعادل، باغی ٹی وی (نامہ نگار باسط علی گاڈی) آج صبح 9:28 پر ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ یاروں مور تونسہ روڈ پر پی ایس او پمپ کے پاس ایک بس نے رکشے کو ٹکر مار دی ہے۔ حادثے میں دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو کنٹرول روم نے فوراً موقع پر امدادی ٹیمیں روانہ کیں، جن میں ایک موٹر بائیک ایمبولینس، دو ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل شامل تھا۔ حادثے کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی۔ موقع پر پہنچنے کے بعد ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں، جبکہ دوسری خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    حادثہ کا شکار ہونے والی خواتین میں فاطمہ مائی زوجہ عبدالرحمن، عمر 45 سال زخمی ہونے کے بعد سر پر چوٹ آئی، جسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    نصرت مائی زوجہ غلام شبیر، عمر 39 سال حادثے میں شدید زخمی ہوئیں اور سر پر چوٹ آئی جوکہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ لواحقین کے اصرار پر ان کی میت کو ان کےگھر (ٹبی اسرا) منتقل کر دیا گیا۔