Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ:پسرور ہسپتال میں ڈی سی کا سرپرائز وزٹ، طبی سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ:پسرور ہسپتال میں ڈی سی کا سرپرائز وزٹ، طبی سہولیات کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اچانک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پسرور کا دورہ کیا اور ڈاکٹروں و عملے کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے علاج کے لیے آئے ہوئے شہریوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے بارے میں دریافت کیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پیز کے تحت ضروری ادویات کی ہر وقت دستیابی اور مریضوں کو بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب ادویات کی فہرستیں اور ڈاکٹروں و عملے کا دن رات کا ڈیوٹی روسٹر ہسپتال کے نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے ہسپتالوں کا معائنہ کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ ٹی ایچ کیو سمیت پسرور کے تمام دیہی اور بنیادی صحت مراکز کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

    اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے پسرور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام کے ہمراہ جلد شہر کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار حکام کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی تفریح کے مقامات اور پبلک پارکس کو صاف ستھرا رکھنے اور شہر کی گرین بیلٹس اور چوکوں کو پودوں اور گھاس سے آراستہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    اپنے دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے کیڈٹ کالج پسرور اور اسپیشل ایجوکیشن سنٹر پسرور کا بھی معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا دورہ کیا۔

    بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے پسرور روڈ پر واقع افغان سٹیزن کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وطن واپسی کے لیے جاری مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میپ کیے گئے تمام افغان شہری وزارت داخلہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے باعزت طریقے سے اپنے وطن واپس جائیں گے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ افغان کیمپ میں ان کی باعزت واپسی کے لیے ہر ممکن بہترین رہائشی سہولیات اور کھانے پینے کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

  • ننکانہ : ایم سی بی اور اسٹیٹ بینک کا مشترکہ اقدام، قومی مالی خواندگی پروگرام کا آغاز

    ننکانہ : ایم سی بی اور اسٹیٹ بینک کا مشترکہ اقدام، قومی مالی خواندگی پروگرام کا آغاز

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ایم سی بی بینک نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کے تعاون سے ملک میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل فائننشل لٹریسی پروگرام (NFLP) یعنی قومی مالی خواندگی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں ایم سی بی بینک کی ننکانہ برانچ میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں برانچ مینیجر زبیر بشیر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فیلڈ ٹرینر ممتاز احمد، ایم سی بی کے ریلیشن شپ مینیجر انضمام الحق اور کریڈٹ آفیسر محمد طاہر نوید سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    نیشنل فائننشل لٹریسی پروگرام کا بنیادی مقصد عام افراد کو مالی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے ضروری علم اور مہارت فراہم کرنا ہے۔ اس مالی شمولیت کے پروگرام کے تحت محفوظ بچت کے لیے بینکنگ نظام تک رسائی کو وسیع کیا جائے گا، اثاثوں میں اضافے کے لیے کریڈٹ کے حصول کو بہتر بنایا جائے گا، اقتصادی خوشحالی میں اضافے کے لیے مالیاتی معلومات تک رسائی کو آسان بنایا جائے گا، محفوظ مالی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے جامع مواقع فراہم کیے جائیں گے اور اخراجات کے مؤثر انتظام کے لیے بچت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

    اس پروگرام کے تحت مالی استحکام کو بڑھانے والے اقدامات پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں مالیاتی خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے مارکیٹوں کی توسیع اور غیر رسمی کمیٹیوں کے علاوہ بچت کے محفوظ متبادل کی پیشکش شامل ہیں۔

    تقریب میں بتایا گیا کہ مالی شمولیت غریب اور پسماندہ طبقات کے لیے کس طرح فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کے ذریعے انہیں روایتی اور اسلامی دونوں طرح کی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل ہو سکے گی، بہتر آمدنی اور اخراجات سے باخبر رہنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، قرضوں، کریڈٹ کارڈز اور ویزا جیسی سہولیات کے لیے ضروری کارروائیوں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، ذہنی سکون کے لیے محفوظ بچت کے آپشنز میسر ہوں گے اور قیمتی سامان کے لیے محفوظ لاکر کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

    اس مشترکہ اقدام کا مقصد ملک کے زیادہ سے زیادہ افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانا اور انہیں قومی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ایم سی بی بینک اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اس تعاون سے مالی خواندگی کی شرح میں اضافہ اور مالی شمولیت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

  • لنڈی کوتل: ڈی جی ریسکیو 1122 شاہ فہد کا افغان مہاجرین کیمپ کا دورہ، طبی امداد کا جائزہ

    لنڈی کوتل: ڈی جی ریسکیو 1122 شاہ فہد کا افغان مہاجرین کیمپ کا دورہ، طبی امداد کا جائزہ

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا شاہ فہد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر خیبر انجینئر شارق ریاض خٹک کے ہمراہ لنڈی کوتل میں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے قائم افغان مہاجرین کیمپ کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک نے ڈائریکٹر جنرل شاہ فہد کو کیمپ میں قائم ریسکیو 1122 کیمپ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز نے اب تک مختلف نوعیت کی 89 ایمرجنسیز میں اپنی خدمات سرانجام دی ہیں، جن میں طبی ایمرجنسیز کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین اور بچوں کی بحفاظت پیدائش بھی شامل ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر متعدد زخمیوں اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں مزید علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔

    ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو 1122 کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کرتی ہیں۔ افغان مہاجرین کے لیے قائم اس کیمپ میں بھی بڑی تعداد میں مسافروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر صوبائی حکومت اس اہم ادارے کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف ایمرجنسیز میں فوری ردعمل دیتی ہے، بلکہ ان کے تدارک کے لیے بھی فعال طور پر کام کر رہی ہے۔

  • لنڈی کوتل:اساتذہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ مہم میں قائدانہ کردار ادا کریں، شریف اللہ آفریدی

    لنڈی کوتل:اساتذہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ مہم میں قائدانہ کردار ادا کریں، شریف اللہ آفریدی

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی) تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے صدر شریف اللہ آفریدی نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تعلیمی کانفرنس کے دوران اپنے ساتھی اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اہم پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں جب ہمارے فلسطینی مسلمان بھائی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہر مسلمان کا ایک اہم دینی فریضہ ہے۔

    شریف اللہ آفریدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بائیکاٹ نہ صرف قابض اسرائیلی ریاست کے وحشیانہ مظالم کے خلاف ایک پرامن اور مؤثر احتجاج ہے، بلکہ یہ عالمی دہشت گرد اسرائیل کی معیشت کو کمزور کرنے کا ایک طاقتور ہتھیار بھی ہے۔

    انہوں نے اساتذہ کرام کی سماجی حیثیت اور نئی نسل پر ان کے اثر و رسوخ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے رہنما اور معمار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لیے ان پر ایک بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف خود ان اسرائیلی مصنوعات کا سختی سے بائیکاٹ کریں، بلکہ اپنے طلبہ کو بھی اس اہم مسئلے پر شعور و آگہی فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ والدین اور پورے معاشرے کو بھی اس بائیکاٹ کی اہمیت سے روشناس کرائیں تاکہ یہ ایک اجتماعی اور مؤثر تحریک بن سکے۔

    شریف اللہ آفریدی نے یقین ظاہر کیا کہ اساتذہ کی بروقت اور مؤثر رہنمائی اس بائیکاٹ مہم کو ایک مضبوط عوامی تحریک میں تبدیل کر سکتی ہے، جو فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف ایک توانا اور متحد آواز ثابت ہوگی۔ انہوں نے تمام اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اس قومی اور دینی فریضے کی ادائیگی میں پیش پیش رہیں۔

  • ڈسکہ: خلق محمدی فاؤنڈیشن کا منفرد اقدام، 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو رازداری سے مکمل جہیز فراہم کیا گیا

    ڈسکہ: خلق محمدی فاؤنڈیشن کا منفرد اقدام، 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو رازداری سے مکمل جہیز فراہم کیا گیا

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) خلق محمدی فاؤنڈیشن (KMF) نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے، چیئرمین الحاج بابا جی محمد خالد محمود مکی مدنی، صاحبزادہ عثمان خالد اور صاحبزادہ ڈاکٹر حسان خالد کی زیرنگرانی ایک خصوصی پروگرام کے تحت 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو مکمل جہیز پیکج فراہم کیا۔ یہ تقریب انتہائی رازداری کے ساتھ منعقد کی گئی تاکہ مستحق خاندانوں کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔

    اس پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر چوہدری سلیم یونس چیمہ (چیئرمین اینجلز سکول سسٹم)، قاضی شبیر (سابق چیئرمین یونین کونسل)، خواجہ عاطف پاشی (سابق چیئرمین بلدیہ ڈسکہ)، سعید چیمہ (صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول سسٹم)، سیف بٹ (ماہر تعلیم)، قاری اعظم سعید اور محمودالحسنین ایڈووکیٹ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

    یتیم اور مستحق بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے صاحبزادہ عثمان خالد نے نہایت محبت بھرے انداز میں کہا کہ "میں آپ کا بھائی ہوں اور اللہ پاک آپ کی آئندہ زندگی اور نصیب بہترین فرمائے۔ اگر مستقبل میں آپ کو کسی بھی قسم کی کوئی مشکل پیش آئے تو میں اور میری پوری ٹیم ہر حال میں آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔”

    تقریب کے مہمانان گرامی نے انتہائی احترام اور عزت کے ساتھ ان بیٹیوں کے سروں کو چادر سے ڈھانپا، جو اس بات کی علامت تھی کہ معاشرہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    شرکاء نے خلق محمدی فاؤنڈیشن کے دیگر فلاحی منصوبوں، جن میں فری لنگر خانے، فری ڈسپنسری اور فری ایمبولینس سروسز شامل ہیں، کی بھی بھرپور تعریف کی اور ان کی انسانیت دوست کاوشوں کو سراہا۔ فاؤنڈیشن کا یہ اقدام معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنے اور ان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

  • ڈسکہ: ٹی بی کیئر سنٹر میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

    ڈسکہ: ٹی بی کیئر سنٹر میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) تحصیل اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیر اہتمام ٹی بی کیئر سنٹر میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

    سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے شریک معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر ڈینگی کے ماہر ڈاکٹر اصغر علی نے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گھروں کے روشن دانوں اور کھڑکیوں پر جالی لگانا ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ گملوں، کیاریوں، ناکارہ ٹائروں اور لان وغیرہ میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ معاشرے کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر خان عباس خان نے کہا کہ ڈینگی سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ڈینگی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

    دیگر مقررین جن میں ٹی بی سکرینر مرسی کور، لبنیٰ مشتاق، محمودالحسنین ایڈووکیٹ، مولانا ایوب خان اور سینئر صحافی امین رضا مغل شامل تھے، نے بھی ڈینگی کی روک تھام کی اہمیت اور اس کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

    سیمینار کے اختتام پر انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر ڈینگی سے بچاؤ کے پیغامات عام کیے۔ واک کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور ڈینگی سے نجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • سیالکوٹ: پنجاب کی صدیوں پرانی ثقافت کا رنگا رنگ اظہار، بچوں نے دیہاتی میلے سے جوڑ دیا

    سیالکوٹ: پنجاب کی صدیوں پرانی ثقافت کا رنگا رنگ اظہار، بچوں نے دیہاتی میلے سے جوڑ دیا

    سیالکوٹ ( بیوروچیف شاہد ریاض+سٹی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت صدیوں پر محیط ایک زندہ اور تابندہ ورثہ ہے، جو اپنی منفرد زبان، ادب اور روایات کے ساتھ پانچ دریاؤں کی اس دھرتی کو ایک خاص پہچان بخشتا ہے۔ دنیا بھر میں بسنے والے پنجابی بجا طور پر اپنی اس شاندار ثقافت پر فخر کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کے زیر اہتمام ماڈرن چلڈرن ہوم کی بچیوں کے "پنجابی ڈیہاڑ” کے موقع پر لگائے گئے دلکش دیہاتی میلے کے ماڈل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن، انچارج ماڈرن چلڈرن ہوم اسماء احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ابرار ساہی بھی موجود تھے۔

    اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری نے میلے میں سجے پنجابی کھانوں کے متنوع اسٹالز، رنگ برنگے روایتی لباس، مہندی کے خوبصورت ڈیزائن، ڈھولک کی دلکش تھاپ اور دیگر شاندار دستکاریوں کے اسٹالز کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے ان بچیوں کے فن اور ان کی جانب سے کی گئی محنت اور کاوشوں کو دل کھول کر سراہا۔ اس موقع پر مہمانوں کا روایتی انداز میں ڈھول کی تھاپ پر پرجوش استقبال کیا گیا اور انہیں پنجاب کی روایتی پگڑیوں اور پگوں سے عزت بخشی گئی۔ بعد ازاں، مہمانوں کو پنجاب کے روایتی مشروبات اور لذیذ کھانوں سے بھی تواضع کی گئی۔

    اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری نے مزید کہا کہ "پنجاب رہتل دیہاڑ” منانے کا بنیادی مقصد پنجابی روایات کو نئی نسل تک منتقل کرنا اور انہیں زندہ رکھنا ہے۔ اس طرح کے ایونٹس بچوں کو اپنی شاندار ثقافت سے روشناس کرانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتے ہیں، جس سے وہ اپنے ماضی سے جڑتے ہیں اور اپنی شناخت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کی اس شاندار کاوش کو سراہا اور بچیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

  • ڈسکہ: سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا ماہانہ اجتماع، ضلع بھر سے سالکین کی بڑی تعداد میں شرکت

    ڈسکہ: سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا ماہانہ اجتماع، ضلع بھر سے سالکین کی بڑی تعداد میں شرکت

    ڈسکہ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار ملک عمران)سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں منعقد ہوا، جس میں خواتین سمیت ضلع بھر سے سالکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ روحانی سکون اور ذکرِ الٰہی سے لبریز اس اجتماع کا مقصد دلوں کو زندہ اور معاشرے میں روحانیت کو فروغ دینا تھا۔

    اجتماع سے شیخِ سلسلہ و سربراہ تنظیم الااخوان پاکستان، امیر عبدالقدیر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سالکین سے خصوصی خطاب کیا، جس میں روحانی تربیت، ذکر کی اہمیت اور اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔

    اس موقع پر صاحب مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے شامل ہونے والے افراد کو طریقہ ذکر سکھایا، جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری عارف رفیق نے ضلع بھر سے آئے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیمی امور پر روشنی ڈالی۔

    اجتماع کے اختتام پر ملکی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور روحانی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جنہوں نے اجتماع کی روحانیت کو مزید بامعنی بنا دیا۔

  • ننکانہ : گوردوارہ جنم استھان میں ویساکھی میلے کا عروج، عقیدت کا سمندر امڈ آیا

    ننکانہ : گوردوارہ جنم استھان میں ویساکھی میلے کا عروج، عقیدت کا سمندر امڈ آیا

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز) گوردوارہ جنم استھان میں وساکھی کی روح پرور تقریب، دنیا بھر سے آئے یاتریوں کا پاکستان سے محبت کا اظہار

    ننکانہ صاحب سکھ دھرم کے روحانی مرکز ننکانہ صاحب میں وساکھی میلے کی مرکزی تقریب گوردوارہ جنم استھان میں عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے بابا گورونانک کی دھرتی پر حاضری دی، ماتھا ٹیکا اور مذہبی رسومات میں بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ فضاء میں گونجتے شبھ گیت، امن کا پیغام اور بھائی چارے کی خوشبو نے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔

    تقریب میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر مملکت برائے اقلیتی امور کھیل داس کوہستانی، صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، اراکین اسمبلی اور دنیا بھر سے آئے سکھ رہنما گوردوارہ جنم استھان پہنچے اور یاتریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

    وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوردوارہ جنم استھان آکر دلی مسرت ہوئی، بابا گورونانک نے اس سرزمین پر جنم لیا، ان کا پیغام محبت، انسانیت اور رواداری پر مبنی ہے، جس پر عمل پیرا ہونے کی آج اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ہندو برادری کی جانب سے سکھ برادری کو وساکھی کی مبارکباد بھی دی۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہی ہیں، سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور احترام کی خوبصورت یادیں لے کر واپس جاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں پاکستان کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا مشترکہ گھر ہے۔

    صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارت میں اقلیتوں کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اقلیتیں دباؤ میں ہیں جبکہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے ضلعی انتظامیہ کو وساکھی میلے کے شاندار انتظامات پر مبارکباد دی۔

    ضلعی انتظامیہ نے سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، طبی سہولیات، سیکیورٹی اور خوراک کے مثالی انتظامات کیے، جس پر یاتریوں نے انتظامیہ کی مہمان نوازی کو سراہا اور اسے پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی کا روشن چہرہ قرار دیا۔

    یہ تقریب نہ صرف ایک مذہبی موقع ہے بلکہ پاکستان کی جانب سے دنیا کو دی جانے والی وہ دعوت ہے جو امن، احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہے — ایک پیغام کہ یہ ملک محبت کرنے والوں کا وطن ہے، جہاں سب کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔

  • گوجر خان: ولیمے کا کھانا زہر  بن گیا، 150 افراد ہسپتال منتقل، ایمرجنسی نافذ

    گوجر خان: ولیمے کا کھانا زہر بن گیا، 150 افراد ہسپتال منتقل، ایمرجنسی نافذ

    گوجر خان،باغی ٹی وی( نامہ نگار شیخ ساجد قیوم) گوجر خان کے تھانہ جاتلی کے علاقے ڈھونگ میں پیر کے روز ایک دعوتِ ولیمہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے تقریباً 150 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ متاثرین کو فوری طور پر ڈھونگ کے بنیادی مرکز صحت اور دولتالہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دولتالہ کے نواحی علاقے ڈھونگ میں ولیمے کے دوران کھانے میں مبینہ طور پر فوڈ پوائزننگ ہوئی، جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد متلی، قے اور دست جیسی علامات کے ساتھ اسپتال پہنچے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور اضافی طبی عملہ طلب کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق، ڈیڑھ سو سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ گوجر خان سے ایمبولینسز اور ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی فوری طور پر متاثرہ علاقے روانہ کر دی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔

    متاثرہ افراد اور ان کے لواحقین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ علاقے کے دیگر مکین بھی خوف و اضطراب کا شکار ہیں۔ محکمہ صحت نے کھانے کے نمونے حاصل کر کے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

    ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مضر صحت کھانا فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔