Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: خوشیوں کی برسات، 50 یتیم بچیوں کی شادیوں پر دعائیں اور تحسین

    اوچ شریف: خوشیوں کی برسات، 50 یتیم بچیوں کی شادیوں پر دعائیں اور تحسین

    اوچ شریف (نامہ نگار،حبیب خان) اوچ شریف نے انسانیت کی ایک شاندار مثال پیش کرتے ہوئے اس وقت سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی جب مقامی سول سوسائٹی نے بیک وقت 50 یتیم اور غریب بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس قابل تحسین اقدام پر اوچ شریف پریس کلب کے صدر میاں محمد عامر صدیقی اور دیگر عہدیداران نے سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    اوچ شریف سول سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ اس اجتماعی شادیوں کی تقریب میں علاقے کی مختلف فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات نے دل کھول کر حصہ لیا۔ اس انسانیت دوست اقدام کا بنیادی مقصد معاشرے کے ان پسے ہوئے طبقات کی مدد کرنا تھا جو معاشی مشکلات کے باعث اپنی بیٹیوں کے فرض سے سبکدوش ہونے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔

    اوچ شریف پریس کلب کے صدر میاں محمد عامر صدیقی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک "بے مثال اور انتہائی نیک عمل” ہے جس نے نہ صرف ان 50 بچیوں کی زندگیوں میں خوشیاں بھر دیں بلکہ پورے معاشرے کو خدمت انسانیت کا ایک مثبت پیغام بھی دیا۔ انہوں نے عمر خورشید سہمن اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت اور جذبے کو سراہتے ہوئے اسے "واقعی قابل ستائش” قرار دیا۔

    پریس کلب کے جنرل سیکرٹری حبیب اللہ خان نے اس کامیاب پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہیں اور باہمی تعاون کے ذریعے معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔ چیئرمین خواجہ غلام شبیر نے ان اجتماعی شادیوں کو ایک "روشن مثال” قرار دیا کہ اگر سب مل کر کام کریں تو بڑے سے بڑے معاشرتی مسائل بھی حل کیے جا سکتے ہیں۔ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد ساجد خان نے اس اقدام کو اوچ شریف کے عوام کے لیے ایک "نیا شعور” قرار دیتے ہوئے ایسی فلاحی سرگرمیوں کو معاشرتی مسائل کے حل کی جانب ایک "اہم قدم” قرار دیا۔

    اوچ شریف سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن نے پریس کلب کے عہدیداران کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا مقصد صرف شادیوں کا اہتمام کرنا نہیں تھا بلکہ ان بچیوں کو عزت و وقار کے ساتھ ایک نئی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے اس کامیاب پروگرام کی تکمیل پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ اس میں شادی کے تمام ضروری سامان، لباس اور دیگر تقریبات کا مکمل انتظام کیا گیا تھا، جس سے نہ صرف بچیوں بلکہ ان کے خاندانوں کو بھی اطمینان نصیب ہوا۔

    مقامی کمیونٹی نے اس شاندار اقدام پر عمر خورشید سہمن اور ان کی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اوچ شریف کی سول سوسائٹی کی یہ فلاحی سرگرمیاں نہ صرف ان بچیوں کی زندگی میں خوشیاں لانے کا ذریعہ بنیں بلکہ پورے علاقے میں خدمت انسانیت کا ایک نیا معیار بھی قائم کر گئیں۔ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ اگر معاشرے کا ہر فرد دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھے تو کسی بھی مشکل کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔

  • ملتان:ایل پی جی دھماکہ,ضمانت خارج، 12 ملزمان گرفتار

    ملتان:ایل پی جی دھماکہ,ضمانت خارج، 12 ملزمان گرفتار

    ملتان(باغی ٹی وی رپورٹ)رواں سال جنوری میں انڈسٹریل اسٹیٹ میں ہونے والے المناک ایل پی جی باؤزر دھماکے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بینچ نے واقعے میں ملوث 12 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی، جس کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان غیر قانونی گیس فلنگ کے کاروبار میں ملوث تھے، جو اس افسوسناک واقعے کا سبب بنا۔ واضح رہے کہ اس دھماکے کے نتیجے میں 26 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور 14 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قریبی آبادیوں کے 20 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے جبکہ 70 دیگر جزوی طور پر متاثر ہوئے تھے۔ اس دلخراش حادثے میں کئی بے زبان جانور بھی جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے۔

    تحقیقات کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایل پی جی گیس باؤزر سے غیر محفوظ طریقے سے گیس نکال کر اس میں خطرناک حد تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کرنا حادثات کا بڑا سبب بنتا ہے۔ کم قیمت اور زیادہ پریشر کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ایل پی جی میں ملایا جاتا ہے، جس سے پریشر غیر معمولی طور پر بڑھ جاتا ہے اور دھماکے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مرکزی ملزمان، گیس باؤزر کا ڈرائیور اور گودام کا مالک، پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ اب 12 مزید ملزمان کی گرفتاری سے اس المناک واقعے کی تحقیقات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔ یہ گرفتاری قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

  • ننکانہ : پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے یکجہتی فلسطین ریلی

    ننکانہ : پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے یکجہتی فلسطین ریلی

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت مرکزی صدر علماء و مشائخ ونگ قاری محمد یعقوب شیخ نے کی۔ ریلی میں صوبائی صدر وسطی پنجاب شیخ فیاض احمد، ضلعی صدر میاں محمد عابد، ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر ثاقب مجید، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رائے شجر عباس، سابق صدر رائے قاسم مشتاق، سیاسی و سماجی رہنماؤں، علماء کرام، وکلاء، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
    یکجہتی فلسطین ریلی ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بیری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی آزادی کے حق اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ فلسطین کے پرچم تھامے شرکاء نے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل مخالف نعرے بازی بھی کی۔ ریلی کے دوران اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا اور فلسطین کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

    بیری چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ دنیا میں امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا جلد حل ضروری ہے۔ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے اور امریکہ اور برطانیہ کی سربراہی میں فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے فلسطین میں صرف عمارتیں گری ہیں، فلسطینیوں کے حوصلے نہیں گرے اور وہ آج بھی اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے آباؤ اجداد کی طرح معاہدے کو توڑا ہے۔ انہوں نے 57 اسلامی ممالک کے سربراہان سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ اتحاد اور جہاد سے اسرائیل کو فلسطین سے نکالنے کی ضرورت ہے۔

  • سیالکوٹ: ماحولیاتی چیلنج، شجرکاری ہی واحد حل ہے. ایوب بخاری

    سیالکوٹ: ماحولیاتی چیلنج، شجرکاری ہی واحد حل ہے. ایوب بخاری

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سیالکوٹ ایوب بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہے۔

    سی ٹی آئی ہائی سکول میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت طلباء اور اساتذہ کے ساتھ پودے لگاتے ہوئے ایوب بخاری نے کہا کہ ہر شہری، خصوصاً نوجوان نسل کو اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور کھلی جگہوں پر درخت لگانے چاہئیں اور ان کی حفاظت بھی کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا موسم اور زمین شجرکاری کے لیے انتہائی موزوں ہے، یہاں زیادہ بارشیں ہوتی ہیں، اس لیے زیادہ درخت اگائے جا سکتے ہیں۔

    ایوب بخاری نے کہا کہ جنگلات کی کمی کی وجہ سے بارشوں میں کمی اور خشک سالی جیسے خطرات بڑھ چکے ہیں، اگر ہر فرد اپنے حصے کا درخت لگا لے تو موسمیاتی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    تقریب میں ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، کلین گرین چیمپئن اشفاق نذر، پرنسپل فاران گل، میڈم ربیقہ گل، اساتذہ، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

  • سیالکوٹ: آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال ہیں. عمر فاروق ڈار

    سیالکوٹ: آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال ہیں. عمر فاروق ڈار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ گولی اور لاٹھی کی سرکار نے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ ارباب اختیار کی ناقص پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک انتشار اور افراتفری کا شکار ہے۔ جب تک ملک کو نقصان پہنچانے والے مکروہ چہرے بے نقاب نہیں ہوتے، تب تک امن و خوشحالی کا حصول ممکن نہیں اور عوام کے حقوق اور آزادی کا تحفظ محض ایک خواب بن چکا ہے۔

    اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا اور ریاستی جبر و حکومتی انتقامی کارروائیوں کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نظریہ پاکستان کے محافظ اور آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں پوری پاکستانی قوم ہمارے ساتھ ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر پاکستان کا مستقبل روشن و تابناک بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ادارے اگر اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ملکی مسائل کے حل ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔

    اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد الطاف کے علاوہ کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

    عمر ڈار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ عوام کو پورا سچ بتایا اور پاکستان کے اندرونی امور میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف آواز بلند کی، جس کا مقصد پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ اور اندرونی سیاسی امور میں بیرونی مداخلت کا راستہ روکنا تھا، جسے پوری پاکستانی قوم نے پذیرائی دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ پی ٹی آئی پاکستان کی خود مختاری کا تحفظ چاہتی ہے اور بیرونی مداخلت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کو اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی روش کا حساب دینا پڑے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی جاری

    سیالکوٹ: ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی جاری

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز افغان شہریوں کی رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ان کی واپسی کا عمل یکم اپریل سے شروع ہو چکا ہے۔ اب تک 1 ہزار 701 افغان شہریوں کو قائم کیمپ میں لایا گیا اور انہیں ان کے ملک روانہ کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے یہ بات پسرور روڈ سپورٹس کمپلیکس میں قائم افغان کیمپ کے دورے کے موقع پر کیمپ میں سہولیات، حفاظتی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے دوران بتائی۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے میں افغان سٹیزن شپ کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے 464 افغان شہری رضاکارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں اور 658 افغان شہریوں کو ڈیڈ لائن گزرنے پر کارروائیوں کے بعد بھجوایا گیا ہے، جبکہ 579 افغان شہری اس وقت کیمپ میں موجود ہیں جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے اپنے وطن روانہ کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کیمپ میں افغان شہریوں کی سہولت کے لیے بہترین رہائشی و کھانے پینے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں اے سی سی ہولڈرز افغان شہریوں کی کل تعداد 5 ہزار 124 ہے، جبکہ حکومتی ڈیٹا کے مطابق 738 غیر قانونی اور 227 کمپلیکس کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔

  • گھوٹکی: لاپتہ 9 سالہ بچہ پولیس نے والدین سے ملا دیا

    گھوٹکی: لاپتہ 9 سالہ بچہ پولیس نے والدین سے ملا دیا

    میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس کی بروقت کارروائی سے اوباڑو کے علاقے کموں شہید سے لاپتہ ہونے والا 9 سالہ بچہ عامر علی چاچڑ والدین سے جا ملا۔

    نواب علی چاچڑ نے تھانہ اوباڑو میں بیٹے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی، جس پر ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بچے کی فوری تلاش کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے ضلع بھر کے تھانوں کو اطلاع دی اور سرچ آپریشن شروع کیا۔

    ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن محمد قابل بھیو نے اپنی ٹیم اور ذرائع کے ذریعے کچھ ہی دیر میں گمشدہ بچے کو تلاش کرلیا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد بچے کو بحفاظت والدین کے حوالے کردیا گیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بچے کی بازیابی پر ایس ایچ او بی سیکشن اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ والدین نے پولیس کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: کینسر ہسپتال کا قیام ،عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا

    ڈیرہ غازی خان: کینسر ہسپتال کا قیام ،عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(نیوزرپورٹرشاہد خان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ہسپتال کے لیے مختلف مقامات کا معائنہ کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان نے انہیں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے لیے موزوں اور آسان رسائی والی جگہ تجویز کی جائے گی۔

    ادھر ڈپٹی کمشنر نے بی ایچ یو چھابری زیریں کا اچانک دورہ بھی کیا، جہاں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری چیک کی، مریضوں سے علاج معالجے کے بارے میں معلومات لیں اور ہسپتال کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے وسط میں واقع کشمیر پارک کا معائنہ کیا اور پارک میں صفائی، گرین بیلٹس، درختوں کی کٹائی اور بچوں کی تفریحی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔

  • اوچ شریف: صفائی کی غفلت سے زائرین اور طالبات کو مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف: صفائی کی غفلت سے زائرین اور طالبات کو مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف جو کہ اولیائے کرام کے مزارات کی زیارت کے لیے مشہور ہے صفائی کی بدترین حالت کا شکار ہے۔ شہر کے اہم مذہبی مقامات جیسے حضرت جلال الدین سرخ پوش اور حضرت صفی الدین حقانی کے درگاہوں کے قریب سڑکوں پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس سے نہ صرف ان مقدس مقامات کی اہمیت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہر میں آنے والے سیاحوں اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات کو روزانہ مشکلات کا سامنا ہے۔

    میونسپل کمیٹی کی غفلت اور صفائی کی ناقص صورتحال نے شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کر دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں گندگی کے ڈھیر پھینکنے کی تصاویر میڈیا میں آئیں جو انتظامیہ کی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہیں۔ شہر کے مرکزی علاقوں میں صفائی نہ ہونے سے نہ صرف شہریوں کی عزت نفس مجروح ہو رہی ہے بلکہ صحت کے مسائل بھی بڑھ گئے ہیں۔

    اس صورتحال نے حکومت پنجاب کے "صاف ستھرا پنجاب” کے دعووں کو بھی سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف جیسے مقدس شہر میں آنے والے افراد کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جانا چاہیے تھا مگر گندگی کے ڈھیر کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک طالبہ نے کہا "ہمیں روزانہ سکول جانے کے لیے ان راستوں سے گزرنا پڑتا ہے، جہاں گندگی کی وجہ سے نہ صرف بدبو پھیلی ہوئی ہے بلکہ ہمیں پڑھائی میں بھی دقت سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    شہریوں نے انتظامیہ سے فوری صفائی کے اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ نہ صرف شہر کا تقدس بحال ہو بلکہ زائرین اور طالبات کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ مقامی افراد نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اوچ شریف کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات کرے تاکہ یہ شہر اپنے حقیقی مقام پر واپس آ سکے۔

  • ننکانہ صاحب: ویساکھی میلے کے انتظامات مکمل، 12 اپریل سے آغاز ہوگا

    ننکانہ صاحب: ویساکھی میلے کے انتظامات مکمل، 12 اپریل سے آغاز ہوگا

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ویساکھی میلے کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واپڈا، اوقاف سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور سکھ کمیونٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ننکانہ صاحب میں ویساکھی میلے کی تقریبات 12 اپریل سے شروع ہو کر 15 اپریل تک جاری رہیں گی، جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے 7 ہزار سے زائد سکھ یاتری 12 اپریل کو ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار سے زائد یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے میلے کے لیے سکیورٹی، رہائش، ٹریفک اور طبی سہولیات سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ گوردوارہ جات میں مارکیز لگا کر اندرون ملک سے آنے والے یاتریوں کے قیام کا بندوبست کیا جا رہا ہے جبکہ گوردوارہ جات کے داخلی راستوں پر صرف ضروری سرکاری اداروں کے سٹال لگیں گے۔

    میلے کے دوران گوردوارہ جات اور اردگرد کے علاقوں میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ یاتریوں کی سہولت کے لیے گورونانک ہائی سکول، کالج، یونیورسٹی، اور راستے میں آنے والے تعلیمی اداروں کو 14 اور 15 اپریل کو بند رکھا جائے گا۔ ٹریفک کنٹرول اور ریسکیو سروسز کے لیے خصوصی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کے علاوہ کسی اور کو کرنسی ایکسچینج کی اجازت نہیں ہو گی، جبکہ میڈیا کارڈز صرف انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ جاری کرے گا۔ یاتریوں کے علاج معالجہ کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں خصوصی وارڈ قائم کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس 24 گھنٹے تمام شاہراہوں پر گشت کرے گی، کنٹرول رومز گوردوارہ جات اور ڈی سی آفس میں قائم ہوں گے، سیکیورٹی فول پروف ہو گی، اور سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر پابندی ہو گی جبکہ تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکھ یاتریوں کے مذہبی جذبات کا مکمل خیال رکھا جائے۔

    15 اپریل کو دعائیہ تقریب کے ساتھ ویساکھی میلے کی تقریبات اختتام پذیر ہوں گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے خوشگوار یادیں لے کر واپس لوٹیں گے۔