Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ : عیدالفطر کے لیے ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی پلان جاری

    ننکانہ : عیدالفطر کے لیے ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی پلان جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز): پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے عیدالفطر کے لیے ایمرجنسی کور پلان مرتب کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد سعید اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عیدالفطر کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ایمرجنسی ریسکیو پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ آپریشنل اسٹاف اور آفیسرز کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کا عملہ معمول کے حادثات اور پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ساتھ نماز عیدالفطر کے موقع پر تمام جامع مساجد میں ریسکیو کور فراہم کرے گا۔

    اہم مقامات پر موٹر بائیک سروس، ایمبولینس اور فائر وہیکلز کے ساتھ ساتھ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی۔ مزید برآں، عیدالفطر کے موقع پر محفوظ حد رفتار کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • گوجرانوالہ: رانا وکیل خاں کی سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی، دوستوں کی طرف سے مبارکباد

    گوجرانوالہ: رانا وکیل خاں کی سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی، دوستوں کی طرف سے مبارکباد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے افسران کو عہدوں کے رینک لگائے۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کے دبنگ کرائم فائٹر اسسٹنٹ سب انسپکٹر رانا وکیل خاں سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پا گئے۔

    اس مسرت موقع پر رانا وکیل خاں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں میری ترقی خاص طور پر میرے والدین، عزیز و اقارب اور دوست احباب کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ پولیس میں رہ کر اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سر انجام دیں گے اور افسران بالا کے احکامات پر عمل کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

    نوجوان صحافی اخلاق اپل اور شہزاد بھنڈر سمیت دیگر دوست احباب نے رانا وکیل خاں کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • اوکاڑہ: تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی، دیپالپور روڈ سے عارضی تجاوزات ختم

    اوکاڑہ: تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی، دیپالپور روڈ سے عارضی تجاوزات ختم

    اوکاڑہ (نامہ ملک ظفر) ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے ضلع کونسل کے افسران کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی۔ انہوں نے ضلع کونسل کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں کے ساتھ شہر کے مختلف مقامات پر چیکنگ کی اور دیپالپور روڈ سے اپنی نگرانی میں عارضی تجاوزات ختم کروائیں۔

    اس موقع پر ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات کے ذریعے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ حکومت پنجاب کے احکامات پر تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    اس لیے تجاوزات کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ تجاوزات کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور تجاوزات کا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔

  • میرپورخاص: پولیو کے خاتمے کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا، ڈپٹی کمشنر

    میرپورخاص: پولیو کے خاتمے کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا، ڈپٹی کمشنر

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ پولیو مرض کے خاتمے کے لئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کیونکہ یہ ہمارے مستقبل کے معماروں کے روشن مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں 21 اپریل سے 25 اپریل 2025 تک ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک وبائی مرض ہے جو ہمارے بچوں کو ہمیشہ کے لئے اپاہج بنا دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ پولیو مرض کا خاتمہ کیا جائے۔ جس کے لیے تمام اداروں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے تعلقہ سپروائزروں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پولیو مہم میں پولیو کاموں کی موثر نگرانی کریں۔ انکاری کیسز اور موجود نہ ہونے والے پولیو کیسز ہونے کے ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد اعظم بلوچ، ضلعی فوکل پرسن پولیو پروگرام ڈاکٹر نارائن داس، ضلعی کنٹرول روم پولیو پروگرام کے فوکل پرسن ڈاکٹر راجیش کمار نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران 6 تحصیلوں کے 41 یونین کونسلز کے 3 لاکھ 48 ہزار 463 پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 249 یو سی ایم اوز، 53 ٹرانزٹ ٹیمیں، 97 فکسڈ ٹیمیں اور 1090 موبائل ٹیمیں اور 766 لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فیصل علی سومرو، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سجن راہموں، اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد مہوش اعجاز، اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانہیو، اسسٹنٹ کمشنر سندھڑی عبدالغفار لاکھیر، ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر تہور حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رجسٹریشن انسٹی ٹیوٹ سید خان محمد شاہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام انچارج ڈاکٹر بینظیر اور تعلقہ سپروائزرز اور ہینڈز کے ڈسٹرکٹ مینیجر مظہر حسین کپری سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

  • اوکاڑہ: انسداد پولیو مہم کے لیے تیاریاں مکمل کی جائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ: انسداد پولیو مہم کے لیے تیاریاں مکمل کی جائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

    سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں سٹاف کی ٹریننگ سمیت تمام انتظامات کے لیے تیاریاں کی جائیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ مہم کے لیے تمام سامان اور اشیاء ضروریہ سمیت ویکسین اور بچوں میں ای پی آئی کے تحت حفاظتی ٹیکہ جات کے دیے گئے ٹارگٹ کے انتظامات بھی مکمل کیے جائیں۔

  • اوکاڑہ: ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکتا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ: ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکتا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد سے جان لیوا ٹریفک حادثات سے بچاؤ ممکن ہے اور ان سے واقفیت کے لیے عوام الناس کو تمام احتیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کی جائے۔

    اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، ٹریفک پولیس، ہائی وے پولیس اور ریسکیو 1122 کے حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین نے ماہانہ روڈ ایکسیڈنٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مختلف روڈز جہاں پر کٹس، سپیڈ بریکرز، یو ٹرنز بنانے کی ضرورت ہو، اس بارے میں چیکنگ کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ان کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ رسپانس ٹائم کی مکمل پابندی کرتے ہوئے حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد مہیا کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی فٹڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور عید کے ایام میں روڈز پر ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے لیے سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں۔

  • گوجرانوالہ:محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس، پولیس کے 123 اہلکاروں کی ترقی

    گوجرانوالہ:محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس، پولیس کے 123 اہلکاروں کی ترقی

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ کی زیر صدارت محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجن بھر کے سی پی او/ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 123 پولیس اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں 64 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اور 59 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر (ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے ترقی پانے والے تمام اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بروقت ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمیشہ لوگوں کی مدد کے جذبے کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔

    آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے مطابق یہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں خالصتاً معیار، قابلیت، بہترین ریکارڈ اور سنیارٹی کے مطابق اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہلکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ترقی پائے، لیکن اس کے لیے کٹھن مراحل طے کرنے پڑتے ہیں۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے اہلکار اپنی نئی ذمہ داریاں محنت، لگن اور لوگوں کی مدد کے جذبے سے سرانجام دیں گے اور شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں اب تک 358 افسران کی پروموشن کی جا چکی ہے۔

    اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آر پی او آفس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

  • میرپور ماتھیلو پولیس کی شاندار کارروائی، لاپتہ بچے بازیاب

    میرپور ماتھیلو پولیس کی شاندار کارروائی، لاپتہ بچے بازیاب

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے میرپور ماتھیلو سے لاپتہ ہونے والے دو کمسن بچوں کو بحفاظت بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق، دو روز قبل میرپور ماتھیلو کے رہائشی اللہ ڈنو چاچڑ اور ربنواز چاچڑ نے تھانہ میرپور ماتھیلو میں اطلاع درج کروائی کہ ان کے دو بچے، اسرار ولد اللہ ڈنو چاچڑ اور دلبر ولد ربنواز چاچڑ گھر سے ناراض ہو کر نکل گئے ہیں اور کافی تلاش کے باوجود نہیں ملے۔

    ایس ایچ او تھانہ میرپور ماتھیلو لیاقت علی لاشاری نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع جہانگیر بیس کنٹرول کو دی اور بچوں کی تلاش کے لیے ضلع گھوٹکی کے دیگر تھانوں کو بھی مطلع کیا۔ آج، ایس ایچ او لیاقت علی لاشاری نے اپنے ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے دونوں بچوں کو پیر پکھڑوئی لعل کی درگاہ سے بازیاب کر لیا۔

    بچوں کے اہل خانہ نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کاوشوں سے ہی ان کے بچے واپس مل سکے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو لیاقت علی لاشاری اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، 2 جاں بحق

    اوچ شریف: تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، 2 جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف چوک بھٹہ روڈ پر حسن دریا دربار کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔ اس افسوسناک واقعے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

    جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصر اللہ اور محمد فہد کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق جلال پور پیر والا سے تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق، حادثہ تیز رفتار ٹرک کے کراسنگ کے دوران پیش آیا۔

    حادثے کا شکار ہونے والے تینوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ ٹرک کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے لیا ہے، تاہم ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس فرار ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہے۔

  • گوجرہ: نہر سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد، قتل کا شبہ

    گوجرہ: نہر سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد، قتل کا شبہ

    گوجرہ (باغی ٹی وی نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 98 ج ب کے قریب نہر سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کو اطلاع چک نمبر 99 ج ب کے رہائشی کامران رسول نے دی، جس نے بتایا کہ سیر کے دوران اس نے نہر کے موگے میں ایک لاش پھنسی ہوئی دیکھی۔

    کامران رسول کے مطابق لاش کی حالت سے شبہ ہوتا ہے کہ اسے قتل کرکے نہر میں پھینکا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ ریسکیو 1122 کے ذریعے لاش کو گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس مقتول کی شناخت اور ورثاء کی تلاش میں مصروف ہے۔