Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • کراچی: کورنگی آئل ریفائنری کے نزدیک گیس پائپ لائن میں شدید آگ

    کراچی: کورنگی آئل ریفائنری کے نزدیک گیس پائپ لائن میں شدید آگ

    کراچی(باغی ٹی وی رپورٹ) کورنگی کراسنگ کے قریب آئل ریفائنری میں لگی آگ 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود بے قابو ہے۔ فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں اور 2 باؤزر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اور فوم کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق، آگ ممکنہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگی ہے۔ گورنر سندھ نے کمشنر کراچی سے رابطہ کر کے آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد لینے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کام کے دوران گیس لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔ 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیسرے درجے کی ہے اور ممکنہ طور پر گیس لائن میں لگی ہے۔ آگ بجھانے کی کوششوں میں کرین اور ڈمپر بھی شامل ہیں اور ریت کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام نے شہر بھر سے فائر بریگیڈ طلب کر لی ہے، لیکن پانی اور فوم کے استعمال سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہو رہا کیونکہ آگ کا پریشر پانی کو واپس پھینک رہا ہے۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہاں کوئی گیس کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔

    پولیس کے مطابق سوئی سدرن کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ لانڈھی ہائیڈرینٹ سے فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے اور واٹر ٹینکر بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل 1800 فٹ گہری کھدائی کی گئی تھی جو مبینہ طور پر پانی کی بورنگ کے لیے تھی۔ بورنگ کا کام مکمل ہو چکا تھا، لیکن جب پائپ واپس نکالنے کا عمل جاری تھا تو اچانک زیر زمین گیس کا اخراج شروع ہو گیا، جس نے آگ پکڑ لی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ مبینہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگنے کے باعث پھیلی ہے، لیکن حتمی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، لیکن آگ کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیل گیا ہے، جس سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے رابطہ کر کے آگ پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنے اور ہیلی کاپٹر کی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پاکپتن میں دل دہلا دینے والا واقعہ، 8 سالہ بچے کے ہاتھوں ماں کا قتل

    پاکپتن میں دل دہلا دینے والا واقعہ، 8 سالہ بچے کے ہاتھوں ماں کا قتل

    پاکپتن(باغی ٹی وی) عید کے خوشیوں کے موقع پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں محلہ گلزار آباد میں 8 سالہ بچے نے عید کے لیے رقم نہ ملنے پر اپنی ماں ثوبیہ بی بی کو قتل کر دیا۔ اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمسن بچے نے اپنی والدہ سے عید کے لیے پیسے مانگے، لیکن جب والدہ نے انکار کیا تو بچہ غصے میں آ گیا۔ اشتعال میں آکر بچے نے قینچی اٹھائی اور اپنی ماں کے سینے میں گھونپ دی۔ گہرے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ثوبیہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور کمسن ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بچے نے یہ قدم کیوں اٹھایا۔

  • اوچ شریف: حوالات کی چھت توڑ کر منشیات کا ملزم فرار، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار معطل

    اوچ شریف: حوالات کی چھت توڑ کر منشیات کا ملزم فرار، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار معطل

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) تھانہ چنی گوٹھ میں ایک انتہائی سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جہاں منشیات کے مقدمے میں گرفتار ملزم ارشد حوالات کی چھت میں نقب لگا کر فرار ہو گیا۔ اس واقعے نے تھانہ کی سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم ارشد کو منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے تھانہ چنی گوٹھ کی حوالات میں رکھا گیا تھا۔ تاہم ملزم نے موقع پا کر حوالات کی چھت میں نقب لگائی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام حرکت میں آئے اور فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کی غفلت سامنے آئی، جس کے نتیجے میں ڈی پی او نے ایس ایچ او فضل عباس سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

    مزید برآں غفلت برتنے پر ایس ایچ او فضل عباس اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

    اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تھانہ کی حوالات سے ملزم کا فرار ہونا پولیس کی نااہلی کا ثبوت ہے۔

    پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

  • پنجاب پولیس  نے دہشت گردوں کا حملہ بنایا ناکام ، ایک دہشت گرد ہلاک

    پنجاب پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ بنایا ناکام ، ایک دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)عید الفطر سے قبل امن و امان اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم پنجاب پولیس نے خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، 20 سے 25 خوارجی دہشت گردوں نے لکھانی چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے حملے میں مارٹر گولوں، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا۔

    تاہم، پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے جوانوں نے جرات اور بہادری سے چیک پوسٹ کا دفاع کیا۔ الرٹ پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ حملے کے دوران پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی نگرانی کی، جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔

    پنجاب خیبر پختونخوا سرحدی علاقوں میں پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

  • گوجرانوالہ: مبینہ طورپر زہریلی بریانی کھانے سے کمسن بہن بھائی جاں بحق

    گوجرانوالہ: مبینہ طورپر زہریلی بریانی کھانے سے کمسن بہن بھائی جاں بحق

    گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ زہریلی بریانی کھانے سے دو معصوم بہن بھائی زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس واقعے نے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑا دی۔

    پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ اروپ کے علاقے عالم چوک میں پیش آیا۔جہاں مبشر نامی شخص اپنے خاندان کے لیے بریانی لایا تھا۔ بریانی کھانے کے فوراً بعد ہی ان کے دو بچے کمسن عبد الہادی اور اس کی بہن خضرہ کی حالت بگڑ گئی۔

    گھبراہٹ کے عالم میں اہل خانہ بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے گئے لیکن بدقسمتی سے دونوں بچے جانبر نہ ہو سکے اور دوران علاج دم توڑ گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں کسی زہریلے مادے کی موجودگی کی وجہ سے بچوں کی حالت بگڑی۔ تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک تجزیہ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ وہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں ،دوسری جانب متاثرہ خاندان گہرے صدمے میں ہے،علاقے میں خوف اور سوگ کی فضا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایڈز کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایڈز کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کا حکم

    لاہور(باغی ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ایڈز کے پھیلاؤ کی روک تھام اور متاثرہ آبادی کے تحفظ کیلئے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کی ہدایت جاری کردی۔ تحصیل تونسہ میں مبینہ طور پر ایڈز کے کیسز میں اضافے کے بعد وزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس طلب کیا، جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    وزیراعلیٰ نے ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تحصیل تونسہ میں ایڈز کے سدباب کیلئے فوری آپریشنل پلان طلب کرلیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیسف، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور محکمہ صحت پنجاب پر مشتمل جوائنٹ مشن قائم کیا جائے گا، جو 7 سے 14 اپریل تک متاثرہ بچوں کی ہسٹری ٹریسنگ کرے گا۔ یہ مشن ایڈز کنٹرول اور حفاظتی اقدامات سے متعلق سفارشات بھی پیش کرے گا۔

    وزیراعلیٰ نے متاثرہ علاقوں میں ہاؤس ہولڈ اسکریننگ کرانے کا بھی حکم دیا، جبکہ تونسہ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال اور دیگر طبی مراکز میں ایڈز کے علاج کیلئے خصوصی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ بچوں کے مکمل فری علاج کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ: سمندر کے راستے یورپ بھجوانے والے 4 انسانی اسمگلرز گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

    گوجرانوالہ: سمندر کے راستے یورپ بھجوانے والے 4 انسانی اسمگلرز گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ایسے ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے جو شہریوں کو سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث تھے۔ ان ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے۔

    ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد ادریس، عمر فاروق، مرزا نعیم بیگ اور اللہ دتہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ انہیں گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

    ملزم نعیم بیگ نے ایک شہری سے 73 لاکھ روپے لیے اور اسے اٹلی بھجوانے کا وعدہ کیا۔ تاہم، اس نے شہری کو اٹلی کے بجائے لیبیا بھیج دیا، جہاں سے اسے غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی۔ شہری نے کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور واپس آ گیا۔

    ملزم ادریس اور عمر فاروق نے شہریوں کو یورپ اور دیگر ممالک میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد کی رقم حاصل کی۔ملزم اللہ دتہ نے بھی شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے۔

    ملزمان شہریوں سے بھاری رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

    ایف آئی اے کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش نہ کریں اور انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں۔

  • اوکاڑہ: عید پر مسافروں کو آرام دہ سفر کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت، اوور لوڈنگ پر جرمانے عائد

    اوکاڑہ: عید پر مسافروں کو آرام دہ سفر کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت، اوور لوڈنگ پر جرمانے عائد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین نے عید الفطر کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ انہوں نے پرائیویٹ اڈا جات اور جی ٹی روڈ پر متعدد گاڑیوں کی چیکنگ کی اور اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد کیے۔

    سیکرٹری ڈی آر ٹی اے واصف یاسین نے اس موقع پر کہا کہ عید الفطر کے پیش نظر اپنے گھروں کو جانے والے مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں میں کرایوں کی اوور چارجنگ اور مسافروں کی اوور لوڈنگ سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کریں۔

  • اوکاڑہ:کسانوں کو اوور بلنگ سے نجات دلائیں، ڈپٹی کمشنر کی واپڈا کو ہدایت

    اوکاڑہ:کسانوں کو اوور بلنگ سے نجات دلائیں، ڈپٹی کمشنر کی واپڈا کو ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کسانوں کی خوشحالی سے جڑی ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کسان اتحاد کے نمائندوں اور واپڈا حکام کے درمیان ہونے والے ایک اجلاس میں کہی۔

    اجلاس میں، کسان اتحاد کے نمائندوں نے واپڈا کی جانب سے بجلی کے میٹروں پر اوور بلنگ اور ناجائز جرمانے سمیت دیگر مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان مسائل کی وجہ سے کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے فوری طور پر واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کی شکایات کا ازالہ کریں اور اوور بلنگ اور ناجائز جرمانے سے گریز کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ بلنگ درست ریڈنگ کے مطابق کی جائے اور کسانوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ان سے باقاعدہ میٹنگز کی جائیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسان خوشحال ہوں گے تو ملک بھی خوشحال ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

  • میرپورخاص: شب قدر پر ایم کیو ایم رہنماؤں کی شہداء کو خراج عقیدت

    میرپورخاص: شب قدر پر ایم کیو ایم رہنماؤں کی شہداء کو خراج عقیدت

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) رمضان المبارک کی ستائیسویں بابرکت شب کے موقع پر ایم کیو ایم میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے رہنماؤں نے شہر کے مختلف قبرستانوں میں تحریک کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی۔

    ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان اور سلیم میمن سمیت ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین، یوسی ذمہ داران، اور حق پرست یوسی چیئرمین اور کونسلرز نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    رہنماؤں نے شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہداء کے لیے جنت میں اعلیٰ درجات کے لیے دعا کی اور ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم رہنماؤں نے تحریک کے شہداء کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے تحریک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔