Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: عید الفطر کے خصوصی انتظامات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا اجلاس

    سیالکوٹ: عید الفطر کے خصوصی انتظامات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا اجلاس

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عید الفطر پر ایس ڈبلیو ایم سی کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ قبرستانوں اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی کی جائے گی اور اہم شاہراہوں اور بازاروں کی چونا کاری کی جائے گی۔ عید کے ایام میں زیرو ویسٹ پالیسی اپنائی جائے گی۔ اسی طرح پی ایچ اے اور میونسپل کمیٹیز پبلک پارکس میں گھاس اور پودوں کی تراش خراش اور صفائی کے انتظامات آئندہ تین روز میں مکمل کریں تاکہ شہری عید کے تہوار کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید الفطر پر خصوصی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تمام محکموں کے مقامی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اے ڈی سی ریونیو نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانسپورٹ مالکان سے میٹنگ کریں اور مقررہ کرایہ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے متحرک انداز میں کارروائی کریں۔ جہاں ضرورت پڑے گی پولیس، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ ہمہ وقت تعاون کے لیے آن کال ہوگی۔

    اے ڈی سی ریونیو نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن کمیٹیز کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹس لائٹس کو روشن رکھیں اور اپنی حدود میں ٹریفک کی روانی میں خلل بننے والی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں اور عملہ تہہ بازاری کو متحرک رکھیں۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں ایمرجنسی ڈیسک قائم کریں جہاں پر ایک ملازم ڈیوٹی پر موجود رہے جو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطے میں رہے۔ تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کم سے کم وقت میں ریسپانس کیا جا سکے۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم 9250011 فعال کر دیا گیا ہے جو عوام کی سہولت کے لیے بغیر کسی تعطیل کے 24 گھنٹے فعال رہے گا۔

  • سیالکوٹ: پلانٹ فار پاکستان مہم، ڈپٹی کمشنر کی جنگلات کی اہمیت پر زور

    سیالکوٹ: پلانٹ فار پاکستان مہم، ڈپٹی کمشنر کی جنگلات کی اہمیت پر زور

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان کے کل رقبے کے لحاظ سے جنگلات کا تناسب انتہائی کم ہے۔ پاکستان کا صرف 4.8 سے 5.7 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے، جو عالمی معیار 25 فیصد سے کہیں کم ہے۔ جس کی وجہ سے یہ خطہ شدید موسمی تغیرات کا شکار ہوگیا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کا واحد حل بھرپور شجرکاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودے لگانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

    اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر محمد اویس شاہد، انسپکٹر ماحولیات شاہد علی ڈوگر، یار محمد اور سماجی کارکن اشفاق نذر بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے مزید کہا کہ "پلانٹ فار پاکستان” کے تحت ضلع سیالکوٹ کے تمام سرکاری سکولوں، ہسپتالوں اور سرکاری اداروں میں شجرکاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی توازن کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ معیشت اور آب و ہوا کے لیے بھی اہم ہے۔

  • تونسہ : ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، بچوں کی بڑی تعداد متاثر

    تونسہ : ایچ آئی وی کیسز میں تشویشناک اضافہ، بچوں کی بڑی تعداد متاثر

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ) ضلع تونسہ میں ایچ آئی وی کیسز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ تین ماہ کے دوران 100 سے زائد افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر تونسہ عثمان خالد کے مطابق دسمبر 2024 میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا تھا تاہم اسکریننگ کے بعد 100 سے زائد افراد میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا، متاثرہ مریضوں کو رجسٹر کرکے علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وائرس غیر مستند اتائیوں ڈاکٹروں کے استعمال شدہ آلات اور غیر محفوظ خون کی منتقلی کے باعث پھیلا ہے۔

  • کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے حاملہ خاتون، شوہر اور نومولود جاں بحق

    کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے حاملہ خاتون، شوہر اور نومولود جاں بحق

    کراچی(باغی ٹی وی) واٹر ٹینکر کی ٹکر سے حاملہ خاتون، شوہر اور نومولود جاں بحق

    کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق، جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑ گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ ملیر ہالٹ کے قریب پیش آیا جہاں واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا۔

    پولیس کے مطابق خاتون حاملہ تھی، جو زخمی حالت میں بچے کو جنم دینے کے فوراً بعد چل بسی جبکہ نومولود بھی جانبر نہ ہو سکا۔

    پولیس نے حادثے کا ذمہ دار واٹر ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹینکر تحویل میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکر ہائی وے کی جانب سے آرہا تھا اور ملیر ہالٹ پل کے نیچے تیزی سے شارع فیصل کی طرف بڑھا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی حادثے کا شکار ہو گئے۔

  • میرپور ماتھیلو: پولیس کی  کارروائیاں، منشیات فروش اور روپوش ملزم گرفتار

    میرپور ماتھیلو: پولیس کی کارروائیاں، منشیات فروش اور روپوش ملزم گرفتار

    میرپور ماتھیلو(نامہ نگارمشتاق لغاری) پولیس کی کارروائیاں، منشیات فروش اور روپوش ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق گھوٹکی پولیس نے ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

    تھانہ میرپور ماتھیلو کےایس ایچ او لیاقت علی لاشاری اور ان کی ٹیم نے دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر سومرا کالونی کے قریب ریلوے لائن کی طرف جانے والے راستے سے ایک منشیات فروش چاکر ولد عبدالعزیز بوزدار کو 670 گرام چرس سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کر کے اس کے خلاف کرائم نمبر 67/2025، دفعہ (Sr 3 b 9 (i (Amendment) 2022 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

    تھانہ کھمبڑا کےایس ایچ او ظفر اللہ چنڑ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نزد رینی کینال پل سے روپوش ملزم سعید احمد ولد محمد سچل چانڈیو کو گرفتار کر لیا۔ ملزم تھانہ کھمبڑا میں درج کرائم نمبر 28/2024، دفعہ 337f(iii) ت پ کے کیس میں مطلوب تھا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے پولیس پارٹی کی کامیاب کارروائیوں پر ٹیم کو شاباش دی۔

  • حافظ آباد: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا ریڈ، افسر رشوت لیتے گرفتار

    حافظ آباد: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا ریڈ، افسر رشوت لیتے گرفتار

    حافظ آباد(خبرنگارشمائلہ) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا ریڈ، افسر رشوت لیتے گرفتار

    حافظ آباد میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر (لیبر ڈپارٹمنٹ) کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ مذکورہ افسر بھٹہ خشت کے منشی سے بھاری رشوت وصول کر رہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق، ضلع حافظ آباد میں کرپشن عروج پر ہے، جہاں مزدوروں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین سرکاری تنخواہیں لینے کے باوجود بھاری رشوت کے عوض فیکٹری، کارخانہ اور دکان مالکان کو غیر قانونی فائدے پہنچانے میں مصروف ہیں۔

    گرفتار افسر کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ اینٹی کرپشن حکام نے کرپٹ عناصر کے خلاف مزید کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان:پل غازی گھاٹ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی

    ڈیرہ غازیخان:پل غازی گھاٹ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی )پل غازی گھاٹ پرخوفناک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 1 شدید زخمی

    پل غازی گھاٹ پر تیز رفتار ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، ایک تیز رفتار ٹرک جو ڈیرہ غازی خان کی سمت جا رہا تھا، مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کی بریک فیل ہونے کے باعث موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار افراد ٹرک کے نیچے آ کر کچلے گئے۔

    ریسکیو ٹیم کے مطابق، دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو مزید افراد ہسپتال منتقل کرنے کے دوران دم توڑ گئے۔ شدید زخمی شخص کو ٹراما سینٹر ڈیرہ ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    جاں بحق ہونے والوں کی شناخت قاسم، حاجی محمد، اعظم اور احمد راجو کے ناموں سے ہوئی ہے ، جبکہ زخمی شخص کی شناخت ظفر کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام متاثرین کا تعلق سرور والی کے رہائشی تھے اور ان کا تعلق سیکر برادری سے بتایا گیاہے۔

    حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

  • گوجرانوالہ: انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ: انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ(نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گوجرانوالہ اور سمبڑیال میں چھاپوں کے دوران سرفراز احمد عرف صفدر، عبد الرحمان، آصف حسین اور محمد افتخار کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان نے شہریوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 40 لاکھ 43 ہزار روپے بٹورے۔

    حکام کے مطابق، سرفراز اور عبد الرحمان شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث تھے اور اس مقصد کے لیے 90 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزمان نے شہریوں کو کشتی کے ذریعے لیبیا کے راستے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، تاہم شہریوں نے انکار کر دیا اور واپس آگئے۔

    گرفتار ملزم محمد افتخار سال 2016 سے اشتہاری تھا، جس نے دبئی، امریکا اور کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 43 لاکھ 69 ہزار روپے ہتھیائے۔ اسی طرح، آصف حسین نے شہری کو دبئی بھیجنے کے لیے 7 لاکھ روپے وصول کیے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

  • میرپورخاص: حاجی محمد علی کے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت

    میرپورخاص: حاجی محمد علی کے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت

    میرپورخاص،باغی ٹی وی (سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی حاجی محمد علی سے تعزیت

    تفصیل کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی، میئر عبدالرؤف غوری، ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے یوسی 8 کے چیئرمین حاجی محمد علی کے بہنوئی کے انتقال پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    تعزیت کرنے والوں میں پارٹی رہنما شاہنواز مغل، محمد اسحاق ناریجو، چیئرمین حاجی محمد حنیف میمن، عبدالرشید پنھور، چیئرمین ارشد ہزاروی، چیئرمین بھگوان داس، چیئرمین ملک محمد فاروق، چیئرمین شریف بلوچ، چیئرمین لیبر محمد یوسف سومرو، ڈی ایس پی سی آئی اے فضل الحق چانڈیو، پی ایس او سلیم قائم خانی، چیف سی پی ایل سی عبدالحسین، وائس چیئرمین محمد نعیم بابر خاصخیلی، یاسر عمرانی، محمد شہباز مری، محمد زبیر بلوچ، محمد رضوان بلوچ، وقاص قریشی، سوشل ورکر و صحافی پارومل پریمی، چیتن لکھانی، شاہ میر خان خاصخیلی ایڈوکیٹ سہیل احمد اعوان، فرید احمد، محمد عبید خان، دانیال قریشی، سیف علی، صحافی نظام پہنور، اویس ملک اور دیگر عمائدین شہر شامل تھے۔

    تمام شخصیات نے حاجی محمد علی سے ان کے بہنوئی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

  • قصور:چونیاں میں5 دن سے دو بہنیں غائب،اغوا یا کچھ اور؟پولیس بے بس

    قصور:چونیاں میں5 دن سے دو بہنیں غائب،اغوا یا کچھ اور؟پولیس بے بس

    قصور(ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)چونیاں میں پانچ دن سے دو بہنیں غائب،اغوا یا کچھ اور؟پولیس بے بس

    تفصیلات کے مطابق ضلع قصورکی تحصیل چونیاں کے محلہ حاجی لکھے خاں کے رہائشی پذیر سنہار عرف شاہ نواز کی جواں سالہ 2 بیٹیاں 18 سالہ ناہید بی بی اور 16 سالہ پارس بی بی 5 روز قبل گھر سے نکلیں مگر واپس نہ آئیں ۔ والدین نے اپنی مدد آپ کے تحت ہر ممکن جگہ تلاش کی، لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

    مقامی پولیس بھی پانچ روز کی کوششوں کے باوجود لڑکیوں کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ جواں سالہ بیٹیوں کی عدم بازیابی پر والدین شدید پریشانی اور غم میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی بیٹیوں کے اغوا کے بعد قتل کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    غم سے نڈھال والدین نے روتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب سے فوری اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹیوں کو بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انصاف کے منتظر ہیں اور چاہتے ہیں کہ پولیس جلد از جلد ان کی بیٹیوں کو بازیاب کرائے۔

    اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہواہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو جلد از جلد لڑکیوں کو بازیاب کرانا چاہیے۔