Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • پنجاب میں 46 بند گردواروں کی بحالی کا آغاز، گردوارہ بابے دی بیری صاحب واگزار

    پنجاب میں 46 بند گردواروں کی بحالی کا آغاز، گردوارہ بابے دی بیری صاحب واگزار

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیشن سنگھ اروڑہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر، پنجاب میں قیام پاکستان کے بعد بند پڑے 46 گردواروں کی بحالی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 70 سالوں سے بند گردوارہ بابے دی بیری صاحب کو کھول دیا گیا ہے، اور تالاب بابے کی بیر صاحب سے قبضہ ختم کروا کر اسے مقامی سنگت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے 12 سالانہ سماگم گردوارہ بابے دی بیری صاحب میں جاری بھوگ صاحب کی ارداس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    صوبائی وزیر اقلیتی امور نے سکھوں کے مقدس تالاب بیری صاحب کو قبضہ مافیا سے واگذار کروانے پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گردوارہ بیری صاحب کو سکھوں کا بین الاقوامی استھان بنانا چاہتے ہیں، تاکہ جب بھی سکھوں کی کوئی بین الاقوامی سنگت پاکستان آئے، تو وہ لاہور، نارووال، پنجہ صاحب یا ننکانہ صاحب کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ میں بابا گرو نانک کی یادگار بیری صاحب گردوارہ پر بھی ماتھا ٹیکنے ضرور آئیں۔ اس سے سیالکوٹ میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا اور سیالکوٹ کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج 23 مارچ ہے، جس روز ایک ایسی فلاحی ریاست کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی، جس میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان میں اقلیت اور اکثریت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ وطن عزیز پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ارداس کے بعد ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی جائے گی۔

    بعد ازاں صوبائی وزیر رمیشن سنگھ اروڑا نے سنگتوں میں لنگر تقسیم کیا۔

  • تونسہ:جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک ہلاک، باقی فرار

    تونسہ:جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک ہلاک، باقی فرار

    تونسہ (باغی ٹی وی) پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم پولیس کی مستعدی اور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد پسپا ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے جھنگی میں پیش آیا، جہاں 20 سے 25 دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کر دیا۔ دہشت گردوں نے جدید خودکار ہتھیاروں اور راکٹ لانچروں کا استعمال کرتے ہوئے مختلف اطراف سے حملہ کیا۔ یہ حملہ رات کی تاریکی میں کیا گیا تاکہ پولیس کو حیرت میں ڈال کر بھاری نقصان پہنچایا جا سکے۔

    چیک پوسٹ پر موجود پنجاب پولیس کے مستعد اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔ پولیس نے تھرمل کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگا کر ان پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔

    پولیس کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ باقی دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں کسی بھی اہلکار کو جانی نقصان نہیں پہنچا۔

    یہ حملہ رواں ماہ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کا آٹھواں حملہ تھا۔ جھنگی پولیس چیک پوسٹ کو پہلے ہی پنجاب حکومت کی جانب سے مزید محفوظ بنایا جا چکا تھا، جہاں اضافی نفری، جدید آلات اور ہتھیار فراہم کیے گئے تھے۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد حسن خان اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی موقع پر پہنچے اور پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا۔ مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کسی بھی قیمت پر دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • تنگوانی : گاؤں سلیم خان کھوسو میں ڈاکوؤں کا وحشیانہ حملہ، علاقہ خوف و ہراس میں مبتلا

    تنگوانی : گاؤں سلیم خان کھوسو میں ڈاکوؤں کا وحشیانہ حملہ، علاقہ خوف و ہراس میں مبتلا

    تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب واقع گاؤں سلیم خان کھوسومیں ڈاکوؤں نے خوفناک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق تھانہ تنگوانی کی حدود میں واقع اس گاؤں پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ ڈاکوؤں نے دکانوں، آٹا چکی اور سولر سسٹم کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

    علاقے کے مکینوں کے مطابق تنگوانی اور اس کے گردونواح میں ڈاکوؤں کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں اور دیہاتوں پر حملے، اغوا اور سڑکوں پر ڈکیتیوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ان واقعات نے علاقے کے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ضلع کشمور کی پولیس اور رینجرز ان واقعات کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہیں اور خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے منتخب نمائندوں اور اعلیٰ حکام کی عدم توجہی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

    اس حملے کے بعد علاقے کے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ شام پانچ بجے کے بعد بازار اور سڑکیں ویران ہو جاتی ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خوف کے سائے میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔

    علاقے کے مکینوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • یوم پاکستان، سیالکوٹ اور تنگوانی میں تقریبات

    یوم پاکستان، سیالکوٹ اور تنگوانی میں تقریبات

    یوم پاکستان کے موقع پر سیالکوٹ اور تنگوانی میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں شریک افراد نے قومی جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔

    سیالکوٹ سے بیوروچیف شاہدریاض کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں 23 مارچ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے مذہبی تشخص، ثقافت اور روایات کے تحفظ کے لیے ایک الگ وطن کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کے قیام کو ایک عظیم کامیابی قرار دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، لیکن اللہ کے فضل سے یہ تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک مضبوط اور فلاحی ریاست بنے گا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک عظیم عطیہ خداوندی قرار دیا اور کہا کہ اگر برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ وطن نہ ملتا تو انہیں ہندو کانگریس کے زیر سایہ زندگی گزارنے پر مجبور ہونا پڑتا اور انہیں معاشرے میں نچلے درجے کا شہری بن کر رہنا پڑتا۔

    تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز، سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی، سول ڈیفنس آفیسر شاہد محمود، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

    تنگوانی سے نامہ نگارمنصور بلوچ کی رپورٹ کے مطابق تنگوانی شہر میں امن کمیٹی کی جانب سے 23 مارچ کی مناسبت سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت محمد سچل شیخ، حضور بخش بکھرانی، الٰہی بخش بکھرانی، خادم حسین نندوانی، محمد شعبان نندوانی، عرفان علی گجرانی اور عبد الرحیم گجرانی نے کی۔

    ریلی کے شرکاء نے 23 مارچ کو بزرگوں کے عزم اور جدوجہد کی یاد تازہ کرنے والا دن قرار دیا۔ انہوں نے وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    ان دونوں شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوم پاکستان کا جشن پورے جوش و خروش سے منایا گیا اور لوگوں نے اپنے وطن سے محبت اور وفاداری کا اظہار کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا سرچ آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان: خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا سرچ آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشت گردوں کا رواں ماہ کا ساتواں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ ٹیمیں سرحدی علاقوں میں گشت اور سرچنگ آپریشن پر مامور تھیں۔

    اطلاعات کے مطابق کوٹ مبارک کے قریب خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس ٹیموں نے پیش قدمی کی۔ کوٹ مبارک کے قریب گھات لگائے دہشت گردوں نے پولیس ٹیموں پر آئی ای ڈی (IED) سے حملہ کیا۔ حملے میں بکتر بند گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم تمام جوان محفوظ رہے۔

    پولیس ٹیموں اور گھات لگائے دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوانوں کی فوری اور بھرپور جوابی فائرنگ سے خوارجی دہشت گرد پسپا ہو گئے۔ ڈی پی او سید علی کی زیر کمانڈ کیو آر ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔

    علاقے کا مکمل گھیراؤ کر کے پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او سید علی نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ آر پی او ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کا تحفظ کیا جائے گا۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں سے مردانہ وار مقابلہ کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ہر محاذ پر دہشت گردوں کو شکست دے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

  • اوکاڑہ: آبی وسائل کے تحفظ کے عالمی دن پر سیمینار کا انعقاد

    اوکاڑہ: آبی وسائل کے تحفظ کے عالمی دن پر سیمینار کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی اور سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے آبی وسائل کے تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے ای لائبریری ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں این جی اوز، محکمہ تحفظ ماحولیات وموسمیاتی تبدیلی، محکمہ سول ڈیفنس، وکلا برادری اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کے سٹاف نے شرکت کی۔

    سیمینار میں رواں سال بین الاقوامی پانی کے تحفظ کے دن کے موضوع "گلیشیر پریزرویشن” پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے آبی وسائل کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے کہا کہ آبی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام میں شعور کی آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی انجینئر جہانتاب، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس محمد اقبال جاوید اختر، سینئر وائس پریذیڈنٹ بار، میڈم سمعیہ بتول اور دیگر مقررین نے پانی کی اہمیت اور اس کے ضیاع کو روکنے کے لیے پوری دنیا میں ہونے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

    تقریب کے اختتام پر آگاہی واک اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے گئے۔

  • سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر کی سبزی منڈی کا دورہ، گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    سیالکوٹ : ڈپٹی کمشنر کی سبزی منڈی کا دورہ، گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی ایمن آباد کا دورہ کیا اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین کی نگرانی کی۔ انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبداللہ ملک کو ہدایت کی کہ پرائس لسٹ کی بروقت مارکیٹ میں تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کو مقررہ نرخوں پر صارفین تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گراں فروشی کے سد باب کے لیے 39 پرائس مجسٹریٹس ڈیوٹی پر مامور ہیں اور رواں ماہ کے دوران 273 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پرائس ایکٹ کے تحت 52 مقدمات درج اور 118 دکانیں اور گودام سیل کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 41 لاکھ 83 ہزار 500 روپے جرمانے بھی کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں ایس ڈبلیو ایم سی کے زیر نگرانی صفائی اور کوڑا اٹھانے کے آپریشن کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔

  • اوچ شریف: ٹائر کھلنے سے بے قابو رکشہ درخت سے ٹکرا گیا،ایک شخص جاں بحق

    اوچ شریف: ٹائر کھلنے سے بے قابو رکشہ درخت سے ٹکرا گیا،ایک شخص جاں بحق

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) قومی شاہراہ علی پور روڈ اوچ شریف کے قریب للووالی پل کے نزدیک ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں رکشہ کا ٹائر کھل کر نکل گیا اور رکشہ سامنے درخت سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں 28 سالہ محمد ریاض ولد وزیر احمد شدید زخمی ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق، محمد ریاض اپنے رکشے پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ اچانک رکشہ کا ٹائر کھل کر نکل گیا، جس سے رکشہ بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گیا۔ محمد ریاض کو شدید چوٹیں آئیں اور ان کی ٹانگ پر گہرا زخم آیا، جس سے فیمورل آرٹری (Femoral artery) تک خون بہہ گیا۔ خون کی زیادہ مقدار ضائع ہونے کی وجہ سے محمد ریاض موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، لیکن محمد ریاض جانبر نہ ہو سکے۔

  • اوچ شریف:فیکٹری میں آتشزدگی، 200 گھاس کی گانٹھیں جل گئیں

    اوچ شریف:فیکٹری میں آتشزدگی، 200 گھاس کی گانٹھیں جل گئیں

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) علی پور روڈ پر واقع سوئی گیس کوٹنگ پلانٹ کے قریب ایک فیکٹری میں خشک گھاس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ فیکٹری میں موجود خشک گھاس کو مزدوروں نے آگ لگائی جو بڑھ کر ساتھ پڑی خشک گھاس کی گانٹھوں تک پہنچ گئی۔ اس واقعے میں تقریباً 200 خشک گھاس کی گانٹھیں جل گئیں۔

    آگ کے بڑھتے ہوئے شعلوں نے قریبی علاقوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا تھا، تاہم ریسکیو 1122 اوچ شریف اور احمد پور کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر متعدد فائر ٹینک اور عملے کو موقع پر روانہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں چند گھنٹوں میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔

    حکام کے مطابق، آگ کے سبب فیکٹری یا کسی انسانی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم خشک گھاس کی گانٹھوں کا نقصان ہوا ہے۔

  • اوچ شریف: پولیس کی کامیاب کارروائیاں، ڈکیتی اور چوری کے ملزمان گرفتار، لاکھوں برآمد

    اوچ شریف: پولیس کی کامیاب کارروائیاں، ڈکیتی اور چوری کے ملزمان گرفتار، لاکھوں برآمد

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان کی ہدایت پر اوچ شریف اور چنی گوٹھ میں پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور لاکھوں روپے برآمد کر لیے۔

    تھانہ چنی گوٹھ پولیس نے ایس ایچ او کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان دانش اور ساجد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 70 ہزار روپے نقدی، ایک موٹر سائیکل، 2 بھینسیں اور ایک کٹی برآمد کی ہیں۔ ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ چنی گوٹھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا لوٹا ہوا مال واپس کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

    دوسری جانب تھانہ دھوڑکوٹ پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم آصف گودلا کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے ہیں، جو اصل مالک محمد عارف کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اہل علاقہ نے ایس ایچ او تھانہ دھوڑکوٹ عرفان لیاقت اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ڈی پی او اسد سرفراز خان نے دونوں کامیاب کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔