Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: جرائم کی وارداتیں، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: جرائم کی وارداتیں، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) جرائم کی وارداتیں، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ میں جرائم کی مختلف وارداتوں میں 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات اور گداگری میں ملوث 2 خواتین سمیت 3 مسافروں کو گرفتار کیا۔ گرفتار خواتین، صغراں اور ذلیخہ جعفری، ایمرجنسی پاسپورٹ پر عراق سے پاکستان پہنچی تھیں اور عراق میں گداگری میں ملوث تھیں۔ تیسرے گرفتار ملزم، محمد شاہزیب، کو جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کو انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب تھانہ حاجی پورہ کے علاقے عالم چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے حمزہ فیاض نامی نوجوان کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مقدمہ قتل کی تفتیش ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ سٹی سرکل کے انچارج عرفان اشرف کے سپرد کر دی گئی ہے۔

    تھانہ کینٹ کے علاقے رانی چک بوتھ میں سابق عداوت پر نصیر، اسد، اویس اور ان کے 2 نامعلوم ساتھیوں نے سلمان نامی شہری کو میرج ہال سے گھر آتے ہوئے روکا اور ڈنڈوں اور مکوں سے زخمی کر دیا۔ ملزمان نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی اور فرار ہو گئے۔ کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر تھانہ اگوکی پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی 40 سے زائد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ طلحہ عرف کدو کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ، 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی، 3 موٹر سائیکلیں اور 3 پسٹل برآمد ہوئے ہیں۔

  • گوجرانوالہ : ماحولیاتی منظوری کمیٹی کا اجلاس، 18 کیسز منظور

    گوجرانوالہ : ماحولیاتی منظوری کمیٹی کا اجلاس، 18 کیسز منظور

    گوجرانوالہ(نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل انوائرمنٹ اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات اسامہ، ممبر انوائرمنٹل اپروول کمیٹی محمد توقیر اور میڈم کرن نے شرکت کی۔

    اجلاس میں گجرات ڈویژن سے مجموعی طور پر 20 کیسز منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔ ان میں پیٹرول پمپ کے 8، ویئر ہاؤس کے 4 اور پولٹری فارم کے 8 کیسز شامل تھے۔ ان 20 کیسز میں سے ایک ویئر ہاؤس اور ایک پولٹری فارم کا کیس ضابطہ اخلاق پر پورا نہ اترنے اور کمیٹی کی جانب سے اعتراضات کے باعث مؤخر کر دیا گیا، جبکہ باقی 18 کیسز کی منظوری دے دی گئی۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ اس کمیٹی میں پیش کیے جانے والے تمام کیسز کی جانچ پڑتال کے لیے خود موقع پر جا کر تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ این او سی جاری کرتے ہوئے تمام بلڈنگ مالکان سے انڈر ٹیکنگ لی جائے کہ بلا اجازت نقشے میں کسی قسم کی تبدیلی کی صورت میں این او سی کینسل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف ضابطہ اخلاق پر پورا اترنے والوں کو ہی این او سی جاری کیے جائیں گے۔

  • اوچ شریف: عید کی آمد، درزیوں نےکپڑےلینا بند کر دیے، شہری مہنگے داموں سلائی کروانے پر مجبور

    اوچ شریف: عید کی آمد، درزیوں نےکپڑےلینا بند کر دیے، شہری مہنگے داموں سلائی کروانے پر مجبور

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہی اوچ شریف کے درزیوں نے عید الفطر کے کپڑوں کے آرڈر لینا بند کر دیے ہیں، جس سے شہری مہنگے داموں سلائی کروانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے درزیوں نے کام کے دباؤ اور بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے دکانوں کے باہر "نو بکنگ” کے بورڈ لگا دیے ہیں۔ درزیوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز سے ہی ان کے پاس اتنے زیادہ آرڈرز ہیں کہ وہ مزید کام نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سے دیے گئے آرڈرز کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ کسی کو عید کے موقع پر پریشانی نہ ہو۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ درزی اپنی مصروفیت کا بہانہ بنا کر من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی درزی زیادہ قیمت لے کر نئے آرڈرز قبول کر رہے ہیں جو عید کے قریب ہونے کی وجہ سے معمول سے زیادہ مہنگے پڑ رہے ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے اور انہیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی مشکلات کا سامنا ہے۔

    شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ رمضان کے دوران زیادہ تر درزی اپنی دکانوں پر کام کا وقت محدود کر دیتے ہیں، جس سے ان کی عید کی تیاریوں میں رکاوٹ آتی ہے۔

    تاہم درزیوں نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ اپنے دیے گئے کام کو وقت پر مکمل کر سکیں اور ان کا کوئی ارادہ عوام سے اضافی پیسہ لینے کا نہیں ہے۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، درزی دگنی قیمت وصول کر رہے ہیں، جو کہ شہریوں کے لیے عید کی خوشیوں کو ماند کر رہی ہے۔

  • حافظ آباد : خصوصی بچوں کو عید گفٹ تقسیم

    حافظ آباد : خصوصی بچوں کو عید گفٹ تقسیم

    حافظ آباد(خبرنگارشمائلہ) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سکول کے خصوصی بچوں میں عید گفٹ تقسیم کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے خصوصی بچوں میں عید گفٹ تقسیم کیے۔

    ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خصوصی بچوں کو پہلی بار عید گفٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں کے اسپیشل سکولوں میں زیر تعلیم 530 سے زائد بچوں میں عید گفٹ تقسیم کیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اسپیشل بچوں کو عید گفٹ کی تقسیم وزیر اعلیٰ مریم نواز کا تعلیم دوست اور خوش آئند اقدام ہے۔ عید گفٹ ملنے پر خصوصی بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔ پہلی بار عید گفٹ ملنے پر خصوصی بچوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • سیالکوٹ: مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار

    سیالکوٹ: مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار

    سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے پر دو معروف میٹ برانڈز کے دکانوں کے منیجروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاریاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری کی ہدایت پر عمل میں آئیں، جنہوں نے ان دکانوں کو ڈی سی کاؤنٹر قائم نہ کرنے اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے پر کارروائی کی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری نے بتایا کہ نیٹو اور طفیل میٹ شاپس کو بارہا تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ اپنی دکانوں پر ڈی سی کاؤنٹر قائم کریں اور سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کریں، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے دکانوں کے مینجرز کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا اور کسی کو بھی من مانی قیمتیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایت پر رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس مجسٹریٹس دن رات کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔

  • حافظ آباد: گھریلو ناچاقی خونی تصادم میں بدل گئی، شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    حافظ آباد: گھریلو ناچاقی خونی تصادم میں بدل گئی، شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) گھریلو جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل، شوہر نے بیوی اور سالے کو گولی مار دی

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے علاقے جلال پور روڈ محلہ رشید پورہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں ناصر علی نامی شخص نے اپنی بیوی ماریہ ظفر کو گولی مار کر قتل کر دیا۔بتایاگیا ہے کہ ناصر علی اور ماریہ ظفر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس نے شدت اختیار کر لی۔ غصے میں آکر ناصر علی نے فائرنگ کر دی جس سے ماریہ ظفر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

    اس کے علاوہ ناصر علی نے اپنے سالے ثمن اقبال پر بھی فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ثمن اقبال کو فوری طور پر ٹراما سینٹر حافظ آباد منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم ناصر علی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں

  • چیٹ جی پی ٹی کی شرمناک غلطی، بے گناہ باپ کو  2 بیٹوں کا قاتل قرار دے دیا

    چیٹ جی پی ٹی کی شرمناک غلطی، بے گناہ باپ کو 2 بیٹوں کا قاتل قرار دے دیا

    ناروے کے ایک شہری نے چیٹ بوٹ بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف اس وقت شکایت درج کروائی جب چیٹ جی پی ٹی نے اس پر اپنے دو بیٹوں کے قتل کا جھوٹا الزام لگایا۔ نارویجن شہری اروی ہجیلمار ہولمین نے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی پر جرمانہ عائد کیا جائے۔

    عام طور پر چیٹ جی پی ٹی انسانوں کو مشورے فراہم کرتا ہے، لیکن اس بار اس نے اروی ہجیلمار کو اپنے ہی دو بیٹوں کا قاتل قرار دے دیا۔ اروی ہجیلمار نے چیٹ جی پی ٹی سے چند سوالات کیے تو چیٹ بوٹ نے جواب دیا کہ اروی ہجیلمار ہولمین ناروے کا رہائشی ہے جس نے دسمبر 2020 میں اپنے 7 اور 10 سالہ بیٹوں کو ٹرنڈہیم میں قتل کیا۔ چیٹ بوٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ دونوں بیٹے گھر کے قریب تالاب میں مردہ پائے گئے تھے اور اروی ہجیلمار کو 21 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    حقیقت میں اروی ہجیلمار نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا۔ اس نے ناروے کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی سے رابطہ کیا اور چیٹ جی پی ٹی کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کو ہتک آمیز اور یورپی ڈیٹا پروٹیکشن قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔نارویجن شہری نے چیٹ بوٹ بنانے والی اوپن اے آئی کمپنی کیخلاف جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • میرپورخاص: غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج، امریکہ اور اسرائیل کی بربریت کی مذمت

    میرپورخاص: غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج، امریکہ اور اسرائیل کی بربریت کی مذمت

    میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) جماعت اسلامی میرپورخاص نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مدینہ مسجد چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کی بربریت کی سخت مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص کے امیر حافظ سلمان خالد اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ امریکہ کی آشیرباد سے اسرائیل ایک بار پھر دہشت گردی اور ظلم پر اتر آیا ہے۔ مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بے حمیتی اور بزدلی کے سبب اسرائیل کو معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کا لائسنس مل گیا ہے۔ دو دنوں میں چھ سو سے زائد معصوم فلسطینی بچوں، خواتین اور جوانوں کا قتل جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی توہین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی خون آشامی کی لت نے دنیا کو انسانوں کے لیے غیر محفوظ اور ظلم کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ اس بربریت کا واحد حل امت مسلمہ کا اتحاد، مسلم دنیا کا دونوں دہشت گرد ممالک سے ہر طرح کے تعلقات کا مکمل خاتمہ اور تمام دستیاب وسائل کے ذریعے منہ توڑ جواب ہے۔ جماعت اسلامی اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی ہر محاذ اور ہر سطح پر مکمل حمایت اور تائید کرتے ہوئے ہر طرح کی امداد جاری رکھے گی۔

    مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی بربریت اور مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

  • میرپورخاص : پیپلز لیبر بیورو کا اجلاس، 4 اپریل کے جلسے میں شرکت کا اعلان

    میرپورخاص : پیپلز لیبر بیورو کا اجلاس، 4 اپریل کے جلسے میں شرکت کا اعلان

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار، سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، جنرل سیکریٹری سید فیاض علی شاہ لکیاری اور انفارمیشن سیکریٹری سلیم احمد سومرو کی ہدایت پر پیپلز لیبر بیورو میرپورخاص ضلع/ڈویژن کا اجلاس مری ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مزدور تنظیموں، جن میں شوگر ملز ورکرز یونین (سی بی آئی)، پرمینلڈ فیلڈ لیبر یونین (سی بی آئی)، پیپلز ایجوکیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن میرپور خاص، رکشہ یونین اور دیگر مزدور تنظیمیں شامل تھیں، نے شرکت کی۔

    اجلاس کا بنیادی مقصد 4 اپریل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں منعقد ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں تمام مزدوروں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی گئی اور اس حوالے سے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں محمد ساہو پنہور، ملازم حسین خاصخیلی، نورالدین خاصخیلی، غلام قادر مری، جاوید بلوچ اور دیگر مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔

  • گوجرانوالہ:سپیشل بچوں کو عید گفٹ، دھی رانی پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ

    گوجرانوالہ:سپیشل بچوں کو عید گفٹ، دھی رانی پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ

    گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے سپیشل ایجوکیشن میں زیر تعلیم سپیشل بچوں میں 24 مارچ سے قبل عید گفٹ تقسیم کیے جائیں تاکہ وہ بھی عام بچوں کی طرح عیدالفطر کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔ یہ بات انہوں نے ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیٹر محمد شفیق، اے سی جی فرخ محمود جنجوعہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید، ڈپٹی ڈائریکٹر سمیرا اقبال، ڈی او سپیشل ایجوکیشن اسد اللہ، سپرنٹنڈنٹ محکمہ سپیشل ایجوکیشن محمد جعفر سمیت دیگر افسران کمشنر دفتر میں شریک ہوئے جبکہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک سے منسلک تھے۔

    کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سپیشل ایجوکیشن کے تمام تعلیمی اداروں کے سپیشل بچوں میں فریش اشیا کے پیکٹس تیار کروائیں۔ بعد ازاں اجلاس میں دھی رانی پروگرام کی پیش رفت بارے بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے پہلے فیز میں کامیابی کے بعد دوسرے فیز کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور عید الفطر کے بعد بڑے پیمانے پر اجتماعی شادیاں کی جائیں گی۔