Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ میں فوڈ اتھارٹی کا آپریشن: 4 سویٹس یونٹس جرمانے، مضر اجزاء تلف

    سیالکوٹ میں فوڈ اتھارٹی کا آپریشن: 4 سویٹس یونٹس جرمانے، مضر اجزاء تلف

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض ) رمضان المبارک میں شہریوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کے مشن کے تحت ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔ کارروائیوں کے دوران 4 سویٹس یونٹس کو 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور بھاری مقدار میں ممنوعہ اجزاء تلف کیے گئے۔

    ممنوعہ اجزاء برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار اور بدبودار ماحول پایا گیا۔ واشنگ ایریا میں فنگس لگی ہوئی پائی گئی۔ انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود تھا اور تیار اشیاء کھلی موجود پائی گئیں۔ اشیاء کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ تلف کیے گئے اجزاء میں نان ٹریس ایبل کھلے رنگ، ممنوعہ امونیا اور رنگ کاٹ شامل ہیں۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ غیر معیاری، ناقص اور ممنوعہ اشیاء کا استعمال متعدد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ افسران اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گی۔ سحر و افطار میں فوڈ پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ملاوٹ اور جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ زیادہ منافع کی لالچ میں صحت دشمنی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو پنجاب بھر سے نکال بھگائیں گے۔

    یہ کارروائیاں شہاب پورہ اور حاجی پورہ میں کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی کا دورہ، قیمتوں کا جائزہ لیا

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی کا دورہ، قیمتوں کا جائزہ لیا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبزیوں کی نیلامی کے عمل اور طلب و رسد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں سبزیوں کے نرخ مقرر کروائے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں قائم سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد شفاف طریقے سے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کروانا اور پرچون قیمتوں کا تعین کر کے پرائس لسٹ کا بروقت اجراء کرنا اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ پرائس لسٹ کی فوری ترسیل کو یقینی بنائیں تاکہ ہر دکاندار واضح جگہ پر پرائس لسٹ آویزاں کر سکے اور صارفین کو مقررہ داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ناجائز منافع خوروں کی دکانیں سیل کی جارہی ہیں، پرائس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروانے کے علاوہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور دکانداروں اور خوانچہ فروشوں سے مقررہ داموں پر خریداری پر اصرار کریں۔ اضافی دام ہرگز ادا نہ کریں اور شکایت کی صورت میں کنٹرول روم 9250011 پر کال کریں یا پنجاب قیمت ایپ پر اپنی شکایات درج کروائیں۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل رنگپورہ کا دورہ کیا اور ایس ڈبلیو ایم سی کے عملے کی حاضری چیک کی اور صفائی کے لیے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف رندھاوا بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ایس ڈبلیو ایم سی کے آپریشن ونگ کو ہدایت کی کہ بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے، چوکنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی رین اسکورڈ تشکیل دیئے جائیں جو بارش کے آغاز سے ڈیوٹی پر موجود ہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کا فوری نکاس ممکن ہو سکے۔

  • میانوالی کی عوام کے دل غزہ کے ساتھ، مسلم میڈیکل مشن کا افطار ڈنر، امداد کا اعلان

    میانوالی کی عوام کے دل غزہ کے ساتھ، مسلم میڈیکل مشن کا افطار ڈنر، امداد کا اعلان

    میانوالی،باغی ٹی وی (رپورٹ: احسان اللہ ایاز) مسلم میڈیکل مشن ضلع میانوالی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں "غزہ تعمیر نو” کے عنوان سے ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں میانوالی کے تاجروں اور عمائدین نے بھرپور شرکت کی، جس سے غزہ کے مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار ہوا۔

    تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے مرکزی رہنما انجینئر حارث ڈار تھے۔ انہوں نے ملٹی میڈیا بریفنگ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم میڈیکل مشن اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں غزہ کے عوام کو تنہا نہ چھوڑیں۔

    حاضرین نے غزہ کے مظلوم بھائیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تاجر برادری نے خصوصی ملاقات میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    تقریب میں مرکزی مسلم لیگ ضلع میانوالی کے جنرل سیکرٹری شیر افگن، صدر عمیر خان ایڈووکیٹ اور سٹی میانوالی کے جنرل سیکرٹری نے خصوصی شرکت کی۔ مسلم میڈیکل مشن سٹی میانوالی کے سردار ساجد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

  • کینیڈا میں پاکستانیوں کا وقار بلند، میئر برمپٹن کا افطار ڈنر، مذہبی ہم آہنگی کی مثال

    کینیڈا میں پاکستانیوں کا وقار بلند، میئر برمپٹن کا افطار ڈنر، مذہبی ہم آہنگی کی مثال

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) کینیڈا میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین اور ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ لمیٹڈ محمد جاوید چودھری نے کینیڈا کے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو سراہا۔ انہوں نے یہ بات میئر برمپٹن مسٹر پیٹرک براؤن کی طرف سے پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کے اعزاز میں دیئے جانے والے افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    افطار ڈنر میں ممبر پارلیمنٹ شفقت علی، ایم پی سونیا سدھو، ندیم، طاہر چودھری، طارق چودھری، طاہر خاں، انور چٹھہ، عبدالرشید بھائی، قمر علی، میاں توحید، میاں وقاص، چودھری جاوید اقبال، محمد آصف، میاں زاہد، غلام نبی، حسن جاوید چودھری، شہروز جاوید چودھری، میاں ندیم، عمیر خاں، رانا حسیب، مرتضی جوئیہ اور بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ علاقائی کونسلر نجوت کور برار بھی میزبانوں میں شامل تھیں۔

    محمد جاوید چودھری نے میئر برمپٹن مسٹر پیٹرک براؤن کی مسلمانوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی روایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اتحاد و اتفاق کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر پیٹرک براؤن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور الیکشن میں مسلمانوں کے بھرپور تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے مسلمان کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ممبر پارلیمنٹ شفقت علی اور سونیا سدھو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مسجد ابراہیمی کے انور چٹھہ کی طرف سے برمپٹن سٹی ہال میں مغرب کی اذان نے روحانی ماحول پیدا کیا۔ ہال میں اذان اور باجماعت نماز نے برمپٹن کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔

  • اوچ شریف: یونین کونسل دھوڑ کوٹ کی خستہ حال عمارت، کسی بھی وقت حادثہ پیش آنے کا خدشہ

    اوچ شریف: یونین کونسل دھوڑ کوٹ کی خستہ حال عمارت، کسی بھی وقت حادثہ پیش آنے کا خدشہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) یونین کونسل دھوڑ کوٹ کی عمارت شدید خستہ حالی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔ عمارت کی دیواروں میں گہرے شگاف پڑ چکے ہیں، چھت کے مختلف حصے کمزور ہو گئے ہیں، جبکہ بوسیدہ کھڑکیاں اور دروازے کسی بھی لمحے گر سکتے ہیں۔

    یونین کونسل کا عملہ اور یہاں آنے والے شہری روزانہ خوف کے سائے میں وقت گزارنے پر مجبور ہیں۔ دفاتر کے کئی حصے ناقابل استعمال ہو چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ حصے بھی خطرناک صورت اختیار کر چکے ہیں۔ بارش کے دوران چھتوں سے پانی ٹپکنے لگتا ہے، جس سے عمارت کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔

    حالیہ دنوں میں مریم نواز شریف راشن تقسیم سروے کے لیے آئی ہوئی خواتین کو بھی اسی خستہ حال عمارت کے برآمدے میں بٹھایا گیا، جہاں جگہ جگہ دراڑیں پڑ چکی ہیں اور چھت سے مٹی اور پلستر جھڑنے لگا ہے۔ سروے کے لیے آنے والی خواتین نے بھی اس خطرناک صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ عوام کو ایسی مخدوش جگہ پر نہ بلایا جائے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی بار متعلقہ حکام اور مقامی نمائندوں کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ یونین کونسل کی عمارت کی از سرِ نو تعمیر یا کم از کم ہنگامی بنیادوں پر اس کی مرمت یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔

    شہریوں محمد عمران، سید سجاد حسین، جلیل احمد اور دیگر نے منتخب عوامی نمائندوں اور انتظامیہ سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور عملے کو محفوظ بنایا جائے۔

  • اوچ شریف:شہرمیں جانوروں کے بھانے ،گندگی اور مچھروں کی افزائش ، انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف:شہرمیں جانوروں کے بھانے ،گندگی اور مچھروں کی افزائش ، انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کے شہری علاقوں محلہ شمیم آباد، ٹینکی چوک، محلہ جگ پورہ، حسینی چوک، شمس کالونی، محلہ گیلانی، جمال درویش اور دیگر علاقوں میں جانوروں کے بھانے، گندگی اور مچھروں کی افزائش سے بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔ انتظامیہ کی خاموشی سے عوام پریشان ہیں، گنجان آبادیوں میں بدبو، تعفن اور وبائی امراض کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، پنجاب حکومت کی جانب سے شہری علاقوں اور گنجان آباد محلوں میں جانوروں کے بھانے قائم کرنے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ کی غفلت کے باعث اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اوچ شریف کے مختلف رہائشی علاقوں میں شہریوں نے بھینسوں، بکریوں اور دیگر مویشیوں کے بھانے بنا رکھے ہیں، جس کی وجہ سے گندگی اور مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

    مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کے فضلے کی وجہ سے گلیوں، محلوں اور کھلی جگہوں پر تعفن پھیل رہا ہے، جس سے سانس کی بیماریاں اور دیگر انفیکشنز عام ہو رہے ہیں۔ گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو چکا ہے، جو ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔ خاص طور پر بچے اور بزرگ اس آلودہ ماحول کی وجہ سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

    عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو بارہا شکایات درج کروائی گئی ہیں، مگر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ متعدد علاقوں میں صفائی کا عملہ بھی گندگی اٹھانے سے قاصر نظر آتا ہے، جس کی وجہ سے مسئلہ مزید گھمبیر ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ بااثر افراد کے دباؤ کی وجہ سے مقامی افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    مقامی شہریوں عبدالرحمن، حفیظ خان، سہیل عباس، نعمان خالد، انس خان اور دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی وزیر بلدیات اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ گنجان آبادیوں میں قائم جانوروں کے بھانے فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کیے جائیں، ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور علاقے میں فوری طور پر صفائی اور اسپرے مہم شروع کی جائے تاکہ مچھروں اور گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: مہنگائی بے قابو، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ غائب، عوام پریشان

    اوچ شریف: مہنگائی بے قابو، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ غائب، عوام پریشان

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں مہنگائی کا طوفان بے قابو ہو چکا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی غیر موجودگی کے باعث منافع خوروں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے، اور عوام دو وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت مشکلات کا شکار ہیں۔

    اوچ شریف میں چکن، بڑا گوشت، چینی، سبزی، پھل، دودھ اور دیگر بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور متعلقہ حکام کی لاپرواہی کے باعث منافع خور کھلم کھلا لوٹ مار کر رہے ہیں، جبکہ سرکاری نرخنامہ محض ایک کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے۔

    شہر کے مختلف بازاروں میں دکانداروں نے من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں۔ سرکاری نرخنامے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر اشیائے خورد و نوش دوگنے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سبزی اور پھل فروشوں سے لے کر گوشت اور دودھ بیچنے والوں تک، ہر ایک نے اپنی من مرضی کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں، اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔

    شہریوں شبیر احمد، عثمانی ارشاد احمد، عارف حسین، رجب علی اور محمد یعقوب کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں نام کی حد تک بھی موجود نہیں۔ اگر یہ کمیٹیاں قائم ہیں تو وہ کیا کر رہی ہیں؟ عوامی اور سماجی حلقے اس بات پر سخت برہم ہیں کہ انتظامیہ کے افسران دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، جبکہ بازاروں میں عام شہری مہنگائی کے ہاتھوں بے حال ہو چکے ہیں۔

    اوچ شریف کے عوام اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے، بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

  • سیالکوٹ میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک

    سیالکوٹ میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ کے چینی، دالوں، گھی اور چکن سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کے ہول سیل ڈیلروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے اور صارفین کو اشیائے خوردونوش کی کنٹرول ریٹ پر بلا تعطل فراہمی ضلعی انتظامیہ اور ہول سیل ڈیلروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر صوبہ اور ضلع کی سطح پر نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاکسٹ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت یا بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ہول سیل ڈیلروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دالوں کی امپورٹ سے لے کر مین منڈیوں تک پہنچ اور وہاں سے ڈیلروں اور پرچون فروشوں کے ہاتھوں سے ہوتے ہوئے صارفین تک پہنچنے تک قیمتوں کے تعین تک ہر مرحلے میں انتظامیہ نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منڈیوں میں طلب و رسد کے نظام کو فول پروف بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے جا رہی ہیں، جس سے طلب کے مطابق بروقت امپورٹ اور ضرورت سے زائد اجناس کی ایکسپورٹ کے لیے درست اعداد و شمار اور بروقت پالیسیاں مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

  • اوکاڑہ: رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے انتظامیہ متحرک

    اوکاڑہ: رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے انتظامیہ متحرک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے رمضان المبارک میں عوام کو کنٹرول ریٹس پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کے سلسلے میں متعدد مقامات پر دکانوں کی چیکنگ کی۔

    چیکنگ کے دوران مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دکانداروں کو جرمانے بھی کیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ صیام میں مہنگی اشیاء کی فروخت کے ذریعے عوام کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا جائے گا۔

    انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ دکانوں میں نمایاں جگہوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں اور ان لسٹوں پر سختی سے عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بھر میں پرائس چیکنگ کے عمل میں مصروف ہیں اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے سلسلے میں فیلڈ انسپیکشنز میں عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروائیاں بھی کر رہے ہیں۔

  • اوچ شریف: نہر میں شگاف، سینکڑوں ایکڑ فصلیں تباہ

    اوچ شریف: نہر میں شگاف، سینکڑوں ایکڑ فصلیں تباہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے عاشق آباد کے قریب کرم واہ نہر میں 20 فٹ گہرا شگاف پڑنے سے نہری بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی اور تیار فصلیں تباہ ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق، پانی کا ریلا قریبی زرعی زمینوں میں داخل ہوگیا، جس سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی گندم کی تیار فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ متعدد دیہات کے مکین بھی شدید متاثر ہوئے۔ مقامی کاشتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کرنے کی کوشش کی، مگر پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ان کی تمام تر کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔

    متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار کی عدم توجہی کے باعث نہری بند خستہ حالی کا شکار ہو چکے ہیں، اور بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث اس قسم کے حادثات آئے روز پیش آ رہے ہیں، جس سے کسانوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

    اہل علاقہ کے مطابق، واقعے کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کو دے دی گئی تھی، مگر کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی بھی متعلقہ افسر یا عملہ موقع پر نہ پہنچ سکا۔ مقامی کسانوں اور دیہاتیوں نے محکمہ انہار کی اس مجرمانہ غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرم واہ نہر کے حفاظتی بندوں کی فوری اور مستقل بنیادوں پر مرمت کی جائے، متاثرہ کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ انہار کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ آئندہ ایسے نقصانات سے بچا جا سکے۔