Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • درخت لگائیں، آنے والی نسلوں کو بچائیں

    درخت لگائیں، آنے والی نسلوں کو بچائیں

    درخت لگائیں، آنے والی نسلوں کو بچائیں
    تحریر:ملک ظفراقبال
    درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کی بقا ہے

    مگر بدقسمتی سے پاکستان میں ہر پروجیکٹ کو فائلوں میں ثابت کر دیا جاتا ہے کہ سب اوکے ہے، مگر ایسا نہیں ہوتا۔ بلکہ ہم خود اپنے آپ کو اور اپنی آنے والی نسلوں کو دھوکا دے رہے ہوتے ہیں، جو اس وقت ہمیں محسوس نہیں ہوتا۔ اس طرح شجرکاری مہم زور و شور سے جاری تو ہو جاتی ہے، مگر 76 سالوں سے اس مہم سے وہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکے جس کی امید تھی۔ وجہ یہ تھی کہ ہم ذمہ داری سے کام نہیں کرتے، بلکہ خانہ پُری ہی ہمارا منشور ہوتا ہے۔ ایک طرف ہم حکومتی اداروں سے نالاں نظر آتے ہیں اور دوسری طرف ہمارا اپنا کوئی منشور نہیں ہوتا، بلکہ حکومتی اقدامات کے ساتھ سول سوسائٹی کو مل کر اس طرح کی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

    مجھے اچھی طرح یاد ہے اوکاڑہ میں 2019 میں محکمہ جنگلات کے ایک ایس ڈی او افتخار احمد جنجوعہ تھے جو شجرکاری مہم کو بھرپور انداز میں شروع کرتے تھے۔ ان کے دور میں اوکاڑہ کے گرد و نواح میں درخت ہی درخت نظر آنے لگے۔ آج بھی ان کی ٹیم کی طرف سے لگائے گئے درخت نہروں اور سڑکوں پر نمایاں نظر آتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اس طرح کا افسر ہر ضلع میں ہو تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اپنے مقرر کردہ اہداف حاصل نہ کرے۔

    آئیں اب بات کرتے ہیں کہ درخت ہمارے لیے کیوں ضروری ہیں؟
    درخت نہ صرف انسانی زندگی بلکہ پورے کرۂ ارض کے لیے ناگزیر ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کریں تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور خوشحال ماحول فراہم کیا جا سکے۔درخت زمین کے لیے نہایت ضروری ہیں کیونکہ وہ ماحول، معیشت، صحت اور حیاتیاتی تنوع پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ ان کی اہمیت کو درج ذیل نکات میں بیان کیا جا سکتا ہے:

    درخت آکسیجن پیدا کرتے ہیں جو زندگی کے لیے ضروری ہے۔ ایک بڑا درخت سالانہ ہزاروں لیٹر آکسیجن فراہم کر سکتا ہے، جو انسانوں اور جانوروں کی بقا کے لیے لازم ہے۔درخت فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں اور آکسیجن خارج کرتے ہیں، جو گلوبل وارمنگ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ وہ دھول، دھوئیں اور دیگر زہریلی گیسوں کو بھی جذب کرکے ہوا کو صاف رکھتے ہیں۔درخت ماحول میں نمی برقرار رکھتے ہیں اور بادلوں کی تشکیل میں مدد دیتے ہیں، جس سے بارشوں میں اضافہ ہوتا ہے اور خشک سالی کے اثرات کم ہوتے ہیں۔درختوں کی جڑیں زمین کو مضبوطی سے تھامے رکھتی ہیں، جس سے مٹی کا کٹاؤ اور زمین کی زرخیزی میں کمی روکی جاتی ہے۔ یہ کھیتوں اور زرعی پیداوار کے لیے نہایت مفید ہیں۔
    درخت جانوروں، پرندوں اور کیڑوں کے لیے قدرتی مسکن فراہم کرتے ہیں۔ کئی اقسام کے جانور درختوں پر انحصار کرتے ہیں، جن میں شہد کی مکھی، پرندے اور مختلف جنگلی حیات شامل ہیں۔

    درخت گرمیوں میں ٹھنڈک فراہم کرتے ہیں اور درجہ حرارت کو کم کرتے ہیں۔ شہروں میں درختوں کی موجودگی گرمی کی شدت کو کم کرتی ہے، جس سے ایئر کنڈیشنرز کا استعمال بھی کم ہوتا ہے۔درخت ذہنی اور جسمانی صحت پر اچھے اثرات ڈالتے ہیں۔ درختوں سے بھرپور ماحول میں رہنے والے لوگ کم تناؤ محسوس کرتے ہیں اور ان میں بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔درخت لکڑی، پھل، ادویاتی پودے، شہد اور دیگر قدرتی وسائل فراہم کرتے ہیں، جو معیشت کے لیے فائدہ مند ہیں۔درخت قدرتی ساؤنڈ پروفنگ کا کام کرتے ہیں اور ٹریفک، فیکٹریوں اور دیگر شور کے ذرائع سے پیدا ہونے والے شور کو کم کرتے ہیں۔

    اسلام سمیت دنیا کے کئی مذاہب میں درختوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ نبی اکرمﷺ نے درخت لگانے کو صدقہ جاریہ قرار دیا ہے، جس سے ان کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے: درخت لگانا اسلام میں ایک عظیم نیکی اور صدقہ جاریہ ہے۔ قرآن و حدیث میں درختوں کی اہمیت اور ان کے فوائد پر زور دیا گیا ہے۔ درج ذیل دلائل اس کی وضاحت کرتے ہیں:

    اللہ تعالیٰ نے درختوں کو اپنی عظیم نعمتوں میں شمار کیا ہے:
    (سورہ الانعام: 99) میں ارشاد ربانی ہے:ترجمہ: "اور وہی ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا، پھر ہم نے اس سے ہر قسم کی نباتات اگائیں.”
    (سورہ الرحمن: 6) میں ارشاد ربانی ہے:ترجمہ: "اور سبزہ اور درخت (اللہ کو) سجدہ کرتے ہیں۔”

    حدیث مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہےحضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا،اگر کسی مسلمان نے کوئی درخت لگایا یا کھیتی کی، پھر اس میں سے انسان، جانور یا پرندہ کھائے تو وہ اس کے لیے صدقہ ہوگا۔(بخاری: 2320، مسلم: 1553)

    قیامت کے قریب بھی درخت لگانے کی ترغیب:
    نبی کریم ﷺ نے فرمایا”اگر قیامت قائم ہو رہی ہو اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں کوئی پودا ہو تو اگر وہ اس کو لگا سکتا ہے تو ضرور لگائے۔”(مسند احمد: 12902)حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا”جو مسلمان درخت لگاتا ہے اور اس میں سے کوئی بھی مخلوق کھاتی ہے، تو وہ اس کے لیے صدقہ ہوتا ہے۔”(مسلم: 1552)

    آئیں سب مل کر حکومت کا ساتھ دیں اور سول سوسائٹی اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ یہ وطن ہم سب کا ہے۔

    درخت لگانا نہ صرف زمین کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کا ذریعہ ہے، بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق یہ ایک مستقل نیکی اور صدقہ جاریہ بھی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ دنیا میں فائدہ پہنچے اور آخرت میں ثواب حاصل ہو۔

  • سیالکوٹ:موٹرویز پر تیز رفتاری، مقدمات کا اندراج شروع

    سیالکوٹ:موٹرویز پر تیز رفتاری، مقدمات کا اندراج شروع

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض): سیالکوٹ لاہور موٹروے (M-11) سمیت دیگر موٹرویز پر اوور اسپیڈ گاڑی چلانے والوں پر مقدمات کا اندراج شروع کر دیا گیا ہے۔

    لاہور سیالکوٹ موٹروے پر 150 کلومیٹر سے زائد تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے والے 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ موٹرویز ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 پر بھی تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے 16 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    موٹروے پولیس کے مطابق 3 لین والی موٹروے پر حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ پبلک گاڑیوں کے لیے رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ڈرائیور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد رفتار سے گاڑی چلائے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • میرپور خاص: مستحقین میں راشن تقسیم

    میرپور خاص: مستحقین میں راشن تقسیم

    میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپور خاص کے ٹاؤن سید خادم علی شاہ یونین کونسل 3 میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔

    یونین کونسل کے چیئرمین خلیل احمد، وائس چیئرمین سلیم غوری اور کونسلرز کی جانب سے یونین کونسل فنڈز سے یہ راشن بیگز مستحقین میں تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان میرپور خاص کے ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین، یونٹ انچارجز اور یونٹ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

  • حافظ آباد : پولیس مقابلہ، ڈکیتی میں ملوث ملزم ہلاک

    حافظ آباد : پولیس مقابلہ، ڈکیتی میں ملوث ملزم ہلاک

    حافظ آباد ، باغی ٹی وی(خبر نگارشمائلہ) حافظ آباد میں کسوکی پولیس اور ڈکیتی میں ملوث ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ترجمان پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان کڑاڑی علاقہ تھانہ کسوکی کے قریب ڈکیتی کرکے فرار ہو رہے تھے۔

    پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم سلیمان ولد خالد ہلاک ہوگیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیت گینگ کا اہم رکن تھا اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    پولیس مقابلے میں زخمی ڈاکو سلیمان کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ ہلاک اشتہاری ملزم سلیمان ولد خالد ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ڈسکہ میں تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع

    ڈسکہ میں تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں خواتین سمیت ضلع بھر سے سالکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    شیخ سلسلہ سربراہ تنظیم الااخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے سالکین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر صاحب مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والے ساتھیوں کو طریقہ ذکر سکھایا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری عارف رفیق نے بھی ضلع بھر کے ذمہ داران سے خطاب کیا۔

    اجتماع کے اختتام پر ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • کراچی: گلشن معمار میں چھت گرنے سے جاں بحق بچیوں سمیت 6 خواتین کی نماز جنازہ ادا

    کراچی: گلشن معمار میں چھت گرنے سے جاں بحق بچیوں سمیت 6 خواتین کی نماز جنازہ ادا

    کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی) گلشن معمار میں چھت گرنے سے جاں بحق بچیوں سمیت 6 خواتین کی نماز جنازہ ادا

    گلشن معمار افغان کیمپ میں چھت گرنے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والی 6 خواتین، جن میں 5 سگی بہنیں بھی شامل تھیں، کی نماز جنازہ گزشتہ روز افغان کیمپ میں ادا کر دی گئی۔

    جاں بحق ہونے والی 6 خواتین، جن میں 4 کمسن بچیاں شامل تھیں، کی میتیں ایدھی سرد خانے سے غسل و کفن کے بعد ایمبولینس کے ذریعے افغان کیمپ پہنچائی گئیں۔ جنازے کے موقع پر کہرام مچ گیا، خواتین شدت غم سے نڈھال ہو گئیں جبکہ اہل خانہ، رشتہ داروں اور اہل محلہ کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ بعد ازاں تمام متوفیات کو قریبی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    حادثہ ہفتے کی شب اس وقت پیش آیا جب متاثرہ گھر کی پری کاسٹ چھت کو مضبوط بنانے کے لیے اس پر بڑی مقدار میں ریت اور بجری ڈالی گئی، جس کا وزن چھت برداشت نہ کر سکی اور نیچے موجود افراد پر آگری۔ اس حادثے میں 5 سگی بہنوں سمیت 6 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

    جاں بحق ہونے والی بہنوں کی شناخت 25 سالہ سعدیہ، 20 سالہ کائنات، 7 سالہ عشال، 7 سالہ عائشہ اور 6 سالہ ثانیہ دختر رضا کے نام سے ہوئی، جبکہ 8 سالہ نسرین دختر میکائل بھی حادثے کا شکار بنیں۔

  • سیالکوٹ: پولیس بھرتی، 75 امیدوار کامیاب، فائنل لسٹ جاری

    سیالکوٹ: پولیس بھرتی، 75 امیدوار کامیاب، فائنل لسٹ جاری

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)پولیس میں بھرتی کے عمل کو مکمل کر لیا گیا، اور کامیاب امیدواروں کی فائنل میرٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں انٹرویو کا مرحلہ بھی مکمل کیا جا چکا ہے، جس میں 248 امیدواروں (مرد و خواتین) نے شرکت کی۔

    فائنل لسٹ کے مطابق 75 امیدواروں کو مختلف آسامیوں پر منتخب کیا گیا ہے۔ ان میں 59 کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبل اوپن میرٹ پر کامیاب ہوئے، جبکہ 11 لیڈی کانسٹیبلان کو 15 فیصد کوٹہ کے تحت منتخب کیا گیا۔ اسی طرح 4 کانسٹیبل اقلیتی کوٹہ اور 1 کانسٹیبل آرمی کوٹہ میں شامل کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب کے سٹینڈنگ آرڈر کی روشنی میں 7 امیدواروں کی ویٹنگ لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ کامیاب امیدواروں کو میڈیکل ٹیسٹ اور دیگر ضروری ویری فیکیشن کے لیے جلد مطلع کر دیا جائے گا۔



  • جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے، سمیع اللہ عثمانی صدر، صائمہ صابر جنرل سیکرٹری منتخب

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے، سمیع اللہ عثمانی صدر، صائمہ صابر جنرل سیکرٹری منتخب

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کی پاکستان شاخ کے لیے نئی باڈی 2025-26 کا اعلان کر دیا گیا، جس میں سمیع اللہ عثمانی کو صدر اور صائمہ صابر کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا، جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر راشد علی خانزادہ کا تقرر عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں ایک آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین و مرکزی صدر میاں عامر علی نے کی۔ اجلاس میں مرکزی وومن ونگ صدر حمیرا ثناء، مرکزی سیکرٹری جنرل محمد آصف قائمی سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز بہاولنگر سے محمد جنید نے تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا، جس کے بعد پاکستان کی نئی قیادت کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

    اس اجلاس میں متفقہ طور پر سمیع اللہ عثمانی کو جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کا صدر منتخب کیا گیا۔ دیگر عہدیداران میں سینئر نائب صدور کے طور پر نعمان وہاب خان زئی، نبیلہ حفیظ، اور امان اللہ کھوکھر کو منتخب کیا گیا، جبکہ نائب صدور میں ڈاکٹر ساجد محمود اعوان، محمد سفیر، علی زمان اعوان، محمد اکرم، روح الابرار اور ڈاکٹر شاہ نواز قادری شامل ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے طور پر صائمہ صابر، جبکہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے طور پر حامد صدیق انجم اور سید رفاقت حسین کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لیے راشد علی خانزادہ کا انتخاب عمل میں آیا۔

    مزید برآں اطلاعات سیکرٹری کے طور پر محمد مستجاب اور گل محمد لغاری، آفس سیکرٹری کے لیے عامر حیات، جبکہ جوائنٹ سیکرٹریز کے طور پر محمد خرم قادری، خالد شاہین فریدی اور نور محمد ترک کا انتخاب کیا گیا۔ اسی طرح، ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹریز میں محمد خالد اور وجیہہ تمثیل کو شامل کیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹریز کے طور پر محمد شمعون نذیر، امبرین ریاض اور رانا شاہد خلیل کو مقرر کیا گیا، جبکہ ڈپٹی ایڈیشنل سیکرٹریز میں مسعود الحسن، حنا محبوب اور شفیق جان قائم خانی شامل ہیں۔

    ایگزیکٹو کونسل کے ممبران میں شیخ وقاص احمد، دلیپ کمار، ارم سعید، محمد رضوان بھٹی، فرخ کمال، فاطمہ لیاقت، محمد جنید، میاں خلیل صدیق آرائیں، علیشاہ عندلیب، عثمان گل کشمیری، فضل حسین خان، شیخ سجاد حسین، خواجہ محمد عامر، محمد کاشف شہزاد، دل حسین، محمد یاسین کھتری اور محمد ناظم خانزادہ کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ تمام افراد اپنی صحافتی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے اور میڈیا کے شعبے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ صحافیوں کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ اس سلسلے میں قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے معروف وکلاء راؤ مدبر اعظم ایڈووکیٹ اور شاہد شمش الدین میمن ایڈووکیٹ کو لیگل ایڈوائزر مقرر کیا گیا، جو صحافیوں کو درپیش قانونی معاملات میں مدد فراہم کریں گے۔

    اجلاس کے اختتام پر ایسوسی ایشن کی کامیابی، پاکستان کے استحکام اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مرکزی صدر میاں عامر علی نے اس موقع پر کہا کہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن صحافیوں کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • حافظ آباد: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    حافظ آباد: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    حافظ آباد (خبر نگار) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حامد ناصر گورایہ نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے تفصیلی بریفنگ لی اور علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    حامد ناصر گورایہ نے ہسپتال کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ سرکاری ہسپتالوں کو درکار وسائل اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

  • چنیوٹ:ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اویس عابد کی پریس کلب آمد، صحافیوں سے تعارفی ملاقات

    چنیوٹ:ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اویس عابد کی پریس کلب آمد، صحافیوں سے تعارفی ملاقات

    چنیوٹ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پریس کلب رجسٹرڈ چنیوٹ کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ اجلاس میں صدر پریس کلب شاہد محمود چوہدری کی خصوصی دعوت پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر چنیوٹ اویس عابد نے شرکت کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    اس موقع پر صحافیوں نے اویس عابد کی چنیوٹ میں تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تمام ممبران نے اپنا تعارف پیش کیا جبکہ صحافت کو درپیش چیلنجز، میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اویس عابد نے صحافی برادری کے ساتھ قریبی روابط استوار رکھنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مثبت تعلقات عوامی مسائل کے مؤثر حل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

    صدر پریس کلب شاہد محمود چوہدری نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور صحافی برادری کے مابین تعاون جاری رہے گا تاکہ صحافتی شعبے کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر حل نکالا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اویس عابد کو پریس کلب کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔