Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • چنیوٹ: پولیس اور بیسک سکولز کے درمیان معاہدہ، شہداء کے بچوں کے لیے مفت تعلیم

    چنیوٹ: پولیس اور بیسک سکولز کے درمیان معاہدہ، شہداء کے بچوں کے لیے مفت تعلیم

    چنیوٹ، باغی ٹی وی (نامہ نگار) چنیوٹ پولیس اور بیسک سکولز کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس معاہدے کا مقصد پولیس کے شہداء اور حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

    ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد اور بیسک سکولز کے نمائندے نے ڈی پی او آفس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں باہمی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں کو مکمل مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او عبداللہ احمد نے کہا کہ پولیس فورس کے اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی قربانی تک دینے سے دریغ نہیں کرتے، لہٰذا ان کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اداروں کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔

    بی ایسک سکولز کے نمائندے نے معاہدے کو ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار معاشرتی امن و امان کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں، اور یہ ادارہ ان کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

    پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مزید فلاحی معاہدے مستقبل میں بھی کیے جائیں گے تاکہ پولیس فورس کے اہلکاروں کو نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ سماجی و معاشی لحاظ سے بھی سہارا دیا جا سکے۔

  • گوجرہ: دو بچے نہر میں ڈوب کرزندگی کی بازی ہار گئے

    گوجرہ: دو بچے نہر میں ڈوب کرزندگی کی بازی ہار گئے

    گوجرہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) نہر میں نہاتے ہوئے 11 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق، کزن کی تلاش جاری

    گوجرہ کی گلشن اقبال کالونی کے رہائشی عابد حسین کا 9 سالہ بھانجا امیر حمزہ جو کہ چک نمبر 320 ج ب سے مہمان آیا تھا، اپنے کزن ریحان عابد کے ساتھ چک نمبر 363 ج ب کے راجباہ میں نہانے گیا۔ ناخوشگوار واقعہ کبوترانوالہ قبرستان کے قریب راجباہ (چھوٹی نہر) میں پیش آیا جہاں نہاتے ہوئے ریحان عابد اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا، جبکہ امیر حمزہ بھی پانی کی لہروں کی نذر ہو گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریحان عابد کی نعش برآمد کر کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کی گئی، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد تھانہ سٹی پولیس نے لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔

    دوسری جانب، ریسکیو ٹیم امیر حمزہ کی تلاش میں مصروف ہے۔ بچے کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، جبکہ اہل خانہ پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • سیالکوٹ :ڈپٹی کمشنر کا ڈسکہ کا دورہ، نگہبان رمضان پیکج اور دیگر انتظامات کا جائزہ

    سیالکوٹ :ڈپٹی کمشنر کا ڈسکہ کا دورہ، نگہبان رمضان پیکج اور دیگر انتظامات کا جائزہ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو ) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تحصیل ڈسکہ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے نگہبان رمضان پیکج کی ڈور ٹو ڈور تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یوسی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ مستحق افراد کو ٹیلی فون کالز کے ذریعے مطلع کیا جائے اور گھروں میں جا کر بھی پے آرڈر تقسیم کیے جائیں تاکہ امدادی رقم کی فراہمی تیز کی جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے دورانِ دورہ عوام کو ہدایت دی کہ نگہبان رمضان پیکج کی کوئی فیس نہیں، لہٰذا پے آرڈر وصول کرتے یا کیش کرواتے وقت کسی قسم کی ادائیگی ہرگز نہ کی جائے۔ اگر کوئی شکایت ہو تو ضلع کنٹرول نمبر 9250011 یا اے سی آفس میں رپورٹ کریں، فوری ازالہ کیا جائے گا۔

    مزید برآں انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈسکہ میں قائم میٹرک کے امتحانی مرکز میں فزکس کے پرچے کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ سول ہسپتال ڈسکہ کا اچانک دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کیو ڈی پی ایس سکول جیسروالہ کیمپس میں زیر تعمیر بلاک کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام میں مزید بہتری کی ہدایات دیں۔

  • سیالکوٹ: پشاور سے لائی گئی منشیات کی بڑی کھیپ برآمد، 5 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: پشاور سے لائی گئی منشیات کی بڑی کھیپ برآمد، 5 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض ) پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے فروخت کے لیے لائی جانے والی منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کر لی، جبکہ 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر سیالکوٹ انسپکٹر محمد رزاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 2 کلو 35 گرام آئس اور 9 کلو 680 گرام چرس برآمد کر لی۔

    دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پشاور سے منشیات لا کر ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، سیالکوٹ پولیس منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے چھوٹے نشئیوں کے بجائے اس دھندے میں ملوث بڑی مچھلیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور شہر سے منشیات کے خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

  • حافظ آباد: قصابوں کا سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کرنے سے انکار، شہری مشکلات کا شکار

    حافظ آباد: قصابوں کا سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کرنے سے انکار، شہری مشکلات کا شکار

    حافظ آباد(خبرنگارشمائلہ) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قصابوں نے سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مہنگے داموں خریداری کے بعد کم نرخوں پر فروخت ممکن نہیں، کیونکہ اس سے انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

    قصابوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار انتظامیہ سے سرکاری نرخوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر چکے ہیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، جس کے باعث اب وہ گوشت فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران قانونی کارروائیوں اور جرمانوں سے بچنے کے لیے کئی دکانداروں نے اپنی دکانیں ہی بند کر دی ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

    دوسری جانب شہریوں نے انتظامیہ کی ناقص حکمتِ عملی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان سے قبل بھی قصاب من مانے نرخوں پر مہنگا گوشت فروخت کر رہے تھے جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی۔ اب اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قصابوں نے سرے سے گوشت فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    قصابوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری نرخوں پر نظرثانی کی جائے، تاکہ وہ نقصان سے بچ سکیں اور عوام کو بھی معیاری گوشت مناسب داموں دستیاب ہو سکے۔ دوسری طرف، ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • پنوعاقل: معصوم سید عابد شاہ کی بازیابی کے لیے 14ویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری

    پنوعاقل: معصوم سید عابد شاہ کی بازیابی کے لیے 14ویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری

    میرپور ماتھیلو(نامہ نگارمشتاق لغاری) پنوعاقل سے اغوا کیے گئے معصوم سید عابد شاہ پٹھان کی بازیابی کے لیے آج 14ویں روز بھی علامتی بھوک ہڑتال جاری رہی۔ احتجاج میں ورثاء سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی اور مغوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

    احتجاج میں شہید بھٹو سندھ کے صوبائی آرگنائزر ایڈووکیٹ قربان علی کلوڑ، ضلعی آرگنائزر سکھر گلشن ملک، سابقہ رجسٹرار نوراللہ ملک، ایم اسحاق جسکانی، کامریڈ لال چاچڑ، لالا نورالدین پٹھان، عبید کلہوڑو، میر محمود کلوڑ، عبد الوحید پٹھان، سید برکت شاہ سمیت دیگر سماجی و سیاسی شخصیات شریک ہوئیں۔

    مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 روز گزرنے کے باوجود پولیس اور متعلقہ ادارے مغوی کی بازیابی میں ناکام رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ مغوی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

  • لنڈی کوتل:پاکستانی جرگہ عمائدین کا دباؤ رنگ لایا، افغان تعمیراتی مشینری واپس

    لنڈی کوتل:پاکستانی جرگہ عمائدین کا دباؤ رنگ لایا، افغان تعمیراتی مشینری واپس

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)پاکستانی جرگہ عمائدین کا دباؤ رنگ لایا، افغان تعمیراتی مشینری واپس

    تفصیل کے مطابق طورخم بارڈر پر ایک بار پھر کشیدگی، افغان حکام نے جرگہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں چیک پوسٹ کی تعمیر شروع کر دی۔ تاہم، پاکستانی جرگہ عمائدین کے سخت دباؤ کے بعد افغان فورسز تعمیراتی مشینری واپس لے جانے پر مجبور ہو گئیں۔

    گزشتہ روز طورخم بارڈر پر پاکستانی اور افغان قبائلی عمائدین کے درمیان ایک تاریخی جرگہ ہوا تھا، جس میں سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ دونوں فریقین نے متنازعہ تعمیراتی کام روکنے اور امن قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور ایک روز کا وقت مانگا تھا، جرگہ ممبران کے مطابق آج بروز پیر افغان جرگہ اور طالبان حکومت کے انتظار میں ہے کہ وہ ہمارے شرایط کے متعلق کیا رد عمل دیتے ہیں۔

    پاک جرگہ مشران کی طرف سے بھی سوشل میڈیا پر افغان حکام کی طرف سے اس خلاف ورزی پر تنقید کی گیی جس کے بعد افغان فورسز مشینری واپس کرنے پر مجبور ہوگئی۔

    واضح رہے کہ تورخم سے ملحقہ آبادی والے علاقہ باچا مینہ کے رہائشیوں میں خوف پھیل گیا جب متنازعہ چیک پوسٹ پر افغان فورسز نے کام شروع کیا لیکن جرگہ عمائدین کی مداخلت سے کشیدگی پھر ختم ہوگئی اور افغان فورسز نے مشینری واپس کردی۔

    انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی فلاحی تنظیموں کے رہنماؤں نے افغان طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وہ جرگہ کی پاسداری کریں،متنازعہ چیک پوسٹ پر کام بند کریں اور سیز فائر کریں تاکہ گزشتہ 17 دنوں سے بند تورخم بارڈر کو کھولا جاسکے۔

  • ڈیرہ غازی خان:نگہبان رمضان،رقوم کی تقسیم میں بے ضابطگیاں، ڈیوائس ایرر سے عوام پریشان

    ڈیرہ غازی خان:نگہبان رمضان،رقوم کی تقسیم میں بے ضابطگیاں، ڈیوائس ایرر سے عوام پریشان

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)’’نگہبان رمضان‘‘ کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم میں بے ضابطگیاں، عوام مشکلات کا شکار

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پنجاب حکومت کے ’’نگہبان رمضان‘‘ پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل میں شدید بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں۔ مستحقین کو 10 ہزار روپے کے چیک تو جاری کیے جا رہے ہیں، لیکن انہیں کیش کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    حکومت پنجاب اعلان کے مطابق مستحق افراد کو مخصوص بینک سے چیک کیش کرانے کی ہدایت کی گئی، لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بینک کا عملہ چیک کیش کرنے سے انکاری ہے ،شہر میں رٹیلرز کے پاس جائیں انہیں ہم ڈیوائسز دی ہوئی ہیں ،یہ چیک کی رقوم انہی ریٹیلرز سے ہی ملے گی ، جس کے باعث شہری نجی موبائل سینٹرز اور ریٹیلرز سے رقوم نکلوانے پر مجبور ہیں۔ حیران کن طور پر ان نجی سینٹرز پر 200 سے 500 روپے تک کی کٹوتی کی جا رہی ہے، جس سے عوام کو شدید مالی نقصان ہو رہا ہے۔

    دوسری طرف حکومتِ پنجاب کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’’نگہبان رمضان‘‘ کے تحت امدادی رقوم شہریوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر دی جائیں گی مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس نظر آ رہی ہے۔ مستحق خواتین، بزرگ اور مرد دھوپ میں گھنٹوں لمبی لائنوں میں کھڑے ہو کر اپنی عزتِ نفس مجروح کر رہے ہیں۔ انہیں بھکاریوں کی طرح لائنوں میں دھکیل دیا گیا ہے، جہاں دھکم پیل، بدنظمی اور ایجنٹ مافیا کی من مانی عروج پر ہے۔

    ڈیرہ غازی خان میں ’’نگہبان رمضان‘‘ کے مستحقین کے لیے ایک اور بڑی پریشانی بینک آف پنجاب کی ڈیوائس میں ایرر کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ اس خرابی کے باعث حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ چیک کیش نہیں ہو پا رہے، جس سے عوام اور فرنچائزر دونوں شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    جب متاثرہ افراد نے فرنچائزرز سے اس بارے میں استفسار کیا کہ وہ بینک آف پنجاب کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیوں نہیں کرتےتو انہیں جواب ملا کہ ’’ڈیوائس کے لیے کوئی ہیلپ لائن نہیں ہے، یہ خود بخود ٹھیک ہو جائے گی، لیکن یہ معلوم نہیں کہ اس میں کتنا وقت لگے گا۔‘‘

    ڈیرہ غازی خان کے عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور امدادی رقوم کے شفاف اور آسان طریقے سے تقسیم کو یقینی بنائیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے جلد اصلاحی اقدامات نہ کیے تو غریب اور مستحق افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

  • پنجاب بھر میں دیہی مراکزصحت کے ملازمین کی ہڑتال، او پی ڈی بند

    پنجاب بھر میں دیہی مراکزصحت کے ملازمین کی ہڑتال، او پی ڈی بند

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) پنجاب رورل ہیلتھ ایمپلائیز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق، تمام ضلعی صدور اور صحت کی تنظیموں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آن لائن رپورٹنگ سمیت او پی ڈی اور دیگر تمام خدمات فوری طور پر بند کی جائیں گی۔

    ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔ تمام ملازمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر قسم کی سرگرمی کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ یہاں تک کہ رمضان چیک تقسیم پروگرام میں ڈیوٹی دینے والے ملازمین بھی اس ڈیوٹی کا بائیکاٹ کریں گے۔

    پنجاب رورل ہیلتھ ایمپلائیز ایسوسی ایشن اور آل پنجاب ہیلتھ ایمپلائیز ایسوسی ایشن نے ملازمین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

  • ننکانہ: ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال کا اہم معاہدہ، عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم

    ننکانہ: ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال کا اہم معاہدہ، عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال ننکانہ صاحب نے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت طبی امداد اور تربیت میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

    اس موقع پر زہرہ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ارشد (کارڈیالوجسٹ)، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار، ڈاکٹر روبینہ شفیع (گائناکالوجسٹ)، پیرامیڈیکل سٹاف، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، ریسکیو افسران اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر موجود تھے۔

    معاہدے کے تحت ریسکیو 1122 پیرامیڈیکل سٹاف کو کمیونٹی ایکشن ڈیزاسٹر ریسپانس اور پاکستان لائف سیور پروگرام کے تحت عملی تربیت اور آگاہی فراہم کرے گا۔ مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے شرکاء کو ریسکیو سکاؤٹ کے طور پر رجسٹر کیا جائے گا اور سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ ریسکیو سکاؤٹس کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں ریسکیو ٹیم کے ساتھ معاونت کریں گے اور باقاعدگی سے ایمرجنسی انخلاء کی ریہرسل کی جائے گی۔

    زہرہ ہسپتال ریسکیو اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو او پی ڈی اور لیبارٹری سروسز پر 20 فیصد اور آپریشن چارجز پر 30 فیصد رعایت فراہم کرے گا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ یہ معاہدہ اجتماعی بھلائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ڈاکٹر محمد ارشد نے ریسکیو 1122 کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔