Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • افغان حکام کا دوغلا پن و مکروہ چہرہ، جرگہ فیصلوں کو پاؤں تلے روند ڈالا، تعمیراتی کام جاری

    افغان حکام کا دوغلا پن و مکروہ چہرہ، جرگہ فیصلوں کو پاؤں تلے روند ڈالا، تعمیراتی کام جاری

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی)افغان حکام کا دوغلا پن و مکروہ چہرہ، جرگہ فیصلوں کو پاؤں تلے روند ڈالا، تعمیراتی کام جاری

    ایک دن پہلے تورخم بارڈر پر ایک تاریخی جرگہ ہوا، جس میں پاکستانی اور افغان قبائلی عمائدین نے سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اتفاق کیا۔ انہوں نے متنازعہ تعمیراتی کام کو روکنے اور امن قائم کرنے کا وعدہ کیا۔

    لیکن آج تصویریں ایک مختلف کہانی بیان کرتی ہیں۔ افغان فورسز نے جرگہ کے فیصلوں کو نظر انداز کرتے ہوئے متنازعہ زمین پر دوبارہ تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے۔ یہ عمل نہ صرف جرگہ کی روایات کی توہین ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو بھی بڑھا رہا ہے۔

    اس تنازعہ کی وجہ سے تورخم بارڈر بند ہے، جس سے دونوں طرف کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاجر اور عام شہری سرحد کی بندش سے پریشان ہیں۔

    دونوں جانب کے عوام اور جرگہ اراکین افغان حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی زمین پر تعمیراتی کام فوری طور پر بند کریں۔ تاکہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو سکے اور دونوں طرف کے لوگ آزادانہ تجارت اور نقل و حرکت کر سکیں۔ اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی مسائل ہیں تو انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ تاکہ طورخم بارڈر پر دوبارہ حالات خراب نہ ہوں.

  • لنڈی کوتل:پاک افغان جرگے میں طورخم بارڈر کھولنے پر سیز فائر کا اتفاق

    لنڈی کوتل:پاک افغان جرگے میں طورخم بارڈر کھولنے پر سیز فائر کا اتفاق

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)خیبر میں پاک افغان طورخم گزرگاہ کو کھلوانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ جرگے میں سیز فائر پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق طورخم گزرگاہ پر جاری کشیدگی کم کرانے اور اسے کھلوانے کے لیے پاک افغان عمائدین پر مشتمل جرگہ منعقد ہوا جس میں 11 مارچ تک فائر بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    جرگہ ذرائع کے مطابق 11 مارچ تک سرحد کے دونوں جانب تعمیرات پر پابندی ہوگی۔ جرگہ ممبران 11 مارچ کو افغان فورسز کی متنازع تعمیرات کا جائزہ لیں گے اور اگر سرحد سے متصل تعمیرات کے تنازع کا حل نکالا گیا تو طورخم بارڈر کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

    کسٹم حکام کے مطابق طورخم گزرگاہ آج 17ویں روز بھی بند ہے اور اس بندش کے باعث یومیہ تقریباً 3 ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ مزید برآں طورخم گزرگاہ سے یومیہ 10 ہزار افراد کی آمدورفت ہوتی ہے، جو اس وقت مکمل طور پر معطل ہے۔

    اس پیشرفت سے قبل پاک افغان کشیدگی ختم کرنے کے لیے ایک مشترکہ جرگہ منعقد کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز اس جرگے کی پہلی نشست مکمل ہوئی تھی، جس میں پاکستان کی جانب سے لنڈی کوتل کے جرگہ مشران کو مکمل اختیار دیا گیا تھا۔ پاکستان کی طرف سے یہ مطالبات پیش کیے گئے کہ 11 مارچ تک فائر بندی کی جائے اور سرحد کے دونوں جانب فوجی تعمیرات پر پابندی عائد کی جائے، جس کے بعد بارڈر کو کھول دیا جائے گا۔ اسی جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ 11 مارچ کو افغان فورسز کی متنازعہ تعمیرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    لنڈی کوتل کے جرگہ مشران کے مطابق افغان جرگہ مشران کو مکمل اختیار حاصل نہیں تھا اور انہوں نے کہا کہ وہ طورخم کے کمیسار سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے حتمی جواب دیں گے۔

    واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے ایک متنازعہ چیک پوسٹ پر تعمیری کام شروع کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ اس کشیدگی کے نتیجے میں دونوں طرف سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس سے سرحدی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    آج 17ویں روز بھی پاک افغان بارڈر طورخم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے اور پاکستان کی طرف سے افغان طالبان کے جواب کے منتظر ہیں کہ وہ پاکستان کے جرگہ مشران کی پیش کردہ شرائط اور مطالبات کا کس طرح جواب دیتے ہیں۔ اگر افغان حکومت لچک کا مظاہرہ کرتی ہے تو امکان ہے کہ بارڈر آج ہی کھول دیا جائے۔

  • پنجاب اسمبلی میں آج اہم قانون سازی، لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پیش ہوگا

    پنجاب اسمبلی میں آج اہم قانون سازی، لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پیش ہوگا

    لاہور (باغی ٹی وی) پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2025 منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ خواتین کے حقوق اور امن و امان کے معاملات پر بھی بحث متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں سات دیگر اہم بل بھی شامل ہیں، جن میں پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس بل، پنجاب کھل، پنچایت ریپیل بل، نوٹریز ترمیمی بل، پنجاب موٹر وہیکلز ترمیمی بل اور پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ترمیمی بل شامل ہیں۔

    اسمبلی میں ان بلز پر بحث کی جائے گی اور متعلقہ کمیٹیوں کی تجاویز پر غور کے بعد منظوری دی جائے گی۔

  • اوچ شریف اور یزمان میں افسوسناک حادثات، دو جانیں ضائع، دو زخمی

    اوچ شریف اور یزمان میں افسوسناک حادثات، دو جانیں ضائع، دو زخمی

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )اوچ شریف اور یزمان میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک 16 سالہ نامعلوم لڑکے کی لاش برآمد ہوئی، ایک بزرگ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نزدیک قومی شاہراہ ہیڈ پنجند للو والی موری کے قریب ایک 16 سالہ لڑکے کی لاش ملی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش سڑک کے کنارے پڑی ہوئی تھی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پولیس کی نگرانی میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اوچ شریف منتقل کیا۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    دوسری جانب نبی پور احمد پور روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ 30 سالہ نوید احمد اور 50 سالہ عبدالرحمن کو چوٹیں آئیں۔ دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف بھیج دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    یزمان کے کڈ والا روڈ پر ایک لوڈر رکشہ کا ٹائر پھٹنے سے رکشہ الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 74 سالہ بزرگ شیر محمد جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دل اور سانس کی بحالی کی کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ متوفی کو آر ایچ سی کڈ والا منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے لواحقین بھی پہنچ گئے۔

  • ڈی آئی خان:جرگے کا ظالمانہ فیصلہ، کمسن بچی کی ونی پر باپ کی خودکشی،2ملزم گرفتار

    ڈی آئی خان:جرگے کا ظالمانہ فیصلہ، کمسن بچی کی ونی پر باپ کی خودکشی،2ملزم گرفتار

    ڈی آئی خان(باغی ٹی وی )جرگے کا ظالمانہ فیصلہ، کمسن بچی کی ونی پر باپ کی خودکشی،2ملزم گرفتار

    ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک دلخراش واقعے میں، ایک باپ نے اپنی کمسن بیٹی کو غیر قانونی پنچایت کے ظالمانہ فیصلے "ونی” سے بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ عادل نامی اس شخص نے خودکشی سے قبل اپنے موبائل فون میں ایک وائس نوٹ ریکارڈ کیا، جس میں اس نے پنچایت کے چار ارکان کو اپنی بیٹی کی جبری شادی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

    وائس نوٹ میں عادل نے الزام لگایا کہ پنچایت نے زبردستی اس سے اسٹامپ پیپر پر دستخط کروا کر یہ فیصلہ مسلط کیا ہے۔ اس نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی خاطر اپنی جان قربان کر رہا ہے۔ عادل نے مزید بتایا کہ اس نے اپنی بیٹی کا رشتہ اپنے بھانجے سے طے کر رکھا تھا، لیکن پنچایت نے اس کی بیٹی کو ونی کی سزا اس کے منگیتر کے کسی اور لڑکی سے رابطے کی وجہ سے سنائی۔

    پولیس اس سارے معاملے سے لاعلم رہی، اور عادل کے وائس نوٹ کے وائرل ہونے پر حرکت میں آئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد تین میں سے دوارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ انہوں نے مرکزی ملزم غلام فرید اور عرائض نویس کفایت کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی گوہر خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ متاثرہ بچی کو بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • حضرو:12 سالہ بچی فروخت،70 سالہ بابے سے زبردستی شادی، سوتیلے باپ سمیت 9  گرفتار

    حضرو:12 سالہ بچی فروخت،70 سالہ بابے سے زبردستی شادی، سوتیلے باپ سمیت 9 گرفتار

    اٹک(باغی ٹی وی)حضرو میں سوتیلے باپ نے12سالہ بچی فروخت کردی،70 سالہ بابے سے زبردستی شادی، سوتیلے باپ سمیت 9 گرفتار

    حضرو کے گاؤں خگوانی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 12 سالہ بچی کو اس کے سوتیلے باپ نے مبینہ طور پر پیسوں کے عوض 70 سالہ شخص سے بیاہ دیا۔

    پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نکاح خواں سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جن میں سے 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔حضرو پولیس نے دولہا نعیم اسکے 4 بہن بھائیوں سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔۔

    حضرو پولیس نے 12 سالہ بچی کے 60 سالہ سوتیلے باپ طیب کو بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ نکاح خواں موقعے سے فرار ہوگیا۔ مزید یہ کہ نکاح رجسٹرار نے نمبردار کے ساتھ مل کر 50 ہزار روپے رشوت بھی لی تھی۔

    پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ بچی کی زبردستی شادی کے معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • حافظ آباد :پولیس کی کارروائی، قتل کے 2 اشتہاری ملزم اور 2 منشیات فروش گرفتار

    حافظ آباد :پولیس کی کارروائی، قتل کے 2 اشتہاری ملزم اور 2 منشیات فروش گرفتار

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبر نگارشمائلہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر کی زیر نگرانی تھانہ کسوکی پولیس نے علاقے میں کامیاب سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران قتل کے مقدمے میں ملوث دو اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشی میں ملوث دو بدنام زمانہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ کسوکی پولیس نے مقدمہ نمبر 334/23 جرم 302/324/109/ت پ میں مطلوب ملزمان بلال غوث اور جواد غوث کو گرفتار کیا۔ یہ دونوں ملزمان کافی عرصے سے قتل کے مقدمے میں اشتہاری تھے۔ ڈی پی او عاطف نذیر نے ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر اور ایس ایچ او کسوکی مشتاق نون کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے چند ہی دنوں میں مطلوبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    اس کے علاوہ ایس ایچ او مشتاق نون نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی موثر کارروائی کرتے ہوئے دو بدنام زمانہ ملزمان زہیب ولد اللہ رکھا سے 1200 گرام چرس اور عمر فاروق ولد محمد سلیم سے 1420 گرام چرس برآمد کی۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ کسوکی مشتاق نون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او عاطف نذیر اور ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر کی قیادت میں اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروش کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، کیونکہ یہ ہماری نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    اہلیان حافظ آباد نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں پر ایس ایچ او تھانہ کسوکی مشتاق نون اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ تھانہ کسوکی پولیس جرائم کے خاتمے، خصوصاً اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔

    ڈی پی او عاطف نذیر نے ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر اور ایس ایچ او کسوکی مشتاق نون کی اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو سراہا اور انہیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

  • ننکانہ: تعلیم گاہ یا لوٹ مار کا اڈہ؟ لاکھوں کی فیسیں ہڑپ،کلرک ریکارڈ سمیت فرار

    ننکانہ: تعلیم گاہ یا لوٹ مار کا اڈہ؟ لاکھوں کی فیسیں ہڑپ،کلرک ریکارڈ سمیت فرار

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) تعلیم گاہ یا لوٹ مار کا اڈہ؟ لاکھوں کی فیسیں ہڑپ،کلرک ریکارڈ سمیت فرار

    گورنمنٹ گورونانک پوسٹ گریجویٹ کالج ننکانہ صاحب میں مالی بے ضابطگیوں کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں سابق جونیئر کلرک لاکھوں روپے کی فیسوں اور مالی ریکارڈ سمیت غائب ہو گیا۔

    کالج کے قائم مقام پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے 26 دسمبر 2024 کو جاری کردہ لیٹر نمبر 1026/12/24 میں سابق کلرک مجاہد فاروق سے فوری طور پر مالی ریکارڈ، طلبہ کی فیسوں کی تفصیلات اور دیگر اثاثے واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    پرنسپل کے مطابق، بی ایس زولوجی (بہار سمسٹر 2024) کے طلبہ سے وصول کی گئی لاکھوں روپے کی فیسیں تاحال کالج اکاؤنٹ میں جمع نہیں کرائی گئیں۔ مزید برآں، بی اے، ایم اے، اور بی ایس پروگرامز (2020-2024، 2021-2025، 2022-2026، 2023-2027) کا مکمل مالی ریکارڈ بھی سابق کلرک کے قبضے میں ہے۔

    ذرائع کے مطابق مجاہد فاروق کالج کا تمام مالی ریکارڈ اپنے گھر لے گیا ہے، جس میں بی اے، ایم اے اور بی ایس پروگرامز کی فیسوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ اس صورتحال نے کالج انتظامیہ کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ دوسری شفٹ کے اساتذہ کو تنخواہیں نہیں مل پا رہیں، اور اگر جلد ہی ریکارڈ واپس نہ ملا تو مزید سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    طلبہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فیسیں وقت پر جمع کرائی تھیں، لیکن اب انہیں خدشہ ہے کہ ان کا مستقبل خطرے میں ہے۔ وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو سخت سزا دیں۔

    پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے ڈائریکٹر ایجوکیشن لاہور ڈویژن اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ضلع ننکانہ صاحب کو خط لکھ کر معاملے کی اطلاع دی ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے۔

    اس اسکینڈل نے ننکانہ صاحب کے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تعلیمی اداروں میں بدعنوانی کا ایک افسوسناک نمونہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس معاملے میں ملوث تمام افراد کو بے نقاب کرے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دے۔

    اس اسکینڈل سے متعلق سوالات جو جواب طلب ہیں،بتایا جائے کہ

    1. مجاہد فاروق کو کس نے کالج کا ریکارڈ گھر لے جانے کی اجازت دی؟
    2. کیا اس اسکینڈل میں کوئی اور بھی ملوث ہے؟
    3. طلبہ کی فیسوں کا کیا بنے گا؟
    4. کیا اس معاملے کی شفاف تحقیقات ہوں گی؟

    طلبہ اور اساتذہ نے اعلیٰ حکام سے فوری تحقیقات اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ معاملے کی شفاف تحقیقات ہو سکیں اور مستقبل میں اس طرح کی مالی بدعنوانیوں کی روک تھام ممکن ہو۔

  • شادی کا جھانسہ ، پاکستانی لڑکیوں کی چین اسمگلنگ، 3 ملزمان گرفتار

    شادی کا جھانسہ ، پاکستانی لڑکیوں کی چین اسمگلنگ، 3 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد(باغی ٹی وی )اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے ایک بڑی کارروائی کے دوران پاکستانی لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر چین سمگل کرنے والے گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت یوسف، عبد الرحمٰن اور محمد نعمان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ متاثرہ لڑکی کو بھی حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا، ملزمان متاثرہ لڑکی کو شادی اور ملازمت کا جھانسہ دے کر چین سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور وہ فلائٹ نمبر CZ6034 کے ذریعے چین جا رہے تھے۔

    ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ پاکستانی لڑکیوں کو چینی شہریوں سے شادی کروا کر انہیں چین اسمگل کرنے میں ملوث ہے، اس منظم گینگ میں کئی خواتین بھی شامل ہیں جو غریب اور ضرورت مند لڑکیوں کو تلاش کر کے انہیں شادی کے لیے آمادہ کرتی تھیں۔

    اس گروہ کے ملزمان متاثرہ لڑکیوں کو چینی شہریوں کے ساتھ شادی پر آمادہ کرتے تھے اس کے بعد ان کا ڈیٹا اور دستاویزات ایجنٹ عبد الرحمٰن اور محمد نعمان کے حوالے کیے جاتے تھے جو چینی ایجنٹ پاول کے ساتھ رابطہ رکھتے اور بھاری رقوم کے عوض چینی کلائنٹ کا بندوبست کرتا تھا اس کے علاوہ ملزمان پاکستانی لڑکیوں کے سفری دستاویزات اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرتے تھے۔

    تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ سے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے تھے جن میں سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی جا چکی تھی جبکہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی سے بلیک میلنگ کے لیے 10 لاکھ روپے کا قرض لینے کا اشٹام بھی بنوایا تھا۔

    ایف آئی اے حکام نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سیل اسلام آباد منتقل کر دیا ہے جبکہ اس گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

  • سیالکوٹ:ایف آئی اے کی کارروائی، لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی ملزم دوبارہ گرفتار

    سیالکوٹ:ایف آئی اے کی کارروائی، لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی ملزم دوبارہ گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)ایف آئی اے کی کارروائی، لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی ملزم دوبارہ گرفتار

    سیالکوٹ میں ایف آئی اے گوجرانوالہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ کے نواحی علاقے موریکے ججہ سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم عثمان ججہ کو گرفتار کر لیا۔

    عثمان ججہ عالمی سطح پر انسانی اسمگلنگ کا ریکٹ چلاتا تھا اور یونان کشتی حادثہ سمیت 12 مختلف مقدمات میں ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔ یونان حادثے میں چالیس پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔

    حادثے کے وقت عثمان ججہ سیالکوٹ جیل میں قید تھا تاہم بعد میں ضمانت پر رہا ہو کر روپوش ہوگیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق وہ گلگت بلتستان میں چھپا ہوا تھا اور بیمار والدہ سے ملاقات کے لیے آیا تھا جہاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔