Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • چنیوٹ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت اجزاء برآمد، بھاری جرمانے عائد

    چنیوٹ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضر صحت اجزاء برآمد، بھاری جرمانے عائد

    چنیوٹ (نامہ نگار باغی ٹی وی) پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی سربراہی میں شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس، ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں کی اچانک چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور ممنوعہ چائنیز سالٹ سمیت دیگر مضر صحت اجزاء کے استعمال پر 94,500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چھ کلو ممنوعہ اجزاء اور تین کلو چائنیز سالٹ موقع پر تلف کر دیا۔ دودھ کی ناقص کوالٹی پر مختلف سیل پوائنٹس کو 37,000 روپے جرمانہ کیا گیا اور 630 لیٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر ضائع کرایا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوراک کی تیاری اور فروخت کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مضر صحت اجزاء کے استعمال سے گریز کریں۔

  • کیا یہ کھلی پاکستان دشمنی نہیں ہے؟

    کیا یہ کھلی پاکستان دشمنی نہیں ہے؟

    کیا یہ کھلی پاکستان دشمنی نہیں ہے؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفیٰ بڈانی
    عمران خان جو خود کو پاکستان کا سب سے مقبول لیڈر قرار دیتے ہیں، کیا واقعی ایک قومی رہنما کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں؟ ان کا حالیہ مضمون جو امریکی میگزین ٹائم میں شائع ہوا، پاکستان کے خلاف الزامات کی ایک چارج شیٹ ہے۔

    یہ مضمون کس نے لکھا؟ کیسے ٹائم تک پہنچا؟ تحقیق و تفتیش کے کن مراحل سے گزر کر ٹائم اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ واقعی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی تحریر ہے؟ یہ سب سوالات ہیں لیکن سامنے کی حقیقت یہ ہے کہ مضمون عمران خان کے نام سے شائع ہوا اور انہوں نے اسے اپنے مضمون کے طور پر قبول کر لیا۔ اس تحریر میں پاکستان کے ریاستی اداروں، جمہوریت اور ملکی معیشت کے بارے میں جو منفی بیانیہ پیش کیا گیا ہے وہ کسی قومی لیڈر کا نہیں بلکہ ایک دشمن کے ایجنڈے پر چلنے والے شخص کا معلوم ہوتا ہے۔

    عمران خان نے مضمون میں یہ دعویٰ کیا کہ پاکستان میں جمہوریت خطرے میں ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا ہے کیونکہ فوج کے وسائل پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔ وہ اس حد تک چلے گئے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو براہ راست نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں فوج کو آئینی حدود میں رکھنے کا احترام کرنا چاہیے۔ یہ بات حیران کن ہے کہ ایک شخص جو خود وزیراعظم رہ چکا ہو وہ ملک کے سب سے اہم قومی ادارے کو کمزور کرنے کی کوشش کرے۔

    اس کے علاوہ عمران خان نے معیشت کے بحران کا ذمہ دار بھی اپنی حکومت کے خاتمے کو ٹھہرایا اور تاثر دیا کہ پاکستان کو جان بوجھ کر مالی مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ خود آئی ایم ایف سے پاکستان کے خلاف شکایات کرتے رہے اور مالی امداد رکوانے کے لیے خط لکھتے رہے۔ فروری 2024 میں انہوں نے آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر جنرل کو براہ راست خط لکھ کر پاکستان کی امداد کو انتخابات کے آڈٹ سے مشروط کرنے کا مطالبہ کیا۔ مارچ 2024 میں ان کی جماعت کے کارکنوں نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کیا تاکہ عالمی ادارے پر پاکستان کی امداد بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔ یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کوئی قومی رہنما جو کبھی وزیراعظم رہ چکا ہو، اپنے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلنے کے لیے عالمی طاقتوں کو مداخلت پر اُکسا سکتا ہے؟

    عمران خان نے اس مضمون میں پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ایک بیانیہ ترتیب دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے لکھا کہ یورپی یونین پاکستان کی برآمدات پر دی جانے والی محصولات کی رعایت واپس لے سکتی ہے۔ وہ عالمی برادری کو پاکستان کی داخلی سیاست میں مداخلت کرنے پر اُکسا رہے ہیں اور یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پاکستان ایک ناکام ریاست بننے جا رہا ہے۔ وہی عمران خان جو پہلے امریکہ کو پاکستان کی سیاست میں مداخلت کا ذمہ دار ٹھہراتے تھے، اب اسی امریکہ کے سامنے بصد عاجزی درخواست گزار ہیں کہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جائے۔ یہ منافقت اور خودغرضی کی انتہا ہے۔

    پاکستان کے ہر ادارے کو کمزور کرنے اور اسے عالمی سطح پر متنازع بنانے کی کوشش عمران خان کی سیاست کا بنیادی ہتھیار بن چکی ہے۔ جمہوریت، انسانی حقوق، معیشت، قومی سلامتییہ سب کچھ داؤ پر لگایا جا چکا ہے۔ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں تاکہ اپنے لیے ہمدردی حاصل کر سکیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ وہ خود کو پارسا اور محب وطن کہلوانا چاہتے ہیں لیکن ان کے اقدامات کا نتیجہ ملک کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہو رہا ہے۔

    عمران خان کو جیل میں وہ سہولیات میسر ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی قیدی کو حاصل نہیں ہوئیں۔ لیکن اس کے باوجود وہ خود کو ایک سیاسی شہید کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہی عمران خان جو رعونت کے ساتھ کہتے تھے کہ میں سب کو رلاؤں گا، آج خود مقافاتِ عمل کا شکار ہیں۔ وہی عمران خان جو نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتروا دینے کی بات کرتے تھے، آج خود جیل کی دیواروں کے پیچھے ہیں۔

    یہ سوال اب ہر پاکستانی کو خود سے کرنا ہوگا کہ کیا یہی قومی لیڈر ہوتا ہے؟ کیا ایک ایسا شخص جو اپنے ذاتی اقتدار کے لیے پاکستان کے ہر ادارے کو بدنام کرے، عالمی طاقتوں کو مداخلت کی دعوت دے اور اپنی سیاسی بقا کے لیے پاکستان کے خلاف محاذ کھول دے، کیا وہ واقعی ایک قومی رہنما کہلانے کے لائق ہے؟ عمران خان نے اپنی ذات کے لیے پاکستان کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیے ہیں۔ اگر یہ پاکستان دشمنی نہیں تو اور کیا ہے؟

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ،قیمتوں کاجائزہ

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ،قیمتوں کاجائزہ

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے علی الصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، جہاں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل اور طلب و رسد کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی تمام سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کر رہے ہیں تاکہ قیمتوں کا تعین شفاف طریقے سے ہو اور پرائس لسٹ بروقت جاری کی جا سکے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت دی کہ پرائس لسٹ فوری دکانداروں تک پہنچائی جائے اور ہر دکان پر نمایاں جگہ آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء مل سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جو بھی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرے گا اسے جیل بھیجا جائے گا۔ عوام کو ہدایت دی گئی کہ وہ زائد قیمت ادا نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم 9250011 یا پنجاب قیمت ایپ پر رپورٹ درج کرائیں۔

    اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے شہر میں صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور عملے کی حاضری چیک کی۔ سی او ایس ڈبلیو ایم سی کاشف رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے کو ہدایت دی کہ بارشوں کے پیش نظر چوکنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی رین اسکواڈ تعینات کیے جائیں تاکہ پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

  • حافظ آباد: ڈی پی او ہاؤس میں شہداء کی فیملیز کے لیے افطار، گولڈ میڈلز اور تحائف تقسیم

    حافظ آباد: ڈی پی او ہاؤس میں شہداء کی فیملیز کے لیے افطار، گولڈ میڈلز اور تحائف تقسیم

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں ڈی پی او ہاؤس میں افطار پارٹی، گولڈ میڈلز اور تحائف تقسیم

    تفصیل کے مطابق ڈی پی او حافظ آباد کی جانب سے شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں ڈی پی او ہاؤس میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق افطار پارٹی کے دوران شہداء کے اہل خانہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، جبکہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر ڈی پی او حافظ آباد نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا اثاثہ ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

  • کراچی:گارڈن عثمان آباد میں پانی کی شدید قلت، مکینوں کا احتجاج، سحری و افطار میں مشکلات

    کراچی:گارڈن عثمان آباد میں پانی کی شدید قلت، مکینوں کا احتجاج، سحری و افطار میں مشکلات

    کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی) شہر قائد کے علاقے گارڈن عثمان آباد میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا، واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوچکی ہے۔ رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے وقت پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

    احتجاجی مظاہرین واٹر بورڈ کے دفتر پہنچے اور پانی کے وال کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے وال خراب ہے، مگر متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

    احتجاج کے باعث گارڈن عثمان آباد اور گھاس منڈی کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر پانی کی فراہمی فوری بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

  • کراچی: سحری کے وقت گیس غائب، سوئی سدرن کے دعوے دھوکہ، عوام پریشان

    کراچی: سحری کے وقت گیس غائب، سوئی سدرن کے دعوے دھوکہ، عوام پریشان

    کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ) سحری کے وقت گیس غائب، سوئی سدرن کے دعوے دھوکہ، عوام پریشان

    تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم کے نوٹس کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی شدید قلت برقرار ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا سحری میں گیس فراہمی کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا۔

    شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی بندش اور پریشر کی کمی کے باعث شہریوں کو سحری کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جیکب لائن، نارتھ کراچی، سرسید ٹاؤن، کلیانہ ٹاؤن، یو پی سوسائٹی، خواجہ اجمیر نگری، گلستانِ جوہر، سرجانی، گلبہار، سعود آباد، گڈاپ اور کاٹور سمیت کئی علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی نے عوام کی پریشانی میں اضافہ کردیا۔

    ایس ایس جی سی کی جانب سے سسٹم میں آر ایل این جی شامل کرکے پریشر مستحکم کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، مگر شہریوں کو اس کا کوئی فائدہ نہ پہنچا۔ گیس پریشر برقرار رکھنے میں ناکامی کے باعث عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی، جبکہ حکومتی دعوے محض اعلانات تک محدود ہیں۔ عوام نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ رمضان میں سحری اور افطار کے دوران مشکلات سے بچا جا سکے۔

  • نئی نویلی دلہن اغوا کے 6 روز بعد جھنگ سے بازیاب، 2 ملزمان گرفتار

    نئی نویلی دلہن اغوا کے 6 روز بعد جھنگ سے بازیاب، 2 ملزمان گرفتار

    خانیوال(باغی ٹی وی)چھ روز قبل خانیوال سے اغوا ہونے والی نئی نویلی دلہن کو جھنگ سے بازیاب کرا لیا گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خانیوال کے تھانہ صدر کی حدود میں 15 مسلح ملزمان نے عمران کے گھر پر دھاوا بول کر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نئی نویلی دلہن ارم بی بی کو اغوا کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ارم بی بی کو بازیاب کرا لیا اور دو ملزمان کو حراست میں لے لیاجبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو شبہ تھا کہ ایک ماہ قبل ان کی ہمشیرہ کے گھر سے فرار ہونے میں ارم بی بی کے بھائی ملوث تھے۔

    ڈی پی او خانیوال کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • سیالکوٹ:شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد،فیملیز میں گولڈ میڈل تقسیم

    سیالکوٹ:شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد،فیملیز میں گولڈ میڈل تقسیم

    سیالکوٹ ، باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض)شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد،فیملیز میں گولڈ میڈل تقسیم

    وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی سربراہی میں شہداء سیالکوٹ پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں شہداء کی فیملیز نے شرکت کی۔فیملیز کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔اور شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے فیملیز میں گولڈ میڈل اور تحائف تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔ ہم ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی فیملیز ہماری اپنی فیملیز ہیں انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔

  • حافظ آباد: غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں، دوکانیں اور گودام سیل

    حافظ آباد: غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں، دوکانیں اور گودام سیل

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس ٹیم نے غیر قانونی گیس سلنڈر ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران غیر قانونی گیس ری فلنگ میں ملوث متعدد دوکانیں اور گودام سیل کر دیے گئے، جبکہ مالکان کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے استغاثہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرا دیا گیا۔

    محکمہ سول ڈیفنس کے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر قانونی گیس ری فلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے غیر قانونی گیس ری فلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ننکانہ: امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع، دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ: امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع، دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے امتحانی مراکز کی سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

    محکمہ تعلیم کی ہدایت پر ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور کے تحت منعقدہ سالانہ امتحانات 2025 کے دوران بوٹی مافیا اور غیر متعلقہ افراد کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق:
    🔹 غیر متعلقہ افراد امتحانی مراکز کے 100 گز کے اندر داخل نہیں ہو سکیں گے، صرف رول نمبر سلپ رکھنے والے امیدوار اور سپروائزری اسٹاف کو اجازت ہوگی۔
    🔹 کتابیں، حل شدہ گائیڈز یا نقل کا دیگر مواد امتحانی مراکز کے 100 گز کے اندر لے جانے پر پابندی ہوگی۔
    🔹 یہ احکامات فوری طور پر 30 دن کے لیے نافذ العمل ہوں گے، اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اس حکم کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ افسران کو اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی عمل کو شفاف اور بوٹی مافیا سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔