Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: ماہِ صیام میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 1195 کاروباری مراکز سیل

    ڈیرہ غازی خان: ماہِ صیام میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 1195 کاروباری مراکز سیل

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) ماہِ صیام میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 1195 کاروباری مراکز سیل

    کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ماہِ صیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں غریب عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    کمشنر نے کہا کہ بڑے قصبات میں سستی چینی کے کاونٹرز قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید شدت لائی جا رہی ہے۔

    گزشتہ ایک ماہ کے دوران مارکیٹوں کے 4 لاکھ 56 ہزار معائنے کیے گئے، پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 23 مقدمات درج کیے گئے، ناجائز منافع خوروں پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 1195 کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن میں 131 افسران کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی چیکنگ

    اوکاڑہ: رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی چیکنگ

    اوکاڑہ، باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی چیکنگ

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر انٹرپرائزز ویٹ اینڈ میئرز ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی جانچ پڑتال کی۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر انٹرپرائزز ویٹ اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی نے تحصیل اوکاڑہ کے مختلف رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کے وزن اور ناپ تول کے پیمانوں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازار عوامی خدمت کے آئینہ دار ہیں، جہاں اشیائے ضروریہ کی کوالٹی اور وزن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سٹالز پر درست پیمانے استعمال کیے جائیں اور خریداروں کو ناپ تول کے مطابق اشیاء فراہم کی جائیں۔

  • پسرور: ڈمپروں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی بھرمار، ٹریفک جام معمول بن گیا

    پسرور: ڈمپروں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی بھرمار، ٹریفک جام معمول بن گیا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)پسرور میں ڈمپروں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے دن کے اوقات میں داخلے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کچہری روڈ اور ڈسکہ روڈ پر بے ہنگم ٹریفک کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک وارڈن پولیس غائب نظر آتی ہے۔

    کچہری سے چاہ کھوکھراں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں، جبکہ شہر بھر میں ڈمپروں کی بھرمار سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ ٹمبر مارکیٹ، پرانا اڈہ لاریاں، ڈسکہ چوک سمیت مختلف مقامات پر بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، جبکہ ٹریفک وارڈن پولیس کی عدم موجودگی شہریوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بنی۔

    شہریوں نے ڈی ایس پی سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹریفک بحال کی جائے اور دن کے اوقات میں ڈمپروں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

    عوام کا مزید کہنا ہے کہ کچہری چوک، ڈسکہ موڑ، ستراہ چوک، امن چوک، غلہ منڈی چوک اور شاہ ببن گیٹ سمیت دیگر اہم مقامات پر ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

  • گوجرانوالہ: پولیس لائن میں شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں افطار ڈنر

    گوجرانوالہ: پولیس لائن میں شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں افطار ڈنر

    گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گزشتہ روز پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شہدائے پولیس کی فیملیز کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ، ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر اور دیگر سینئر افسران سمیت شہدائے پولیس کی فیملیز نے شرکت کی۔

    تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر سلامی سے کیا گیا، جس کے بعد شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز شہداء کے اہل خانہ سے کروایا گیا۔ اس دوران پولیس لائن گوجرانوالہ میں شہداء کے نام سے ان کی فیملیز کے ہاتھوں پودے لگوائے گئے۔ اس کے علاوہ شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ آر پی او اور دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔

    بعد ازاں، آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے آئی جی پنجاب کے احکامات پر شہداء کی فیملیز میں پولیس میڈلز اور گفٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیوں کی بدولت پولیس کا مورال بلند ہوا اور قانون کی بالادستی قائم ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، اور پولیس فورس ان کے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    ریجنل پولیس آفیسر نے اس موقع پر گوجرانوالہ ریجن میں مزید شجرکاری مہم کے احکامات جاری کیے، اور کہا کہ درخت ہمیں آکسیجن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی آفات کے اثرات سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر آر پی او، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران نے شہدائے پولیس کی فیملیز کے ساتھ مل کر افطاری کی اور ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔

  • گوجرانوالہ:الیکشن کمیشن کا خواجہ سراء برادری کے انتخابی حقوق کے تحفظ کے لیے عزم

    گوجرانوالہ:الیکشن کمیشن کا خواجہ سراء برادری کے انتخابی حقوق کے تحفظ کے لیے عزم

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)الیکشن کمیشن آف پاکستان خواجہ سراء برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی انتخابی عمل میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وزیر آباد عمران ظفر نے ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا، جس کا مقصد خواجہ سراء برادری کو انتخابی عمل میں فعال شرکت کی ترغیب دینا اور ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

    اجلاس میں ایرش خان (نمائندہ خواجہ سراء برادری) نے اپنے مسائل اور خدشات کا اظہار کیا، خاص طور پر شناختی کارڈ بنوانے کے عمل میں مشکلات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے نمائندوں نے ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور خواجہ سراء برادری کو انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔

    اس میٹنگ میں آفتاب احمد (الیکشن آفیسر)، مظفر جاوید بھٹی (ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ)، نازیہ منشاء (ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن)، راحت زمرد اور ارسلان چیمہ نے بھی شرکت کی اور الیکشن کمیشن کی ووٹر ایجوکیشن مہم کو سراہا۔

  • کوٹ چھٹہ:رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان

    کوٹ چھٹہ:رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان

    کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی( تحصیل رپورٹر مرید حسین ٹالپور)رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان

    ماہِ مقدس کی آمد پر ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی کا جن بوتل سے نکال دیا، جس سے غریب روزہ دار شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ضلعی انتظامیہ کوئی عملی اقدامات نہ کر سکی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ کے نواحی علاقے بستی تالپور پل 14 میں رمضان المبارک کے آغاز سے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کھجور کی قیمت 300 روپے فی کلو سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ چینی کی قیمت 6500 روپے بوری سے بڑھ کر 7500 روپے بوری تک جا پہنچی ہے۔ برائلر گوشت 500 روپے سے 700 روپے فی کلو ہو چکا ہے، جبکہ بڑے گوشت کی قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیب 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو، امرود 100 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہو چکا ہے۔ دیگر پھلوں جیسے مالٹا، اسٹرابیری، گنڈیری اور کیلا کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، انڈوں کی قیمت 260 روپے درجن سے بڑھ کر 300 روپے درجن ہو گئی ہے، جبکہ کئی جگہوں پر انڈے نایاب ہو گئے ہیں۔

    سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آلو کی سرکاری قیمت 200 روپے فی 5 کلو مقرر کی گئی تھی، لیکن بازار میں 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مرچیں 58 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، جبکہ سبز دھنیا 5 روپے کے بجائے 30 روپے گڈی اور پودینہ 6 روپے کے بجائے 15 روپے گڈی میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

    عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور کولڈ اسٹوریج مالکان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے اور قیمتوں کو اعتدال میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ : سکول داخلہ مہم 2025 کا آغاز، ایک لاکھ 13 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر

    سیالکوٹ : سکول داخلہ مہم 2025 کا آغاز، ایک لاکھ 13 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) سکول داخلہ مہم 2025 کا آغاز، ایک لاکھ 13 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں سکول داخلہ مہم 2025 کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر بچوں کے نام رجسٹرڈ کیے گئے، بستے اور کتابیں تقسیم کی گئیں۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں ایک لاکھ 13 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ سکول سے باہر بچوں کو نہ صرف سکول لائیں بلکہ ان کی شخصیت سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کر سکیں۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ مجاہد حسین علوی، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن محمد نواز شاہین اور ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد احمد ججہ نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ نئے تعلیمی سال میں داخلوں پر کوئی پابندی نہیں، والدین جب چاہیں بچوں کا داخلہ کروا سکتے ہیں۔ اس موقع پر پرائمری سکولوں کے بچوں نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ٹیبلو پیش کیا اور ملی نغموں پر پرفارم کیا۔

  • پاک افغان بارڈر تنازعہ شدت اختیار کرگیا، فائرنگ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال

    پاک افغان بارڈر تنازعہ شدت اختیار کرگیا، فائرنگ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)تورخم بارڈر پر کشیدگی میں اضافہ، پاک افغان فورسز کے درمیان شدید فائرنگ۔ مقامی ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ فائرنگ سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

    باچا مینہ میں پھنسے مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، تاہم گزشتہ 9 روز سے پاک افغان بارڈر ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے۔

    گزشتہ روز پاکستان اور افغان حکام کے درمیان بارڈر کھولنے کے حوالے سے مذاکرات بے نتیجہ رہے۔ ذرائع کے مطابق افغان حکام نے چند مطالبات پیش کیے، جنہیں اسلام آباد اور کابل کے اعلیٰ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ بارڈر کی بندش گزشتہ جمعہ کو اس وقت عمل میں آئی جب افغان حکام نے متنازعہ چیک پوسٹ پر تعمیری کام شروع کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔

  • ننکانہ: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کا سستے رمضان بازار کا دورہ

    ننکانہ: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کا سستے رمضان بازار کا دورہ

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے سستے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا، جہاں صحافی برادری اور ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین، مرکزی نائب صدر جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان (یوکے) سمیع اللہ عثمانی، چیئرمین ایمرا چوہدری محمد رمضان، سینئر نائب صدر پریس کلب چوہدری ریاض احمد، چیف میونسپل آفیسر راؤ انوار سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں اشیائے خورونوش کی کوالٹی، نرخوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ ضلع بھر میں تین رمضان بازار اور 12 سیل پوائنٹس مکمل فعال ہیں، جہاں عوام کو آٹا، چینی، چکن، گوشت، سبزیاں اور دیگر اشیاء مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چینی 130 روپے فی کلو، چکن 20 سے 22 روپے اور بیف و مٹن 50 روپے فی کلو تک رعایتی نرخوں پر دستیاب ہے، جبکہ تمام اقسام کے چاول 20 سے 25 روپے اور ٹوٹا چاول 40 روپے فی کلو کم نرخ پر مہیا کیا جا رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ 38 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان المبارک کے دوران متحرک رہیں گے اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں شکایات مراکز، میڈیکل کیمپ، صفائی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ بزرگ اور معذور افراد کے لیے خصوصی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

    صحافی برادری نے رمضان بازار میں کیے گئے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔

  • ننکانہ:دی نیو رائزن سکول میں "تکریم الحفاظ” کی پروقار تقریب، چار حفاظ کی دستار بندی

    ننکانہ:دی نیو رائزن سکول میں "تکریم الحفاظ” کی پروقار تقریب، چار حفاظ کی دستار بندی

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحساں اللہ ایاز) دی نیو رائزن سکول سسٹم ننکانہ میں شعبہ تحفیظ القرآن کے تحت ایک پروقار تقریب "تکریم الحفاظ” منعقد کی گئی، جس میں چار نوجوان حفاظِ کرام کی دستار بندی کی گئی۔

    تقریب میں حافظ احمد رضا، حافظ محمود فیصل شاہ، حافظ طلحہ ذیشان، حافظ طحہ نواز کو حفظِ قرآن کی تکمیل پر خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔

    تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں چودھری افتخار احمد، مینجنگ ڈائریکٹر قیصر عرفان چوہدری، صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن چودھری حبیب احمد، ڈاکٹر ریحان فاروق، فاروق عبدالحئی، پیر فیصل شاہ، پیر شاہد منیر شاہ، رائے فیصل محمود کھرل، چودھری ذیشان احمد اور چودھری نواز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔

    تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اسکول پرنسپل نے شعبہ تحفیظ القرآن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم نوجوان نسل کی راہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔

    مہمانِ خصوصی قیصر عرفان چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے اور اس کی تعلیم معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ریحان فاروق نے والدین اور اساتذہ کو نصیحت کی کہ وہ بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ اخلاقی و روحانی ترقی حاصل کر سکیں۔

    تقریب کے اختتام پر چاروں حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد و تحائف پیش کیے گئے۔ شرکاء نے اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایسے پروگراموں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔