Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • حافظ آباد: پولیس سے فرار ملزم دوبارہ گرفتار، 3 اہلکار بھی شکنجے میں آ گئے

    حافظ آباد: پولیس سے فرار ملزم دوبارہ گرفتار، 3 اہلکار بھی شکنجے میں آ گئے

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ)پولیس سے فرار ملزم دوبارہ گرفتار، 3 اہلکار بھی شکنجے میں آ گئے

    تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عاطف نذیر کے حکم پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے اشتہاری ملزم بابر علی کوطورخم بارڈر سے گرفتار کر لیا۔ ملزم 48 گھنٹے قبل پولیس کی حراست سے فرار ہوا تھا اور بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں تھا۔

    ایس ڈی پی او صدر رانا جمیل قیصر کی نگرانی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دھر لیا۔ ایس ایچ او کسوکی مشتاق نون کی قیادت میں ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق بابر علی پر منشیات، چوری اور ڈکیتی کے 6 مقدمات درج ہیں۔

    ملزم کی پولیس حراست سے فراری کے بعد مکمل انکوائری کی گئی، جس میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبلز کو ملوث پایا گیا۔ تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    گرفتاری کے لیے بنائی گئی ٹیم میں ایس ایچ او کالیکی منڈی شعیب اسلم، ایس ایچ او سکھیکی منڈی میاں ظہیر احمد، ایس ایچ او کسوکی مشتاق نون، ایس ایچ او سٹی سہیل اشرف، ایس ایچ او جلالپور بھٹیاں جہانگیر چدھڑ، انسپکٹر حفیظ انجم اور دیگر شامل تھے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس افسر عاطف نذیر کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر جہاں بھی چھپیں گے، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

  • گوجرہ: معمولی تنازعہ پر فائرنگ، نوجوان قتل، دوسرا شدید زخمی، ملزمان فرار

    گوجرہ: معمولی تنازعہ پر فائرنگ، نوجوان قتل، دوسرا شدید زخمی، ملزمان فرار

    گوجرہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمٰن جٹ) گوجرہ میں معمولی تنازعہ پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری روڈ پر واقع محمد حنیف کے پٹرول پمپ پر اس کا بیٹا مدثر موجود تھا، جو قریبی ہوٹل پر کھانے کا آرڈر دینے گیا۔ اسی دوران محلہ حسنیہ کالونی کے فیصل، نبیل اور ان کے ساتھی مسلح ہو کر موٹر سائیکلوں پر آئے اور مدثر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

    ہوٹل مالک نصیر احمد کا بیٹا عبداللہ جب بچانے آیا تو ملزمان نے اسے بھی گولیوں کا نشانہ بنا دیا، جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

    زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مدثر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ عبداللہ کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ کی وجہ ایک دن پہلے پٹرول پمپ کے سروس اسٹیشن پر گاڑی دھلوانے کے دوران ہونے والا جھگڑا بتایا جا رہا ہے، جس میں فیصل، نبیل اور ذوالفقار کا مدثر سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ورثاء نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ :پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ :پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے کئی ملزمان کو گرفتار کر لیا اور بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ ملو چھت سے پولیس نے علی حسین کو پتنگ اور ڈور سمیت گرفتار کیا، جبکہ تھانہ حاجی پور پولیس نے پتنگ بازی میں ملوث ایرک سے دو پتنگیں اور دو ڈوریں برآمد کیں۔

    اسی طرح تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ محلہ دھاروال سے مبشر کو پتنگ اور ڈور سمیت دھر لیا گیا، جبکہ تھانہ رنگپورہ کے علاقہ تلواڑہ مغلاں میں کارروائی کے دوران عبدالہادی سے 2 پتنگیں اور علی محمد سے 3 پتنگیں برآمد کی گئیں۔

    تھانہ موترہ کے علاقے میں بھی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جہاں سے عدنان کو 9 پتنگیں اور ڈور سمیت گرفتار کیا گیا۔ تھانہ سمبڑیال کے علاقے میں علی عمر کو 5 پتنگوں اور ڈور سمیت حراست میں لیا گیا، جبکہ تھانہ سٹی پسرور کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد زاہد کو پتنگ اور ڈور سمیت گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے پولیس کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے پتنگ بازی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: چوروں کی حکمرانی، پولیس بے بس،دکاندار لُٹنے پر مجبور!

    اوچ شریف: چوروں کی حکمرانی، پولیس بے بس،دکاندار لُٹنے پر مجبور!

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ پولیس تاحال مجرموں کو پکڑنے میں ناکام ہے۔ چھت پھاڑ چور گینگ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا اور پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے تھانہ اوچ شریف کے قریب ہی ایک بڑی واردات کر ڈالی۔

    خیرپور ڈاہا روڈ پر واقع شاہد الیکٹریشن کی دکان کی چھت پھاڑ کر نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی 7 قیمتی بجلی کی موٹریں اور ایک بنڈل بجلی کی تار چوری کر کے فرار ہوگئے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ واردات اس علاقے میں ہوئی جہاں پولیس کی موجودگی عام ہے، مگر اس کے باوجود مجرموں کو روکنے والا کوئی نہیں تھا۔

    مقامی تاجروں اور شہریوں نے پولیس کی مسلسل ناکامی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اور متعلقہ ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی نہیں کرتے تو کاروبار کرنا ناممکن ہو جائے گا، اور شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے خود اقدامات کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

    اوچ شریف کے تاجروں نے عندیہ دیا ہے کہ اگر چوری کی بڑھتی وارداتوں پر قابو نہ پایا گیا اور سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ اپنی دکانیں بند کر کے احتجاج کریں گے۔

    پولیس کے مطابق واردات کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد چوروں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس ماضی میں بھی محض بیانات دیتی رہی ہے اور عملی اقدامات نظر نہیں آئے۔

    اوچ شریف کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور پولیس کو مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں، تاکہ شہری اور تاجر خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

  • بہاولپور: بس کا اسٹیئرنگ لاک، درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی، 15 مسافرزخمی

    بہاولپور: بس کا اسٹیئرنگ لاک، درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی، 15 مسافرزخمی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) چک 181 مراد، چونا والا روڈ کے قریب ایک مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کھچی والا سے بہاولپور جانے والی گل برادرز کی نان اے سی بس (LRO-2678) کا اسٹیئرنگ اچانک لاک ہوگیا، جس کے باعث ڈرائیور قابو نہ رکھ سکا۔ تیز رفتاری کے باعث بس بے قابو ہو کر ایک کیکر کے درخت سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی بہاول نگر کنٹرول کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئیںجبکہ بہاولپور کنٹرول کو بھی مطلع کیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شامل افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں شامل افراد میں اریبہ دختر محمد اقبال (23 سال)مشتبہ ناک کی ہڈی کا فریکچرسکنہ رفیق آباد اڈہ کھچی والا۔مسرت پروین زوجہ محمد مختیار (50 سال) دائیں بازو کی ہڈی کا فریکچرسکنہ احمد پور شرقیہ۔مزید 13 زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی ہسپتال میں ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

    حادثے کے بعد مقامی شہریوں نے بسوں کی فٹنس اور حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اکثر بسیں فنی خرابیوں کے باوجود سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں جو خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔

  • بلوچستان میں طوفانی بارشیں، بجلی و مواصلاتی نظام متاثر

    بلوچستان میں طوفانی بارشیں، بجلی و مواصلاتی نظام متاثر

    کوئٹہ(باغی ٹی وی )مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوتے ہی کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بالائی مقامات پر ژالہ باری اور برفباری ریکارڈ کی گئی۔

    بارش کے باعث بلوچستان کے کئی شہروں میں بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوگیا۔ چمن اور گردونواح میں بھی تیز بارش سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں بشمول ڈیرہ غازیخان، لاہور، ملتان اور چیچہ وطنی میں بھی بارش ہوئی جبکہ شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بادل برسے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 2 مارچ تک جاری رہے گا، جس کے تحت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ سندھ کے شہروں لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد اور سکھر میں آج اور کل ہلکی بارش کا امکان ہے۔

  • میرپورخاص: ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے چارج سنبھال لیا

    میرپورخاص: ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے چارج سنبھال لیا

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ک میرپورخاص میں نئے تعینات ہونے والے ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے چارج سنبھال لیا۔

    ایس ایس پی آفس پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ آفس سپرنٹنڈنٹ علی حسن دل، آر آئی لائن منور آرائیں، انچارج کمپلین سیل اسماعیل قائمخانی، اکاؤنٹنٹ راجہ آفتاب اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

    چارج سنبھالنے کے بعد ایس ایس پی نے مختلف برانچز کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ محکمے کی بہتری اور عوام و ملازمین کے مسائل بروقت حل کیے جائیں۔ انہوں نے اسٹاف کو ہر صورت ڈسپلن برقرار رکھنے، میرٹ کو یقینی بنانے اور پولیس یونیفارم کی عزت و وقار کو بحال رکھنے کے لیے ٹیم ورک کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی۔

  • اوچ شریف: سسر کی ناپاک خواہش رد، بہو پر تشدد، حمل ضائع ہونے کا خدشہ

    اوچ شریف: سسر کی ناپاک خواہش رد، بہو پر تشدد، حمل ضائع ہونے کا خدشہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کے علاقے گلشنِ اجمل محلہ باغ ماہی میں سسر کی ناپاک خواہش پوری نہ کرنے پر بہو پر تشدد، جس کے باعث اس کا تین ماہ کا حمل ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسکان صدیق کی شادی 9 ماہ قبل ہوئی تھی تاہم اس کا سسر محمد اجمل اس پر بری نظر رکھے ہوئے تھا۔ گزشتہ روز جب مسکان کا شوہر کام کے سلسلے میں گھر سے باہر تھا تو محمد اجمل نے بہو کے کمرے میں داخل ہو کر ناپاک ارادے سے اسے دبوچ لیا۔ مسکان کے شور مچانے پر اہلِ خانہ اکٹھے ہو گئے تو محمد اجمل نے اپنی عزت بچانے کے لیے اسے زبردستی گھر سے نکال دیا۔

    بعد ازاں محمد اجمل اور اس کے بیٹے مدنی اجمل نے الزام لگایا کہ مسکان گھر سے بھاگ گئی ہے اور اسے گلی میں پکڑ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ بے ہوش ہو گئی۔ حاملہ بہو کی بگڑتی حالت دیکھ کر سسرالیوں نے ایک مقامی معزز شخص کو بلا کر مسکان کو اس کے والد کے گھر بھجوا دیا اور ساتھ ہی دھمکیاں دیں کہ وہ جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیں گے۔

    متاثرہ خاتون مسکان صدیق نے اپنے والد محمد صدیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ظالموں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، پولیس غائب

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، پولیس غائب

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگار منصور بلوچ )ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، پولیس غائب

    تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین نوجوان زخمی ہو گئے جبکہ ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

    واقعہ تھانہ ڈیرہ سر کی حدود میں تھل تنگوانی لنک روڈ پر پیش آیا، جہاں گاؤں دولت گاجانی کے رہائشی ہادی بخش، زاہد اور نزاکت گاجانی تنگوانی شہر سے اپنے گاؤں جا رہے تھے۔ راستے میں ڈاکوؤں نے انہیں روک کر موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس سے تینوں شدید زخمی ہو گئے۔

    ڈاکو موبائل فون، نقدی اور بائیک لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ ڈیرہ سر کی پولیس موقع سے غائب رہی۔ زخمیوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تنگوانی اسپتال منتقل کیا، جہاں نزاکت گاجانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

  • خیبر تاتارا کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر، خیبر ازمری کلب نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی

    خیبر تاتارا کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر، خیبر ازمری کلب نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) ایف سی کے پی (نارتھ) خیبر رائفلز کے زیر اہتمام 43واں خیبر تاتارا کرکٹ ٹورنامنٹ شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل میچ میں خیبر ازمری کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شمع کرکٹ کلب کو 56 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

    یہ ٹورنامنٹ خیبر تاتارا گراؤنڈ میں گزشتہ 43 سال سے مسلسل منعقد ہورہا ہے، جس میں اس سال ضلع بھر سے 48 ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ایف سی کے پی (نارتھ) خیبر رائفلز 101 ونگ کے کمانڈر کرنل افتخار بشیر جدون تھے، جنہوں نے ونر ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے، رنر اپ ٹیم کے لیے پچاس ہزار روپے، جبکہ بیسٹ باؤلر، بیسٹ بیٹسمین، بیسٹ وکٹ کیپر اور بیسٹ آل راؤنڈر کو دس، دس ہزار روپے انعام دیا۔

    ایف سی کے پی (نارتھ) خیبر رائفلز کی جانب سے گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن اور سہولیات کے لیے ایک لاکھ روپے پہلے ہی فراہم کیے جا چکے تھے، جس پر خیبر تاتارا اسپورٹس آرگنائزر صاحب علی شنواری، عمران آفریدی، صائم آفریدی اور دیگر مقامی کھیلوں سے وابستہ افراد نے شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر مہمان خصوصی تعمیر کریٹیو بلڈرز کے حاجی ضیاء الحق آفریدی نے بھی ٹورنامنٹ آرگنائزر کمیٹی کے لیے دو لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔ دیگر مہمانان میں ایس ایچ او عدنان آفریدی، تحصیلدار تیمور آفریدی، عمائدین علاقہ اور بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے، جو سنسنی خیز مقابلوں سے محظوظ ہوئے۔

    فائنل میں خیبر ازمری کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز بنائے، جس کے جواب میں شمع کرکٹ کلب 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یوں خیبر ازمری کلب نے 56 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

    تقریب کے آخر میں خیبر تاتارا کرکٹ کمیٹی اور تعمیر کریٹیو بلڈرز کے سی ای او ضیاء الحق آفریدی نے ایم این اے، صوبائی وزیر عدنان قادری کے پرسنل سیکریٹری مولانا شعیب قادری، ڈی ایس او خیبر، ملک دریا خان آفریدی، ملک ماصل شینواری سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔