Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • لنڈی کوتل:سابق ایم پی اے شفیق شیر آفریدی نے ترقیاتی فنڈز میں کرپشن بے نقاب کر دی

    لنڈی کوتل:سابق ایم پی اے شفیق شیر آفریدی نے ترقیاتی فنڈز میں کرپشن بے نقاب کر دی

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) سابق ممبر صوبائی اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی نے اپنے ساتھیوں چیئرمین تحصیل لنڈی کوتل حاجی شاہ خالد شینواری، ملک نثار آفریدی، ساجد علی آفریدی و دیگر کے ہمراہ لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس کی۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو حقائق سے آگاہ رکھنا ان کی ذمہ داری ہے، اور وہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بطور اپوزیشن رکن ہوتے ہوئے بھی انہیں 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے گئے، جن میں سے 10 کروڑ روپے توانائی کے منصوبوں پر خرچ کیے گئے۔

    شفیق شیر آفریدی نے دعویٰ کیا کہ ترقیاتی فنڈز میں بے ضابطگیاں کی گئیں اور منتخب نمائندوں نے بیوروکریسی کے ساتھ مل کر تین فیصد کمیشن وصول کیا، جو کہ کھلی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری کٹوتیاں ان کے معیار کو متاثر کرتی ہیں اور عوام کے پیسوں کا ضیاع ہے۔

    سابق ایم پی اے نے لنڈی کوتل میں جاری ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے ایک اہم سڑک کی تعمیر جاری ہے، جس کا سروے اور منظوری ان کے دور میں دی گئی تھی۔ ان کے مطابق، اس منصوبے میں فی کلومیٹر لاگت تقریباً 8 کروڑ روپے ہے، اور اسے مکمل کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

    شفیق شیر آفریدی نے موجودہ صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ترقیاتی منصوبے دینے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ کوئی ایک بھی ایسا منصوبہ دکھائے جو عوامی فلاح کے لیے شروع کیا گیا ہو۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کے خلاف ہیں، لیکن عوام کے حقوق کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت نے پہلے سے منظور شدہ تعلیمی منصوبوں کو منسوخ کر دیا، جو کہ تعلیم دشمنی کی واضح مثال ہے۔

    آخر میں شفیق شیر آفریدی نے مطالبہ کیا کہ سابقہ پی سی ون کے مطابق ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں اور ترقیاتی فنڈز میں مبینہ خورد برد کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عوامی حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا تو وہ خاموش نہیں رہیں گے اور ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

  • اوکاڑہ: پنجابی ثقافت کے فروغ کے لیے "جگت ماں بولی دیہاڑ” کی شاندار تقریب

    اوکاڑہ: پنجابی ثقافت کے فروغ کے لیے "جگت ماں بولی دیہاڑ” کی شاندار تقریب

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک ظفر) کھرل فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام پنجابی زبان، ثقافت اور کلچر کے فروغ کے لیے "جگت ماں بولی دیہاڑ” منایا گیا۔ میونسپل کارپوریشن اوکاڑہ میں منعقدہ اس تقریب میں سینکڑوں کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

    پروگرام میں کھرل فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر رائے غلام احمد کھرل، بانی و جنرل سیکریٹری رائے بارش کھرل، بانی پیر رائے گلزار شاکر کھرل، دیپالپور ایگری ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد امین صادق، جنرل سیکریٹری صاحبزادہ فخر حیات کھرل، ڈسٹرکٹ اوکاڑہ کے صدر رائے محمد مجتبیٰ کھرل، سینئر نائب صدر رائے عبدالرحمن کھرل، نائب صدر رائے ضمیر حیدر کھرل، رائے ظفر اقبال نوری کھرل، سینئر سیاستدان ریاض ناگوری، شاعر رائے ظہیر کھرل ایڈووکیٹ سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

    خصوصی مہمانوں میں بزرگ شاعر رائے محمد خان ناصر، رائے عتیق الرحمن کھرل اور کھرل برادری کے افراد شامل تھے۔ شرکاء نے ڈھول کی تھاپ پر روایتی پنجابی بھنگڑا ڈال کر تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔

    مقررین نے پنجابی زبان کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں پنجابی زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اپنی مادری زبان سے جڑی رہیں اور اس کی ترقی ممکن ہو سکے۔

  • سیالکوٹ: کھیتوں سے 20 سالہ نوجوان کی لاش برآمد

    سیالکوٹ: کھیتوں سے 20 سالہ نوجوان کی لاش برآمد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کینٹ کے علاقے سرفراز پور (چھوٹا مراکیوال) میں لنک روڈ کے قریب کھیتوں سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے مبینہ طور پر قتل کیا گیا یا قتل کے بعد یہاں لا کر پھینکا گیا۔

    پولیس کے مطابق نوجوان کی عمر تقریباً 20 سال کے قریب معلوم ہو رہی ہے، تاہم تاحال اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ سیالکوٹ تھانہ کینٹ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ وقوعہ کی اصل تفصیلات بھی تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

    مقامی ذرائع کے مطابق پولیس مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہریوں نے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ڈیرہ نواب ریلوے اسٹیشن پر8 سالہ بچہ ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی

    ڈیرہ نواب ریلوے اسٹیشن پر8 سالہ بچہ ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) ڈیرہ نواب ریلوے اسٹیشن پر افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 8 سالہ حسنین کھیلتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حسنین ولد محمد اصغر مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، تاہم راستے میں کھیلتے ہوئے کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی زد میں آ گیا۔ حادثے میں بچے کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور اس کا کھوپڑی کا فریکچر ہو گیا۔

    ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر بچے کو بے ہوشی کی حالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال احمد پور منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی بچے کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے اور گہرے صدمے میں مبتلا ہو گئے۔ مقامی افراد نے ریلوے اسٹیشن کے قریب حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • بہاول پور : ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد،میرج ہالز کی مانیٹرنگ جاری

    بہاول پور : ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد،میرج ہالز کی مانیٹرنگ جاری

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور کے احکامات کے تحت تحصیل احمد پور شرقیہ سمیت ضلع بھر میں شادی ہالز میں ون ڈش پالیسی کی سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و فوکل پرسن برائے انسدادِ ڈینگی مہم عمران حیدر سیال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، تاکہ عوام کو غیر ضروری اخراجات سے بچایا جا سکے اور سادگی کو فروغ دیا جا سکے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی شادی ہال یا منتظمین کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    انسدادِ ڈینگی مہم کے حوالے سے بھی عمران حیدر سیال نے عوام پر زور دیا کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر اور کمشنر بہاول پور ڈویژن کی ہدایت پر خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر شادی ہالز کا معائنہ کریں گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

    عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی پالیسی پر عملدرآمد میں تعاون کریں اور غیر ضروری اخراجات سے بچتے ہوئے سادگی کو اپنائیں تاکہ مثبت اور پائیدار معاشرتی نظام تشکیل دیا جا سکے۔

  • بھارت میں دلت لڑکی سے پانچ سال تک اجتماعی زیادتی، 60 افراد ملوث

    بھارت میں دلت لڑکی سے پانچ سال تک اجتماعی زیادتی، 60 افراد ملوث

    باغی ٹی وی:بھارت میں دلت برادری سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ لڑکی کے ساتھ پانچ سال تک اجتماعی زیادتی کا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں قریبی رشتہ داروں سمیت 60 افراد ملوث پائے گئے۔ یہ واقعہ ریاست کیرالہ میں پیش آیا، جہاں پولیس نے 58 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔

    ظلم کی داستان: زیادتی، بلیک میلنگ اور دھمکیاں
    امریکی خبر رساں ادارے "سی این این” کے مطابق، یہ خوفناک جرم اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ لڑکی نے کالج کے کونسلر سے مدد مانگی اور اپنے ساتھ ہونے والے مظالم کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان میں پڑوسی، رشتہ دار، اسکول کے ساتھی اور دیگر شامل ہیں۔ کچھ نابالغ ہیں جبکہ بعض کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق، اس ظلم کا آغاز پانچ سال قبل ہوا جب ایک شخص نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر اس کی ویڈیوز بنائیں۔ بعدازاں ان ویڈیوز کے ذریعے لڑکی کو بلیک میل کرکے درجنوں افراد نے اس کا استحصال کیا۔ بعض ملزمان نے شادی کا جھوٹا وعدہ کیا، جبکہ ایک نے اسے قتل کی دھمکی دے کر خاموش رکھا۔

    بھارت میں دلت خواتین کے لیے انصاف ایک خواب
    بھارت میں خواتین، خصوصاً دلت برادری کی خواتین کے خلاف جنسی جرائم عام ہیں، لیکن انہیں انصاف کا حصول انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ بھارت میں ذات پات کی تفریق کے باعث دلتوں کے خلاف ہونے والے مظالم اکثر دبائے جاتے ہیں۔ سماجی کارکنان کے مطابق، اس واقعے پر وہ شدید عوامی ردعمل نہیں آیا جو کسی اونچی ذات کی لڑکی کے ساتھ زیادتی کے بعد دیکھنے میں آتا ہے۔

    گاؤں کی خاموشی اور متاثرہ لڑکی پر ہی الزامات
    جب یہ کیس منظر عام پر آیا تو کچھ مقامی افراد نے لڑکی پر ہی الزام تراشی شروع کر دی۔ متاثرہ لڑکی کے والدین مزدور ہیں، جو دن بھر کام میں مصروف رہتے تھے، اس لیے انہیں اپنی بیٹی پر ہونے والے مظالم کا علم نہیں ہو سکا۔ جنوری میں معاملہ سامنے آنے کے بعد مقامی خواتین نے متاثرہ لڑکی کے لباس اور کردار پر سوالات اٹھائے، جبکہ بعض نے اس کی ماں کو مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ بیٹی پر نظر نہیں رکھ سکی۔

    دلت خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ
    بھارتی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2022 میں دلت خواتین کے خلاف ریپ کے 4,241 کیسز رپورٹ ہوئے، یعنی روزانہ 10 سے زائد دلت خواتین جنسی تشدد کا شکار ہوئیں۔ مجموعی طور پر 31,500 سے زائد ریپ کیسز درج کیے گئے، تاہم سماجی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ دلت برادری کے افراد کے لیے پولیس میں شکایت درج کروانا بھی آسان نہیں ہوتا۔

    انصاف کی امید اور قانونی جنگ
    کیرالہ پولیس کے مطابق اس کیس میں 16 ملزمان اونچی ذاتوں سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں دلتوں کے خلاف جرائم پر سخت سزائیں دینے والے قوانین کے تحت سزا دی جا سکتی ہے۔ تاہم بھارت میں ریپ کیسز میں سزا کی شرح انتہائی کم ہے۔ 2022 میں درج ہونے والے کیسز میں صرف 27 فیصد مجرموں کو سزا دی جا سکی۔

    متاثرہ لڑکی کو سرکاری پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے قانونی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کی ماں کو بھی سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کیس کا فیصلہ آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں، لیکن دلت سماجی کارکنان کے نزدیک، کم از کم اس ظلم کا سامنے آنا ہی انصاف کی جانب پہلا قدم ہے۔

  • پی ٹی آئی کی سفارتی دہشت گردی،پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی سازش ناکام ہوگی: احسن اقبال

    پی ٹی آئی کی سفارتی دہشت گردی،پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی سازش ناکام ہوگی: احسن اقبال

    اسلام آباد (باغی ٹی وی) وفاقی وزیر احسن اقبال نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کا سوشل میڈیا اور بین الاقوامی تنظیمیں پاکستان کے خلاف منفی مہم چلا رہی ہیں، جو ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان کے بدترین دشمن بھارت نے بھی ایسی مہم جوئی نہیں کی، جو پی ٹی آئی کر رہی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے سابق صدر عارف علوی پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ وہ امریکا میں جا کر ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں اور پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کو پاکستان کے مفادات سے بالاتر کر دیا ہے اور وہ ایک ایسے شخص کے لیے واویلا کر رہی ہے، جس کی چوری کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مالی بدعنوانی کی، عوام کی دولت پر ڈاکہ ڈالا اور شفاف ترین دستاویزی چوری کی، جس کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی اس مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دہائیوں بعد براہ راست تجارت بحال، چاول کی پہلی کھیپ روانہ

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دہائیوں بعد براہ راست تجارت بحال، چاول کی پہلی کھیپ روانہ

    باغی ٹی وی.پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دہائیوں سے معطل براہ راست تجارتی تعلقات بحال ہوگئے ہیں، جس کے تحت پہلی سرکاری سطح پر منظور شدہ تجارتی کھیپ پورٹ قاسم سے روانہ کر دی گئی۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت ہے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

    بنگلہ دیش نے پاکستان سے 50 ہزار ٹن چاول خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے طے پایا۔ اس معاہدے کے تحت چاول کی برآمد دو مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ پہلی کھیپ جو 25 ہزار ٹن پر مشتمل ہے پہلے ہی روانہ کی جا چکی ہے، جبکہ دوسری کھیپ مارچ کے اوائل میں بھیجی جائے گی۔ یہ معاہدہ فروری کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان طے پایا تھا، جس کے بعد پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا جہاز پہلی بار سرکاری سطح پر تجارتی سامان لے کر بنگلہ دیشی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی مفاہمتی پیشکش نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ شیخ حسینہ واجد کے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی، جس کا عملی مظاہرہ براہ راست تجارت کے آغاز کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ براہ راست شپنگ روٹس کے قیام سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ اس کے علاوہ پاکستانی چاول کی برآمد کے بعد دیگر مصنوعات کے لیے بھی بنگلہ دیشی مارکیٹ میں مانگ بڑھنے کا امکان ہے۔ بنگلہ دیش کی عوام نے بھی اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مزید تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی جنوبی ایشیا میں معاشی ترقی اور استحکام کے لیے مثبت قدم ثابت ہوسکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس تجارتی پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید معاہدے ہونے کی توقع ہے جو خطے میں اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

  • پرچی کلچر اور میرٹ کے بغیر کھلاڑیوں کی سلیکشن نے کرکٹ کو تباہ کردیا، شائقین برہم

    پرچی کلچر اور میرٹ کے بغیر کھلاڑیوں کی سلیکشن نے کرکٹ کو تباہ کردیا، شائقین برہم

    باغی ٹی وی.انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اہم میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد شائقین میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ کرکٹ مداحوں نے ٹیم کی ناقص کارکردگی، غیر معیاری سلیکشن اور کپتان محمد رضوان کی حکمت عملی پر کڑی تنقید کی۔

    اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے، تاہم بھارتی ٹیم نے ویرات کوہلی کی نصف سنچری کی بدولت یہ ہدف صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستانی باؤلرز بھارتی بیٹنگ لائن کے سامنے بے بس نظر آئے، جبکہ بیٹنگ میں بھی کوئی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

    پاکستان کی شکست کے بعد شائقین نے سوشل میڈیا اور عوامی مقامات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک مداح نے کہا کہ یہ کھلاڑی اپنی تنخواہ لیں اور کرکٹ چھوڑ دیں کیونکہ ان کی کارکردگی کسی کلب ٹیم سے بھی بدتر ہو چکی ہے۔ کچھ شائقین نے الزام لگایا کہ ٹیم میں پرچی کلچر عام ہو چکا ہے، اور میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے کرکٹ زوال پذیر ہے۔

    سابق کپتان بابر اعظم بھی شائقین کی تنقید کا شکار ہوئے۔ ایک مداح نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لوگ بابر کو کنگ کہتے ہیں، مگر اس کی پرفارمنس کسی عام کھلاڑی جیسی بھی نہیں۔ ایک اور شائق نے کہا کہ بابر اعظم صرف کمزور ٹیموں کے خلاف رنز بناتا ہے اور بڑے میچوں میں ہمیشہ ناکام ہو جاتا ہے۔

    کپتان محمد رضوان کی قیادت پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور ان کے فیصلوں کو ناقص قرار دیا گیا۔ شائقین نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں کوئی واضح حکمت عملی نظر نہیں آتی اور ٹیم بغیر کسی پلاننگ کے کھیل رہی ہے۔ باؤلنگ میں اہم مواقع پر شاہین شاہ آفریدی کو بروقت نہ لانے اور بیٹنگ آرڈر میں غیر ضروری تبدیلیوں کو شکست کی بڑی وجہ قرار دیا گیا۔

    سلیکشن پالیسی پر بھی سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کرکٹ تجزیہ کاروں اور مداحوں کا کہنا ہے کہ جب تک پسند و ناپسند کی بنیاد پر کھلاڑی ٹیم میں شامل کیے جائیں گے، پاکستان کی کارکردگی میں بہتری ممکن نہیں۔ ایک سابق کرکٹر نے تبصرہ کیا کہ اگر قومی ٹیم کو عالمی معیار پر واپس لانا ہے تو سلیکشن میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا۔

    پاکستانی ٹیم کی اس شکست کے بعد کرکٹ ماہرین اور سابق کھلاڑی بھی ٹیم مینجمنٹ پر کڑی تنقید کر رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

  • ننکانہ : مرکزی جمعیت اہل حدیث کا اجلاس، عقیدہ ختم نبوت و اتحاد امت کے عزم کا اعادہ

    ننکانہ : مرکزی جمعیت اہل حدیث کا اجلاس، عقیدہ ختم نبوت و اتحاد امت کے عزم کا اعادہ

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع ننکانہ کا اہم اجلاس ضلع امیر مولانا عتیق الرحمن اظہر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت، دفاع صحابہ اور اتحاد امت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    مولانا عتیق الرحمن اظہر نے خطاب میں کہا کہ ان مقاصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور کارکنان رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر تبلیغ و خدمت خلق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

    اجلاس میں تمام تحصیلوں کے امراء و ناظمین، علماء، عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی، جبکہ ملک ذوالقرنین ڈوگر، ملک شعیب ڈوگر، مولانا طارق ضیاء، مولانا عبد المجید، مدثر عزیز، ڈاکٹر احمر، اسامہ چوہدری، حاجی محمد شریف اور حافظ محمد خان نے خصوصی شرکت کر کے مولانا عتیق الرحمن اظہر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    شرکاء نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور حافظ عبد الکریم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بلامقابلہ امیر اور ناظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔