Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: ہیڈ پنجند پل کے حفاظتی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، بڑا حادثہ ہونے کا خدشہ

    اوچ شریف: ہیڈ پنجند پل کے حفاظتی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، بڑا حادثہ ہونے کا خدشہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) ہیڈ پنجند پل پر اوورلوڈ گنے سے بھری ٹرالیوں کے باعث حفاظتی جنگلے ٹوٹ چکے ہیں، جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہونے کا خدشہ ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روزانہ درجنوں اوورلوڈ ٹرالیاں پل سے گزرتی ہیں، جن کے وزن کی وجہ سے حفاظتی جنگلے کئی مقامات سے گر چکے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ٹریفک کے لیے خطرناک ہے بلکہ کسی المناک سانحے کا پیش خیمہ بھی بن سکتی ہے۔

    مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار اور نیشنل ہائی وے حکام باخبر ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حفاظتی جنگلے نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت کوئی گاڑی یا راہگیر دریا میں گر کر حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔

    عوامی و سماجی حلقوں نے حفاظتی جنگلوں کی فوری مرمت، اوورلوڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور پل کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف کے تاریخی مزارات خستہ حالی کا شکار،محکموں کی غفلت، قدیمی ورثہ مٹنے کا خدشہ

    اوچ شریف کے تاریخی مزارات خستہ حالی کا شکار،محکموں کی غفلت، قدیمی ورثہ مٹنے کا خدشہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) قدیم شہر اوچ شریف کے نواحی علاقے اوچ موغلہ میں بزرگانِ دین کے مزارات خستہ حالی کا شکار ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف کی عدم توجہی کے باعث یہ مقدس مقامات تیزی سے زبوں حالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس پر اہلِ علاقہ اور زائرین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

    حضرت جمال درویش اور حضرت گنج علم دریا کے مزارات کی چھتیں بارش سے ٹپکنے لگی ہیں، دیواریں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں، فرش اکھڑ گیا ہے اور دروازے بوسیدہ ہو چکے ہیں، جس سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    مزارات کے اطراف گندگی اور کچرے کے ڈھیر لگے ہونے کے باعث تعفن پھیل چکا ہے، جس سے زائرین کی عبادات متاثر ہو رہی ہیں۔ ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں نے مزارات کی ابتر حالت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف بحالی کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہے۔

    اہلِ علاقہ اور زائرین نے حکومت، محکمہ آثار قدیمہ اور محکمہ اوقاف سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ان تاریخی مزارات کی بحالی اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے، تاکہ یہ مقدس مقامات مزید تباہی سے بچ سکیں۔

  • اوچ شریف: سیوریج کا نظام تباہ، گلیاں جوہڑ میں تبدیل

    اوچ شریف: سیوریج کا نظام تباہ، گلیاں جوہڑ میں تبدیل

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) شہر میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث محلہ جگ پورہ سمیت مختلف علاقوں میں گندا پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ تعفن زدہ پانی، کیچڑ اور مچھروں کی افزائش کے باعث ملیریا اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ گھروں کی بنیادیں بھی کمزور ہونے لگی ہیں۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محلہ گیلانی، اکبر ٹاؤن، ناصر ٹاؤن، اختر کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے، جہاں گٹر ابلنے سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بدبو اور گندگی سے شہری جلدی بیماریوں اور الرجی میں مبتلا ہو رہے ہیں، جبکہ زیر زمین پانی میں گندگی شامل ہونے سے پیٹ کے امراض میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

    متاثرہ شہریوں محمد شہباز، ارشاد احمد، بابر شوکت، بابر بھٹی، محمد شفیق، محمد رشید، محمد احمد اور دیگر کا کہنا ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کو متعدد بار شکایات درج کرا چکے ہیں، لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں۔ منتخب نمائندے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری نوٹس لینے اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے: خالد مقبول صدیقی

    پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے: خالد مقبول صدیقی

    حیدرآباد(باغی ٹی وی)پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں، موجودہ تقسیم انگریز دور کی پیداوار ہے: خالد مقبول صدیقی

    تفصیل کے مطابق حیدرآبادمیں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے KKF اسپتال کا دورہ کیا، جہاں راجپوت برادری کے زیر اہتمام "مسکراہٹ کیمپ” میں پیدائشی طور پر متاثرہ بچوں کے مفت آپریشن کیے جا رہے ہیں۔

    ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹروں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "ہم سندھ حکومت کا نہیں بلکہ وفاق کا حصہ ہیں، مگر مردم شماری کے مطابق فنڈز نہیں دیے جا رہے۔ اگر عوامی خدمت میں ہمارا تعاون درکار ہے تو ہمیں بھی اس عمل میں شامل کرنا ہوگا۔”

    انہوں نے اعلان کیا کہ جلد میرپور خاص یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا تاکہ تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

    چیف جسٹس سے ممکنہ ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں کوئی دعوت موصول نہیں ہوئی، اگر ملاقات کے پیچھے سیاسی مقاصد ہوئے تو ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے، مگر عوامی فلاح کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ہم سے ملنا ہوگا۔”

    مزید برآں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ "پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں کیونکہ موجودہ انتظامی تقسیم انگریز دور کی پیداوار ہے، جس میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔”

    اس موقع پر اسپتال انتظامیہ، راجپوت برادری کے نمائندگان اور معززین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مفت علاج کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔

  • حافظ آباد: پولیس حراست سے ملزم فرار، تین اہلکار گرفتار

    حافظ آباد: پولیس حراست سے ملزم فرار، تین اہلکار گرفتار

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) پولیس حراست سے ملزم فرار، تین اہلکار گرفتار

    حافظ آباد میں پولیس حراست سے ملزم کے فرار پر ڈی پی او کا سخت نوٹس، تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 22 فروری 2025 کو ای ایس آئی صفدر حسین اور کانسٹیبل امداد حسین و ارشد اقبال ملزم بابر علی ولد محمد امیر کو مقدمہ نمبر 192/23 بجرم 457/380 میں جسمانی ریمانڈ کے بعد تھانے واپس لا رہے تھے کہ ملزم کالیکی ٹبہ کے قریب موقع پا کر فرار ہو گیا۔

    ڈی پی او حافظ آباد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تینوں اہلکاروں کے خلاف غفلت و لاپرواہی کے الزام میں مقدمہ درج کروا کر حوالات میں بند کر دیا۔ ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، جو جلد از جلد ملزم کو گرفتار کریں گی۔

    ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا تھا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

  • باغی ٹی وی کی تحقیقاتی رپورٹ، کرپشن میں ملوث سابق انچارج پرنسپل مستقل تعیناتی سے محروم

    باغی ٹی وی کی تحقیقاتی رپورٹ، کرپشن میں ملوث سابق انچارج پرنسپل مستقل تعیناتی سے محروم

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان)باغی ٹی وی کی تحقیقاتی رپورٹ، کرپشن میں ملوث سابق انچارج پرنسپل مستقل تعیناتی سے محروم

    تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں مالی بدعنوانیوں، اقربا پروری اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی خبریں کافی عرصے سے زیر گردش تھیں، سابق انچارج پرنسپل جو ہائی کورٹ کےحکم پر مس کنڈکٹ کی بنیاد پر عدلیہ سے نکالے گئے سابق جج محمد شاہد سراج پر کالج فنڈز میں خردبرد، غیر قانونی بھرتیوں اور مالی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد تھے۔

    باغی ٹی وی کی جانب سے کی گئی تحقیقاتی رپورٹنگ کے نتیجے میں محمد شاہد سراج مستقل پرنسپل بننے میں ناکام رہے۔ ان کی جگہ پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے میرٹ پر ایسوسی ایٹ پروفیسر شاہد حسین مغل کو تین سال کے لیےمستقل پرنسپل تعینات کر دیا ہے۔ اس فیصلے کو اساتذہ، وکلاء، والدین، طلبہ و طالبات اور شہریوں نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ ادارے میں بہتری آئے گی۔

    یاد رہے کہ محمد شاہد سراج پر امتحانی فیس اور رجسٹریشن فنڈز میں لاکھوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ شواہد کے مطابق 28 مارچ 2024 کو چیک نمبر 8806943924 کے ذریعے 2 لاکھ 64 ہزار روپے نکلوائے گئے جو کالج کے مالیاتی ریکارڈ میں درج نہیں۔ مزید برآں سیکنڈ شفٹ میں جعلی داخلے دے کر ہر طالبعلم سے 45 ہزار روپے وصول کیے گئے جو براہ راست شاہد سراج کی جیب میں گئے۔

    ٰیہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ نواب صاحب:عدلیہ سے نکالے گئے سابق جج کی بطور انچارج پرنسپل کرپشن کی ہوشربا داستان

    کرپشن، اقربا پروری اور بدانتظامی، سابق جج کی بدولت ڈیرہ نواب کالج کیسے تباہ ہوا؟

    محمد شاہد سراج نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنی بیٹی عائشہ ارم کو میرٹ لسٹ میں 51ویں نمبر پر ہونے کے باوجود CTI کے طور پر بھرتی کیا۔ حیران کن طور پر انٹرویو کے دوران وہ خود اپنی بیٹی کا انٹرویو لینے والے پینل میں شامل تھے۔ اسی طرح ان کی دوسری بیٹی فاطمہ شاہد کے امتحانات میں وہ خود انویجیلیٹر (RI) کے طور پر تعینات رہے جو سرکاری قواعد کی صریح خلاف ورزی تھی۔

    کالج کے جناح کیمپس میں قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور فروخت کی گئی، جس کے لیے کسی قانونی نیلامی کا انعقاد نہیں ہوا۔ مزید برآں 400 کنال اراضی پر ناجائز قبضے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ کالج میں پینے کے پانی کی سہولت ناپید، کھیلوں کی سرگرمیاں معطل اور تعلیمی ماحول شدید متاثر ہو چکا تھا۔

    طلبہ، والدین اور اساتذہ مسلسل ان بے ضابطگیوں کے خلاف آواز بلند کر رہے تھے، تاہم ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور انٹی کرپشن اتھارٹی کی طرف سے کوئی مؤثر کارروائی نہ کی گئی۔ بالآخر باغی ٹی وی کی تحقیقات کے بعد محمد شاہد سراج چھٹی بار مستقل پرنسپل بننے میں ناکام رہے، جو کرپشن کے خلاف ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

    اب سوال یہ ہے کہ کیا نئےتعینات ہونے والے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل سابقہ کرپشن کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچا سکیں گے؟ یہ ایک بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ سابق انچارج پرنسپل کی ایک مضبوط لابی اب بھی متحرک ہے۔ اگر نئے پرنسپل کو اعلیٰ حکام کی مکمل حمایت حاصل ہو تو وہ درج ذیل اقدامات کے ذریعے کرپشن کے خاتمے میں کامیاب ہو سکتے ہیں:

    # تمام مالیاتی اور انتظامی ریکارڈز کا تفصیلی جائزہ
    #غیر قانونی بھرتیوں اور جعلی داخلوں کی فہرست مرتب کرنا
    #متاثرہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے بیانات ریکارڈ کرنا
    #شفاف تحقیقات اور دباؤ کا سامنا کرنا
    #انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ اور اعلیٰ حکام سے مکمل تعاون حاصل کرنا

    شہری حلقوں ،اساتذہ اور طلبہ کو امید ہے کہ پروفیسر شاہد حسین مغل کی قیادت میں ادارے میں شفافیت، میرٹ اور تعلیمی معیار کو بحال کیا جائے گا۔لیکن آنے والے دنوں میں یہ واضح ہو گا کہ کیا نئے پرنسپل سابقہ بدعنوانیوں کے خلاف کوئی عملی اقدام اٹھا پاتے ہیں یا نہیں۔

  • سیالکوٹ: بغیر ہیلمٹ سفر ، کیمرہ غیر جانبدار نکلا!ٹریفک پولیس آفیسر جرمانے کی زد میں آگیا

    سیالکوٹ: بغیر ہیلمٹ سفر ، کیمرہ غیر جانبدار نکلا!ٹریفک پولیس آفیسر جرمانے کی زد میں آگیا

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ٹریفک قوانین سب کے لیے برابر، کیمرہ غیر جانبدار نکلا! سیالکوٹ میں ایک ٹریفک پولیس آفیسر کو ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانا مہنگا پڑ گیا، چار مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر ای چالان کے ذریعے آٹھ ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں کوئی بھی شخص خصوصی رعایت کا مستحق نہیں، چاہے وہ پولیس افسر ہو، وکیل، صحافی یا سیاستدان۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

    عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں، ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف جرمانے سے بچا جا سکے بلکہ اپنی قیمتی جان کی حفاظت بھی کی جا سکے۔

  • باغی ٹی وی کی محنت رنگ لائی، ڈیرہ غازیخان میں کینسر ہسپتال منظور

    باغی ٹی وی کی محنت رنگ لائی، ڈیرہ غازیخان میں کینسر ہسپتال منظور

    ڈیرہ غازیخان (ڈاکٹرغلام مصطفیٰ بڈانی سے)باغی ٹی وی کی مسلسل چار ماہ کی خصوصی رپورٹس اور سول سوسائٹی کی مہم کے بعد بالآخر وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ باغی ٹی وی نے گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تفصیلی خبریں شائع کیں، عوامی مطالبات کو اجاگر کیا اور حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی۔ اسی تسلسل میں وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے بھی وزیرِاعظم کی توجہ دلائی، جس پروزیراعظم میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔

    علامہ اقبال میڈیکل کالج کے تحقیقی مقالے کے مطابق گذشتہ پانچ سالوں میں ڈیرہ غازی خان میں کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تحقیق کے مطابق ضلع میں 817 کینسر مریضوں میں سے 415 کا تعلق قبائلی علاقے کوہِ سلیمان سے ہے، جبکہ 350 خواتین میں بریسٹ کینسر اور دیگر اقسام کے کینسر کی تصدیق ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق جنوبی پنجاب، بالخصوص ڈیرہ غازی خان میں چھاتی، جگر، گلے اور معدے کے کینسر کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں صحت کی ناکافی سہولیات، ماحولیاتی آلودگی اور ناقص خوراک شامل ہیں۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ غازی خان: کینسر کا بڑھتا عفریت، ہسپتال کے قیام کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان میں اس وقت کوئی سرکاری یا نجی سطح پر بڑا کینسر ہسپتال موجود نہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے لیے ملتان، لاہور اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو کہ زیادہ تر مریضوں کی استطاعت سے باہر ہے۔ عوام طویل عرصے سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے تحت جدید کینسر ہسپتال کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ خطے میں موجود مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔

    باغی ٹی وی کی مسلسل مہم، سوشل میڈیا پر اٹھنے والی عوامی آواز اور سول سوسائٹی کے دباؤ کے نتیجے میں بالآخر حکومت نے اس مسئلے پر توجہ دی۔ وزیرِاعظم کے اعلان پر مقامی شہریوں، سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ معروف سماجی شخصیات شیخ امجد ایڈووکیٹ، منظورخان لغاری ،چوہدری شکیل احمد،سیدریاض جاذب، ایاز احمد شاہ اور دیگر نے باغی ٹی وی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔

    ڈیرہ غازی خان میں کینسرہسپتال کا قیام نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان کے عوام کے لیے بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہوگا۔ بلوچستان میں اس وقت صرف کوئٹہ میں ایک کینسر ہسپتال موجود ہے جو صوبے بھر کے لیے ناکافی ہے۔ نیا ہسپتال خطے کے ہزاروں مریضوں کے لیے امید کی کرن بن سکتا ہے۔

    باغی ٹی وی عوام کی آواز بن کر حکومت کو بار بار باور کرا چکا ہے کہ کینسر ہسپتال کا اعلان کافی نہیں، اس پر فوری عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ سول سوسائٹی نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہسپتال فراہم کیا جائے۔
    باغی ٹی وی عوامی مسائل کو اجاگر کرتا رہے گا، کیونکہ یہی ہے عوام کی اصل آواز!

  • ٹھٹھہ: سخی جمیل شاہ داتار کے عرس پر 52 جوڑوں کی اجتماعی شادی

    ٹھٹھہ: سخی جمیل شاہ داتار کے عرس پر 52 جوڑوں کی اجتماعی شادی

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی رپورٹ) سخی جمیل شاہ داتار کے عرس پر 52 جوڑوں کی اجتماعی شادی

    تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ کے قریب پیر گوٹھ میں سخی جمیل شاہ داتار گرناری کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر داتار سیوا سماج گولڈن گروپ اور داتار ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے 52 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں مستحق دلہنوں کو جہیز بھی دیا گیا۔

    تقریب میں دولہا دلہن کے ورثاء اور رشتہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایک دلہن کے والد نے خوشی کے آنسوؤں کے ساتھ کہا، "ہم غریب لوگ ہیں، ایک کلو آٹا خریدنا بھی مشکل ہے، لیکن اس اجتماعی شادی کی بدولت میری بیٹی کی رخصتی ممکن ہوئی۔”

    ایک دولہا نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں داتار ویلفیئر فاؤنڈیشن اور گولڈن گروپ کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری شادی ممکن بنائی۔”

    اجتماعی شادیوں کے منتظم محمد مناف میمن کا کہنا تھا کہ "اپنے مرشد کے چلے گاہ پر مستحقین کی شادیاں کروا کر ہمیں دلی سکون ملا۔” جبکہ سنیل سنگانیا نے کہا، "مہنگائی کے اس دور میں غریب والدین کے لیے بیٹیوں کی شادی ایک بڑا مسئلہ ہے، ہم آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھیں گے۔”

    تقریب کے کامیاب انعقاد میں محمد مناف میمن، سنیل سنگانیا، انیل سنگانیا اور دیگر شخصیات نے انتظامیہ کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ اجتماعی شادیوں کے اس خوبصورت اقدام سے نئے جوڑوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مستحق خاندانوں نے منتظمین کے جذبے کو سراہا۔

  • سیالکوٹ: موبائل گیم پر شرط، 12 سالہ لڑکے کا قتل

    سیالکوٹ: موبائل گیم پر شرط، 12 سالہ لڑکے کا قتل

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی رپورٹ) موبائل گیم پر شرط، 12 سالہ لڑکے کا قتل

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے ہیڈ مرالہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 12 سالہ لڑکے کو اس کے ہم عمر دوست نے معمولی تلخ کلامی کے بعد قتل کر دیا۔

    مقتول ذوہیب اور اس کا دوست محمد علی موبائل گیم کھیل رہے تھے، جہاں دونوں کے درمیان جیتنے پر شرط لگائی گئی۔ ذوہیب کے جیتنے پر محمد علی مشتعل ہوگیا اور اس نے ذوہیب کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ مار پیٹ کے نتیجے میں 12 سالہ ذوہیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔ پولیس حکام کے مطابق کم سن ملزم محمد علی کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔