Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ملک بھر میں بارش، آندھی اور برفباری کی پیشگوئی

    ملک بھر میں بارش، آندھی اور برفباری کی پیشگوئی

    اسلام آباد(باغی ٹی وی)محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ ہفتے کے دوران بارش، آندھی اور گرج چمک جبکہ پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔ 24 فروری کی شام یا رات سے ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا، جو 25 فروری کو بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا اور شمالی علاقوں میں 2 مارچ تک برقرار رہے گا۔

    گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:
    25 فروری سے 2 مارچ کے دوران گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گوانچے، شگر) اور آزاد کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، سوڈھیمبر، حویلی، کوٹلی، میرپور) میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر شدید برفباری متوقع ہے۔

    خیبر پختونخوا:
    24 فروری کی رات سے 1 مارچ کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈی آئی خان میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

    پنجاب اور اسلام آباد:
    25 فروری سے 1 مارچ کے دوران مری اور گلیات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔ جنوبی پنجاب میں جھنگ، بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، بہاولنگر اور بہاولپور میں 25 سے 27 فروری کے دوران بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

    بلوچستان:
    24 فروری کی شام سے 26 فروری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، بارکھان، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

    سندھ:
    25 اور 26 فروری کے دوران لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد اور سکھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں کی بندش اور ٹریفک میں خلل کا خدشہ۔ 25 فروری سے 1 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ۔

    شمالی علاقوں، مری، گلیات، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا امکان۔
    خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد کے میدانی علاقوں میں ژالہ باری کی بھی توقع۔

    سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت۔
    یہ بارش پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بارانی علاقوں میں فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

    تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پہاڑی علاقوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور ایس ڈی ایم ایز کو فوری حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

  • جلالپور بھٹیاں: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ

    جلالپور بھٹیاں: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے جلالپور بھٹیاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمداللہ اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں اشفاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے اور عوامی راستوں کو ہر حال میں کلیئر کیا جائے۔

  • حافظ آباد: 7 پولیس افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیاگیا

    حافظ آباد: 7 پولیس افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیاگیا

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) پولیس میں خود احتسابی، 7 افسران نوکری سے برطرف

    تفصیل کے مطابق حافظ آبادمیں اختیارات سے تجاوز اور فرائض میں غفلت پر پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر نے 7 پولیس افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق خود احتسابی کے عمل کے تحت 3 پولیس ملازمین کو جرمانے کیے گئے جبکہ 3 افسران کو سنشور کی سزائیں دی گئیں۔ سزا پانے والوں میں سب انسپکٹر اور اے ایس آئی بھی شامل ہیں۔

    ڈی پی او عاطف نذیر کا کہنا ہے کہ قانون کی پاسداری نہ کرنے والے افسران کو پولیس فورس میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ پولیس میں اصلاحاتی عمل جاری رہے گا اور غفلت برتنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، لہائی بازار سے تجاوزات کا خاتمہ

    سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، لہائی بازار سے تجاوزات کا خاتمہ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرمدثر رتو) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا کی زیر نگرانی انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے لہائی بازار میں آپریشن کرتے ہوئے مستقل اور عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا۔

    اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تجاوزات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور اس ضمن میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان اپنی دکانوں تک محدود رکھیں، بصورت دیگر سامان بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کی انٹی انکروچمنٹ اسپیشل ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں، جبکہ بازاروں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ کی جا سکیں۔

  • قصور :کھلے نالے، بے حس حکمران،موت کا رقص کب رکے گا؟

    قصور :کھلے نالے، بے حس حکمران،موت کا رقص کب رکے گا؟

    قصور،باغی ٹی وی(طارق نوید سندھو سے) شہباز خاں روڈ شہر کی مصروف ترین گذرگاہ موت کے کنوئیں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ یہاں 15 سے 20 فٹ گہرا کھلا نالہ انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ نالہ نہ صرف شہریوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ قصور کے ایم پی اے اور ایم این اے کے ڈیرے سے محض 100 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس خطرناک صورتحال پر کسی افسر کی نظر نہیں پڑی۔

    یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشنز (قصور کیمپس) جیسے معروف تعلیمی ادارے کی موجودگی کے باوجودسکول انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کیا کسی بڑے حادثے کا انتظار ہے؟ قصور کی سڑکیں خون سے رنگین ہو رہی ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ روز رائے ونڈ روڈ پر ایک اور المناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک وین بے قابو ہو کر نالے میں جا گری۔ اس حادثے میں 8 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 2 شدید زخمی ہیں۔ مرنے والوں میں خواجہ سرا بھی شامل تھا۔

    قصور میں یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس طرح کا حادثہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں بھی 6 افراد اسی طرح کے حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ 2023 میں بھی ایک ڈرائیور اسی مقام پر جان کی بازی ہار گیاتھا ،ان تمام حادثات کی بنیادی وجہ اوور اسپیڈنگ اور کھلے نالے جن پر باؤنڈری والز کا نہ ہونا ہے۔

    شہریوں نے ارباب اختیار سے سوال کیا ہے کہ کیا قصور کے شہری کب تک بے موت مرتے رہیں گے اور کب تک سڑکیں اور کھلے نالے خون سے رنگین ہوتے رہیں گے؟ کیا انتظامیہ کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہی ہے؟کوئی ہے جو فوری طور پر ان کھلے نالوں کو بندکرنے کے احکامات جاری کرے اور جاری موت کے رقص کو بندکرے اور شہریوں کوناگہانی موت مرنے سے بچائے .

  • ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات مکمل، حسبان اللہ صدر منتخب

    ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات مکمل، حسبان اللہ صدر منتخب

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس (ضم اضلاع) کے سالانہ انتخابات 2025-26 مکمل ہوگئے، جس میں دو مضبوط پینلز، حسبان میڈیا پینل اور بانی پینل کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ حسبان میڈیا پینل کے حسبان اللہ 131 ووٹ لے کر صدر جبکہ محمد جمیل 129 ووٹ حاصل کر کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔

    دیگر کامیاب امیدواروں میں شاکر اللہ مہمند 88 ووٹ لے کر سینئر نائب صدر اور محمد جواد شینواری 95 ووٹ لے کر پریس سیکرٹری منتخب ہوئے۔

    الیکشن کمیٹی کے چیئرمین انور زادہ گل یار نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا اور بتایا کہ ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے 141 صحافیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جہاں مقامی صدور کی نگرانی میں ووٹنگ ہوئی۔ ضم اضلاع کے جو صحافی پشاور میں مقیم تھے، ان کے لیے پشاور میں مرکزی الیکشن آفس میں پولنگ اسٹیشن بنایا گیا۔

    پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا اور دوپہر 3 بجے تک جاری رہا، جبکہ نتائج کا اعلان مرکزی الیکشن سیل، جو پشاور کے ایک نجی ہوٹل میں قائم کیا گیا تھا، سے کیا گیا۔

    نومنتخب صدر حسبان اللہ نے اس موقع پر کہا کہ قبائلی صحافیوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اور کئی صحافیوں نے اس راہ میں جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قبائلی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

    انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ قبائلی صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

  • اوکاڑہ: عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، چوہدری ریاض الحق جج

    اوکاڑہ: عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، چوہدری ریاض الحق جج

    اوکاڑہ ,باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) حلقہ این اے 136 کے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا ہے کہ حلقے کے عوام کے مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت جاری رکھیں گے۔

    چوہدری ریاض الحق جج کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی کا راز عوام کے اعتماد اور اللہ تعالیٰ کی مدد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں اور ان کے دروازے ہر شہری کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ عوام نے ہمیشہ ان پر بھروسہ کیا، یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں سیاستدان کے بجائے دوست سمجھتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اوکاڑہ میں کئی میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جن کے مکمل ہونے سے عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی اور انہیں ریلیف حاصل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں اور عوام کی خدمت کا یہ مشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار

    سیالکوٹ: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) پولیس نے ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، نقدی، موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ہیڈ مرالہ سب انسپکٹر خاور الطاف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کو گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد عمران عرف مانو ولد قاسم علی (مسن کالر، کالا شاہ کاکو، شیخوپورہ)، رمضان عرف جانو ولد مقصود احمد (جاجو پور، پسرور، سیالکوٹ)، اور غلام عباس عرف فانا ولد بابر حسین (رنگپور سروچیاں) شامل ہیں۔ یہ گینگ شہر میں ڈکیتی اور چوری کی 29 وارداتوں میں ملوث تھا۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی، 4 عدد موٹر سائیکلیں، سرجیکل کا سامان، پانی کی الیکٹرک موٹر، 2 بیٹریاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور کے 2 پسٹل بمعہ متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے تمام افسران و اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا ڈسکہ دورہ، ہسپتال اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا ڈسکہ دورہ، ہسپتال اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ڈسکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹر کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران افسران اور اسٹاف کی حاضری چیک کی گئی جبکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا مشاہدہ کیا گیا۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ صفائی اور دیگر بلدیاتی خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر کھلے مین ہولز پر فوری توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی مین ہول کھلا نہ رہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا حادثے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • بہاولپور: گیس لیکیج حادثہ، دو معصوم بچیاں جاں بحق، والدہ بے ہوش

    بہاولپور: گیس لیکیج حادثہ، دو معصوم بچیاں جاں بحق، والدہ بے ہوش

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کے علاقے ساجد اعوان ٹاؤن میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں گیس لیکج کے باعث دو کمسن بچیاں جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ ان کی والدہ بے ہوش ہو گئیں۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ ایک گھر میں گیس بھر جانے کے باعث ماں اور بچے بے ہوش ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی، جہاں معلوم ہوا کہ تحریم اعجاز زوجہ اعجاز نصیر اپنے بچوں کے ہمراہ کمرے میں سو رہی تھیں۔ رات کے وقت گیس چولہے کا بٹن کھلا رہ جانے کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی، جس سے دو سالہ مناحل اور آٹھ ماہ کی نوال دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں، جبکہ والدہ نیم بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں۔

    ریسکیو ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تینوں افراد کو وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے بچیوں کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ ان کی والدہ کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دے دی گئی ہے، جو مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ گیس کے غیر محفوظ استعمال کے باعث پیش آیا، جس نے ایک ہی خاندان کی خوشیاں چھین لیں۔