Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: غازی گھاٹ پل بند، مسافر شدید مشکلات کا شکار

    ڈیرہ غازی خان: غازی گھاٹ پل بند، مسافر شدید مشکلات کا شکار

    ڈیرہ غازی خان(سٹی رپورٹر جواد اکبر) غازی گھاٹ پل بند، مسافر شدید مشکلات کا شکار

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان غازی گھاٹ پل پر تین گھنٹے سے زائد ٹریفک جام کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ سرد موسم میں خواتین، بزرگ، مریض اور بچے بے یار و مددگار پھنسے ہوئے ہیں۔

    مسافروں کے مطابق انتظامیہ تاحال غائب ہے اور کسی بھی اہلکار نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک بحال کرنے کی کوشش نہیں کی۔ پل بند ہونے کی وجوہات تاحال واضح نہیں مگر اس کے باعث روزمرہ معمولات زندگی درہم برہم ہو چکے ہیں۔

    متاثرین نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹریفک بحال کر کے مسافروں کو درپیش اذیت سے نجات دلائی جائے۔

  • تنگوانی: بگٹی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص قتل

    تنگوانی: بگٹی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص قتل

    تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) سندھ بلوچستان بارڈر کے علاقے 138 آر ڈی غریب آباد میں بگٹی قبیلے کے دو گروپوں، باخلانی اور ہیجوانی، میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص قتل ہوگیا۔

    خبر کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ظفر خان ہیجوانی بگٹی موقع پر ہی قتل ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بگٹی قبیلے کے دونوں فریقین میں پرانے تنازعے پر جھگڑا چل رہا تھا جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • تنگوانی: جے یو آئی کا  اجلاس، بد امنی پر تشویش کا اظہار

    تنگوانی: جے یو آئی کا اجلاس، بد امنی پر تشویش کا اظہار

    تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) جے یو آئی تحصیل تنگوانی کا جنرل اجلاس مدرسہ اشاعت قرآن تنگوانی میں زیر صدارت مولانا محمد صلاح ملک منعقد ہوا۔ اجلاس کی کارروائی سیکرٹری جنرل مولانا نادر علی بھلکانی نے چلائی۔ مہمان خصوصی مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، امیر جے یو آئی صوبہ سندھ، اور مولانا شمس الدین بھیری، امیر ضلع کشمور کندھ کوٹ تھے۔

    رہنماؤں نے اجلاس میں ضلع کشمور میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر انتظامیہ نے بدامنی پر قابو نہ پایا تو جلد ایک تحریک شروع کی جائے گی۔ اجلاس کے آخر میں کشمیریوں کی حمایت میں ریلی نکالی گئی اور بھارت کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

  • کوٹ چھٹہ: ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، پھولوں کے ہارپہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں

    کوٹ چھٹہ: ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، پھولوں کے ہارپہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں

    کوٹ چھٹہ (تحصیل رپورٹر مریدحسین تالپور) ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین، سردار فیض اللہ خان کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی اپیل

    شنواری ہوٹل کوٹ چھٹہ میں ایک بڑی آگ پر قابو پانے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جام پور سے سردار فیض اللہ خان کچبانی کھوسہ ایک بڑے قافلے کے ساتھ 1122 کے ہیڈ آفس ڈیرہ غازیخان پہنچے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ افسر احمد کمال، ایمرجنسی آفیسر عبد الرؤف، تحصیل انچارج ریسکیو 1122 حسنین خان رمدانی، ایریا انچارج لیڈ ملک محبوب عالم اور ان کی پوری ٹیم کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

    سینکڑوں افراد درجنوں گاڑیوں میں شریک ہو کر ریسکیو 1122 کی ٹیم کو اچھے الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے پہنچے۔ سردار فیض اللہ خان کچبانی کھوسہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ریسکیو 1122 وہ واحد ادارہ ہے جو بغیر تھکاوٹ اور آرام کے کام کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے حادثے میں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جس طرح اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر آگ پر قابو پایا اور دو گیس ٹینکرز کو مزید نقصان سے بچایا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

    سردار فیض اللہ خان نے یہ بھی کہا کہ ریسکیو 1122 کو ایک تعریفی سرٹیفکیٹ ملنا چاہیے اور انہوں نے وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی سے اپیل کی کہ وہ 1122 تحصیل کوٹ چھٹہ کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کریں تاکہ ان کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، پسٹل برآمد

    ٹھٹھہ: پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، پسٹل برآمد

    ٹھٹھہ،باغی ٹی وی(ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایکٹو کریمنل زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، تھانہ ٹھٹھہ کی حدود فقیر گوٹھ لنک روڈ پر پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ ہوئی جس میں ایک ملزم عمر ولد ماموں گندرو، شیخ فرید چوک ٹھٹھہ سے زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مختلف علاقوں میں چوری، ڈکیتی، رابری، اور موٹرسائیکل چھیننے جیسے جرائم میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزم سے جرائم میں استعمال کی گئی پسٹل بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

  • یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں جوش و خروش سے ریلیوں کا انعقاد

    یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں جوش و خروش سے ریلیوں کا انعقاد

    باغی ٹی وی (اپنے نمائندگان سے)یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں جوش و خروش سے ریلیوں کا انعقاد

    پاکستان بھر میں 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، جہاں مختلف شہروں میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں، تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔

    ضلع خیبر لنڈی کوتل میں یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریبات

    ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس موقع پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ جامع مسجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے دعا کی گئی۔

    ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل عدنان ممتاز، تحصیل چیئرمین شاہ خالد شنواری، پولیس ایڈیشنل ایس ایچ او عظمت ولی شنواری، مشران اور تاجروں نے شرکت کی۔

    جمرود میں یومِ یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی

    جمرود میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی خیبر یوتھ افیئرز کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود ڈاکٹر عامر زیب، ٹی ایم اے جمرود سید نوراللہ، ضلعی یوتھ آفیسر ساجد آفریدی، سول ڈیفینس انچارج قیوم سمیت علاقائی عمائدین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگاتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلائے۔

    حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں یکجہتی ریلی

    ضلع حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی قیادت میں یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جو ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے جناح چوک تک جاری رہی۔ ریلی میں سرکاری افسران، ملازمین، اساتذہ، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور شہریوں نے شرکت کی۔

    شرکاء نے کشمیری پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔

    چنیوٹ میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ریلی

    چنیوٹ میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے کی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم، میونسپل کمیٹی، سول سوسائٹی، طلبہ، اساتذہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

    ریلی کے اختتام پر قائداعظم اکیڈمی میں ایک سیمینار منعقد ہوا، جہاں طلبہ نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    سکھیکی میں یکجہتی کشمیر ریلی

    سکھیکی میں میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی ریلی نکالی گئی، جو میونسپل کمیٹی سے شروع ہو کر میلاد چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

    ریلی میں میونسپل کمیٹی، سکیورٹی برانچ، میڈیا نمائندگان، تھانہ سکھیکی پولیس اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی آزادی، پاکستان کی خوشحالی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    تنگوانی میں یومِ یکجہتی کشمیر پر ریلی کا انعقاد

    تنگوانی میں بھی دیگر شہروں کی طرح یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی، جس کا انعقاد امن کمیٹی نے کیا۔ ریلی نادر آفس چوک سے شروع ہو کر سوئی روڈ وینس اینڈ تک گئی۔

    ریلی کی قیادت محمد سچل شیخ، جگدیش کمار، ڈاکٹر ہار محمد رند، الہی بخش بکہرانی، علی گوہر باجکانی، خادم حسین حضور بخش اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی حمایت میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگاتے رہے۔

    امن کمیٹی کے رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیا جائے اور انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔

    حافظ آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے زیرِ اہتمام ریلی

    حافظ آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے زیرِ اہتمام مدرسہ اشرفیہ تا فوارہ چوک عظیم الشان یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس کی صدارت حافظ نعمان سعید نے کی۔ ریلی میں جے یو آئی کے نائب صدر حافظ نعمان سعید، مفتی محمد وقاص خالد، حافظ اللہ دتہ ساجد، حافظ حسین احمد، حافظ لیاقت، مولانا عبدالواحد اور دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سفارشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن کی مسئلہ کشمیر کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

    یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مختلف شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ظالمانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کا ساتھ دے اور انہیں ان کا جائز حق دلوائے۔
    ننکانہ صاحب: یومِ یکجہتی کشمیر پر تقریبات و ریلیاں

    ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر، ڈی پی او سید ندیم عباس، ممبران اسمبلی، سکھ کمیونٹی، صحافیوں، علماء اور شہریوں نے شرکت کی۔

    تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اقوامِ متحدہ کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔

    اختتام پر ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک اظہارِ یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں بھی ریلیاں منعقد ہوئیں، جن میں شہریوں، سرکاری افسران اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

    اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات
    اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب اور ریلیاں منعقد کی گئیں، طلبہ نے تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ ترجمان سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہو کر رہے گی۔

  • پنڈی بھٹیاں: یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھرپور احتجاجی ریلی، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

    پنڈی بھٹیاں: یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھرپور احتجاجی ریلی، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبر نگار)پنڈی بھٹیاں میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھرپور احتجاجی ریلی، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

    تفصیل کے مطابق پاکستان بھر کی طرح پنڈی بھٹیاں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، جہاں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں، مقامی ایم پی اے، سرکاری افسران، طلبہ، اساتذہ، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    ریلی کا آغاز صبح ضلع کونسل آفس سے ہوا، جہاں شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم تھامے بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے دوران "کشمیر بنے گا پاکستان”، "بھارت کا بھیانک چہرہ بے نقاب کرو”، اور "ہم لے کے رہیں گے آزادی” جیسے فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے۔

    ریلی میں شریک افراد نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف مذمتی نعرے درج تھے۔ شرکاء نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے، لیکن کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اب رکنے والی نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق دیا جائے۔

    مقامی ایم پی اے نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ان کے حق میں آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی سازشوں اور ریاستی جبر کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکا، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

    ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مین چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر قومی اور کشمیری ترانہ بھی بجایا گیا، جس سے فضا پاکستان اور کشمیر زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

    ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی عوام ہر سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی، یہاں تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے۔

  • منڈی بہاؤالدین: یوم یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی، بھارتی مظالم کے خلاف نعرے

    منڈی بہاؤالدین: یوم یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی، بھارتی مظالم کے خلاف نعرے

    منڈی بہاؤالدین،باغی ٹی وی (نامہ نگارافنان طالب) یوم یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی، بھارتی مظالم کے خلاف نعرے

    تفصیل کے مطابق منڈی بہاؤالدین میں ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں پاکستانی اور کشمیری پرچم کی پرچم کشائی کی گئی، سائرن بجایا گیا، قومی ترانہ گونجا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

    احتجاجی ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری جھنڈے، بینرز اور احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی نے بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ریلی سے اسسٹنٹ کمشنر عارف انجم اور سی او ایجوکیشن ضیاء اللہ عباسی نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے۔

    یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحصیل پھالیہ اور ملکوال میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

  • سکھر: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا ڈی آئی جی آفس کا دورہ، امن و امان پر اہم اجلاس

    سکھر: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا ڈی آئی جی آفس کا دورہ، امن و امان پر اہم اجلاس

    سکھر ،باغی ٹی وی(مشتاق لغاری کی رپورٹ) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آج ڈی آئی جی سکھر آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکھر اور اس کے تمام اضلاع سمیت کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    جرائم پیشہ افراد کے لیے حکومت کی نئی حکمت عملی
    وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جو بھی جرائم پیشہ افراد جرم کی دنیا کو خیرباد کہہ کر پرامن زندگی گزارنا چاہتے ہیں، ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور مدد کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے افراد کو قانونی طریقہ کار کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ وہ معاشرے میں دوبارہ مثبت کردار ادا کر سکیں۔

    ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ جو جرائم پیشہ افراد ہتھیار ڈال کر قانون کی پاسداری کریں گے، ان کی اور ان کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال اور مالی معاونت کی جائے گی، تاکہ وہ دوبارہ جرم کی دنیا میں نہ جائیں اور ایک بہتر زندگی گزار سکیں۔

    ہائی ویز کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات
    وزیر داخلہ سندھ نے تمام ایس ایس پیز کو سختی سے ہدایت دی کہ ہائی ویز پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ شام اور رات کے اوقات میں ہائی ویز پر پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور جگہ جگہ ناکے لگا کر جرائم پیشہ عناصر کی نگرانی کی جائے۔

    انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہائی ویز پر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزاریں تاکہ وہ اپنے فرائض مزید بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔

    بے گناہوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث نہ کرنے کی ہدایت
    وزیر داخلہ سندھ نے افسران کو سختی سے تاکید کی کہ کسی بھی بے گناہ شہری کو جھوٹے مقدمات میں ملوث نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی فریادی کی شکایت میں یہ محسوس ہو کہ وہ کسی بے گناہ شخص کو مقدمے میں نامزد کروانا چاہتا ہے تو پولیس کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہ لائے اور مکمل غیر جانبداری سے تحقیقات کرے۔

    صحافی جان محمد مہر قتل کیس اور پریا کماری کیس کا جائزہ
    ضیاء الحسن لنجار نے اجلاس میں صحافی جان محمد مہر قتل کیس میں ملوث اور نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور اس کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے پر زور دیا۔

    اسی دوران، وزیر داخلہ نے پریا کماری کیس کی تفصیلات بھی طلب کیں اور متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے۔
    اس موقع پر وزیر داخلہ کے ہمراہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سکھر اور تمام متعلقہ ایس ایس پیز بھی موجود تھے، جنہوں نے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر داخلہ سندھ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنائیں اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

  • گوجرہ: پیسوں کے تنازع پر دو نوجوانوں کی خودکشی کی کوشش

    گوجرہ: پیسوں کے تنازع پر دو نوجوانوں کی خودکشی کی کوشش

    گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) شہر میں دو مختلف واقعات میں دو نوجوانوں نے گھریلو جھگڑوں کے بعد خودکشی کی کوشش کی۔

    پہلا واقعہ تھانہ سٹی گوجرہ کے علاقے محلہ شریف گارڈن میں پیش آیا، جہاں بیروزگار نعمان طارق ولد محمد طارق نے والد سے خرچے کے لیے رقم مانگی، انکار پر جھگڑے کے بعد زہریلی گولیاں کھا لیں۔ اسے فوری طور پر گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا۔

    دوسرا واقعہ تھانہ صدر کے نواحی گاؤں چک نمبر 281 ج ب میں پیش آیا، جہاں محسن رضا ولد محمد ریاض کا اپنے بھائی علی رضا سے پیسوں کے لین دین پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔ اسے گوجرہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔

    پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔