Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات مکمل، ضلع خیبر میں 208 طلباء کی شرکت

    وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات مکمل، ضلع خیبر میں 208 طلباء کی شرکت

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ امتحانات مکمل، ضلع خیبر میں 208 طلباء کی شرکت

    وفاق المدارس العربیہ کے تحت ملک بھر میں ہونے والے سالانہ امتحانات مکمل ہوگئے، جس میں 6 لاکھ 25 ہزار 628 طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ ضلع خیبر کے طلباء کے لیے جامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ شاکس کو امتحانی ہال مقرر کیا گیا، جہاں 208 طلباء نے امتحان دیا۔

    جامعہ کی جانب سے امتحانی ہال میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور سرکاری قواعد پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔ طلباء اور امتحانی عملے کے لیے مفت قیام و طعام اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو عملہ بھی موجود رہا۔

    امتحان میں شریک طلباء نے جامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ شاکس کے بہترین انتظامات کو سراہا اور اسے دیگر مدارس کے لیے ایک مثالی نمونہ قرار دیا۔ طلباء نے کہا کہ انہیں پہلی بار امتحانات میں پرامن اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔

    ملک بھر میں وفاق المدارس العربیہ کے تحت سینکڑوں امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جہاں ڈھائی ہزار سے زائد ممتحنین اور ممتحنات نے امتحانات کا انعقاد یقینی بنایا۔

    جامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلمان نے کہا کہ ادارہ ہمیشہ بہترین امتحانی انتظامات کے تسلسل کو برقرار رکھے گا اور وفاق المدارس کے مرکزی صدر مفتی تقی عثمانی کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

  • ٹھٹھہ:پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ:پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) جعلی نمبر پلیٹ لگا کر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی نمبر پلیٹ لگا کر گٹکا مٹیریل اور منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی میں 740 کلو گٹکا مٹیریل، 500 پیکٹ گٹکا ماوا، 1900 گرام چرس اور ایک ریوو گاڑی برآمد کر لی گئی، جبکہ ملزم محمد انس ولد نادر ملک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    انچارج سی آئی اے پولیس ٹھٹھہ انسپیکٹر ممتاز علی بروہی نے دوران گشت خفیہ اطلاع پر ٹھٹھہ سجاول روڈ پر ایک مشکوک ریوو گاڑی (جس پر جعلی پولیس نمبر پلیٹ SPD-350 لگی ہوئی تھی) کو روکنے کی کوشش کی۔ تاہم، ڈرائیور نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی، جس کے باعث شوگر مل کے قریب حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی تحویل میں لے لی اور ملزم محمد انس ولد نادر ملک کو گرفتار کر لیا۔

    تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گاڑی کا اصل نمبر CZ-3167 ہے، جو کہ محمد حنیف ولد گل محمد شاہ، رہائشی کراچی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ یہ گاڑی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر منشیات سپلائی کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

    مزید تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ ملزم اور یہی گاڑی پہلے بھی تھانہ گلستان جوہر کراچی کے مقدمہ نمبر 535/2024 (دفعہ 170,171 تعزیرات پاکستان) میں ملوث رہے ہیں۔

    ٹھٹھہ پولیس نے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ دیگر ممکنہ ملزمان اور گروہ کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    ٹھٹھہ پولیس کا منشیات، گٹکا، مین پڑی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • حافظ آباد: دیور کے ساتھ فرار ہونے والی شادی شدہ خاتون بازیاب، ملزم گرفتار

    حافظ آباد: دیور کے ساتھ فرار ہونے والی شادی شدہ خاتون بازیاب، ملزم گرفتار

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگار)دیور کے ساتھ فرار ہونے والی شادی شدہ خاتون بازیاب، ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق حافظ آباد کے تھانہ کسوکی کی چوکی حمید پورہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دیور کے ساتھ فرار ہونے والی شادی شدہ خاتون کو اسلام آباد سے بازیاب کروا لیا، جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    13 ستمبر 2024 کو خاتون کے والد نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ اس کی شادی شدہ بیٹی، جو دو بچوں کی ماں ہے، گھر سے لاپتہ ہو گئی ہے۔ والد نے اپنے داماد کے بھائی (دیور) پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اطلاع دی کہ وہ اس کے ساتھ فرار ہو چکی ہے۔

    پولیس نے مقدمہ نمبر 640/24 بجرم 496A درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ٹریسنگ کی مدد سے معلوم ہوا کہ خاتون اور اس کا دیور اسلام آباد میں موجود ہیں۔

    چوکی انچارج رائے حاکم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کوہسار، اسلام آباد پولیس کے تعاون سے خاتون کو بازیاب کروا کر دیور کو گرفتار کر لیا۔

  • مظفرگڑھ: سنگدل باپ کا معصوم بیٹے کو پھانسی دینے کا خوفناک اقدام، پولیس نے بچالیا

    مظفرگڑھ: سنگدل باپ کا معصوم بیٹے کو پھانسی دینے کا خوفناک اقدام، پولیس نے بچالیا

    مظفرگڑھ(باغی ٹی وی رپورٹ) سنگدل باپ کا معصوم بیٹے کو پھانسی دینے کا خوفناک اقدام، پولیس نے بچالیا

    مظفرگڑھ میں ایک ظالم باپ نے اپنے چار سالہ معصوم بیٹے واسع کو پھانسی پر چڑھانے کی کوشش کی، تاہم بچے کی دلخراش چیخ و پکار سن کر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور معصوم بچے کی جان بچا لی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرگڑھ کے علاقے شاہ جمال میں سنگدل باپ نے 4 سالہ بچے کے گلے میں رسی ڈال کر درخت پر پھانسی دینے کی کوشش کی۔

    ایس ایچ او نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو ریسکیو کیا۔ رسی کے نشان سے بچے کی گردن نیلگوں ہو گئی تھی، لیکن خوش قسمتی سے وہ زندہ بچ گیا۔

    پولیس نے سنگدل باپ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ پھانسی دینے کے لیے استعمال ہونے والی رسی بھی برآمد کر لی گئی۔

    واقعے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے تھانے پہنچ کر پولیس کو بروقت کارروائی اور بچے کی جان بچانے پر خراج تحسین پیش کیا،ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد خان نے پولیس کی فوری کارروائی اور ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔

    معصوم واسع خوف اور صدمے کے باعث ایس ایچ او کے گلے سے لپٹا رہا، جس نے بچے کو دلاسہ دیا اور مکمل تحفظ کا یقین دلایا۔

  • بارکھان: چوروں نے ٹرانسفارمر کی کوائلیں چرا لیں، عوام عدم تحفظ کا شکار

    بارکھان: چوروں نے ٹرانسفارمر کی کوائلیں چرا لیں، عوام عدم تحفظ کا شکار

    بارکھان(مریدحسین ٹالپور کی رپورٹ) چوروں نے ٹرانسفارمر کی کوائلیں چرا لیں، عوام عدم تحفظ کا شکار

    تفصیل کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کی بستی لعل محمد ساوے میں چوروں نے رات کی تاریکی میں بجلی کے ٹرانسفارمر کی کوائلیں چوری کر لیں، جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

    ماضی میں امن و سلامتی کے لیے مشہور ضلع بارکھان میں چند مہینوں سے چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ چور دور دراز علاقوں میں موجود پانی کی مشینیں، بجلی کے ٹرانسفارمر اور شمسی پلیٹیں تک چوری کر رہے ہیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق، پولیس اور سیکیورٹی ادارے مجرمان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

    اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اہل علاقہ اپنی حفاظت کے لیے بندوق اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ عوام نے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • میرپور ماتھیلو: گھوٹکی پولیس کا مجرموں کے خلاف کریک ڈاؤن، خطرناک گینگ گرفتار

    میرپور ماتھیلو: گھوٹکی پولیس کا مجرموں کے خلاف کریک ڈاؤن، خطرناک گینگ گرفتار

    میرپور ماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس کا مجرموں کے خلاف کریک ڈاؤن، خطرناک گینگ گرفتار

    تفصیل کے مطابق میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی میں پولیس کی بڑی کارروائی کے دوران نیشنل ہائی وے اور لنک روڈز پر عوام کے لیے خوف کی علامت بننے والا خطرناک گینگ قانون کی گرفت میں آ گیا۔

    گھوٹکی پولیس کی یہ کارروائی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں عمل میں آئی، جس میں اے ایس پی میرپور ماتھیلو محمد علی اعوان، ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو، ایس ایچ او میرپور ماتھیلو عبدالرزاق انصاری، ایس ایچ او ڈھرکی سید قلب عباس شاہ، اور سی آئی اے پولیس گھوٹکی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حصہ لیا۔

    پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں شامل ہیں:
    نثار احمد ولد عبدالفتح چنہ،عامر ولد غلام عباس کورئی،نویر احمد ولد نظیر احمد ملک،نادر علی ولد محمد سومر نصیرانی (سکنہ لیبر کالونی میرپور ماتھیلو)

    یہ ملزمان درج ذیل مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے: 🔹 10/2025 – دفعہ 393، 394 ت پ ،🔹40/2025– دفعہ 457، 380 ت پ
    🔹 41/2025 – دفعہ 457، 380 ت پ .🔹 ،43/2025 – دفعہ 392 ت پ 🔹 16/2025 – دفعہ 457، 380 ت پ

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل، تین سولر پلیٹیں اور دو سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مزید کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • قصور: بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دینے والے 5 انسانی سمگلر گرفتار

    قصور: بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دینے والے 5 انسانی سمگلر گرفتار

    قصور ،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے 5 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق متاثرہ افراد کے اہلخانہ کی شکایات پر یہ کارروائی کی گئی۔ ملزمان نے چونیاں، کوٹ رادھا کشن اور رائے ونڈ سے تعلق رکھنے والے چار شہریوں سے فی کس 32 لاکھ روپے وصول کیے اور انہیں اٹلی بھیجنے کا وعدہ کیا مگر حقیقت میں انہیں ایران پہنچا دیا گیا۔

    مزید براں انسانی سمگلروں نے بعد میں متاثرین کے اہلخانہ سے مزید 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور رقم نہ ملنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ظالمانہ سلوک کی انتہا یہ تھی کہ ملزمان نے متاثرین کی انگلیاں اور کان کاٹ کر ان کے ورثا کو ویڈیوز بھیج دیں۔

    ایف آئی اے نے اہلخانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور قصور سے تعلق رکھنے والے 5 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد شہزادہ، محمد اسماعیل، کاشف، میاں فاروق اور اشتیاق احمد شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • متحدہ عرب امارات میں غیر ہنر مند پاکستانیوں کیلئے روزگار کے دروازے بند

    متحدہ عرب امارات میں غیر ہنر مند پاکستانیوں کیلئے روزگار کے دروازے بند

    باغی ٹی وی .متحدہ عرب امارات کا غیر ہنر مند پاکستانی کارکنوں کے ویزے بند کرنے کا فیصلہ

    تفصیل کے مطابق دی ایکسپریس ٹریبیون نے خبر دی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ غیر ہنر مند پاکستانی کارکنوں کے لیے یو اے ای میں ملازمت کے مواقع ختم ہو رہے ہیں کیونکہ ملک اب ہنر مند پیشہ ور افراد کی طلب کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    گلف نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سفیر نے کہا ’’ہمیں اب اکاؤنٹنٹس، آئی ٹی ماہرین، بینکرز، مصنوعی ذہانت (AI) کے ماہرین، ڈاکٹرز، نرسز اور پائلٹس کو یو اے ای کی جاب مارکیٹ کے لیے تربیت دینے کی ضرورت ہے۔‘‘

    انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں ہنر مند افراد کی طلب میں اضافے کے ساتھ پاکستان کے پاس ایک بڑا موقع ہے کہ وہ اپنی افرادی قوت کو مہارتوں سے آراستہ کرے۔

    فیصل ترمذی نے نشاندہی کی کہ غیر ہنر مند، کم اجرت والی نوکریوں کے بجائے ہنر مند ملازمتوں میں منتقلی پاکستانیوں کی آمدنی میں نمایاں بہتری لا سکتی ہے۔

    انہوں نے وضاحت کی، ’’اگر ہم اپنے افراد کو ان ہائی ڈیمانڈ شعبوں میں تربیت دیں تو وہ ایسی ملازمتیں حاصل کر سکتے ہیں جن کی تنخواہیں 20 ہزار درہم یا اس سے زائد ہوں گی جو کہ غیر ہنر مند مزدوروں کی موجودہ 1,000 درہم سے کہیں زیادہ ہیں۔‘‘

    سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات صرف افرادی قوت بھیجنے تک محدود نہیں بلکہ یہ شراکت داری اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی مشتمل ہے۔

    انہوں نے مہارتوں کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آئی ٹی، اکاؤنٹنگ، صحت عامہ اور ایوی ایشن کے شعبوں میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنی چاہیے۔

    ترمذی نے نرسنگ اور فزیوتھراپی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی عالمی طلب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’ہمیں پاکستان میں عالمی معیار کی نرسنگ سہولیات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملک میں پائلٹ ٹریننگ اسکولز کے قیام پر بات چیت جاری ہے تاکہ کم لاگت پر پائلٹوں کو تربیت دی جا سکے۔

    ترسیلات زر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ صرف چھ ماہ میں ان میں 53 فیصد اضافہ ہوا ہے اور وہ 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ امید ہے کہ مالی سال کے اختتام تک یہ رقم 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

    انہوں نے کہا، ’’کرین آپریٹرز، سیکیورٹی گارڈز اور دیگر نیلی کالر ورکرز اس کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔‘‘

    مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاحت کے فروغ، اعلیٰ تعلیم کی بہتری اور عالمی معیشت میں اپنا مقام مضبوط کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

  • احمد پور شرقیہ: غیرت کے نام پر 37 سالہ شخص قتل، مقدمہ درج

    احمد پور شرقیہ: غیرت کے نام پر 37 سالہ شخص قتل، مقدمہ درج

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں غیرت کے نام پر ایک شخص کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں محلہ اسلام پورہ میں پیش آیا، جہاں 37 سالہ محمد الطاف کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول محمد الطاف کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قتل کی وجوہات خاندانی تنازع یا غیرت کے معاملات ہو سکتے ہیں، تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • سعودی عرب سمیت 10 ممالک سے 139 پاکستانی شہری ڈی پورٹ، 15 گرفتار

    سعودی عرب سمیت 10 ممالک سے 139 پاکستانی شہری ڈی پورٹ، 15 گرفتار

    کراچی ،باغی ٹی وی(نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ) سعودی عرب، قطر، عمان، موریطانیہ، سینیگال اور ملائیشیا سمیت 10 ممالک سے 48 گھنٹوں میں 139 پاکستانی شہریوں کو بے دخل کر دیا گیا، جن میں سے 15 کو کراچی ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔

    امیگریشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں بلیک لسٹ، منشیات، چوری، پاسپورٹ کے بغیر سفر اور دیگر الزامات کے تحت 14 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ انسانی سمگلنگ سے بچائے گئے 3 افراد کو موریطانیہ اور 2 کو سینیگال سے بے دخل کیا گیا، جنہیں اے ایچ ٹی سی نے حراست میں لے لیا۔

    عمان سے 24 پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے پر ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں سے ایک کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا۔ عراق سے 34 پاکستانی زائد المیعاد قیام اور غیر قانونی داخلے پر بے دخل کیے گئے، جن میں سے 2 کو گوجرانوالہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    دبئی میں منشیات، چوری، زائد المیعاد قیام اور پاسپورٹ گم ہونے جیسے الزامات پر 31 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جبکہ ملائیشیا میں غیر قانونی امیگریشن کے باعث 8 افراد کو واپس بھیجا گیا۔

    ادیس ابابا اور قطر سے 9 پاکستانی شہریوں کو رہائشی قوانین کی خلاف ورزی، غیر قانونی کام اور دیگر وجوہات پر بے دخل کیا گیا۔ تمام افراد کی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کر دی گئی ہیں۔