Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ:رانا منان خان کا ڈسٹرکٹ جیل کا اچانک دورہ، قیدیوں کی سہولتوں کا جائزہ

    سیالکوٹ:رانا منان خان کا ڈسٹرکٹ جیل کا اچانک دورہ، قیدیوں کی سہولتوں کا جائزہ

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) رانا منان خان کا ڈسٹرکٹ جیل کا اچانک دورہ، قیدیوں کی سہولتوں کا جائزہ

    سیالکوٹ ، چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی کھانے، صحت اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری اور جیل سپرنٹینڈنٹ ملک بابر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    رانا منان خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جیلوں میں سیکیورٹی اور انتظامی امور کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے قیدیوں سے سہولتوں اور شکایات کے حوالے سے گفتگو کی اور ان کے ازالہ کے لیے جیل حکام کو ہدایات دیں۔ چیئرمین سی ایم ٹاسک فورس نے جیل میں تیار کیے جانے والے کھانے کو خود کھا کر اس کی معیار کا جائزہ لیا اور جیل ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔

  • ننکانہ:موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد

    ننکانہ:موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)موجودہ حالات میں یوتھ اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے، شیخ فیاض احمد

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی سیکرٹریٹ ننکانہ صاحب میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان مرکزی مسلم لیگ سینٹرل پنجاب کے صدر شیخ فیاض احمد نے کی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت ضلع بھر سے نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا گیا۔

    شیخ فیاض احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام، اور سماجی مسائل جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے میں نوجوانوں اور طلباء کا کردار ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم یافتہ سوچ ہی پاکستان کو درپیش مسائل کا حل فراہم کر سکتی ہے اور نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلباء اپنی تحقیقی صلاحیتوں کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ شیخ فیاض احمد نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طبقہ فرقہ واریت اور تعصب کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کی سرگرمیاں امن و امان کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی معاون ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے نہ صرف بے روزگاری کم ہوگی بلکہ ملک کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ موجودہ حالات میں نوجوان نسل میں سیاسی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یوتھ کو ملکی سیاست میں شامل کر کے شفافیت، انصاف، اور بہتر حکمرانی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کو تعلیمی اور معاشی مواقع فراہم کرے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اور طلباء پاکستان کی ترقی اور استحکام کے اہم ستون ہیں۔ ان کی صلاحیتوں اور جذبے کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے تو پاکستان ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکتا ہے۔

  • لنڈی کوتل: صحافت پیغمبری پیشہ، علاقائی مسائل اجاگر کرنے میں صحافیوں کا کردار قابل فخر، عدنان قادری

    لنڈی کوتل: صحافت پیغمبری پیشہ، علاقائی مسائل اجاگر کرنے میں صحافیوں کا کردار قابل فخر، عدنان قادری

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) صحافت پیغمبری پیشہ، علاقائی مسائل اجاگر کرنے میں صحافیوں کا کردار قابل فخر، عدنان قادری
    تفصیل کے مطابق قادری،صوبای وزیر صوبائی وزیر علامہ عدنان قادری نے ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) کے نومنتخب صدر شاہ رحمان شینواری ،جنرل سیکرٹری شاہد شینواری ،فنانس سیکرٹری، اجمیر خان اور پریس سیکرٹری رحیم آفریدی سے حلف لیا،

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور علامہ عدنان قادری، ٹرائیبل یونین اف جرنلسٹس کے مرکزی صدر قاضی فضل اللہ ،مولانا شعیب قادری،حاجی مزمل،بلدیاتی نمائندگان ابودردا شینواری، حاجی عزیز، سجاد خان ،طورخم کسٹم کلئیرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین معراج الدین شینواری, ٹرانسپورٹ صدر عظیم اللہ شینواری ،نائب صدر یاداللہ شینواری ودیگر افراد بھی موجود تھے،

    تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عدنان قادری نے کہا کہ صحافت پیغمبری پیشہ ہے جو علاقے کے مسائل حکام بالا تک پہنچاتے ہیں اور حکومت و عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ علاقے میں صحافیوں کی قربانیوں سے کوئی انکار نہیں کر سکتا صحافی معاشرے کیلئے آنکھ اور کان ہے ہمیں لنڈی کوتل کے صحافیوں پر فخر ہیں جس نے ہر وقت دیانتداری کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دی ہیں.

    آخر میں پریس کلب صدر شاہ رحمان شینواری اور ٹی یو جے کے مرکزی صدر قاضی فضل اللہ نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا.

  • کراچی: اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 100 سے زائد ہندو جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک

    کراچی: اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 100 سے زائد ہندو جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک

    کراچی,باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ)پاکستان ہندو کونسل اور ڈاکٹر پریم کمار سیتل داس میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی سالانہ رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ریلوے گراؤنڈ کراچی میں کیا گیا، جس میں 100 سے زائد ہندو جوڑے ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔

    تقریب کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا، "غریب اور نادار جوڑوں کا گھر بسانا روحانی سکون کا باعث ہے۔ اب تک 1600 سے زائد ہندو جوڑوں کی شادیاں کرانے کا اعزاز حاصل کر چکا ہوں، اور ہر سال نئے برس کا آغاز 125 جوڑوں کی شادی کرانے سے کرتا ہوں۔”

    رنگین قمقموں اور برقی روشنیوں سے مزین پنڈال میں سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے باراتی اور جوڑے پہنچے، جہاں شہنائیوں اور ڈھول کی تھاپ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں کاروباری، سماجی اور غیر ملکی شخصیات سمیت مختلف شعبہ جات کے معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر نوبیاہتا جوڑوں میں جہیز کا سامان بھی تقسیم کیا گیا۔

    تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ہندو کونسل اور ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔

    مہمانوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں مستحق ہندو جوڑوں کے لیے ایسی شاندار تقریب کا انعقاد ایک عظیم کارنامہ ہے۔ ہر سال ہندو کمیونٹی اس یادگار تقریب کا شدت سے انتظار کرتی ہے۔

    تقریب کے دوران ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اس دعا میں مہمانوں نے مذہبی تفریق سے بالاتر ہو کر شرکت کی، جو بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی ایک بہترین مثال ہے۔

  • حافظ عبدالرحمان مکی  کی شان و جلالت اور بھارتی میڈیا،تحریر:قاضی کاشف نیاز

    حافظ عبدالرحمان مکی کی شان و جلالت اور بھارتی میڈیا،تحریر:قاضی کاشف نیاز

    حافظ عبدالرحمان مکی رحمہ اللہ کی شان و جلالت اور بھارتی میڈیا
    تحریر: قاضی کاشف نیاز
    میں اس کے مقام کا کیا اندازہ لگاؤں جس کی موت پر دشمن بھی بڑھ چڑھ کر خوشیاں منا رہا ہو۔ ایسے عظیم شخص کے مقام کی حد کو میں پا ہی نہیں سکتا۔ ذرا دیکھیں تو سہی کہ کفر کے ایوانوں میں کس قدر شادیانے بج رہے ہیں۔ انڈیا کا شاید ہی کوئی چینل ہو جو مکی رحمہ اللہ کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دے کر بغلیں نہ بجا رہا ہو۔ این ڈی ایم انڈیا نیوز سے لے کر زی نیوز، نیوز نیشن، بھارت 24، ہندوستان ٹائمز، سنسکرتی ایاز (Iuyas Sanskrit) رتام انگلش نیوز (Ritam English News) اور انڈیا ٹوڈے تک، انڈیا کے تقریباً سبھی نیوز چینلز حافظ عبدالرحمان مکی رحمہ اللہ کی وفات کو ایک بہت بڑی خبر اور اس دن کی سب سے بڑی بریکنگ نیوز بنا کر چیخ چیخ کر، چلا چلا کر اور گلا پھاڑ پھاڑ کر دنیا کو بتاتے رہے کہ ہمارا ایک سب سے بڑا دشمن، 26/11 کا ماسٹر مائنڈ، ہماری جان چھوڑ چکا۔

    خیر، یہ تو اس کی ایک اور بہت بڑی غلط فہمی ہے کہ وہ سمجھتا ہے کہ اس طرح اس کی جان چھوٹ گئی ہے۔ اسے اندازہ ہی نہیں کہ ایک مکی رحمہ اللہ کے جانے سے اس کی جان نہیں چھوٹی بلکہ مکی رحمہ اللہ کی موت تو پہلے سے بھی کئی گنا زیادہ "مکی” پیدا کر چکی ہے۔ پہلے صرف ایک جماعت اور اس سے وابستہ لوگ ہی مکی رحمہ اللہ کو جانتے تھے۔ اب پاکستان کا شاید ہی کوئی طبقہ ہو جو مکی رحمہ اللہ کی شان میں رطب اللسان نہ ہو۔

    آج تو بڑے بڑے لبرل دانشور اور اے این پی جیسی لبرل سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی ان کی عظمت بیان کر رہے ہیں اور بڑے بڑے وفود کی صورت میں تعزیت کے لیے ان کے در پر پہنچے ہیں۔

    واہ مکی رحمہ اللہ! تیرے کیا کہنے۔ تو جب تک زندہ رہا، دعوت و جہاد اور انبیاء علیہم السلام کی سیاست کے مشن کو آسمان تک پہنچایا اور مرا بھی تو اس طرح کہ اس مشن کو اوجِ ثریا تک پہنچا گیا۔ وہ رخصت ہوئے تو یہ کہتے ہوئے کہ وقت بہت کم ہے اور پھر کلمہ پڑھتے ہوئے یہاں تک بتا گئے کہ فرشتے ان کی روحِ سعید کے استقبال کو اور لینے کو آ پہنچے ہیں۔

    اسی قابل رشک موت کی وجہ سے ہی آج کفر کا ہر ایوان مکی رحمہ اللہ کی گونج سے لرز رہا ہے۔ ان کی خوشیاں بتا رہی ہیں کہ اندر سے یہ بزدل کفار حافظ عبدالرحمان مکی رحمہ اللہ سے کس قدر خوفزدہ اور دہشت زدہ تھے۔ وہ تھی ہی ایسی شخصیت۔

    ان کے ہم عصر ساتھی بتاتے ہیں کہ اپنے طالب علمی کے زمانے میں بھی وہ سرخوں اور ملحدوں کے لیے ہمیشہ دہشت کی علامت رہے۔ جب اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ تھے اور سرخوں سے مقابلہ ہوتا تو انہیں ہی سب سے آگے کیا جاتا۔

    ایک دفعہ سرخوں کا پورا جلوس اپنی مار دھاڑ دکھا رہا تھا تو اسلام پسندوں کو سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ ان سے کیسے نمٹا جائے۔ آخر مشورہ ہوا کہ کسی طرح حافظ عبدالرحمان کو لایا جائے تو وہ ان کا آسانی سے توڑ کر لیں گے۔ چنانچہ وہ آئے تو پھر اس طرح شیر کی طرح آئے کہ اکیلے ہی اپنے موٹر سائیکل پر سوار پوری تیزی سے سرخوں کے جلوس کی طرف رخ کر لیا۔

    کس شیر کی آمد ہے کہ رن کانپ رہا ہے
    رن تو رن ہے، چرخ کہن کانپ رہا ہے

    کا مصداق بن کر جوں ہی موٹر سائیکل ان کی طرف چڑھائی، سرخوں کا سارا جلوس ہی آناً فاناً تتر بتر ہو گیا۔

    پھر باقی ساری زندگی بھی کفر کا ہر ایوان ان سے یوں ہی لرزتا رہا اور آج تک لرز رہا ہے۔ اپنی موت سے بھی انہیں ایسا لرزایا اور ڈرایا کہ وہ اسے کبھی بہت بڑا دہشت گرد کہتے ہیں، کبھی بہت بڑا انتہا پسند، اور کبھی 26/11 کا سب سے بڑا سرغنہ قرار دے رہے ہیں۔

    یہ دراصل مکی صاحب رحمہ اللہ کے لیے وہ خطابات ہیں جو انہیں کفر کے ایوانوں سے مل رہے ہیں اور یہ خطابات انہیں جس قدر مل رہے ہیں، اسی قدر یہ خطابات ان کے لیے اعزاز بن کر اللہ کی بارگاہ میں جرأت اور بہادری کے تمغوں میں ڈھلتے جا رہے ہیں۔

    اللہم اغفر لہ وارحمہ وعافہ واعف عنہ واکرم نزلہ ووسع مدخلہ وادخلہ الجنہ الفردوس۔ آمین ثم آمین!

  • باغی ٹی وی، ہمارا محسن

    باغی ٹی وی، ہمارا محسن

    باغی ٹی وی، ہمارا محسن
    تحریر: حیدر علی صدیقی
    haidersiddiqui276@gmail.com
    سب سے پہلے تو باغی ٹی وی کے سی ای او اور میدانِ صحافت کی نڈر شخصیت جناب مبشر لقمان صاحب کو سالگرہ مبارک۔ اللہ ﷻ ان کی عمر دراز فرمائے۔امن و استحکام، حقوقِ انسانی اور علم و ادب کے لیے کوشاں پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل نیٹ ورک باغی ٹی وی کو اپنی بہترین خدمات کے ساتھ 13 ویں سالگرہ مبارک۔

    باغی ٹی وی کے ساتھ میرا رشتہ اگست 2021ء میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے راستے سے قائم ہوا، جب باغی ٹی وی پر میرا پہلا کالم 9 اگست 2021ء کو شائع ہوا۔ تب سے میں اس فورم کے ساتھ جڑ گیا۔ بعد ازاں باغی ٹی وی کے پلیٹ فارم سے میرے کئی کالم شائع ہوتے رہے ہیں۔ میں دیگر باتوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے آج باغی ٹی وی کے حوالے سے بات کروں گا۔

    باغی ٹی وی پاکستان کا سب سے بڑا اور ملک گیر ڈیجیٹل نیٹ ورک ہے لیکن بایں ہمہ یہ پاکستان کے ہر ایک شہری کی توانا آواز ہے۔ امن و استحکام، حالاتِ حاضرہ، سائنس و ٹیکنالوجی، علم و ادب، جمہوریت و سیاست، ملکی و بین الاقوامی خبریں جیسے کثیر موضوعات باغی ٹی وی کا حصہ ہیں۔ باغی ٹی وی کی نشریات کئی زبانوں میں ہیں، جن میں اردو، پشتو، انگریزی، دری اور چینی شامل ہیں۔

    یہ پلیٹ فارم لکھاریوں کے لیے کتنا زبردست اور بہترین ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ آج کل نو آموز قلمکاروں اور لکھاریوں کے لیے کسی جریدے یا ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اپنے خیالات اور تخلیقات شیئر کرنے کا موقع نہیں ملتا، لیکن باغی ٹی وی اس حوالے سے سب سے الگ ہے۔ اس نے ہر ایک کا خیرمقدم کیا اور اس کی آواز کو بلند کیا۔

    باغی ٹی وی نے نئے آنے والوں کو مایوس نہیں ہونے دیا بلکہ ان کو امید دلائی، ان کی حوصلہ افزائی کی، اور انہیں اپنے خیالات اور تخلیقات شیئر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ یہ باتیں میں جذبات میں آ کر نہیں کہہ رہا بلکہ میں خود اس صورتحال سے گزر چکا ہوں۔ جب میرا پہلا کالم باغی ٹی وی پر شائع ہوا تھا تو اس وقت کی خوشی دیدنی تھی، جسے اب میں الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔ باغی ٹی وی اور اس کی انتظامیہ کی یہی وسیع ظرفی تھی جس نے راقم کو حوصلہ دلایا۔ تب سے باغی ٹی وی اور اس کی انتظامیہ کو میں اپنے محسنوں میں شمار کرتا ہوں۔

    باغی ٹی وی درست اور سچ مواد شریک کرنے کا ملک کا سب سے بڑا ڈیجیٹل اور عوامی پلیٹ فارم ہے۔ نو آموز قلمکار حضرات اپنی صحیح اور درست مواد عوام سے شیئر کرنے کے لیے باغی ٹی وی کا رخ کریں اور اپنی آواز کو توانا بنائیں۔

    باغی ٹی وی کی بات چلی تو اس موقع پر باغی ٹی وی کے ایڈیٹر جناب ممتاز حیدر اعوان صاحب کے بارے میں کچھ نہ کہنا زیادتی اور نا انصافی ہوگی۔ ممتاز حیدر صاحب ایک ملک گیر فورم کے ایڈیٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سادہ، انسان دوست اور ملنسار انسان ہیں۔ ایک بڑے ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ایڈیٹر ہونے کے ناطے آپ ان کی مصروفیات کو سمجھ سکتے ہیں، لیکن بایں ہمہ آپ بہترین اخلاق و صفات کے مالک انسان ہیں۔ ہماری نہ کبھی ملاقات ہوئی ہے، نہ ہمارے درمیان باغی ٹی وی کے علاوہ کوئی رشتہ ہے۔ لیکن ایک جونیئر کالم نگار ہونے کی حیثیت سے اگر باغی ٹی وی کے حوالے سے کوئی بات پیش آئی، کوئی سوال پیش آیا، تو ممتاز صاحب نے انتہائی محبت اور سنجیدگی کے ساتھ رہنمائی فرمائی۔

    خیر! بات لمبی چوڑی ہوتی جا رہی ہے۔ اللہ کرے کہ باغی ٹی وی کی خدمات اور کامیابی کا یہ سفر تا دیر جاری و ساری رہے۔ آمین۔
    سالگرہ مبارک باغی ٹی وی۔

  • گوجرانوالہ: باغی ٹی وی کی 13ویں سالگرہ کی تقریب منعقد، کیک کاٹا گیا

    گوجرانوالہ: باغی ٹی وی کی 13ویں سالگرہ کی تقریب منعقد، کیک کاٹا گیا

    گوجرانوالہ (نامہ نگار) باغی ٹی وی کی 13ویں سالگرہ کی تقریب مقامی دفتر میں منعقد ہوئی، جس کی میزبانی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی نے کی۔ تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جس میں معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں عطا الرحمن صدیقی (ورک آئس کریم والے)، اعجاز صاحب، محمد عامر سیٹھ، سیٹھ محمد مستنصر، استاد محمد طارق (سینٹری والے)، خرم شہزاد سوہل (سوہل یونائٹڈ سینٹری والے) اور منشی احد کریمی شامل تھے۔

    اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ باغی ٹی وی نے ہمیشہ مظلوموں کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے محمد رمضان نوشاہی کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ غریب اور مستحق افراد کے ساتھ کھڑے رہنے کی شاندار روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

    تقریب کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ باغی ٹی وی، مشہور اینکرپرسن اور سینئر صحافی مبشر لقمان کی قیادت میں، ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

  • اوچ شریف: تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم کا آغاز

    اوچ شریف: تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم کا آغاز

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم کا آغاز گزشتہ روز الشمس چوک اوچ شریف میں ہوا۔ یہ مہم تحریک لبیک اوچ شریف کے سرپرست اعلیٰ ریاض احمد خان بلوچ، امیر تحریک لبیک اور حلقہ پی پی 250 کے ایم پی اے کے امیدوار سید غلام ارتضیٰ جمالی، اور ایوب خان ناظم اعلیٰ تحریک لبیک کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہوئی۔

    اس موقع پر شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی۔ سید غلام ارتضیٰ جمالی نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خون کی فوری ضرورت ہوتی ہے، اور یہ مہم ان کی زندگیوں میں امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے مہم کے ذریعے خون کی فراہمی اور عوام میں عطیات دینے کی اہمیت اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    مہم میں تحریک لبیک کے کارکنان اور مقامی شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ خون کے عطیات دینے والوں کی بڑی تعداد نے مہم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ جمع کیے گئے عطیات مقامی بلڈ بینک کے ذریعے فوری طور پر تھیلیسیمیا کے مریض بچوں تک پہنچائے گئے۔

    سید غلام ارتضیٰ جمالی نے مہم کی کامیابی پر شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ ضرورت مند افراد تک مدد پہنچائی جا سکے اور علاقے میں صحت کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: نو منتخب بار عہدیداران کو سماجی و صحافتی شخصیات کی مبارکباد

    اوچ شریف: نو منتخب بار عہدیداران کو سماجی و صحافتی شخصیات کی مبارکباد

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر مہر شوکت یار خان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری خورشید خان بلوچ ایڈووکیٹ کو سماجی و صحافتی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر گلدستے پیش کیے گئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

    پریس کلب اوچ شریف کے چیئرمین خواجہ غلام شبیر، سرپرست اعلیٰ احمد حسن اعوان، صدر میاں محمد عامر صدیقی، جنرل سیکرٹری حبیب اللہ خان، اور دیگر عہدیداران سمیت سماجی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہر شوکت یار خان ایڈووکیٹ اور خورشید خان بلوچ ایڈووکیٹ نے اپنی کامیابی کو عوام کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام، وکلا، اور صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ عوام کو سستا اور معیاری انصاف گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ نو منتخب عہدیداران نے عوام، وکلا، اور صحافتی برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنے کردار کو مزید متحرک اور موثر بنانے کا عہد کیا۔

    تقریب میں موجود شرکاء نے نو منتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کے عزم کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں وکلا برادری کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی قابل ذکر اقدامات کیے جائیں گے۔

  • اوچ شریف: ٹیکس ناکوں پر اورچارجنگ، عملے کی غنڈہ گردی کی ویڈیو وائرل

    اوچ شریف: ٹیکس ناکوں پر اورچارجنگ، عملے کی غنڈہ گردی کی ویڈیو وائرل

    اوچ شریف (نامہ نگار: حبیب خان) شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ٹیکس ناکوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔ عملے کی بدتمیزی، غنڈہ گردی، اور اوورچارجنگ معمول بن چکی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    حالیہ دنوں میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک شہری کو اپنی فیملی کے ساتھ عملے کی بدتمیزی اور تشدد کا سامنا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بستی نوناری کے شہری وقاص نے دعویٰ کیا کہ دگنا چارج نہ دینے پر اسے زدوکوب کیا گیا اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ان ناکوں پر تعینات عملہ نہ صرف اوورچارجنگ کرتا ہے بلکہ عزت نفس کو مجروح کرنے سے بھی باز نہیں آتا۔ اس غیر انسانی سلوک کے باعث لڑائی جھگڑے اور گالم گلوچ معمول بن چکے ہیں۔

    وقاص سمیت دیگر متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ان ٹیکس ناکوں پر کارروائی کرتے ہوئے عوام کو ان مشکلات سے نجات دلائی جائے اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے بروقت ایکشن نہ لیا تو یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔