Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی: تھانہ تنگوانی کی حدود سے دو افراد اغوا، پولیس خاموش

    تنگوانی: تھانہ تنگوانی کی حدود سے دو افراد اغوا، پولیس خاموش

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) تھانہ تنگوانی کی حدود سے دو افراد اغوا، پولیس خاموش

    تنگوانی کے قریب تھانہ تنگوانی کی حدود میں ڈاکوؤں نے دو افراد کو اغوا کر لیا۔ واقعہ گاؤں محمد حیات کھوسو میں پیش آیا، جہاں وڈیرے خان محمد کے ڈیرے پر چوکی پر موجود گل حسن اور اس کے بھتیجے مورزادو کھوسو کو ڈاکو رات دیر گئے اغوا کر کے لے گئے۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈاکو اچانک ڈیرے پر پہنچے اور دونوں افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ مقامی پولیس ابھی تک کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے، جس پر اغوا شدگان کے اہل خانہ شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔

    اغوا شدہ افراد کے گھروں پر ماتم کا ماحول ہے، اور متاثرہ خاندانوں نے پولیس کی خاموشی اور بے حسی پر سخت احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کو فوری طور پر ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کر کے مغویوں کو بازیاب کرانا چاہیے۔

    علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور شہری اپنی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ متاثرین کے خاندانوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لے کر فوری انصاف فراہم کرے۔

    پولیس کی جانب سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ علاقے کے عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ ڈاکوؤں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

  • تنگوانی: 6 ماہ کی معصوم بچی گیسٹروانٹرائٹس سے جاں بحق

    تنگوانی: 6 ماہ کی معصوم بچی گیسٹروانٹرائٹس سے جاں بحق

    تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) 6 ماہ کی معصوم بچی گیسٹروانٹرائٹس سے جاں بحق

    تفصیل کے مطابق تنگوانی کے قریب گاؤں مولوی ظفرالدین باجکانی میں 6 ماہ کی معصوم بچی فاطمہ، گیسٹروانٹرائٹس کے باعث انتقال کر گئی۔ بچی کے والد فوجی نیاز باجکانی کے مطابق ان کی اکلوتی بیٹی دست اور الٹی کی شدت کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی۔

    نامہ نگار منصور بلوچ نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے کزن کے خاندان کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے والدین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ رب تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ہسپتال اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی اپیل مسترد، پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم

    ڈیرہ غازی خان: ہسپتال اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی اپیل مسترد، پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم

    ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) گورنر پنجاب نے ٹیچنگ ہسپتال کے اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی اپیل مسترد کردی، پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی جانب سے محتسب پنجاب کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ گورنر نے حکم دیا ہے کہ اضافی تنخواہوں کی وصولی کے معاملے میں ذمہ دار افراد کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت فوری کارروائی کی جائے اور اضافی رقم واپس سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے۔

    محتسب پنجاب نے اپنی تحقیقات میں انکشاف کیا تھا کہ ہسپتال کی ایک چارج نرس، جو مسلسل غیر حاضر تھی، تنخواہ وصول کرتی رہی۔ یہ سلسلہ اکاؤنٹنٹ کی ملی بھگت سے جاری رہا، حالانکہ ہسپتال انتظامیہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اس صورتحال سے باخبر تھے۔

    محتسب نے حکم دیا تھا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نہ صرف ذمہ دار افراد کی نشاندہی کریں بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے 30 دن کے اندر تعمیل رپورٹ پیش کریں۔

    گورنر نے محتسب کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقائق اور شواہد کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اس میں کسی مداخلت کی ضرورت نہیں۔ اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی اپیل کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔

    گورنر نے ہسپتال انتظامیہ کو محتسب کے حکم پر فوری عمل درآمد کا حکم دیا ہے تاکہ انتظامی بدعنوانی کا سدباب کیا جا سکے اور عوامی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • اٹک: مویشی پال حضرات کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ، بلاسود قرضوں کا اجرا

    اٹک: مویشی پال حضرات کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ، بلاسود قرضوں کا اجرا

    اٹک(باغی ٹی وی) مویشی پال حضرات کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ ترقی کا پیش خیمہ، بلاسود قرضوں کی فراہمی

    حکومت پنجاب زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور مویشی پال حضرات کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ ایک اہم قدم ہے جو ان کی معیشت میں بہتری کا سبب بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک اٹک ڈاکٹر اویس اکرم نے لائیو اسٹاک کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تقریب میں انہوں نے حکومت پنجاب کے ویژن اور وزیر لائیو اسٹاک و زراعت اور سیکریٹری لائیو اسٹاک کی زیر نگرانی جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال افراد کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جو بنک آف پنجاب اور حکومت پنجاب کے مشترکہ منصوبے کا حصہ ہیں۔ ان قرضوں سے مویشیوں کی خوراک کو بہتر بنا کر دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

    ڈاکٹر اویس اکرم نے مزید کہا کہ یہ کارڈ مویشی پال حضرات کی معاشی حالت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی اور قومی سطح پر گوشت اور دودھ کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مددگار ہوگا۔ انہوں نے زمینداروں اور مویشی پال افراد کو ترغیب دی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

    تقریب کے اختتام پر تحصیل اٹک کے موضع دکھنیر کے رہائشی محمد پرویز کو لائیو اسٹاک کارڈ جاری کیا گیا اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ یہ اقدام مویشی پال افراد کے لیے حکومت کی بھرپور حمایت اور تعاون کا واضح مظہر ہے۔

  • اٹک: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت زیرو ویسٹ مہم جاری

    اٹک: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت زیرو ویسٹ مہم جاری

    اٹک باغی ٹی وی (ملک امان شجاع) ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت زیرو ویسٹ آپریشن شروع، تین ماہ میں صفائی کا ہدف

    ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اٹک شہر اور تحصیلوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ مہم تین ماہ میں مکمل کر کے اٹک کو کلین اینڈ گرین ضلع بنانے کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔

    ایک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو آپریشن کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اٹک کی 13 یونین کونسلز کے لیے 431 ورکرز کی بھرتی شروع کر دی ہے جبکہ 89 چھوٹی اور بڑی گاڑیاں صفائی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے خریدی جا رہی ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1139 اور موبائل نمبرز 03152008305، 03151039970 فراہم کیے ہیں۔ شہری "ستھرا پنجاب” موبائل ایپ، کنٹرول روم نمبر 0519291108، اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جہاں صفائی آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اٹک کی اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ جبین اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینیجر آپریشنز سید حسن سردار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کر دیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ گلیوں یا نالیوں میں کوڑا پھینکنے کے بجائے مخصوص کوڑا دانوں میں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ کوڑے کے ڈھیر صاف کرنے والے ورکرز شہریوں کے تعاون کے منتظر ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ جلد اٹک زیرو ویسٹ کا ہدف حاصل کرے گا اور ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب منصوبہ ثابت کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے مشن کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ "ہم سب نے مل کر اٹک کو پنجاب کا صاف اور سرسبز ضلع بنانا ہے۔”

  • اوچ شریف: دھند کے باعث دو مختلف حادثات، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف: دھند کے باعث دو مختلف حادثات، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دھند کے باعث دو مختلف حادثات، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف میں قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث دو مختلف حادثات پیش آئے، جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، پہلا حادثہ قومی شاہراہ سوئی گیس کوٹنگ پلانٹ کے قریب پیش آیا، جہاں 25 سالہ موٹر سائیکل سوار محمد عیسیٰ لوڈر سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نعش کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

    دوسرا حادثہ جلال پور ایکسپریس روڈ دھوڑکوٹ موڑ پر پیش آیا، جہاں ٹریلر اور لوڈر کے درمیان تصادم ہوا۔ اس حادثے میں لوڈر کا ڈرائیور رشید شدید زخمی ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کیبن کو کٹر کی مدد سے کاٹ کر زخمی ڈرائیور کو نکالا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

    دونوں حادثات دھند کی شدت کی وجہ سے پیش آئے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کیا گیا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حد رفتار کم رکھیں۔

  • راولپنڈی: ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، اے سی سٹی ملک حاکم خان

    راولپنڈی: ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، اے سی سٹی ملک حاکم خان

    راولپنڈی (نامہ نگار)ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، اے سی سٹی ملک حاکم خان

    باغی ٹی وی کے نامہ نگار شوکت علی ملک اور سینئر صحافی محسن قیوم شیخ نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی ملک حاکم خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران راولپنڈی شہر میں جاری ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نامہ نگار اور سینئر صحافی نے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے اے سی سٹی کی کوششوں کو سراہا اور عوامی مفاد میں ان کی کاروائیوں کو مثبت قدم قرار دیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملک حاکم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد تاجروں کے کاروبار کو آسان اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن ناگزیر ہے تاکہ شہر کو عوام کے لیے زیادہ قابل رہائش بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن بلا تفریق اور بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔

    شہریوں نے بھی ان اقدامات کی حمایت کی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کے عزم کو سراہا۔

  • سیالکوٹ: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

    سیالکوٹ: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

    سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ساتھیوں سابق چیئرمین چودھری شفقت اعوان ایڈووکیٹ، شاہد میر ایڈووکیٹ اور آفتاب وڑائچ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عرفان اللہ وڑائچ اور جنرل سیکرٹری چودھری افضال اسلم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے عہدیداروں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو عوامی مسائل کے حل اور سستا انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیدار وکلاء برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور عدالتی نظام میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔

    تقریب میں موجود شرکاء نے بھی نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

  • مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نئیں مردا , مولاجٹ کے پروڈیوسر کا انتقال, ایک عہد کا خاتمہ

    مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نئیں مردا , مولاجٹ کے پروڈیوسر کا انتقال, ایک عہد کا خاتمہ

    مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نئیں مردا،مولاجٹ کے پروڈیوسر کا انتقال، ایک عہد کا خاتمہ
    تحریر:شاہد نسیم چوہدری
    پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک روشن باب، محمد سرور بھٹی، 13 جنوری 2025 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات سے نہ صرف فلمی دنیا بلکہ ان کے مداحوں میں بھی ایک گہرا خلا پیدا ہوا ہے۔ سرور بھٹی وہ نام ہیں جو 1979 کی شہرہ آفاق فلم مولاجٹ کے پروڈیوسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی فلمی خدمات نے پاکستانی سینما کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔مولاجٹ پاکستانی سینما کا شاہکار،سرور بھٹی کی پروڈیوس کردہ فلم مولاجٹ پاکستانی فلمی تاریخ کا وہ شاہکار ہے جس نے فلم انڈسٹری کو ایک نئی شناخت دی۔

    مولاجٹ، پاکستانی سینما کا شاہکار
    سرور بھٹی کی پروڈیوس کردہ فلم مولاجٹ، پاکستانی فلمی تاریخ کا وہ شاہکار ہے جس نے فلم انڈسٹری کو ایک نئی پہچان دی۔ گنڈاسا کلچر پر مبنی اس فلم میں سلطان راہی، مصطفیٰ قریشی، اور عالیہ جیسے معروف اداکاروں نے کام کیا۔ اس فلم کے مکالمے، خاص طور پر "مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نئیں مردا”، آج بھی زبان زد عام ہیں۔

    مولاجٹ صرف ایک فلم نہیں بلکہ پاکستانی ثقافت کی عکاسی اور عوامی جذبات کی نمائندگی تھی۔ اس نے معاشرتی اور ثقافتی مسائل کو منفرد انداز میں پیش کیا، جس کی بدولت یہ فلم پاکستان سمیت بیرون ملک بھی مقبول ہوئی۔

    دیگر کامیاب فلمیں
    سرور بھٹی نے مولاجٹ کے علاوہ بھی کئی کامیاب فلمیں پروڈیوس کیں، جن میں شیر خان، وحشی جٹ، اور چن وریام شامل ہیں۔

    شیر خان: سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی شاندار اداکاری سے بھرپور یہ فلم شائقین کی دل پسند ثابت ہوئی۔
    وحشی جٹ: مولاجٹ کی طرح ایک یادگار فلم، جس میں گنڈاسا کلچر کی منفرد عکاسی کی گئی۔
    چن وریام: دیہی پنجاب کی ثقافت اور تعلقات کی پیچیدگیوں پر مبنی یہ فلم عوام میں بے حد مقبول ہوئی۔

    سرور بھٹی، فلم انڈسٹری کے محسن
    سرور بھٹی کا شمار ان فلم سازوں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی سینما کو بین الاقوامی معیار کے قریب لانے کی بھرپور کوشش کی۔ ان کی فلموں کا موضوع معاشرتی مسائل، دیہی ثقافت، اور انسانی جذبات پر مبنی ہوتا تھا۔ ان کا وژن پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک تحریک ثابت ہوا۔

    مولاجٹ کا اثر، فلم انڈسٹری میں انقلاب
    مولاجٹ نے پاکستانی سینما کے لیے نئی راہیں ہموار کیں۔ اس کی کامیابی کے بعد گنڈاسا کلچر پر مبنی کئی فلمیں بنائی گئیں، لیکن سرور بھٹی کی فلموں کا معیار اور گہرائی نمایاں رہی۔

    نماز جنازہ اور خراج عقیدت
    سرور بھٹی کی نماز جنازہ داتا دربار میں ادا کی گئی، جہاں فلمی دنیا کی معروف شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان کے انتقال پر فلمی صنعت کے مشہور ناموں نے افسوس کا اظہار کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    یادگار خدمات
    سرور بھٹی کی وفات پاکستانی سینما کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کی فلمیں نہ صرف ماضی کی یادگار ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشعل راہ بھی ہیں۔ ان کا نام ہمیشہ پاکستانی سینما کے سنہری صفحات پر جگمگاتا رہے گا۔

    "مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نئیں مردا” کا فلسفہ شاید سرور بھٹی کی زندگی کی حقیقت بن گیا، کیونکہ ان کے فن کے ذریعے وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

    اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

  • اوچ شریف: پریس کلب عہدیداران کے اعزاز میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ٹی پارٹی

    اوچ شریف: پریس کلب عہدیداران کے اعزاز میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ٹی پارٹی

    اوچ شریف (نامہ نگار: حبیب خان)پریس کلب عہدیداران کے اعزاز میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ٹی پارٹی

    پریس کلب اوچ شریف کے نو منتخب عہدیداران اور ممبران کے اعزاز میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے حلقہ پی پی 250 کے ٹکٹ ہولڈر، مہر غلام ربانی کاٹھیا کی جانب سے ایک پروقار ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔

    تقریب میں پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ احمد حسن اعوان، چیئرمین خواجہ غلام شبیر، صدر میاں محمد عامر صدیقی، جنرل سیکرٹری حبیب اللہ خان، اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

    جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے صحافیوں کی خدمات کا اعتراف
    مہر غلام ربانی کاٹھیا، جنرل سیکرٹری بابر صدیقی، مولانا جلیل احمد عباسی، اور دیگر رہنماؤں نے صحافیوں کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پریس کلب اوچ شریف کے صحافی ہمیشہ سچ اور حق کے لیے کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل میں صحافیوں کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    عزمِ صحافت کی تجدید
    پریس کلب کے عہدیداران نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحافتی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے اور پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے صحافتی آزادی اور پیشہ ورانہ اصولوں کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے اپنے عزم کی تجدید کی۔

    شرکاء کا اظہار تشکر

    پریس کلب کے سرپرست احمد حسن اعوان، صدر میاں عامر صدیقی، چیئرمین خواجہ غلام شبیر، اور جنرل سیکرٹری حبیب اللہ خان نے جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے دی گئی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔

    تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے صحافتی سرگرمیوں کے فروغ اور ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کے عہد کی تجدید کی۔
    اس موقع پر جمعیت طلبہ اسلام کے رہنما محمد اکمل نعمانی، محمد احمد اعوان، سید نعیم اللہ شاہ، اور دیگر بھی موجود تھے۔