Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: میونسپل کمیٹی کی غفلت، شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل

    اوچ شریف: میونسپل کمیٹی کی غفلت، شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)میونسپل کمیٹی کی غفلت، شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف میونسپل کمیٹی کے "باکمال” اور "ایماندار” چیف آفیسر کی غفلت کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ مزار حضرت جلال الدین سرخ پوش رحمۃ اللہ علیہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کے اطراف میں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں، زائرین اور طلباء کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

    شہر کے مختلف علاقوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور گندا پانی جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے، جس سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کے لیے شروع کیے گئے "چمکیں گے گاؤں” پروگرام کا اوچ شریف میں کوئی اثر نظر نہیں آ رہا۔ شہر کے گلی محلوں، چوراہوں اور مزارات کے اطراف میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث پورا علاقہ فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو چکا ہے۔

    گلیوں اور چوراہوں میں سینٹری ورکرز نے کوڑے کے ڈھیر لگا کر اپنی ذمہ داریوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں مچھر اور دیگر حشرات الارض کی افزائش ہو رہی ہے۔ یہ صورتحال ڈینگی اور دیگر مہلک امراض کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے۔

    طلباء، اساتذہ اور شہری روزمرہ کاموں کے دوران بدبو اور گندگی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اسکول جانے والے طلباء اور زائرین کے لیے یہ صورتحال ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

    شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں صفائی کے انتظامات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہر کی حالت سدھاری جا سکے۔

  • تنگوانی : پیدل حج پر جانے والے نوجوان کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

    تنگوانی : پیدل حج پر جانے والے نوجوان کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

    تنگوانی، باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی کے قریب پیدل حج پر جانے والے نوجوان کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

    تفصیلات کے مطابق ضلع کشمور کے علاقے مرید شاخ کے گاؤں حاجی غلام حیدر دستی کے رہائشی نوجوان بادل دستی جو پیدل حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 15 دسمبر کو اپنے گاؤں سے روانہ ہوئے تھے کو تنگوانی کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔

    نوجوان بادل دستی نے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل پہنچنے پر صحافیوں کو بتایا کہ پیدل حج کی نیت سے سفر کا آغاز کیا تھا مگر گزشتہ روز تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے مجھ پر حملہ کر کے میرے پاس موجود 15 ہزار روپے چھین لیے اور فرار ہو گئے۔

    بادل دستی نے بتایا کہ حج کے سفر کے لیے میرے پاس محدود وسائل تھے، اس لیے زیادہ رقم ساتھ نہیں لے جا رہا تھا۔ میں نے منصوبہ بنایا تھا کہ کوئٹہ پہنچنے کے بعد اپنے بھائی سے مزید رقم لے کر سفر جاری رکھوں گا۔ میرا ارادہ ہے کہ کوئٹہ سے تفتان کے راستے ایران پھر عراق اور کویت یا دبئی کے راستے سعودی عرب پہنچوں تاکہ حج کی سعادت حاصل کر سکوں۔

    نوجوان نے مزید کہا کہ حج ہر مسلمان کی دلی خواہش ہے، لیکن میرے پاس اتنے وسائل نہیں کہ میں عام سفری ذرائع سے جا سکوں، اس لیے پیدل روانہ ہوا۔ میرے والدین کا انتقال ہو چکا ہے اگر وہ زندہ ہوتے تو میں ان کی خدمت کر کے بھی حج کا ثواب حاصل کرتا۔ ڈاکوؤں کی واردات کے باوجود میرا عزم برقرار ہے اور میں اپنا سفر جاری رکھوں گا۔

    عوام نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور نوجوان کی مدد کی جائے تاکہ وہ اپنی نیت کو عملی جامہ پہنا سکے۔

  • اوچ شریف: میپکو کی غفلت، گنجان آباد علاقے میں موت کے سائے منڈلانے لگے

    اوچ شریف: میپکو کی غفلت، گنجان آباد علاقے میں موت کے سائے منڈلانے لگے

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)میپکو کی غفلت، گنجان آباد علاقے میں موت کے سائے منڈلانے لگے

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے گنجان آباد علاقےالشمس مارکیٹ میں نصب غیر محفوظ ٹرانسفارمر نے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میپکو کے ایس ڈی او اور عملے کی لاپرواہی کے باعث یہ علاقہ کسی بھی وقت خوفناک حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق ٹرانسفارمر کے گرد تاروں کا جال کسی بھی وقت چنگاریوں کا سبب بن سکتا ہے اور یہ چنگاریاں قریبی املاک، دکانوں اور انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ خاص طور پر جس ٹرالی پر ٹرانسفارمر رکھا گیا ہے، اس کے اوپر دکان کے ساتھ کوندر اور تنکوں سے بنایا گیا چھپر موجود ہے۔ اگر اس چھپر تک آگ کی ایک چنگاری پہنچ گئی تو پلک جھپکتے ہی سب کچھ خاک بن جائے گا اور اس علاقے میں بڑی تباہی کا خدشہ ہے۔

    الشمس مارکیٹ میں میپکو نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانسفارمر کی ٹرالی موبائل فون مارکیٹ کے راستے پر کھڑی کر دی ہے، جس سےشہریوں کوآمد ورفت میں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے ۔ اگر خدانخواستہ یہاں کسی قسم کا حادثہ رونما ہوا تو بہت زیادہ انسانی جانوں کےنقصان کا اندیشہ ہے۔

    بازار کے تاجروں نے شکایت کی ہے کہ اس صورتحال نے نہ صرف ان کے کاروبار کو متاثر کیا ہے بلکہ وہ مسلسل خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ مقامی افراد نے بارہا میپکو کے ذمہ داران کو خطرے سے آگاہ کیا لیکن مسئلے کے حل کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ ٹرانسفارمر کے اکثر سپارک ہونے کے واقعات کے بعد بھی میپکو حکام کی خاموشی ان کی غفلت کو ظاہر کرتی ہے۔

    شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں، میپکو کے ایس ڈی او اور متعلقہ عملے کے خلاف سخت کارروائی کریں اور علاقے میں ٹرانسفارمر کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ کیا عوام کی حفاظت کے لیے ذمہ دار ادارے ہی اب ان کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں؟ حکومت اور متعلقہ حکام کو اس سوال کا فوری جواب دینا ہوگا تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

  • لیہ: جعلی پیر نے خاتون کے پاؤں جلا ڈالے، ملزم گرفتار

    لیہ: جعلی پیر نے خاتون کے پاؤں جلا ڈالے، ملزم گرفتار

    لیہ(باغی ٹی وی) جعلی پیر نے خاتون کے پاؤں جلا ڈالے، ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق ضلع لیہ میں ایک جعلی پیر نے خاتون کو جن نکالنے کے بہانے جلادیا، جس کے نتیجے میں اس کے دونوں پاؤں بری طرح جھلس گئے۔ یہ واقعہ تھانہ کوٹ سلطان کی حدود میں پیش آیا، جہاں ملزم اعجاز نے رقیہ بی بی کو جلتے ہوئے کوئلوں کی کڑاہی میں کھڑا کر دیا۔

    خاتون کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ جعلی پیر نے علاج کے بہانے اس پر یہ تشدد کیا۔ ریکسیو حکام نے خاتون کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تحصیل ہسپتال کوٹ سلطان منتقل کر دیا۔

    پولیس نے ڈی پی او محمد علی وسیم کی ہدایات کے تحت ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے فوری کارروائی کی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 873/24 تھانہ کوٹ سلطان درج کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ کوٹ سلطان اور ان کی ٹیم کو بروقت کارروائی کرنے پر ڈی پی او نے شاباش دیتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا۔

  • خانیوال: دھند کے باعث نیازی چوک کے قریب دو بسوں میں تصادم، 6 افراد زخمی

    خانیوال: دھند کے باعث نیازی چوک کے قریب دو بسوں میں تصادم، 6 افراد زخمی

    خانیوال(باغی ٹی وی) دھند کے باعث نیازی چوک کے قریب دو بسوں میں تصادم، 6 افراد زخمی

    تفصیل کے مطابق خانیوال میں نیازی چوک کے قریب شدید دھند کے باعث دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 40 سالہ عابدہ، 30 سالہ سمیرا، 50 سالہ اختر بی بی، 35 سالہ غلام، 35 سالہ حمیرا، اور 35 سالہ اختر مائی شامل ہیں۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی۔ 4 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ 2 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • ٹھل کا صحافی نبی بخش کنرانی بخشاپور سے مبینہ اغوا، کاربرآمد

    ٹھل کا صحافی نبی بخش کنرانی بخشاپور سے مبینہ اغوا، کاربرآمد

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصوربلوچ) بخشاپور کے قریب ٹھل کے صحافی نبی بخش کنرانی کے اغوا کا مبینہ واقعہ پیش آیا۔ مبینہ مغوی صحافی کی گاڑی لاوارث حالت میں ملی جبکہ اغوا کا شبہ ڈاکوؤں پر ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نبی بخش کنرانی جو پی ایف یو جے کے ضلعی یونٹ جیکب آباد یونین آف جرنلسٹس کے ممبر اور ٹھل کے سینئر صحافی ہیں، ضلع کشمور کے تھانہ بخشاپور کی حدود سے مبینہ طور پر اغوا ہوئے ہیں۔ مغوی کے سسر دلبر کنرانی نے بتایا کہ صبح کے وقت نبی بخش ان کی مہران کار لے کر کسی کام کے سلسلے میں بخشاپور گئے تھے۔ شام تک ان سے رابطہ نہ ہو سکا اور ان کے موبائل فون بند ملے۔

    بعد ازاں بخشاپور تھانے کے ایس ایچ او نے اطلاع دی کہ مہران کار لاوارث حالت میں ملی ہے۔ گاڑی سے ایک پرچی برآمد ہوئی جس پر درج نمبر پر رابطہ کرنے پر دلبر کنرانی کا نمبر ظاہر ہوا۔ اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ نبی بخش کنرانی کو ڈاکو اغوا کرکے لے گئے ہیں اور ان کی کار لاوارث چھوڑ دی گئی۔

    پولیس اور مغوی کے ورثا ءنے فوری طور پر تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعے نے صحافی برادری اور مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: گیس بحران نے شہریوں کو سردیوں میں بے بس کر دیا

    ڈیرہ غازی خان: گیس بحران نے شہریوں کو سردیوں میں بے بس کر دیا

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر) گیس بحران نے شہریوں کو سردیوں میں بے بس کر دیا

    ڈیرہ غازی خان میں شدید سردی کی لہر نے پہلے ہی شہریوں کی زندگی کو مشکل بنا رکھا تھا، لیکن گیس کی مسلسل بندش نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے، گرم پانی اور ہیٹنگ کے لیے گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو مہنگی ایل پی جی سلنڈروں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، جس سے ان کا مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ سردیوں میں گیس کی کمی کی وجہ سے شدید پریشان ہیں۔ بچے اور بوڑھے سردی کی وجہ سے بیمار پڑ رہے ہیں اور گھر میں گرم رہنے کے لیے انہیں اضافی کپڑے پہننے پڑ رہے ہیں۔

    شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی کمی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اسے فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: قائداعظم ڈے اور کرسمس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

    ڈیرہ غازی خان: قائداعظم ڈے اور کرسمس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا

    ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر جواد اکبر): قائداعظم ڈے اور کرسمس کے انتظامات کا جائزہ، شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے ہدایات جاری

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ ڈیرہ غازی خان کا اجلاس ڈپٹی کمشنر و چیئرمین محمد عثمان خالد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائداعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یوم قائد کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم تہواروں کے موقع پر تمام ادارے الرٹ رہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

    اجلاس میں اہم مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے واک تھرو گیٹس نصب کرنے، چرچز کے اندر اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو ممکن بنانے کی ہدایت دی گئی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال نے بریفنگ میں بتایا کہ ریسکیو 1122 نے منظم روابط اور انتظامات کو یقینی بنایا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے باآسانی نمٹا جا سکے۔ اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ، اے ڈی سی جی قدسیہ ناز، اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور گورننس کی بہتری کیلئے خصوصی احکامات جاری

    ڈیرہ غازی خان: ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور گورننس کی بہتری کیلئے خصوصی احکامات جاری

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور گورننس کی بہتری کیلئے خصوصی احکامات جاری

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے غیر جانبدار ذرائع سے منصوبوں کے آڈٹ کرانے اور معیار کو جانچنے کے لیے "ٹیسٹ کٹس” کے استعمال کا حکم دیا۔

    کمشنر نے ہدایات دیں کہ اگر کسی منصوبے میں غیر معیاری کام پایا گیا تو متعلقہ تعمیراتی کمپنی کو آئندہ سرکاری منصوبوں کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو گورننس میں بہتری کا واضح فرق محسوس ہو۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مین ہولز پر پلاسٹک کے مضبوط ڈھکن لگانے، صفائی کے معیار کو بہتر بنانے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کرنے اور تجاوزات کے خاتمے پر زور دیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ گلی محلوں میں موجود سڑکوں کے گڑھے فوری طور پر بھرے جائیں اور بڑے شہروں میں ماڈل ریڑھی بازاروں کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو۔

    اجلاس میں شہر کی خوبصورتی کے لیے خصوصی توجہ دینے اور دیگر عوامی امور پر بہتری کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور متعلقہ حکام کو مزید ہدایات جاری کی گئیں۔

  • گوجرہ: مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں تقریب

    گوجرہ: مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں تقریب

    گوجرہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) مرکزی جمعیت اہلحدیث تحصیل گوجرہ کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے دیانتداری اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے کی تلقین کی۔

    تقریب سے مولانا عبدالقادر عثمان، حافظ محمد اسلم جٹ، میاں محمد افضل اور محمد ریاض چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کام دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ کیا جائے، اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اللہ کی رضا حاصل کرنا اور دین کی خدمت کرنا ہونا چاہیے۔

    تقریب میں رکن مجلس شوریٰ حاجی محمد ارشد رندھاوا، حافظ محمد عمر رندھاوا، محمد طیب رندھاوا، مولانا محمد شریف گجر، مولانا نیاز الہی گورسی، چوہدری خالد بھٹہ، حافظ محمد عمران شاکر اور حکیم قاری عبدالرؤف ساجد بھی شریک ہوئے۔

    مقررین نے حج و عمرہ کی سہولت کے حوالے سے ٹریول ایجنسیوں کو مناسب منافع لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف حاجیوں کو آسانی ہوگی بلکہ اللہ کی رضا بھی حاصل ہوگی۔

    تقریب کے آخر میں مولانا عبدالقادر عثمان نے ملکی سلامتی اور کاروبار میں برکت کے لیے دعا کرائی۔