Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: برطانوی ہائی کمیشن کی ٹیم کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، برآمدات کے لئے نیا پروگرام متعارف

    سیالکوٹ: برطانوی ہائی کمیشن کی ٹیم کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، برآمدات کے لئے نیا پروگرام متعارف

    سیالکوٹ ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض)گروپ ہیڈ آف ٹریڈ اینڈ اکانومی اور برطانوی ہائی کمیشن کے پولیٹیکل قونصلر مسٹر مہیش مشرا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ چیمبر آف کامرس کے صدر اکرام الحق، نائب صدر عمر خالد اور ایگزیکٹو باڈی ممبران نے مہمانوں کا پھولوں کے گلدستے پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔

    مسٹر مہیش مشرا نے خطاب میں بتایا کہ برطانیہ نے پاکستانی برآمدی کاروباروں کی مدد کے لیے ایک نیا ترقیاتی پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد برآمدی صلاحیت میں اضافہ، جدت کو فروغ دینا اور بین الاقوامی منڈیوں خصوصاً برطانیہ تک زیادہ رسائی ممکن بنانا ہے۔

    ملاقات کے دوران دونوں ممالک میں ممکنہ تعاون، اسٹریٹجک اہداف اور سیالکوٹ کی برآمداتی صنعت کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    قبل ازیں صدر چیمبر آف کامرس اکرام الحق نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سیالکوٹ کی صنعت سے جڑے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر فہد سلہری، نائب صدر عمر خالد، صبیحہ احمد، ڈاکٹر مریم صدیقہ، اعجاز غوری، فیضان اکبر اور دیگر ایگزیکٹو باڈی ممبران بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات ترجیح، افضال اسلم چوہدری

    سیالکوٹ: وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات ترجیح، افضال اسلم چوہدری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض)وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات ترجیح، افضال اسلم چوہدری

    ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے امیدوار برائے سیکرٹری، افضال اسلم چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے آرائیں وکلاء اتحاد کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے کے موقع پر کہی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر منتخب ہوا تو وکلاء کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا۔ دوستوں کی حمایت اور اللہ کے فضل سے ہمارا قافلہ کامیابی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ افضال اسلم نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

    ظہرانے کی تقریب میں میاں جاوید اقبال ایڈووکیٹ، چوہدری شہزاد خالد ایڈووکیٹ، میاں ناصر اقبال ایڈووکیٹ، چوہدری اقبال علی راہی ایڈووکیٹ، میاں فہیم ایڈووکیٹ، امیر حمزہ ایڈووکیٹ، میاں اسداللہ ایڈووکیٹ اور میاں فریدالدین مسعود ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وکلاء برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • اوچ شریف: سردی بڑھتے ہی فش مافیا نے مچھلی کی قیمت آسمان پر پہنچا دی

    اوچ شریف: سردی بڑھتے ہی فش مافیا نے مچھلی کی قیمت آسمان پر پہنچا دی

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)سردی بڑھتے ہی فش مافیا نے مچھلی کی قیمت آسمان پر پہنچا دی

    موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی اوچ شریف اور گردونواح میں مچھلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فش مافیا نے دیسی مچھلی کے نام پر فارمی مچھلی مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کر دی ہے جبکہ مضر صحت استعمال شدہ آئل میں پکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مچھلی کے نرخ ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے اس لذیذ خوراک کو ناقابل رسائی بنا دیا ہے۔ مقامی ہوٹلوں اور تلی ہوئی مچھلی کے اسٹالز پر قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مہر عمران سیال کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، عوام ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فش مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مچھلی کی قیمتوں کو کنٹرول میں لایا جائے تاکہ عام عوام بھی سردیوں میں مچھلی کا لطف اٹھا سکیں۔

  • اوچ شریف: پولیس کی پشت پناہی سے بیوہ کی فصل تباہ، انصاف کی طلب گار

    اوچ شریف: پولیس کی پشت پناہی سے بیوہ کی فصل تباہ، انصاف کی طلب گار

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ضلع بہاولپور میں ڈی پی او کی ماتحت پولیس کے سبوتاژ کے الزام میں ایک غریب بیوہ نے اپنی فصل کی تباہی کا شکار ہونے کی شکایت کی ہے۔ تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں غنڈہ گردی کا عروج ہے اور پولیس چٹی دلالوں کے ہاتھوں محکوم بیوہ کی گندم کی فصل پر زہریلی سپرے کر تباہی مچانے کا الزام لگا رہی ہے۔

    بیوہ ریاض حسین بلوچ نے اپنے اخباری بیان میں کہا، "میں اور میرا چھوٹا بیٹا اپنی ہمشیرہ کے گھر بستی عزت خان سے شام کے وقت واپس آ رہے تھے کہ دیکھا کہ میری زمین میں محسن ولد محمد محسن بلوچ سکنہ سکھیل زہریلی سپرے کر رہا تھا۔ ہم نے ان سے پوچھا تو محسن گھبرا گیا اور ملازم حسین نے کہا کہ سپرے کرتے رہے۔ ہم نے شور مچایا لیکن ملزمان فرار ہو گئے۔”

    ریاض حسین بلوچ نے مزید بتایا، "محسن کی وجہ سے میری گندم کی فصل اجاڑ گئی جس کا نقصان تقریباً 80 ہزار روپے ہوا۔ ہم نے 15 پر پکار کی لیکن پولیس دیر سے پہنچی۔ ہم نے تھانہ ڈیرہ نواب صاحب میں بھی درخواست دی لیکن پولیس پرچہ درج کرنے سے گریزاں ہے۔”

    بیوہ کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کی حمایت کر رہی ہے کیونکہ ان کا تعلق منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا سے ہے۔ "پولیس ہمیں بار بار تھانہ پر بلانے اور صلح کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ڈی پی او بہاولپور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائے اور ہمارے نقصان کا ازالہ ہو,” انہوں نے مطالبہ کیا۔

    یہ واقعہ ضلع بہاولپور میں بڑھتی ہوئی غنڈہ گردی اور پولیس کے ناجائز استعمال پر روشنی ڈالتا ہے، جس سے معصوم افراد کو انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

  • اوچ شریف:کھوجی کتوں کے باعث کئی بے گناہ مجرم قرار،متعددخاندان دشمنیوں کا شکار

    اوچ شریف:کھوجی کتوں کے باعث کئی بے گناہ مجرم قرار،متعددخاندان دشمنیوں کا شکار

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)کھوجی کتوں کی نشاندہی پر معصوم ‘مجرم’ قرار، کئی خاندان دشمنیوں کی بھینٹ چڑھ گئے

    ضلع بہاولپور میں کھوجی کتوں کے ذریعے جعلی سراغ رسانی کے نتیجے میں متعدد بے گناہ افراد مجرم قرار دیے جا چکے ہیں، جس سے کئی خاندان دشمنیوں اور تباہی کا شکار ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں ریٹائرڈ آرمی افسران کے نام پر قائم پرائیویٹ سراغ رساں کتوں کے دفاتر مبینہ طور پر معصوم لوگوں کے خلاف جھوٹے الزامات کے لیے کھوجی کتوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان دفاتر کے ایجنٹ کسی بھی واردات کے بعد متاثرہ افراد سے رابطہ کر کے اپنی خدمات بیچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    پولیس بھی ان ایجنٹوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور مدعیوں کو کھوجی کتوں کی خدمات حاصل کرنے کا مشورہ دیتی ہے۔ ذرائع کے مطابق سراغ رسانی کے لیے استعمال ہونے والے کتے اکثر "ایکسپائر” ہوتے ہیں اور ایجنٹوں کے اشاروں پر کسی بھی غریب کے گھر یا ویران جگہ پر بیٹھ جاتے ہیں۔

    جہاں یہ کتے بیٹھتے ہیں، وہیں متاثرہ خاندان کو مجرم قرار دے دیا جاتا ہے اور پولیس اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کر دیتی ہے۔ یہاں تک کہ بے گناہ افراد کے گھروں کا سامان تک اٹھا لیا جاتا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے۔

    یہ واقعات نہ صرف بے گناہ افراد کے لیے ظلم و زیادتی کا سبب بن رہے ہیں بلکہ کئی خاندانوں کے درمیان دیرینہ دشمنیوں کو جنم دے رہے ہیں۔

    عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان پرائیویٹ سراغ رساں کتوں کے اداروں پر پابندی عائد کی جائے اور پولیس کو کھوجی کتوں کی نشاندہی پر ایف آئی آر کے اندراج سے روکا جائے تاکہ بے گناہ افراد کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور ان کے خاندانوں کو تباہی سے بچایا جا سکے۔

  • سرگودھا: گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں ڈویژنل سپورٹس مقابلوں کا افتتاح

    سرگودھا: گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں ڈویژنل سپورٹس مقابلوں کا افتتاح

    سرگودھا، باغی ٹی وی (نامہ نگار شاہنواز جالپ)سابق وفاقی وزیر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی چوہدری حامد حمید نے کمشنر سرگودھا کے ہمراہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک سرگودھا میں ڈویژنل سپورٹس مقابلوں کا افتتاح کیا۔

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین پہنچنے پر چوہدری حامد حمید اور کمشنر سرگودھا کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

    اس موقع پر چوہدری حامد حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "تعلیم کے میدان میں کھیلوں کو فروغ دینا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کا ایک احسن اقدام ہے۔ لڑکیوں کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نہایت اہم ہیں۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کی تعلیمی اداروں کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں اور ان کے یہ اقدامات نوجوان نسل کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔

    ڈویژنل سپورٹس مقابلوں کے آغاز سے نہ صرف طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا بلکہ یہ سرگرمیاں انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

  • ڈیرہ غازی خان :بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    ڈیرہ غازی خان :بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں بارڈر ملٹری پولیس کے PSI امتیاز افضل خان کھوسہ مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے، ان کے اعزاز میں بی ایم پی لائن میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس محمد اسد خان چانڈیہ، رسالدار خرم عباس کھوسہ، رسالدار وقار عزیز قیصرانی، رسالدار اعجاز احمد لغاری، سرکل آفیسر حافظ محمد یوسف، ایس ایچ او لیاقت عباس لغاری، ایس ایچ او حبیب خان لغاری، لائن افسر محمد ساجد خان لغاری، ایڈیشنل ایس ایچ او حاجی محمد حسین اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔

    کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ نے امتیاز افضل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ڈیوٹی بہترین طریقے سے انجام دی۔ ان کے فرائض کی لگن اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    امتیاز افضل نے تقریب میں کمانڈنٹ، رسالداران، جمعداران، دفعداران، لائن افسر اور دیگر تمام عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت ہر ممکن کوشش کی کہ عوام کی خدمت کی جائے۔

    یاد رہے کہ امتیاز افضل خان کھوسہ ایک ہر دل عزیز شخصیت کے مالک تھے۔ ان کا دفتر ہر سائل کے لیے ہمہ وقت کھلا رہتا تھا اور کوئی سائل مایوس ہوکر واپس نہیں جاتا تھا۔ ان کی خاصیت یہ تھی کہ وہ صحافی برادری کے قریبی دوست سمجھے جاتے تھے اور ہر صحافی کو عزت و احترام دیتے تھے۔ ان کی مہمان نوازی کا یہ عالم تھا کہ وہ کسی صحافی کو چائے پلائے بغیر جانے نہیں دیتے تھے۔ ان کے جانے کے بعد ان جیسی شخصیت کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ:علی بابا ڈاٹ کام کا  پاکستان سپلائرز ایکسپورٹ سمٹ 2025 کا انعقاد

    سیالکوٹ:علی بابا ڈاٹ کام کا پاکستان سپلائرز ایکسپورٹ سمٹ 2025 کا انعقاد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیورچیف شاہدریاض) دنیا کے معروف B2B ای کامرس پلیٹ فارم علی بابا ڈاٹ کام نے سیالکوٹ میں منعقدہ پاکستان سپلائرز ایکسپورٹ سمٹ 2025 کے دوران پاکستان میں ٹریڈ ایشورنس سروس کی لانچ کا اعلان کیا۔ یہ اقدام پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے لیے تجارت کو محفوظ اور قابل اعتماد بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

    یہ سروس پاکستان کے سپلائرز کو لین دین کے عمل میں تحفظ فراہم کرتی ہے، جس سے وہ بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ اعتماد کے ساتھ کاروبار کر سکیں گے۔ سپلائی کرنے والے اس سروس کے ذریعے اپنی ادائیگیاں محفوظ بنانے اور عالمی مارکیٹ میں اعتماد بڑھانے کے قابل ہوں گے۔ علی بابا ڈاٹ کام کے مطابق، ایسکرو سسٹم کے تحت خریدار آرڈر کی تسلی بخش وصولی کے بعد ہی ادائیگی کرتا ہے، جس سے خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی بابا ڈاٹ کام جنوب مشرقی ایشیا کے سربراہ، راجر لوو نے کہا: "پاکستان، پیداواری صلاحیت اور وسیع مصنوعات کی اقسام کے سبب عالمی خریداروں کے لیے ایک نمایاں سپلائر مارکیٹ ہے۔ ٹریڈ ایشورنس سروس کے ذریعے ہم پاکستانی کاروباروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی مارکیٹ میں ان کا حصہ بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔”

    ایونٹ میں علی بابا ڈاٹ کام نے ملبوسات کی صنعت میں پاکستان کی مضبوط پوزیشن کو تسلیم کرتے ہوئے مقامی کاروباروں کے لیے بین الاقوامی مواقع کو اجاگر کیا۔ تقریب میں بتایا گیا کہ عالمی ملبوسات کی صنعت 2024 سے 2028 تک 2.81% سالانہ ترقی کی شرح (CAGR) سے 1.79 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اکرام الحق نے کہا: "علی بابا ڈاٹ کام کی جانب سے سیالکوٹ میں یہ سمٹ منعقد کرنا ہمارے شہر کی صنعتی اہمیت کا ثبوت ہے۔ اس ایونٹ نے مقامی کاروباروں کو بین الاقوامی مارکیٹ میں کامیابی کے لیے ضروری ٹولز فراہم کیے ہیں۔”

    نارویچ اسٹریٹ ویئر کے بانی اور تصدیق شدہ سپلائر، طیب حسنین نے کہا: "ٹریڈ ایشورنس اعتماد کے فرق کو ختم کرتے ہوئے طویل مدتی تعلقات کو فروغ دیتی ہے۔ اس سے خریدار بڑے آرڈرز دینے میں پراعتماد ہوتے ہیں، اور سپلائرز ادائیگی کے خطرات کی فکر کیے بغیر معیاری مصنوعات فراہم کر سکتے ہیں۔”

    علی بابا ڈاٹ کام نے پاکستانی ملبوسات سپلائرز کے لیے خصوصی خدمات متعارف کرانے کا اعلان کیا، جس میں جدید ٹولز اور وسائل کے ذریعے مصنوعات کی نمائش کو بہتر بنانے اور عالمی خریداروں تک آسان رسائی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

    علی بابا ڈاٹ کام کی گلوبل سپلائی چین سروسز کی سربراہ، سمر گاؤ نے کہا: "ٹریڈ ایشورنس سروس پاکستانی SMEs کے لیے تجارت کو محفوظ اور آسان بناتے ہوئے انہیں عالمی خریداروں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے میں مدد دے گی۔”

    یہ سمٹ نہ صرف علی بابا کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کی علامت ہے بلکہ مقامی کاروباروں کو بین الاقوامی سطح پر ترقی دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل بھی ہے۔

  • سیالکوٹ: مریم نواز کا 300 ارب کا کسان دوست پیکج، زرعی انقلاب کی امید

    سیالکوٹ: مریم نواز کا 300 ارب کا کسان دوست پیکج، زرعی انقلاب کی امید

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا 300 ارب کا کسان دوست پیکج، زرعی پیداوار میں انقلاب کی امید

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسانوں کے لیے 300 ارب روپے کا تاریخی کسان دوست پیکج متعارف کروایا ہے۔ اس پیکج میں جدید زرعی آلات، مشینری، ٹریکٹرز اور بلا سود زرعی قرضوں کی فراہمی شامل ہے۔

    زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کے لیے خصوصی انعامی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت 25 ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کرنے والوں کو 1,000 گرین ٹریکٹرز، جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ تک رقبہ رکھنے والوں کو 1,000 لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کیے جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے تحصیل ڈسکہ کے موضع آدمکے چیمہ میں منعقدہ زرعی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق، محکمہ زراعت کے حکام، اور مقامی کاشتکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جدید مشینری اور ٹریکٹرز کے لیے 9,500 کاشتکاروں کو فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی ہے، جبکہ ڈیلیوری کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ محکمہ زراعت کے حکام کسانوں کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔

    اقبال ڈے کی تقریب میں طالبات کی شاندار کارکردگی پر انعامات
    ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی اسکول اردو بازار سیالکوٹ کی طالبات کے اعزاز میں ڈی سی آفس میں ٹی پارٹی کا انعقاد کیا۔ طالبات کو اقبال ڈے کی تقریب میں خوبصورت کلام اقبال، نعت، اور ملی نغمے پیش کرنے پر تعریفی اسناد دی گئیں۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن اور اسکول کی پرنسپل بھی موجود تھیں۔

  • میہڑ: تیز رفتار پولیس موبائل کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

    میہڑ: تیز رفتار پولیس موبائل کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

    میہڑ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ) تیز رفتار پولیس موبائل کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، بیٹا شدید زخمی

    میہڑ کے قریب انڈس ہائی وے پر تیز رفتار پولیس اسکواٹ موبائل نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں قمبر شہداد کوٹ کی رہائشی آمنہ خاتون جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کا بیٹا خالد قمبرانی شدید زخمی ہو گیا۔

    زخمی خالد قمبرانی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والی خاتون کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے باوجود تاحال کسی بھی ذمہ دار کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ متاثرہ خاندان انصاف کے لیے حکام سے اپیل کر رہا ہے۔