Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ:کھیت میں بکریاں جانے اور پرانی رنجش پر 3 افراد زخمی

    سیالکوٹ:کھیت میں بکریاں جانے اور پرانی رنجش پر 3 افراد زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)کھیتوں میں بکریاں داخل ہونے اور پرانی رنجش کے تنازع پر دو مختلف واقعات میں3افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ اگوکی کے علاقہ دھنے میں بکریاں کھیتوں میں گھسنے کے تنازع پر ملزمان آصف، عارف، حماد، ابراہیم، اور عمیر نے ڈنڈوں اور مکوں سے ناظم حسین پر حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

    دوسرا واقعہ عدالت گڑھا میں پیش آیا جہاں اکرم کا بیٹا حسنین اپنے دوست کے ساتھ دکان پر کھانا کھا رہا تھا۔ سابقہ تنازع کے باعث ملزمان عمر اور ابوزر نے وہاں پہنچ کر ڈنڈوں اور مکوں سے دونوں پر حملہ کیا، جس سے دونوں زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • گوجرہ: یوسف رضا گیلانی کی مقامی قیادت سے ملاقات، این ایف سی ملازمین کی بحالی کی یقین دہانی

    گوجرہ: یوسف رضا گیلانی کی مقامی قیادت سے ملاقات، این ایف سی ملازمین کی بحالی کی یقین دہانی

    گوجرہ (باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نواں لاہور کے نجی دورے کے دوران ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ملک شیر طارق کے ڈیرے پر پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں تحصیل صدر سرشار چیمہ اور جنرل سیکرٹری ظفر عالم چوہدری پر مشتمل وفد نے تنظیم سازی پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس دوران پیپلز پارٹی قیادت نے این ایف سی کے ان ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کیا، جنہیں مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔

    سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ قومی اسمبلی پہلے ہی ان ملازمین کی بحالی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی اس معاملے کو دوبارہ قومی سطح پر اجاگر کرے گی اور ملازمین کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

  • کبیروالا : غیرت کے نام پر اتائی ڈاکٹر پر تشدد، ناک اور کان کاٹ دیے گئے

    کبیروالا : غیرت کے نام پر اتائی ڈاکٹر پر تشدد، ناک اور کان کاٹ دیے گئے

    کبیروالا (نامہ نگار) غیرت کے نام پر اتائی ڈاکٹر پر تشدد، ناک اور کان کاٹ دیے گئے

    کنڈ سرگانہ سے تعلق رکھنے والے اتائی ڈاکٹر پر غیرت کے نام پر حملہ ہوا، جس میں نامعلوم مسلح افراد نے اس کی ٹانگوں میں گولیاں ماریں اور استرے سے اس کا ناک اور کان کاٹ دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ صدر کبیروالا موقع پر پہنچی جبکہ زخمی ڈاکٹر کو حالت تشویشناک ہونے پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق اتائی ڈاکٹر محمد رمضان، جو کنڈ سرگانہ میں کلینک چلاتا تھا، نے مبینہ طور پر اپنے کلینک کے ایک خفیہ کمرے میں کیمرا نصب کر رکھا تھا۔ اس کی مدد سے وہ خواتین کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بناتا رہا۔ اس بات کے انکشاف پر مقامی افراد نے احتجاج کیا، جس کے بعد وہ اپنی فیملی کے ہمراہ کنڈ سرگانہ چھوڑ کر بٹہ کوٹ میں روپوش ہوگیا۔

    گزشتہ روز بٹہ کوٹ کے علاقے میں رمضان نواز پٹرولیم سروس کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اسے روکا اور نہ رکنے پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ حملہ آوروں نے اسے گھسیٹ کر قریبی گھر میں لے جا کر استرے سے ناک اور کان کاٹ دیے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق اتائی ڈاکٹر کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر لیک ہونے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔

  • باجوڑ: خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام

    باجوڑ: خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام

    باجوڑ (باغی ٹی وی رپورٹ) ضلع باجوڑ میں امن کے فروغ کے لیے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ، اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

    پانچ روزہ ٹورنامنٹ میں مختلف اضلاع کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ، میجر جنرل انجم ریاض تھے۔ فائنل میچ میں باجوڑ کی ٹیم نے چترال کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی ککس پر شکست دی۔

    تقریب میں فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے شاندار قومی دھنیں پیش کیں، جب کہ علاقائی فنکاروں نے روایتی موسیقی اور رقص پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ شاندار آتش بازی کے مظاہرے نے شرکاء کو مسحور کر دیا۔

    مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کھلاڑیوں، عوام، اور نوجوانوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے باجوڑ میں امن کے ثمرات کا ثبوت ہیں۔

    شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد مستقل طور پر جاری رکھا جائے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا سکے اور علاقے میں کھیلوں کو فروغ ملے۔

  • اوکاڑہ: ریسکیو 1122 کی نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری

    اوکاڑہ: ریسکیو 1122 کی نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی,نامہ نگارملک ظفر) ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے گزشتہ ماہ کے دوران 4375 ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4137 افراد کو مدد فراہم کی۔ 1524 متاثرین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 2613 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقدہ ماہانہ کارکردگی اجلاس میں یہ تفصیلات پیش کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کل 15206 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 4375 حقیقی ایمرجنسی کالز تھیں، جبکہ 7633 غیر متعلقہ، 3165 معلوماتی، 21 غلط اور 12 جھوٹی کالز تھیں۔

    روڈ ٹریفک حادثات: 1076 حادثات میں 1125 افراد متاثر ہوئے، 10 جان بحق اور 533 کو ہسپتال منتقل کیا گیا،میڈیکل ایمرجنسیز: 2736 کیسز رپورٹ ہوئے۔آتشزدگی: 62 واقعات میں 18 ملین روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی محفوظ کی گئی۔جرائم اور متفرق حادثات: 109 کرائم اور 392 متفرق واقعات رپورٹ ہوئے۔

    ریسکیو موٹر بائیک سروس نے 2137 ایمرجنسیز پر 3.65 منٹ کے اوسط وقت میں کارروائی کرتے ہوئے 2095 افراد کو مدد فراہم کی۔ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت 319 مریضوں کو بہتر طبی امداد کے لیے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں 127 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ اور 192 کو دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔

    ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی بروقت کارروائیوں کو عوام نے سراہتے ہوئے ان کے کردار کی تعریف کی ہے۔

  • سیالکوٹ: عصمت اللہ وریاہ کسان بورڈ کے ضلعی صدر مقرر

    سیالکوٹ: عصمت اللہ وریاہ کسان بورڈ کے ضلعی صدر مقرر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی,بیوروچیف شاہدریاض) کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نظم سے مشاورت اور صوبائی صدر کسان بورڈ پنجاب وسطی کی منظوری کے بعد چودھری عصمت اللہ وریاہ کو کسان بورڈ ضلع سیالکوٹ کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔

    عصمت اللہ وریاہ کی تقرری پر جماعت اسلامی سیالکوٹ کے ضلعی امیر چودھری امتیاز احمد بریار، شیخ عتیق الرحمان، ڈاکٹر خالد خلیل، محمد رمضان، عارف محمود شیخ، مختیار احمد، دانش خان، ملک منیر حسین، انصر فاروق بھٹی، عامر صدیق چیمہ ایڈووکیٹ، سید مشہود الحق شاہ، وقار عظیم اور حافظ محمد اکرم سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی ہے۔

    رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عصمت اللہ وریاہ کو استقامت کے ساتھ کسان برادری کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ تقرری کے بعد کسان کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور ان سے بڑی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: عدالتی حکم کے باوجود پریس کلب کی بندش، توہین عدالت کی درخواست دائر

    ڈیرہ غازی خان: عدالتی حکم کے باوجود پریس کلب کی بندش، توہین عدالت کی درخواست دائر

    ڈیرہ غازی خان (نامہ نگار) ڈیرہ غازی خان میونسپل کارپوریشن کی مبینہ نااہلی کے خلاف عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ سول جج یعقوب علیانی نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

    صدر پریس کلب ڈیرہ غازی خان شیر افگن بزدار کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عدالتی حکم کے باوجود پریس کلب کو ڈی سیل نہیں کیا بلکہ اس پر تین شفٹوں میں پولیس کا پہرہ لگا دیا گیا ہے جو عدالت کے حکم کی واضح توہین ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی بیلف کے ذریعے پریس کلب کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے۔

    صدر پریس کلب اور صدر انجمن صحافیان غلام مصطفی لاشاری نے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب صحافیوں کا مرکز اور مظلوم طبقے کی آواز ہے۔ پریس کلب کی بندش سے نہ صرف صحافتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی سے ملک بھر میں ایک منفی تاثر بھی پیدا ہو رہا ہے۔

    انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے پریس کلب کو فوری طور پر کھولنے کے اقدامات کریں تاکہ صحافی اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے ادا کر سکیں۔

  • لنڈی کوتل: مشتبہ شخص سے 4 کلوگرام ہیروئن اور 1 کلوگرام چرس برآمد

    لنڈی کوتل: مشتبہ شخص سے 4 کلوگرام ہیروئن اور 1 کلوگرام چرس برآمد

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) لنڈی کوتل پولیس نے منشیات سپلائر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کے قبضے سے 4 کلوگرام ہیروئن اور 1 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ ملوث ملزم کو موقع پر گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی کی جانب سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کے ایڈیشنل ایس ایچ او عظمت ولی شینواری نے علاقہ خوگا خیل دلخاد بائی پاس پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مشتبہ پیدل شخص سجاد خان ولد ایوب، سکنہ خوگا خیل، کو روکا گیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے، اور ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ عوام نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔

  • راولپنڈی: گندم کی کاشت کے اہداف پر اجلاس، انعامی پیکج کا اعلان

    راولپنڈی: گندم کی کاشت کے اہداف پر اجلاس، انعامی پیکج کا اعلان

    راولپنڈی (باغی ٹی وی رپورٹ) کمشنر آفس میں گندم کی فصل کی کاشت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت کے اہداف اور اس کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی ڈویژن کو 14 لاکھ 91 ہزار ایکڑ کا ہدف دیا گیا تھا۔

    وزیر زراعت کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں گندم کی کاشت ہدف سے تجاوز کرتے ہوئے 15 لاکھ 3 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر ہو چکی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی انعامی پیکج کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے تحت 1000 ٹریکٹرز اور 1000 لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی کسانوں کو مفت فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدامات کسانوں کی سہولت اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 24 ارب روپے سے زائد کی ڈی اے پی کھاد خریدی جا چکی ہے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ڈی اے پی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ مزید برآں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈز کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ کر دی ہے تاکہ زیادہ کسان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

    وزیر زراعت نے اس بات پر زور دیا کہ گندم اگاؤ مہم میں محکمہ زراعت کو ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے، جو گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ اجلاس میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور پیداوار میں مزید بہتری لانے کے لیے جاری اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

  • خیبر : جمیعت علمائے اسلام کا امن کی بحالی کیلئے جرگے کا اعلان

    خیبر : جمیعت علمائے اسلام کا امن کی بحالی کیلئے جرگے کا اعلان

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)جمعیت علماء اسلام ضلع خیبر کی مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ، تحصیل امراء اور جے ٹی آئی کنوینرز کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت مولانا حضرت خان منیب اور جنرل سیکرٹری جناب ملک سید کبیر کی نظامت میں شبیراحمدعثمانی حجرہ قاضی آباد شلوبر میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں 8 دسمبر کو ہونے والی اسرائیل مردہ باد کانفرنس میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلعی جماعت نے ہر تحصیل کا تفصیلی دورہ کرنے اور کارکنوں کو منظم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا۔

    اجلاس کے دوران تیراہ میدان کی ابتر صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور امن و امان کی بحالی کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی گئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ امن وامان اور عوام کی حفاظت حکومت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے لیکن صوبائی حکومت مسلسل اسلام آباد پر یرغمال بنے رہنے کے باوجود اپنے عوام کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔

    اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی حکومت قبائل کو آگاہ کرے کہ کیا وہ امن قائم کر سکتی ہے یا نہیں؟ اسی طرح وفاقی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھایا گیا کہ فاٹا کی ابتر صورتحال پر وہ کیوں خاموش ہے؟

    جمعیت علماء اسلام ضلع خیبر نے کہا کہ وہ ہرگز یہ نہیں ہونے دیں گے کہ قبائل کی لاشیں گریں اور اس صورتحال کا نوٹس لینے کے لیے عوامی جرگہ منعقد کرے گی۔

    اجلاس میں جے ٹی آئی معاون کنوینر فاٹا وقاص احمد، ضلع خیبر کنوینر عارف اللہ، ڈپٹی جنرل مولانا عبدالرحیم، ضلعی سینئر نائب امیر الحاج شمس الدین، سرپرست اعلیٰ شیخ تحسین اللہ، تحصیل جمرود کے امیر مولانا سعید خان، جنرل سیکرٹری سعید خقانی، لنڈی کوتل کے امیر مولانا عاقب اور دیگر اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔

    اجلاس میں شامل تمام شرکاء نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ جمعیت علماء اسلام کو اپنے مشن میں کامیاب کرے اور ملک و قوم کی حفاظت کے لیے رہنمائی فراہم کرے۔