Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ٹھٹھہ: ٹریژری آفیسر کی غفلت سے محکمہ جنگلات کے ملازمین تنخواہوں سے محروم، احتجاج

    ٹھٹھہ: ٹریژری آفیسر کی غفلت سے محکمہ جنگلات کے ملازمین تنخواہوں سے محروم، احتجاج

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) ٹریژری آفیسر ٹھٹھہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے محکمہ جنگلات ٹھٹھہ کے ملازمین کی تنخواہیں 12 تاریخ گزرنے کے باوجود تاحال جاری نہیں ہو سکیں، جس کے نتیجے میں ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    محکمہ جنگلات کے ملازمین کی یونین کے رہنما رحمت اللہ خشک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہیں آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے ہر ماہ ٹریژری آفس ٹھٹھہ کے چیک وقت پر پاس نہیں کیے جاتے اور بینکوں میں نہیں بھیجے جاتے، جس کے باعث تنخواہوں میں تاخیر ہو جاتی ہے اور ملازمین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ماہ بھی ٹریژری آفیسر کی غفلت اور بلا وجہ تاخیر کی وجہ سے 12 تاریخ گزرنے کے باوجود تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں، جس سے ملازمین کی حالت انتہائی نازک ہو گئی ہے۔

    ملازمین نے ٹریژری آفیسر ٹھٹھہ کے اس اقدام کے خلاف آج صبح 11 بجے احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاج کی قیادت مختیار جماری، ادریس خاصخیلی اور رحمت اللہ خشک نے کی۔ مظاہرین نے سخت نعریبازی کرتے ہوئے فوری طور پر محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو احتجاج مزید شدید ہو گا۔ دھرنے میں شریک ملازمین نے ڈی سی ٹھٹھہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور غریب ملازمین کو ان کی اجرتیں ادا کی جائیں۔

  • سیالکوٹ: اینٹی کرپشن کا چھاپہ، محکمہ اوقاف کے منیجر سمیت چار افراد گرفتار

    سیالکوٹ: اینٹی کرپشن کا چھاپہ، محکمہ اوقاف کے منیجر سمیت چار افراد گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) محکمہ اوقاف سیالکوٹ میں کرپشن کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک ندیم منور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے منیجر اوقاف ڈسٹرکٹ سیالکوٹ افتخار احمد کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر رکھی گئی نیشنل بینک اور ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف کی سرکاری سیلیں برآمد کی گئیں۔

    تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ منیجر افتخار احمد سلہری نے چند ملازمین کے ساتھ ملی بھگت کر کے درباروں کے خزانوں سے لاکھوں روپے خردبرد کیے ہیں۔ اس انکشاف پر عقیدت مندوں اور علاقے کے لوگوں میں شدید تشویش پائی گئی اور انہوں نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کی اس کارروائی کو سراہا اور ان کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔

    علاوہ ازیں، اس کرپشن کے معاملے میں اعلیٰ افسران کی ممکنہ منتھلی لینے کی خبریں بھی زیر بحث آئیں۔ سرکل آفیسر نے منیجر اوقاف افتخار احمد سلہری سے سیلوں سمیت دیگر ریکارڈ کو ضبط کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کیس میں مزید پیش رفت کے تحت چار افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا اجلاس

    سیالکوٹ: سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ ایوب بخاری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کے ضابطہ اخلاق، پنشن اور جی۔پی فنڈ کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اور ہیلتھ اتھارٹیز، ڈی پی او آفس، ریسکیو 1122، محکمہ زراعت توسیع، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، ہائیر ایجوکیشن، کوآپریٹو، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ٹیوٹا کے ملازمین کے زیر التواء پنشن کے 17 کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ان زیر التواء کیسز کی جلد از جلد ادائیگی کے احکامات صادر کیے۔ اجلاس میں ضابطہ اخلاق کے 50 کیسز پر بھی محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، تاکہ معاملات کو بروقت اور شفاف طریقے سے نمٹایا جاسکے۔

  • سیالکوٹ: دو مسلح ڈاکوؤں نے نقدی اور زیورات لوٹ لیے، مزاحمت پر ایک شخص زخمی

    سیالکوٹ: دو مسلح ڈاکوؤں نے نقدی اور زیورات لوٹ لیے، مزاحمت پر ایک شخص زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ موترہ کے علاقہ بھیلو مہار میں دو مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔

    الیاس جو بھٹہ خشت پر کام کرتا تھا، گزشتہ روز اپنے سسر کے گھر پہنچا تو وہاں شور کی آواز پر آگے بڑھا۔ اس دوران نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسے روکنے کی کوشش پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک گولی عظمت کو چھو کر گزری اور وہ زخمی ہوگیا۔

    ڈاکو اس کے سسر کے گھر سے ایک لاکھ روپے نقدی اور طلائی کانٹوں کی جوڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: بڑھتے حادثات، بین الصوبائی کوئٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کا عوامی مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان: بڑھتے حادثات، بین الصوبائی کوئٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کا عوامی مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر) کوئٹہ روڈ پر بڑھتے ہوئے حادثات شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ڈیرہ سخی سرور روڈ پر ایک افسوسناک حادثے میں نجی تعلیمی ادارے کی وین کی ٹرک سے ٹکر کے نتیجے میں پرنسپل سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد اساتذہ شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی بنیادی وجوہات میں تیز رفتاری اور اوور لوڈ گاڑیوں کی بے قابو نقل و حرکت شامل ہیں۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے اس تشویش ناک صورتحال پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بین الصوبائی کوئٹہ روڈ کو دو رویہ بنایا جائے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب ہائی وے پولیس سے رفتار کی مؤثر نگرانی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

  • میرپور خاص: یوسی 3 میں سیوریج کا مسئلہ حل، عوامی نمائندوں کا احسن اقدام

    میرپور خاص: یوسی 3 میں سیوریج کا مسئلہ حل، عوامی نمائندوں کا احسن اقدام

    میرپور خاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) یوسی 3 میں سیوریج کا مسئلہ حل، عوامی نمائندوں کا احسن اقدام

    تفصیل کے مطابق یوسی تین ٹاؤن خادم علی شاہ کے حق پرست چیئرمین خلیل احمد اور وائس چیئرمین سلیم غوری نے یوسی فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کے وارڈ میں سیوریج کی پائپ لائن ڈلوا کر دیرینہ ڈرینج کے مسئلے کا حل فراہم کر دیا۔ یہ اقدام علاقے میں عوامی مشکلات کو کم کرنے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

    اہلِ علاقہ نے حق پرست چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عوامی خدمت کو سراہا۔ اس موقع پر حق پرست کونسلرز فضل شاہ، رفیق احمد اور یوسی انچارج شکیل منظور بھی موجود تھے۔ انہوں نے علاقے کے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر اس پراجیکٹ کی تکمیل میں بھرپور تعاون کیا۔

    یہ اقدام علاقے میں ترقیاتی کاموں کو مزید فروغ دینے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے، جسے مقامی لوگوں نے سراہتے ہوئے مزید ایسی کوششوں کی امید ظاہر کی۔

  • ڈسکہ: نالے سے بوری بند کٹی لاش برآمد، گھریلو تنازع پر بہو کا قتل

    ڈسکہ: نالے سے بوری بند کٹی لاش برآمد، گھریلو تنازع پر بہو کا قتل

    ڈسکہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک عمران) تھانہ موترہ کے علاقے کوٹلی مرلاں کے قریب ایک نالے سے بوری بند کٹی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق 26 سالہ زہرا کو اس کی ساس اور نند نے مبینہ طور پر گھریلو تنازعے پر قتل کیا اور لاش کو ٹکڑوں میں کاٹ کر دو بوروں میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ زہرا کا تعلق کوٹ منڈ، گوجرانوالہ سے تھا اور وہ 9 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ اس کا شوہر قدیر بیرون ملک مقیم ہے۔ ریسکیو 1122 نے لاش کو نکال کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔

  • میہڑ:ایس ایس پی دادو ہٹاؤ،بدامنی مکاؤ،شہریوں کا مسلسل احتجاج

    میہڑ:ایس ایس پی دادو ہٹاؤ،بدامنی مکاؤ،شہریوں کا مسلسل احتجاج

    میہڑ (رپورٹ: منظور علی جوئیہ) ایس ایس پی دادو ہٹاؤ،بدامنی مکاؤ،شہریوں کا م14ویں روز سے مسلسل احتجاج

    تفصیل کے مطابق میہڑ شہر میں مسلسل لوٹ مار، ڈکیتیوں اور بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف سول سوسائٹی کے تحت شہری اتحاد کی قیادت میں چیئرمین نیاز علی بڑرو کی سربراہی میں 14 دن سے احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے دعا چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک مارچ کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں لوٹ مار اور جرائم اتنے بڑھ گئے ہیں کہ شریف شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔ باوجود اس کے کہ میہڑ میں دو پولیس اسٹیشن، ون فائیو اور سی آئی اے تھانہ موجود ہے، جرائم کی روک تھام میں کوئی پیشرفت نہیں ہورہی۔ دن دیہاڑے عوام کو لوٹا جارہا ہے جبکہ پولیس معمول کے مطابق آرام میں ہے۔

    مظاہرین نے ایس ایس پی دادو پر جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اور شہر میں مکمل امن و امان بحال کیا جائے۔ بصورتِ دیگر پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل، 2ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل، 2ملزم گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) نوجوان لڑکی کی خفیہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج، دو گرفتار

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے چاکھو بھٹی تھانہ سبز پیر کی حدود میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان لڑکی کی تصاویر چوری چھپے کھینچ کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئیں۔ متاثرہ لڑکی کے والد امجد کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کروائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ چار افراد علی حسن، فرح، اورنگ زیب سمیت نامعلوم ملزم نے ان کی بیٹی کی تصاویر خفیہ طریقے سے لیں اور انٹرنیٹ پر وائرل کر دیں۔

    شکایت موصول ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے باقی ساتھیوں کو بھی پکڑنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    متاثرہ خاندان نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے یقین دہانی کروائی کہ قانون کی پوری قوت کے ساتھ اس معاملے کی تفتیش کی جائے گی تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے اور ملزمان کو ان کے کیے کی سزا دی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: سونا ڈبل کرنے کا بہانہ، 10 تولہ زیورات کا فراڈ،متعدد ڈکیتی کی وارداتیں

    سیالکوٹ: سونا ڈبل کرنے کا بہانہ، 10 تولہ زیورات کا فراڈ،متعدد ڈکیتی کی وارداتیں

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سونا ڈبل کرنے کا بہانہ، 10 تولہ زیورات کا فراڈ اورموٹر سائیکل سواروں سے ڈاکہ

    تفصیل کے مطابقسیالکوٹ کے تھانہ مراد پورہ کے علاقے میں آصف کے گھر میں کام کرنے والی زرینہ نے سونا ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر فراڈ کیا۔ زرینہ نے آصف کو بتایا کہ اس کے گھر پر سونا ڈبل کرنے والے لوگ موجود ہیں، جس پر آصف نے 10 تولہ سونا ان افراد کے حوالے کیا۔ تاہم، دو نامعلوم نوسرباز زیورات لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے آصف کی رپورٹ پر زرینہ سمیت دو نامزد اور دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    اسی طرح تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقے مندرانوالہ میں شہریار اور اس کے بہنوئی کو دو مسلح ڈاکوؤں نے روکا اور ان سے نقدی 7500 روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تھانہ موترہ کے علاقے آڈھا میں بھی ڈکیتی کی واردات ہوئی، جہاں ریاض کا بیٹا اپنے ہمسائے دوست کے ساتھ مزدوری کے بعد گھر واپس آرہا تھا۔ راستے میں دو مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روک کر نقدی 5000 روپے، موبائل فونز اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے اس واقعے کا بھی مقدمہ درج کر لیا ہے۔