Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرہ میں "کھیلتا پنجاب” ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح

    گوجرہ میں "کھیلتا پنجاب” ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ)گوجرہ میں "کھیلتا پنجاب” ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز، سابق رکن قومی اسمبلی خالد جاوید وڑائچ نے افتتاح کیا

    تفصیل کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم گوجرہ میں "کھیلتا پنجاب” ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا افتتاح سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کیا۔ یہ ایونٹ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا ہے اور 13 نومبر تک جاری رہے گا۔

    افتتاحی تقریب کے دوران چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "کھیلتا پنجاب” پروگرام کا آغاز کر کے کھیلوں کے فروغ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع ملیں گے، جبکہ سپورٹس سرگرمیوں کے ذریعے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گوجرہ نے ہمیشہ ہاکی کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد جمیل، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ خاور جاوید انٹرنیشنل اور ٹورنامنٹ آرگنائزر سیکرٹری محمد شرجیل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

  • گوجرہ: اوباش نوجوان کی دو بے بس بچیوں سے زیادتی

    گوجرہ: اوباش نوجوان کی دو بے بس بچیوں سے زیادتی

    گوجرہ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چک نمبر 357 ج ب میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک اوباش نوجوان نے اسلحہ کے زور پر ایک محنت کش کی دو کم عمر بچیوں سے زیادتی کی ہے۔

    متاثرہ لڑکیوں کے والد محمد شہباز نے تھانہ صدر میں شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ تین بیٹیوں کو تنہا پال رہے ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی 14 سال کی ہے، دوسری 10 سال کی ہے اور تیسری 8 سال کی ہے۔ جب وہ روزگار کی تلاش میں گھر سے باہر ہوتے ہیں تو ان کی بیٹیاں گھر پر اکیلی ہوتی ہیں۔

    محمد شہباز کے مطابق گاؤں کا ایک اوباش نوجوان بشارت علی عرف بگا گزشتہ دو ماں سے ان کی بڑی بیٹی کو دھمکیاں دے کر اس سے زیادتی کرتا رہا ہے۔ نوجوان نے دھمکی دی تھی کہ اگر کسی کو بتایا تو اسے جان سے مار دے گا۔ گزشتہ روز بھی نوجوان ان کے گھر آیا اور 14 سالہ اور 8 سالہ دونوں بیٹیوں سے زیادتی کی۔

    متاثرہ لڑکیوں نے اپنی والد کو ساری بات بتائی جس کے بعد وہ اپنی بیٹیوں کو لے کر تھانہ صدر پہنچے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • سیالکوٹ: سیاسی نظام اسٹیبلشمنٹ اور کرپٹ سیاستدانوں کے ہاتھوں یرغمال – ڈاکٹر اسامہ رضی

    سیالکوٹ: سیاسی نظام اسٹیبلشمنٹ اور کرپٹ سیاستدانوں کے ہاتھوں یرغمال – ڈاکٹر اسامہ رضی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی خان نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مفادات کے لیے کرپٹ سیاستدانوں کے ساتھ مل کر ملک کے سیاسی نظام کو یرغمال بنایا اور عوام کو حقیقی آزادی سے محروم رکھا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے امیر چوہدری امتیاز احمد بریار کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کو ایک متفقہ دستاویز اور عمرانی معاہدہ سمجھتی ہے، جس کے ساتھ حکومت کا کھیلواڑ انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے حکومت کو اخلاقی ساکھ سے عاری قرار دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی بجلی کے بلوں کے خلاف دھرنے اور ممبرشپ مہم نے معاشرے کے مختلف طبقات کو متوجہ کیا ہے۔

    تقریب کے دوران جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے امیر چوہدری امتیاز احمد بریار نے فلسطین فنڈ کے لیے آٹھ لاکھ روپے پیش کیے اور امیر جماعت اسلامی پاکستان کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کارکنوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

  • سیالکوٹ : اسموگ اور آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن، بھٹے اور انڈسٹریز سیل

    سیالکوٹ : اسموگ اور آلودگی کے خلاف کریک ڈاؤن، بھٹے اور انڈسٹریز سیل

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ اسموگ کے خاتمے اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، محکمہ ماحولیات، زراعت اور انڈسٹریز کی جانب سے انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر تین زمینداروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، 411 زمینداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ چار لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح ضلع سیالکوٹ میں موجود 206 بھٹہ خشت میں سے دھواں چھوڑنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 65 بھٹوں کو سیل، 36 بھٹہ مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج اور 24 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں، 174 بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث پانچ انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا، جبکہ ایک لاکھ روپے جرمانہ اور 45 انڈسٹریل یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محکمہ تحفظ ماحولیات کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح سیالکوٹ میں بھی تمام پارکس، چڑیا گھروں، عجائب گھروں اور کھیلوں کے مقامات پر شہریوں کے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جو 17 نومبر تک برقرار رہے گی اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

  • ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ میں امن کا وعدہ، کیا یہ ممکن ہوگا؟

    ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ میں امن کا وعدہ، کیا یہ ممکن ہوگا؟

    ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ میں امن کا وعدہ، کیا یہ ممکن ہوگا؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    کیا ڈونلڈٹرمپ واقعی مسلم دنیا کے لیے بہتر ہیں؟ کیاڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں امن قائم کر پائیں گے ،کیا واقعی جنگ وجدل کا خاتمہ ہوجائے گا ؟یہ سوال ہر کسی کے زبان پر ہے۔ اب ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ منتخب ہوچکے ہیں تو یہ مسلم دنیا کے لیے کس طرح کی امیدیں اور امکانات پیدا کر سکتا ہے؟ ان کے سابقہ دور حکومت میں خلیجی ممالک کی خوشیاں اور ایران کے خلاف سخت موقف نے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی،نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں وکٹری سپیچ میں جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کوئی نئی جنگ شروع نہیں کریں گے۔ امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔ اپنے ملک کو محفوظ بنانے کیلئے تمام اقدامات کریں گے۔ڈونلڈٹرمپ بطور صدر پیر 20 جنوری 2025 کو یو ایس کیپیٹل کمپلیکس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطی میں دیرپا امن قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے لیکن یہ ایک پیچیدہ اور چیلنج سے بھرپور معاملہ ہے۔نومنتخب امریکی صدرکو اس خطے کے مسائل کا سامنا ہوگا، جب وہاں شدید تنازعات اور عدم استحکام پایا جا رہا ہے۔ ان کی اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات اور فلسطین کے حوالے سے ان کے متنازعہ بیانات نے دنیا بھر میں ان کی پالیسیوں پر سوالیہ نشان کھڑا کیا ہے۔

    اسرائیل اور فلسطینی حماس کے درمیان جاری جنگ جس کا آغاز 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے سے ہوا، مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے تنا ئوکی تازہ ترین مثال ہے۔ اس جنگ میں اب تک ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہے ۔ غزہ کی صورتحال انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہے اور بین الاقوامی برادری اس تنازع کو ختم کرنے میں عملاََ ناکام دکھائی دیتی ہے۔ڈونلڈٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بارہا اسرائیل کی حمایت میں بات کی ہے اور یہ اصرار کیا ہے کہ غزہ کی جنگ کو جلد از جلد ختم ہونا چاہیے۔ ان کے بیانات نے دنیا بھر میں کئی حلقوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ، اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ٹرمپ کے درمیان قریبی تعلقات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ٹرمپ کی دوسری صدارت اسرائیل کو مزید حمایت فراہم کرے گی۔ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت میں اسرائیل کے حق میں کئی بڑے فیصلے کیے تھے، جیسے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا اور گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کا قبضہ کوقانونی قرار دیا۔

    اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگی صورتحال کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ اسرائیل کے کشیدہ تعلقات، لبنان میں حزب اللہ کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اور عراق و یمن میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کی موجودگی خطے کی مشکلات میں اضافہ کرتی ہیں۔ اسرائیل کے لیے سب سے بڑا خطرہ ایران کا جوہری پروگرام ہے، جو خطے میں طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتا ہے۔ٹرمپ نے ان تمام چیلنجوں کے باوجود امن کے قیام کا وعدہ کیا ہے مگر ان کے پاس اس کی واضح حکمت عملی نظر نہیں آرہی۔ وہ بارہا اسرائیل سے کہہ چکے ہیں کہ وہ "کام ختم کریں” یعنی حماس کو شکست دیں مگر یہ واضح نہیں کہ اس کے بعد کے حالات کو کیسے سنبھالا جائے گا۔ واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی کے ماہرین کے مطابق ٹرمپ کی پالیسیز میںشفافیت کا فقدان ہے جس سے خطے کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

    ٹرمپ کے اسرائیلی وزیر اعظم سے اس قدر قریبی تعلقات ہیں کہ اپنی پہلی صدارت کے دوران ٹرمپ نے نیتن یاہو کی سخت گیر پالیسیوں کی کھل کر حمایت کی تھی خاص طور پر ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر نکل گئے تھے ۔ اس کے علاوہ ٹرمپ نے فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے ایک منصوبہ پیش کیا جسے دنیا بھر میں اسرائیل کی حمایت کے طور پر دیکھا گیا۔تجزیہ کاروں کاکہنا ہے کہ نیتن یاہو کی حکومت جو اس وقت انتہائی دائیں بازو کی پالیسیوں کی حامی ہے اورٹرمپ کی دوسری صدارت کو اسرائیل کے لیے مزید فوائد کی امید کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی خطے کے دیگر معاملات میں ٹرمپ کی مداخلت کس حد تک مئوثر ہوگی اس پر سوالیہ نشان ہے۔

    اسرائیلی قیادت اور ٹرمپ کے درمیان قریبی تعلقات کے باوجود غزہ کی جنگ کے بعد کے حالات کے حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی نظر نہیں آتی۔ نیتن یاہو کی حکومت اس بات پر زور دے رہی ہے کہ اگر جنگ حماس کی مکمل شکست کے بغیر ختم ہوئی تو ان کی حکومت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اس کے برعکس بائیڈن انتظامیہ اور مغربی طاقتیں غزہ کو فلسطینی اتھارٹی کے تحت رکھنے کے حامی ہیں مگر اسرائیل نے اس خیال کو مسترد کر دیا ہے۔

    ایران کے ساتھ کشیدگی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اور دیگر گروہوں کے ساتھ اسرائیل کے تنازعات کے باعث مشرق وسطیٰ میں تنائو بڑھ گیا ہے۔ لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جاری کشیدگی، جس میں ہزاروں افراد بے گھر اور درجنوں ہلاک ہو چکے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ خطے کی صورتحال کتنی خراب ہے۔ ٹرمپ کے لیے سوال یہ ہے کہ کیا وہ امریکہ کے اندرونی مسائل کو ترجیح دیں گے یا خطے میں اسرائیل کی مدد کے لیے مزید اقدامات کریں گے؟

    ڈونلڈٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بارہا یہ کہا کہ وہ ملکی معاملات پر زیادہ توجہ مرکوز کریں گے لیکن مشرق وسطیٰ کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔ ان کے داماد جیرڈ کشنر جو مشرق وسطیٰ کے معاملات میں سرگرم کردار ادا کر چکے ہیں ایک بار پھر کلیدی حیثیت میں آ سکتے ہیں۔ ان کی اسرائیل نواز پالیسیز اورمذہبی عیسائیوں کی طرف سے حمایت بھی ان کے فیصلوں کو متاثر کر سکتی ہے۔مجموعی طور پر ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ کے لیے کوئی بھی فیصلہ خطے کی صورتحال کو مزید بگاڑ بھی سکتا ہے اور شاید اسے بہتر بھی کر سکتا ہے مگر اس کا انحصار ان کی پالیسیوں کے واضح ہونے اور خطے کے دیگر عوامل پر ہوگا۔

  • سیالکوٹ:گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال میں کینٹین نہ ہونے سے  لواحقین کو شدید مشکلات

    سیالکوٹ:گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال میں کینٹین نہ ہونے سے لواحقین کو شدید مشکلات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ضلع سیالکوٹ کے سب سے بڑے ہسپتال گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں کینٹین کی عدم موجودگی نے مریضوں کے لواحقین کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

    روزانہ ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں افراد علاج اور حادثات کے باعث ہسپتال کا رخ کرتے ہیں۔ مریضوں کے ساتھ آنے والے خواتین، بزرگ اور بچے پانی، چائے اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے ترستے رہتے ہیں۔

    کینٹین کی عدم دستیابی کی وجہ سے لواحقین کو معمولی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہسپتال سے باہر جانا پڑتا ہے، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے فوری طور پر ہسپتال میں کینٹین کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پسرور: مسلح ڈکیتی، شہری سے موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل چھین لیا گیا

    پسرور: مسلح ڈکیتی، شہری سے موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل چھین لیا گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) پسرور میں تھانہ صدر کی حدود میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں مسلسل اضافے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ حالیہ واقعے میں تھانہ صدر پسرور کی حدود میں پسرور-سیالکوٹ روڈ پر واقع کولڈ سٹور رامکے کے قریب ایک بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

    تفصیلات کے مطابق رانا عدیل ولد شوکت علی، جو پراسیکیوٹر ہیں، کولڈ سٹور رامکے کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اچانک جھاڑیوں سے نکل کر تین نامعلوم مسلح ڈاکو سامنے آ گئے۔ انہوں نے اسلحے کے زور پر رانا عدیل کو روکا اور ان سے 24 ماڈل ہنڈا موٹر سائیکل CG 125، 32 ہزار روپے نقدی اور ایک vivo موبائل فون (جس کی مالیت تقریباً پچاس ہزار روپے بتائی جا رہی ہے) چھین کر پسرور سٹی کی جانب فرار ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ صدر پسرور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: محفل مشاعرہ کا انعقاد، ممتاز شعراء کی شرکت

    سیالکوٹ: محفل مشاعرہ کا انعقاد، ممتاز شعراء کی شرکت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) چوہدری طارق محمود گھمن، سرپرست اعلیٰ پاکستان گروپ آف جرنلسٹس اور آنسہ زوبیہ باجوہ چئیرپرسن مضبوط وسیلہ ویلفئیر آرگنائزیشن کی مشاورت سے ایک شاندار محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل ریسٹ ہاؤس انجمن پٹواریاں میں منعقد کی گئی جسے محمد شہباز باجوہ اور عمران قیصر نے آرگنائز کیا اور میڈم صغریٰ جعفری نے ہوسٹ کیا۔

    محفل مشاعرہ کی صدارت عالمی شہرت یافتہ پنجابی شاعر آصف علی علوی نے کی۔ محفل میں مہمان خصوصی ملک محمد آصف امین اعوان (صدر انجمن پٹواریاں)، ڈاکٹر فاروق اقبال، محمد اشرف باجوہ، چوہدری عصمت اللہ وریاہ اور میاں محمد سلیم شامل تھے۔

    شعراء میں محمد ایوب صابر، امین جان، سید عدید، مقصود یاور، تجمل حسین تجمل، نعمت اللہ ارشد، ندا مہر آصفہ مریم، ساجدہ چوہدری، کویتا غزل مہرہ، شبنم اور تجمل حسین سچل نے اپنے کلام سے سامعین کے دل جیت لیے اور خوب داد وصول کی۔

    اس موقع پر پاکستان گروپ آف جرنلسٹس کے چئیرمین چوہدری طارق محمود لالی، ایم عرفان سلہریا، شیخ ظہیرالدین بابر، شاہد خلیل گھمن، سمیع اللہ مغل، عباس توصیف مغل اور مضبوط وسیلہ ویلفئیر آرگنائزیشن کے سنئیر وائس چئیرمین زاہد شریف، عابدہ فاروق، آصف وریاہ اور رخسانہ آصف نے مہمانان گرامی کا شاندار استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔

    آخر میں شعراء کو تعریفی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

  • سیالکوٹ: منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں مشینیں ضبط

    سیالکوٹ: منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں مشینیں ضبط

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو ) منی پٹرول پمپوں کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، درجنوں مشینیں ضبط

    محکمہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر پنجاب کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے حکم پر انسپکٹر حافظ زکریا اقبال کی سربراہی میں سیالکوٹ بھر میں منی پٹرول پمپوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کارروائیوں کے دوران درجنوں مشینیں ضبط کر کے متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    حافظ زکریا اقبال نے ڈسکہ، موترہ، گھوئنکی، کوٹلی لوہاراں اور کھروٹا سیداں میں غیر قانونی منی پٹرول مشینوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور مشینیں ضبط کر کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ انسپکٹر زکریا کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران اکثر مقامات پر بلیک میلنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر کسی بھی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جاتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں شائع کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ ایسے افراد کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

  • ڈسکہ:خراب سڑکیں،حادثات میں اضافہ،24 گھنٹوں میں 25 واقعات

    ڈسکہ:خراب سڑکیں،حادثات میں اضافہ،24 گھنٹوں میں 25 واقعات

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران)خراب سڑکیں،حادثات میں اضافہ،24 گھنٹوں میں 25 واقعات

    ڈسکہ سرکل میں روڈ حادثات میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے، انسپکٹر ٹریفک پولیس نوید جو گوجرانوالہ سے سپیشل ڈیوٹی کے بعد واپس آ رہے تھے، گلوٹیاں موڑ پر موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہوگئے۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث موٹرسائیکل سلپ ہونے سے انسپکٹر نوید شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ریسکیو کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    وزیرآباد روڈ اور ڈسکہ روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے دوران سڑک پر گہرے کھڈے بن چکے ہیں، جس کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے نہ ہونے کی وجہ سے روز بروز حادثات بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 مختلف روڈ حادثات رپورٹ کیے گئے ہیں، جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ شہریوں نے سڑکوں کی فوری مرمت اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔