Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ : بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے شاندار انتظامات مکمل

    ننکانہ : بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے شاندار انتظامات مکمل

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے شاندار انتظامات، 60 ہزار سکھ یاتریوں کی میزبانی کی تیاریاں مکمل

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، محمد تسلیم اختر راو کی زیرِ صدارت بابا گورونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار، ڈی ایس پی ٹریفک اور سول ڈیفنس کے افسران سمیت دیگر ضلعی محکمے شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی افسران نے بتایا کہ شہر کے ساتوں گردواروں میں دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جا چکے ہیں۔ رہائش، لنگر، صفائی اور شہر کی تزئین و آرائش کے امور آخری مراحل میں ہیں۔ توقع ہے کہ تقریبات میں اندرون و بیرونِ ملک سے 60 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے، جن کی حفاظت کے لیے 3188 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور اوقاف کے 1800 سے زائد افسران و ملازمین اور 200 سے زائد سکھ کمیونٹی کے رضاکار انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں مکمل محفوظ اور آزاد ہیں اور بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے یاتری ہماری محبت اور خلوص کی یادیں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فول پروف سیکیورٹی، قیام و طعام اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ یاتری اپنی مذہبی رسومات بلا خوف و خطر ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک کا پیغام امن، محبت اور بھائی چارے کا ہے جسے آگے بڑھانے کے لیے پاکستان حکومت سکھ یاتریوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: شہریوں کے تحفظ کے لیے 15 پینک بٹن فعال، فوری مدد کی سہولت

    سیالکوٹ: شہریوں کے تحفظ کے لیے 15 پینک بٹن فعال، فوری مدد کی سہولت

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) شہریوں کے تحفظ کے لیے 15 پینک بٹن فعال، فوری مدد کی سہولت

    سیالکوٹ میں شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پولیس نے جدید اقدام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں 15 پینک بٹن فعال کر دیے ہیں۔ ان بٹنوں کو شہر کے 10 مختلف مقامات پر نصب کیا گیا ہے تاکہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس کی مدد حاصل کر سکیں۔ اس سسٹم کے تحت شہریوں کو پولیس سے رابطے کے لیے صرف ایک بٹن دبانا ہوگا، جس سے فوری طور پر پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچے گی۔

    پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے بلکہ ان کا اعتماد بھی بحال کرنا ہے کہ مشکل وقت میں پولیس ان کے ساتھ ہے۔ پینک بٹن کے اس منصوبے کو شہریوں نے سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے عوامی تحفظ میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

  • میہڑ: کرنٹ لگنے سے مزدور، تالاب میں دو بچے جاں بحق

    میہڑ: کرنٹ لگنے سے مزدور، تالاب میں دو بچے جاں بحق

    میہڑ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ)کرنٹ لگنے سے مزدور، تالاب میں دو بچے جاں بحق

    تفصیلات کے مطابق میہڑ کے علاقے میں افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں بجلی کا کرنٹ لگنے اور تالاب میں ڈوبنے سے انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ بی سیکشن تھانے کی حدود میں قومی بچت بینک کے قریب مزدوری کرنے والے ایک شخص کو 11 ہزار وولٹ بجلی کا کرنٹ لگا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت ضلع شہدادکوٹ کے رہائشی پنہل کھوکھر کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب میہڑ کے قریب گاؤں محمد وریل قمبرانی میں تین بچے پانی کے تالاب کے قریب کھیلتے ہوئے تالاب میں گر گئے۔ پولیس کے مطابق ایک بچے کو بچا لیا گیا، تاہم 6 سالہ فلک اور 5 سالہ صفدر قمبرانی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ دونوں بچے چچازاد بھائی تھے۔ لاشوں کو تعلقہ اسپتال میہڑ منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعہ کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

  • ڈسکہ: مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پٹرولنگ پولیس ملازم کے قتل میں ملوث تھے

    ڈسکہ: مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، پٹرولنگ پولیس ملازم کے قتل میں ملوث تھے

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) تھانہ بمبانوالہ اور سٹی پولیس کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان دیگر مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے اور پٹرولنگ پولیس کے ایک ملازم کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بمبانوالہ اور ان کی ٹیم نے ملزمان عمر حیات اور حیدر علی کو انٹیروگیشن کے لیے گرفتار کیا تھا۔ جب پولیس پارٹی ملزمان کو لے جا رہی تھی، تو ان ملزمان نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے اچانک پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں عمر حیات شدید زخمی ہو گیا اور وہ بعد ازاں جاں بحق ہو گیا۔

    اس دوران حیدر علی اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا تاہم تھانہ سٹی پولیس کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں حیدر علی بھی ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حیدر علی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

    دونوں ملزمان عمر حیات اور حیدر علی کے خلاف کئی مقدمات درج تھے اور وہ پٹرولنگ پولیس کے ملازم سید طیب کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ ملزمان نے دوران ڈکیتی سید طیب کو گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کی ہلاکت کے بعد مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی اور عوامی تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب اس واقعے کے بعد ڈسکہ پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • ڈسکہ: واپڈا کی نجکاری اور ہسپتال سروسز کے خلاف ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی

    ڈسکہ: واپڈا کی نجکاری اور ہسپتال سروسز کے خلاف ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران)واپڈا کی نجکاری اور ہسپتال سروس کے خاتمے کے خلاف آل پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل

    تفصیلات کے مطابق گیپکو ڈسکہ ڈویژن کے واپڈا ہسپتال کی سروسز کے خاتمے اور واپڈا کی نجکاری کے خلاف آل پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کی جانب سے کی جانے والی کام چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے۔ اس احتجاج کے باعث نہ صرف بلوں کی ترسیل بند ہے بلکہ صارفین کی شکایات کا بھی ازالہ نہیں کیا جا رہا۔

    احتجاجی دھرنے میں ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خان نے بھی شرکت کی اور ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بڑے آفیسرز ہر قسم کی مراعات لے رہے ہیں، مگر ورکرز کا استحصال کیا جا رہا ہے اور انہیں بنیادی سروسز سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جاتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔”

    ریجنل چیئرمین کی آمد پر ورکرز نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور نجکاری کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ورکرز کو حلوہ پوری کا ناشتہ بھی فراہم کیا گیا۔ احتجاجی دھرنا میں شامل ورکرز نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کیا۔

  • اوچ شریف:موہانہ والی موری پنجند کینال سے نوجوان شخص کی لاش برآمد

    اوچ شریف:موہانہ والی موری پنجند کینال سے نوجوان شخص کی لاش برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)موہانہ والی موری پنجند کینال سے نوجوان شخص کی لاش برآمد

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے موہانہ والی موری پنجند کینال سے ایک نوجوان شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو کینال سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ نوجوان کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے اور اس کے وارثان کی تلاش جاری ہے۔

    مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ واقعے کی نوعیت کا پتہ چلایا جا سکے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نوجوان کی موت قدرتی تھی یا کسی دوسرے سبب سے ہوئی۔ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • اوچ شریف:کھیل کود کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، ایک شخص جاں بحق

    اوچ شریف:کھیل کود کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، ایک شخص جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)کھیل کود کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، ایک شخص جاں بحق

    تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ خلیل آباد میں کھیلنے کے دوران بچوں کی آپس میں لڑائی نے بڑی صورت اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا،اللہ یار ولد اللہ ڈیوایا اور عبدالستار ولد محمد صادق جن کی عمر تقریباً چار سے پانچ سال ہے، خلیل آباد سکول میں ایک ہی جماعت میں پڑھتے ہیں۔ کھیل کے دوران دونوں بچوں کی لڑائی ہوئی، جس پر خان محمد ولد حاجی خان ان دونوں کو چھڑانے کے لیے مداخلت کرنے گیا۔

    اس دوران لڑائی کا دائرہ بڑوں تک پہنچ گیا اور محمد صادق قوم بلوچ اور اس کے بیٹے وغیرہ نے خان محمد کو لکڑی وغیرہ سے مبینہ طور پر مارا۔ مقامی پولیس کو 15 پر اطلاع دی گئی اور پولیس موقع پر پہنچ کر خان محمد کو زخمی حالت میں ہسپتال لے آئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال میں ملنے والے کٹے سر کا معمہ حل نہ ہوسکا، سیکیورٹی اہلکار کہاں لے گئے؟

    ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال میں ملنے والے کٹے سر کا معمہ حل نہ ہوسکا، سیکیورٹی اہلکار کہاں لے گئے؟

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں کٹا ہوا سر ملنے کا انوکھا واقعہ، شکوک و شبہات میں اضافہ،3 نومبر 2024 کو ڈیرہ غازی خان میں ایک ہولناک اور عجیب واقعہ سامنے آیا جب ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی نئی بلڈنگ میں ایک بچے کا کٹا ہوا سر پڑا ہے۔ اطلاع پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ریسکیو کی ایک ٹیم اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی۔ موقع پر موجود عملے کو بغیر دھڑ کے ایک کٹا ہوا سر ملا جو نہایت پراسرار حالات میں وہاں موجود تھا۔ اس کے باوجود حیرت انگیز طور پر ہسپتال کے سکیورٹی عملے نے پولیس کا انتظار کیے بغیر سر کو اپنے قبضے میں لے لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس سے معاملے پر مزید سوالات اٹھ گئے۔

    بچے کا باقی جسم یا دھڑ کہاں ہے؟ کیا اسے کسی اور جگہ چھپا دیا گیا یا پھر اس کے ساتھ کسی مجرمانہ فعل کا ارتکاب کیا گیا؟یہ کٹا ہوا سر کس کا ہے؟ کیا اس کی شناخت یا عمر کا کوئی پتہ چلا ہے؟اس سوال کا جواب تلاش کرنا بھی ضروری ہے کہ کٹا ہوا سر ہسپتال کی نئی بلڈنگ میں کیسے پہنچا؟کیا بچہ مردہ حالت میں تھا یا اسے زندہ حالت میں کسی نے نقصان پہنچایا؟ اگر یہ سر گائنی وارڈ سے منسلک ہے تو زچہ کون تھی اور اس کا کیا کردار ہو سکتا ہے؟کیا بچے کے جسم کو آوارہ جانوروں نے کھا لیا یا وہ کہیں اور منتقل کر دیا گیا؟کہیں بچے کی باڈی کو غیرقانونی طورپر میڈیکل کے مقاصد کیلئے استعمال تو نہیں کیا گیا۔ اس امر پر بھی شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ کیا اس کٹے ہوئے سر کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور اگر کیا گیا تو اس کی رپورٹ کیا ہے؟ہسپتال انتظامیہ اور سکیورٹی عملے کے کردار پر سوالات ہیں کہ ہسپتال کے سکیورٹی عملے نے سر کو بغیر پولیس کے آنے کے کیوں اٹھایا؟ ہسپتال انتظامیہ اور خاص طور پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن عامر قیصرانی کے کردار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    اس واقعے کی سوشل میڈیا پر خبر پھیلتے ہی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ طلب کر لی مگر تاحال کوئی پیش رفت یا رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ ہسپتال انتظامیہ پر اس معاملے کو دبانے کی کوشش کرنے کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے،اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات انتہائی ضروری ہیں۔

    یہ دیکھنے کی بھی ضرورت ہے کہ تھانہ سول لائن نے کیا قانونی کارروائی کی اور کرائم سین یونٹ کوہسپتال میں بلایا گیا؟ ،اگرکرائم سین یونٹ موقع پر پہنچا ہے توکیاانہوں نے تمام پہلوں کا جائزہ لیا؟بچے کے سر کا پوسٹ مارٹم کرایا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ریکارڈ کو چیک کیا؟۔ شہریوں نے وزیراعلی پنجاب اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا سدباب ہو سکے۔

  • سیالکوٹ: 15 سال سے بند ٹیوب ویل کی مرمت اور چالو کرنے کا مطالبہ

    سیالکوٹ: 15 سال سے بند ٹیوب ویل کی مرمت اور چالو کرنے کا مطالبہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) علامہ اقبال چوک سیالکوٹ میں واقع ٹیوب ویل گزشتہ 15 سال سے بند پڑا ہے جس کی مرمت کے لیے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار میونسپل کارپوریشن کو درخواستیں دی گئیں لیکن کوئی کارروائی نہ کی گئی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر سوال اٹھایا اور پانی کی کمی کے باعث درپیش مشکلات کا ذکر کیا۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اس ٹیوب ویل کو ہنگامی بنیادوں پر ٹھیک کروایا جائے اور اس مسئلے کے حل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات، دکانداروں اور اداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات

    سیالکوٹ: ڈینگی کے خلاف سخت اقدامات، دکانداروں اور اداروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے ڈینگی کے پھیلاؤ کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی ایکٹ کے تحت خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور اداروں کے خلاف بلا امتیاز مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں محکمہ صحت اور تعلیم کے مقامی حکام سمیت دیگر محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں ڈینگی کے تمام ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کی جائے گی اور جہاں ڈینگی کے کیسز سامنے آئیں گے، وہاں فوری طور پر ایس او پیز کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ "اینڈرائڈ بیسڈ ڈینگی ایکٹیویٹی پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی” اور اس کے ساتھ ساتھ ماحول کی صفائی اور خشک بنانے پر زور دیا تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔ ایوب بخاری نے کہا کہ کمیونٹی کا تعاون اس جنگ میں اہم ہے، اور ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    ڈاکٹر وسیم مرزا نے بتایا کہ امسال ڈینگی کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 7 کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، جبکہ باقی کیسز لاہور، راولپنڈی، دوبئی اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کی ٹریول ہسٹری سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مڈل ایسٹ کی پروازوں کے مسافروں کی فیور اسکیننگ کی جارہی ہے، اور اب تک 23 ہزار مسافروں کی اسکیننگ کی جا چکی ہے۔

    اس کے علاوہ، تمام محکموں کو ڈینگی کے خلاف اپنے اقدامات مزید مستحکم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ اس موزی بیماری کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔