Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ

    سیالکوٹ: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کیا۔ دورے کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال اور سیف سٹی پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او آفس میں قائم سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے میں مزید بہتری کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔

    آئی جی پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ جیسے جدید ٹیکنالوجی کے منصوبے عوام کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ ان کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا، جرائم کی روک تھام اور نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کو سیف سٹی ٹیکنالوجی کے دائرے میں لانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاکہ ہر ضلع میں جدید ترین نگرانی اور تحفظ کا نظام مہیا کیا جا سکے۔

    دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کے مختلف آپریشنل یونٹس کا معائنہ کیا، جن میں مانیٹرنگ رومز، نگرانی کیمروں کی کارکردگی اور ریکارڈنگ سسٹم شامل تھے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی تحفظ کی خاطر نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور فوری اطلاعات کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے اس موقع پر پولیس افسران اور عملے کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید فعال کردار ادا کریں۔ اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے مقامی انتظامیہ کو کہا کہ وہ اس منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کے لیے اقدامات کریں تاکہ عوامی تحفظ کا یہ اہم منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔

    دورے کے آخر میں ڈی پی او رانا عمر فاروق اور ڈی سی محمد ذوالقرنین نے آئی جی پنجاب کو سیف سٹی پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

  • تنگوانی: مزید ایک مزدور اغوا، اغوا ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی

    تنگوانی: مزید ایک مزدور اغوا، اغوا ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی

    تنگوانی (باغی ٹی وی،نامہ نگارمنصوربلوچ): تنگوانی کے قریب اغوا کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک اور مزدور ایاز علی لاشاری اغوا کر لیا گیا ہے۔ ایاز علی جو گاؤں حاجی خادم حسین لاشاری کا رہائشی تھا، کندکوٹ غلہ منڈی سے مزدوری کے بعد گھر واپس آ رہا تھا تو تنگوانی کے قریب جعفری لاڑو ریلوے پھاٹک پر اسے اغوا کر لیا گیا۔

    اس کا موٹر سائیکل موقع پر ہی برآمد ہوا جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پولیس صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جس پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • سیالکوٹ: میاں محمد سلیم پروفیشنل میڈیا ایسوسی ایشن کے سرپرست مقرر

    سیالکوٹ: میاں محمد سلیم پروفیشنل میڈیا ایسوسی ایشن کے سرپرست مقرر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کی ممبرسازی کے موقع پر سینئر صحافی میاں محمد سلیم نے مرکزی چیئرمین خرم میر اور کور کمیٹی کے اراکین، مہر مصطفی اور رانا نوید، کو سیالکوٹ باڈی کے منتخب سرپرستوں، مہر مصطفی، صدر رانا نوید، نائب صدر مدثر رتو اور رکن ملک سعد ریاض، کے اعزاز میں کھانے پر مدعو کیا اور باضابطہ طور پر ایسوسی ایشن میں شمولیت اختیار کی۔

    تقریب کے دوران، سیالکوٹ کے سرپرست مہر مصطفیٰ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے میاں محمد سلیم کو سرپرست بنانے کی درخواست کی، جسے چیئرمین خرم میر نے کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد قبول کر لیا۔ اس طرح میاں محمد سلیم کو سیالکوٹ کا نیا سرپرست مقرر کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر رانا نوید، مہر مصطفیٰ، مدثر رتو اور دیگر اراکین نے میاں محمد سلیم کو مبارکباد دی اور مہر مصطفیٰ کے اس فیصلے کو سراہا۔ بعد ازاں مہر مصطفیٰ کو ایسوسی ایشن کا سینئر نائب صدر منتخب کیا گیا۔

  • کوٹ چھٹہ: سخی سرور میں المناک ٹریفک حادثہ، پرنسپل سمیت تین معلمات جاں بحق

    کوٹ چھٹہ: سخی سرور میں المناک ٹریفک حادثہ، پرنسپل سمیت تین معلمات جاں بحق

    کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی.تحصیل رپورٹرمریدحسین ٹالپور) ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور کے قریب تومی موڑ پر المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ہائی ایس وین اور سبزی سے لوڈ مزدہ گاڑی کے تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ سخی سرور بین الصوبائی شاہراہ پر کوئٹہ روڈ پر پیش آیا، جہاں بلوچستان سے پنجاب آنے والی تیز رفتار گاڑی چارٹر ہاؤس اسکول وین سے ٹکرا گئی۔

    حادثے میں اسکول کے پرنسپل، امجد امین، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے تین معلمات کرن بی بی، طاہرہ بی بی اور نوشین بی بی بھی جان کی بازی ہار گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سخی سرور پولیس، پیٹرولنگ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    یہ حادثہ علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کا باعث بنا ہے، اور اہل خانہ سمیت تعلیمی حلقوں میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش

    ڈیرہ غازی خان: ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) ایم ایس علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال نے انتظامی مسائل کو چھپانے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو جاری کی جس میں مختلف اقدامات کا دعوی کیا گیا۔ ویڈیو میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں ٹراما سینٹر کی لفٹ، ایکسرے پلانٹ، اور سی ٹی اسکین مشین ٹھیک کرائی گئی ہیں، نئی مشینیں نصب کی گئی ہیں اور ادویات کی فراہمی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ لیکن اس ویڈیو کا مقصدہسپتال کی سنگین صورتحال پر پردہ ڈالنا تھا جس میں آپریشن کے بعد انفیکشنز اور علاج کی ناقص سہولیات جیسے مسائل نظر انداز کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے مسائل پر پردہ ڈالنے کے لیے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن عامر قیصرانی کی جانب سے سوشل میڈیا پرایک مختصر ویڈیو جاری کی گئی جس میں دعوی کیا گیا کہ ہسپتال میں مختلف سہولیات بہتر بنائی گئی ہیں۔ ویڈیو میں ٹراما سینٹر کی لفٹ، ایکسرے پلانٹ، سی ٹی اسکین مشین اور ایئرکنڈیشنڈ سسٹم کے بہتر کرنے کے دعوے کیے گئے ہیں جبکہ ہسپتال میں سیکیورٹی اور ادویات کی فراہمی کی صورتحال بہتربتائی گئی ہے۔ مگر اس ویڈیو میں ہسپتال کے اصل مسائل یعنی انفیکشن کی روک تھام اور علاج معالجے کی ناقص حالت کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ غازیخان:ٹیچنگ ہسپتال میں آپریشن کے بعد انفیکشنزمیں خطرناک اضافہ،مریض مرنے لگے

    جبکہ گذشتہ روز باغی ٹی وی کی خبر میں نشاندہی کی گئی تھی کہ ہسپتال کے ٹراما سینٹر، گائنی، یورولوجی، اور سرجیکل ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والے آپریشنز کے بعد مریضوں کو شدید انفیکشن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں سٹرلائزیشن کے ناقص انتظامات، غیر معیاری علاج اور لاپروائی کی وجہ سے آپریشن کے بعد مریضوں میں انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ استعمال شدہ آلات کو محض پانی سے دھوکر دوبارہ استعمال میں لانا اور اینٹی بائیوٹک ادویات کے غیر معیاری ہونے کی خبریں عام ہیں، جس سے مریضوں کی حالت بگڑ رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں متعدد ادویات کم قیمت کی خاطر ایکسپائرڈ کیمیکلز سے تیار کرائی جاتی ہیں، جس سے انفیکشن کنٹرول کے بجائے مزید بڑھتے ہیں۔ نرسنگ اور طبی عملہ بھی مناسب تربیت سے عاری ہے، جس کے نتیجے میں آپریشن کے بعد مریضوں کی ڈریسنگ بروقت اور جراثیم سے پاک نہیں کی جاتی، جس سے زخم خراب ہوکر پیچیدہ انفیکشن میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ہسپتال میں صفائی کا بھی فقدان ہے۔ آپریشن تھیٹرز اور وارڈز میں جراثیم سے پاک ماحول کی کمی کی وجہ سے مریضوں کے زخموں میں بیکٹیریا منتقل ہو کر خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔ بعض اوقات آپریشن کے آلات کو بغیر سٹرلائز کیے ایک مریض سے دوسرے مریض تک منتقل کیا جاتا ہے جو انفیکشن کی ایک بڑی وجہ ہے۔

    ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن عامرقیصرانی نے اس اہم اور عوامی مسئلے کو پس پشت ڈالنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے اعلی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے ،شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں موجودایم ایس سمیت تمام کرپٹ افسران اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور انسٹرومنٹس کی موثر سٹرلائزیشن اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کی جانیں محفوظ بنائی جا سکیں

  • میرپورخاص:مسجد فیضان القرآن کے قریب پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر حاجی محمد علی کے اعزاز میں تقریب

    میرپورخاص:مسجد فیضان القرآن کے قریب پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر حاجی محمد علی کے اعزاز میں تقریب

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ ) مسجد فیضان القرآن میر کے پلاٹ، ہیرا آباد کی گلی میں پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر یونین کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد علی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مقامی نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت پیش کیا، جبکہ دعوت اسلامی کے مبلغ محمد اقبال ضیائی نے اظہار خیال کرتے ہوئے حاجی محمد علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب گلی کا کام جاری تھا، اس وقت میں عمرے کی سعادت حاصل کر رہا تھا اور آپ کے حق میں دعائیں کر رہا تھا کہ آپ نے مسجد والی گلی میں نمازیوں کے لیے آسانی پیدا کی۔

    حاجی محمد علی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں خدمت کے جذبے سے آئے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر فنڈز کی کمی بھی ہو تو وہ علاقے کے جائز کام کو اپنی مدد سے مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یونین کمیٹی کے چاروں وارڈوں میں سیوریج اور سڑکوں کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو سہولت ملے اور علاقے میں ترقی کا سفر جاری رہے۔

    اہل علاقہ نے حاجی محمد علی کے اس اقدام کو سراہا اور ان کے لیے دعائیں کیں کہ وہ عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں اور علاقے کی بہتری کے لیے مزید کام کریں۔

  • سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا اجرا

    سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا اجرا

    میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی کوششوں سے سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان سہولیات کے تحت پولیس اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ کو صحت کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    ڈی آئی جی میرپورخاص رینج زبیر دریشک نے ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے ہمراہ علی میڈیکئر سینٹر اور محمد میڈیکل اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی زبیر دریشک اور ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے اسپتالوں کے عملے سے ملاقات کی اور اہلکاروں کی صحت اور دی جانے والی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو بہتر علاج میسر ہے، اور ان کے اہل خانہ بھی مستفید ہوں گے۔

    زیر علاج پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سندھ گورنمنٹ اور پولیس کی انتظامیہ کو دعائیں دیں۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ان کی صحت کی دیکھ بھال میں بہتری آئے گی اور وہ اپنی خدمات کو مزید احسن طریقے سے انجام دے سکیں گے۔

  • ڈسکہ: ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    ڈسکہ: ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران سے) تھانہ موترہ کے علاقے ڈھولن میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، بھکھیانوالہ کا رہائشی نوجوان فیصل اپنی موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا اور وہ گاؤں کی طرف جا رہا تھا۔ اس دوران سامنے سے آنے والے ایک ڈمپر نے فیصل کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر پہنچ کر فیصل کی نعش کو حادثے کے مقام سے سول ہسپتال ڈسکہ منتقل کر دیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ڈمپر کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ اس حادثے کے بعد علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے اور اہلِ علاقہ نے اس نوعیت کے حادثات کے حوالے سے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کریں گے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ہو سکے۔

  • احمد پور شرقیہ: 30 لاکھ کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری زخمی، ڈاکو فرار

    احمد پور شرقیہ: 30 لاکھ کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری زخمی، ڈاکو فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ میں 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری زخمی

    تحصیل احمد پور شرقیہ میں ڈکیتی کی واردات نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ دو مسلح ڈاکوؤں نے شہری محمد عمران سے 30 لاکھ روپے چھین لیے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محمد عمران بینک سے بڑی رقم نکال کر اپنی گاڑی میں جا رہا تھا۔ ڈاکوؤں نے اس کی گاڑی کا پیچھا کیا اور شہر کے اندر آ کر گن پوائنٹ پر لوٹ مار کی۔

    محمد عمران نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شہری کو فوری طور پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے احمد پور شرقیہ کے مقامی ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

    پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکوؤں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    اس واقعہ کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے پولیس سے فوری حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گوجرانوالہ: راشد اقبال کا ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، ہنر سیکھنے کی اہمیت پر زور

    گوجرانوالہ: راشد اقبال کا ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، ہنر سیکھنے کی اہمیت پر زور

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصر اللہ نے گوجرانوالہ میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (وی ٹی آئی) کامونکی اور گل روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈوثرنل انچارج وی ٹی آئی محمد اقبال میاں اور پرنسپل محمد رفیق ملک نے معاون خصوصی کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

    اس بریفنگ میں بتایا گیا کہ وی ٹی آئی کامونکی اور گوجرانوالہ میں 8 مختلف شعبوں میں مستحق بچوں اور بچیوں کو سکلز کے کورسز کرائے جا رہے ہیں جن میں سلائی کڑھائی، کمپیوٹر، بیوٹیشن، پلمبنگ، آثو کیڈ اور الیکٹریشن جیسے شارٹ کورسز شامل ہیں تاکہ یہ نوجوان معاشرے کے کارآمد شہری بن کر باعزت روزگار کما سکیں۔

    معاون خصوصی راشد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس ان اداروں کی شکل میں اس مقصد کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کی جا سکے۔

    معاون خصوصی نے ڈسٹرکٹ زکوٰۃ و عشر کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر عبدالحفیظ قریشی سے محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کے تمام اداروں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، زکوٰۃ کے مصارف کو ڈیجیٹلائز کرنے اور مستحقین کو امداد فراہم کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

    بعد ازاں، معاون خصوصی نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے ملاقات کی اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ورکرز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔